شاہی کسٹرڈ ٹکڑے
اشیاء: ڈھائی پیالے دودھ، آدھی پیالی شکر، تین بڑے چمچ کسٹرڈ پاؤڈر، آدھا چمچ ونیلا اسینس، آٹھ بریڈ سلائس، پون پیالی کریم، ایک بڑا چمچ پستہ، ایک بڑا چمچ گھی، ایک بڑا چمچ گلیزڈ چیری، چوتھائی پیالی پانی۔
ترکیب: بریڈ سلائس کو آدھا کاٹ کر تیل میں تل لیں، ایک برتن میں آدھا دودھ گرم کریں، اور اس میں آدھی ہی شکر ملائیں۔ کسٹرڈ پاؤڈر کے پیسٹ کو ابلتے دودھ میں ڈال کر گاڑھا کسٹرڈ تیار کرلیں۔ باقی کے دودھ اور شکر کو ایک الگ برتن میں گاڑھا ہونے تک ابلنے دیں۔ اس میں تلے ہوئے بریڈ کے ٹکڑے ڈالیں اوردو منٹ تک اس میں رہنے دیں۔ انہیں نکال کر آنے والی ڈش پر بچھائیں۔ اب ہر سلائس پر کسٹرڈ اور ملائی ڈالیں۔ اوپر پستہ اور چیری سے سجائیں۔ مرضی کے مطابق ٹھنڈا یا گرم پیش کریں۔
پنیر کی بریانی
اشیا: چاول ایک کلو، گھی ڈیڑھ کلو، پنیر ایک پاؤ، لونگ پانچ گرام، الائچی اپنچ گرام، زعفران دو ماشہ، پیاز آدھا پاؤ، ادرک دس گرام، میدہ پانچ گرام سے تھوڑا زیاد، نمک حسب منشا، دہی حسب ضرورت، گوشت چھوٹا یا برا ایک کلو۔
ترکیب: پنیر کے ٹکڑے کاٹئے، میدا پانی میں گھول کر اسے سخت کرنے کے بعد پنیر کے ٹکڑوں پر لپیٹئے اور تھوڑے سے گھی میں بھون کر الگ رکھ لیجیے۔ پھر گوشت کے پارچے تھوڑے گھی میں بھونئیے بعد میں الائچی، زعفران اور دہی ملا کر گوشت کے پارچوں پر ملئے۔ اب ان پارچوں کو دیگچی میں رکھ کر ان کے اوپر پنیر کے ٹکڑے، پیاز کالچھا، ادرک، لونگیں اور تھوڑا سا گھی ڈالنے کے بعد ابالے ہوئے چاولوں کی تہ ان سب چیزوں کے اوپر بچھا دیں۔ پھر باقی گھی گرم کیجیے اور اسے بھی چاولوں میں ڈال دیں۔ البتہ اگر یہ محسوس ہو کہ چاول سخت رہ گئے ہیں، تو دیگچی کے اوپر نیچے اور سب طرف آگ رکھ کر چاولوں کو دم دیجیے۔ لیجیے مزیدار بریانی تیار ہے۔
چکن کچوری
اشیا: میدہ دو پیالی، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، انڈا ایک عدد، گھی دو کھانے کے چمچے، نمک ڈیڑھ چائے کا چمچہ۔ کچوری بھرنے کی اشیاء : مکھن کھانے کے دو چمچے، پیاز ایک عدد درمیانی سائز، مرغی ایک پاؤ ابلی ہوئی، ہری پیاز دو عدد، کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک آدھا چائے کا چمچہ۔
ترکیب: میدے میں بیکنگ پاؤڈر، نمک اور گھی ملا کر گوندھ لیں۔ اسے ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ اب مکھن گرم کرکے پیاز کو ہلکا تل کر تمام چیزیں اچھی طرح ملا دیں۔ میدے کے پیڑے بناکر بیل لیں اور کٹر سے رنگ کاٹ لیں۔ اب اس کے کناروں پر پھینٹا ہوا انڈا لگا کر مرغی کا آمیزہ رکھ کر دوسرا حصہ اوپر دیں اور کنارے دبا دیں یا کانٹے سے کنارے پر نشان لگا کر تیل میں تل لیں۔
نرگسی کوفتے
اشیا و ترکیب: ایک کلو قیمہ روکھا، کچے ہی میں زیرا، گول مرچ، لونگ چھوٹی اور بڑی الائچی ، دار چینی، جاوتری، اندازے سے ڈال کر پوستہ دانہ، بھنا چنا ۲ چمچے، ایک چھوٹی سی گانٹھ پیاز اور ایک چھوٹی گانٹھ لہسن اور ادرک انداز سے ڈال دیں۔ پسے قیمے میں نمک اور لال مرچ پاؤڈر انداز سے ڈال کر اچھی طرح ملادیں۔ اب ۱۰ انڈے ابالیں، انڈے چھیل کرپین میں انڈوں میں قیمہ والا آمیزہ اچھی طرح لپیٹ دیں۔ انڈے اچھی طرح بند ہوجانے چاہئیں۔ ۲۵۰ گرام تیل ڈال کر ایک گانٹھ پیاز چھیل کر باریک کتر کر تلیں۔ اب الگ سے پسا ہوا مسالا، لہسن ایک چھوٹی گانٹھ ، ایک گانٹھ پیاز، ادرک ذرا سا، سوکھا دھنیا پاؤڈر دو چمچے چائے کا، مرچ پاؤڈر آدھا چمچہ چائے کا، ہلدی آدھا چمچہ چائے کا، نمک حسب ذائقہ ڈال کر بھونیں۔ مسالہ بھن جانے پر انڈے چن دیں پھر ہلکا سا پانی کا چھینٹا مار کر ڈھکن بند کریں پھر جب کوفتے سخت ہوجائیں تو اچھی طرح چلا دیں ذرا دیر اور پکائیں جب لگنے لگیں تو آدھا گلاس پانی گلاوٹ کے لیے ڈالیں اور ڈھکن بند کردیں۔ جب یہ اندازہ ہوجائے کہ پک گئے ہیں تو کھول کر بھونیں اب جتنا شوربہ کرنا ہو پانی ڈالا کر کھول جانے پر گرم مسالہ سوکھا ڈالیں اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔ لذیذ کوفتے تیار ہیں۔
