قیامت کی نشانیاں

کلثوم نظام الدین

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’میں محمد ہوں، میں احمد ہوں، میں ماحی ہوں کہ میرے ذریعہ کفر محو ہوجائے گا، میں حاشر ہوں کہ میرے بعد لوگ حشر میں جمع کیے جائیں گے اور میں عاقب ہوں اور عاقب وہ ہے جس کے بعد کوئی نبی نہ ہو۔‘‘

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’قیامت قائم نہیں ہوگی یہاں تک کہ مال بڑھ کر عام نہ ہوجائے، یہاں تک کہ ایک آدمی اپنے مال کی زکوٰۃ لے کر نکلے گا لیکن اسے کوئی نہیں ملے گا جو اسے قبول کرے یہاں تک کہ سرزمین عرب بھی چراگاہوں اور نہروں میں تبدیل ہوجائے گی۔ ‘‘

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’لوگوں پر ایک زمانہ ایسا ضرور آئے گا جب کہ سود کھانے سے کوئی نہیں بچے گا، اگر نہیں کھائے گا تو اس کے بخارات ضرور پہنچ جائیں گے اور ایک روایت ہے کہ اس کا غبار پہنچ جائے گا۔‘‘

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:’’جب صاحب ثروت فَے لینے لگیں، جب امانت سے کمائی ہونے لگے، جب زکوٰۃ مالی بوجھ بن جائے، جب دین کے علاوہ چیزوں کے لیے علم حاصل کیا جانے لگے، جب دین کے علاوہ چیزوں کا علم حاصل کیا جانے لگے، جب مرد بیوی کی اطاعت کرنے لگے، جب ماں الگ کردی جانے لگے، جب دوست قریب کرلیے جانے لگیں، جب باپ دور کردیے جانے لگیں، جب مسجدوں میں آوازیں بلند ہولگیں، جب قبیلے کے فاسق لوگ باعزت ہونے لگیں، جب اراذل قوم کے سردار ہونے لگیں، جب لوگ کسی کے شر کے خوف سے اس کی تکریم کرنے لگیں، جب گانے والیاں اور آلہ ہائے ساز بلند ہوجائیں، جب شراب پی جانے لگے، جب امت کے بعد والے لوگ پچھلوں پر لعنت کرنے لگیں، تو اس وقت سرخ ہوا، زلزلہ، زمین دھنسنے، ہیئت کے تبدیل ہونے، آسمان سے بھاری چیزوں کے گرنے کا انتظار کرو، اور یہ نشانیاں یکے بعد دیگرے اس طرح آئیں گی جیسے کوئی ہار ٹوٹ جائے اور یکے بعد دیگرے دانے گرنے لگیں۔

آپؐ نے فرمایا: تم بھی آخر کار پچھلی امتوں کی روش پر چل کر رہو گے حتی کہ اگر وہ کسی گوہ کے بل میں گھسے ہیں تو تم بھی اسی میں گھسوگے۔ صحابہؓ نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا یہود و نصاریٰ مراد ہیں؟ آپؐ نے فرمایا اور کون۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں