انار تربوز شربت
اشیاء: انار ایک عدد، تربوز کی قاشیں ۵۰۰ گرام، لیمو ایک عدد، پودینہ حسبِ ذائقہ چند پتیاں، نمک اور سیاہ مرچ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: تربوز کی قاشوں کو مکسی میں پیس کر چھان لیں۔ انار کے دانوں اور پودینے کی پتیوں کو بھی پیس کر اور چھان کر الگ رکھ لیں۔ تربوز کے عرق میں انار کا عرق، نمک اور سیاہ مرچ کو ملالیں۔ ان کو یکجا کرنے کے بعد تھوڑی سی برف ڈال لیں اور دھیرے دھیرے چسکیاں لیتے ہوئے ذائقہ لیں۔
فروٹ پنچ
اشیاء: انناس جوس ایک پیالہ، سیب جوس ایک پیالہ، سنترہ جوس ایک پیالہ، دو لیموں کا عرق، دو چمچہ شہد، چٹکی بھر دال چینی پاؤڈر۔
ترکیب: ان سبھی کو ملا کر نصف گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ برف ملا کر پیش کریں۔
میٹھی دہی مع بادام
اشیاء: نصف لیٹر دودھ، نصف پیالہ شکر، ۵-۶ کھجور، ۸-۱۰ پستہ، ۱۵- ۲۰ کشمش، دو بڑے چمچے دہی۔
ترکیب: دودھ کو تقریبا ۲۰ منٹ تک ہلکی آنچ پر ابالیں۔ چینی اور دہی کو ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ اب اس میں پستہ، کھجور اور کشمش کو ملا دیں۔ ایک پیالہ میں ٹھنڈا ہو نے کے لیے رکھ دیں اور پھر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔
لیمن کافی
اشیاء: دو چھوٹا چمچہ کافی پاؤڈر، دو بڑا چمچہ شکر، دو بڑا چمچہ کریم، دو عدد بڑے سائز کے لیموں، برف حسب ضرورت۔
ترکیب: دو گلاس پانی میں کافی اور شکر ڈال کر ابالیں، ٹھنڈا ہونے پر لیموں کا عرق ملائیں اور گلاس میں ڈالیں۔ حسبِ ضرورت برف ملائیں اور اوپر سے کریم ڈالیں۔ کھٹی میٹھی لیمن کا فی تیار ہے۔
سیب کی آئس کریم
اشیاء: دودھ ۲۵۰ گرام، شکر ۱۰۰ گرام، سیب ۳ عدد، خشک میوے ۱۰۰ گرام۔
ترکیب: مکسی میں سیب کو ڈال کر پیس لیں۔ اس میں دودھ اور شکر ملالیں۔ اس مکسچر کو آئس کریم میکر میں ڈالیں اور فریزر میں رکھ دیں ، نصف گھنٹہ میں آئس کریم تیار ہوجائے گی۔ اوپر سے خشک میوے ڈال کر پیش کریں۔
شاہی شربت
اشیاء: ۴۰ ملی لیٹر شربت روح افزا، ایک چمچہ ونیلا آئس کریم، حسبِ ضرورت برف۔
ترکیب: بڑے گلاسوں کو فریزر میں رکھنے کے دس منٹ بعد نکال لیں۔ اب اس میں برف ڈالیں، پھر روحِ افزاء انڈیلیں، چمچہ سے ہلائیں، شاہی شربت تیار ہے۔
شکنجی
اشیاء: ۶ بڑے سائز کے لیموں، ۱۵ بڑا چمچہ شکر، ایک لیٹر پانی، ۲ بڑا چمچہ سیاہ نمک، ایک چمچہ سادہ نمک، ۴ بڑا چمچہ شکنجی مسالہ۔
ترکیب: شکر کو پانی میں گھول کر چھان لیں، لیموں کا عرق نکال کر انہیں بھی چھان لیں تاکہ بیج اور ریشے باہر نکل جائیں، شکر والے پانی کو ۳ گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ جب بھی شربت بنانا ہو لیموں کے عرق کو شکر کے پانی میں گھول لیں۔ سیاہ نمک اور سادہ نمک ملائیں اور اوپر سے شکنجی مسالہ چھڑک دیں۔ اگر مزید ٹھنڈا چاہتے ہوں تو تھوڑی برف ڈالنے میں کوئی حرج نہیںہے۔
شربت ٹماٹر
اشیاء: ۵۰۰ گرام ٹماٹر، ۵۰۰ گرام شکر، پون لیٹر پانی، ۳ گرام نمک، ۳ عدد سیاہ مرچ، ۳ عدد لیموں۔