ماش کی دال کے دہی بڑے
اشیا:ماش کی دال دو پیالی، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: ماش کی دال رات بھر بھگو کر صبح باریک پیس لیں، پسی ہوئی ماش کی دال میں تمام مصالحے باریک پیس کر ملالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کی پکوڑیاں تل لیں۔ دہی میں نمک، زیرہ، سرخ مرچ اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ پکوڑیاں دہی میں ڈال کرملالیں اور اوپر سے ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی شامل کرلیں۔ ماش کی دال کے دہی بڑے دستر خوان کی زینت بننے کے لیے تیارہیں۔
ڈبل روٹی کے دہی بڑے
اشیا: بریڈ سلائس چار عدد، بیسن ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ چائے کا ایک چمچہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو،تیل حسب ِ ضرورت۔
ترکیب: سلائس کے کنارے کاٹ کر چار چکور ٹکڑے کرلیں۔ بیسن میں مسالا ملا کر آمیزے میں ڈبو کر گرم کر پھینٹئے ہوئی دہی میں ڈال دیں۔
چھولے
اشیا: کابلی چنے ایک کلو، آلو ایک پاؤ، کھانے کا سوڈا چائے کے دو چمچے، ہرا دھنیا حسبِ ذائقہ، املی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ذائقہ۔
ترکیب:کابلی چنے رات بھر بھگودیں۔ صبح تازہ پانی میں سوڈا شامل کرکے ابلنے رکھ دیں۔ آلو ابال لیں۔ ابلے ہوئے آلو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ چنے گل جائیں تو نمک ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ہرا دھنیا، ہری مرچ باریک کاٹ لیں۔ املی کے بیج نکال لیں۔ ایک پیالے میں آلو، مسالہ، چنے، املی کا پانی اور تمام ہرا مسالہ ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ الگ سے رکھ لیں۔ چٹ پٹے مزے دار کابلی چنے دسترخوان پر پیش کرکے تعریفیں سمیٹیں۔
فروٹ چاٹ
اشیا: سیب تین عدد، خربوزہ ایک (درمیانہ)، انار تین عدد، کیلے چھ عدد، چیکو تین عدد، کینو تین عدد، دیگر موسی پھل حسبِ ذائقہ، شکر ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، چاٹ مسالہ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: ایک پیالے میں کینو کے بیج نکال کر اس کا عرق نچوڑ لیں۔ تمام پھل چھلکے اتار کر باریک کاٹ لیں۔ املی شکر ملا کر بھگودیں۔ نرم ہونے پر بیج نکال دیں اور مشین میں پیس لیں۔ تمام پھل ایک بڑے پیالے میں ڈالیں۔ اس میں شکر اور املی کا آمیزہ و چاٹ مسالہ اور کینو کا عرق شامل کرکے ملائیں، آسان ذائقے دار اور غذائیت سے بھر پور فروٹ چاٹ تیار ہے۔
پنیر کے پکوڑے
اشیا: پنیر کے سلائس ایک پیکٹ، بیسن ایک پاؤ، ہری مرچ پسی ہوئی تین عدد، سفید زیرہ، پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، میٹھا سوڈا چٹکی بھر، نمک حسبِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: پنیر اور تیل کے علاوہ تمام اشیاء اچھی طرح ملا لیں اور اس میں تھوڑا پانی شامل کرکے گاڑھا مرکب تیار کرلیں۔ پنیر کے سلائس دو حصوں میں کاٹ لیں اور ہر حصے کو بیسن میں بھگو کر تل لیں۔