ترکیب: ٹماٹر کا اوپری اور نچلا حصہ کاٹ کر چھلکا اتار لیں۔ پتیلی میں پانی بھر کر آنچ پر رکھیں۔ جب ٹماٹر اچھی طرح پک جائیں تو چمچہ سے چلا کر اور پانی میں مسل کر محلول بنالیں۔ پھر آنچ سے اتارلیں اور چھان لیں۔ پھر دوبارہ پتیلی میں ڈال کر آنچ پر رکھیں۔ دوسرے برتن میں چاشنی بناکر اس میں نمک اور سیاہ مرچ چھڑک کر لیموں نچوڑ دیں۔ اس کو اچھی طرح ملا کر آنچ سے اتارلیں۔ ٹھنڈا ہونے پر بوتل میں بھر لیں۔ پیش کرنے سے قبل ٹھنڈا پانی ضرور ملائیں۔
پپیتے کا شربت
اشیاء: ۵۰۰ گرام پپیتہ، ۹۰۰ گرام شکر، چٹکی بھر سائیٹرک ایسڈ، ۱۲ گرام نمک، ایک لیٹر پانی۔
ترکیب: پپیتہ کا چھلکا نکال کر بیج اور ریشے الگ کردیں۔ اس کی چھوٹی چھوٹی قاشیں بناکر مکسی میں پیس لیں۔ پتیلی میں پانی ڈال کر اس کا گودا ملائیں اور پکاکر ملالیں۔ محلول کی مقدار نصف ہوجائے تو اس میں شکر ملائیں۔ جب وہ اس میں اچھی طرح حلول کرجائے تو سائٹرک ایسڈ ڈال کر ملائیں۔ پتیلی کو آنچ سے اتاریں اور اسے ٹھنڈا کرلیں۔ پھر اسے بوتل میں رکھ دیں۔
لیچی کا شربت
اشیاء: ایک کلو لیچی، ۵۰۰ ملی لیٹر پانی، ۲۵۰ گرام شکر، ۶ گرام سائٹرک ایسڈ۔
ترکیب: پتیلی میں پانی ڈال کر آنچ پر رکھیں اور شکر ملادیں۔ جب چاشنی بن جائے تو پتیلی کو آنچ سے اتارلیں۔ لیچی کے چھلکے اتاریں اور گٹھلیاں نکال کر گودے کو مکسی میں پیس کر عرق نکال لیں۔ عرق چھان کر سائٹرک ایسڈ ملا دیں۔ پھر لیچی کا عرق چاشنی میں ملا کر محلول بنالیں۔ اسے بوتل میں بھر کر رکھ دیں۔
آلو کے ذائقے
بطورسوپ: ایک بڑے سائز کے ابلے ہوئے آلو کو دو کپ دودھ کے ساتھ ملائیں۔ اسے دو منٹ تک ابالیں۔ پھر اس میں نمک اور کالی مرچ شامل کریں۔ پیاز ڈال کر چمچہ سے ہلائیں۔ کریمی سوپ تیار ہے۔
بطور سلاد: آلو کو ابال کر چھیل لیں، اس کے دو ٹکڑے کرلیں اور پلیٹ میں رکھ دیں۔ پھر اس پر دہی ڈالیں۔ چیری اور انار کے دانوں کے ساتھ سجاکر پیش کریں۔
بطور سبزی: آلو کو دھولیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ کڑاہی میں تھوڑا تیل ڈال کر گرم کریں۔ اس میں زیرا اور ہینگ ڈال کر ایک منٹ تک پکائیں۔ آنچ کم کرکے کڑاہی کو ڈھکن سے ڈھانک دیں۔ اس میں سرخ مرچ پاؤڈر اور چاٹ مسالہ پاؤڈر ڈالیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک تیل بخوبی اس میں جذب نہ ہوجائے۔
ہری مٹر والی کچوری
اشیاء: میدہ ایک کپ، اجوائن ایک چھوٹا چمچہ، اصلی گھی ۲ بڑے چمچے، ہری مٹر کے دانے ایک کپ، تیل تلنے کے لیے اور ایک چمچہ اضافی، زیرا ایک چھوٹا چمچہ، باریک کاٹا ہوا ایک انچ کا ادرک کا ٹکڑا، ہری مرچ ۳،۴ باریک کٹی ہوئی، نمک حسبِ ذائقہ، ناریل کے ٹکڑے ۴ بڑے چمچے، بھنی ہوئی اور کٹی ہوئی مونگ پھلی ۴-۵ بڑے چمچے، گرم مسالہ پاؤڈر چھوٹا چمچہ۔
ترکیب: ایک پیالہ میں میدہ، ۲ چمچہ نیم گرم گھی، اجوائن اور نمک ڈال کر ملالیں۔ پھر اس میں تھوڑا پانی ڈال کر گوندھ لیں۔ ایک برتن میں تیل گرم کرکے اس میں ہینگ اور زیرا ڈالیں۔ جب ان کا رنگ بدلنے لگے تو اس میں ادرک، ہری مرچ، مٹر اور نمک ڈال کر پکائیں۔ پھر گرم مسالہ ڈال کر آنچ سے اتار کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ گوندھے ہوئے میدے کو مساوی حصوں میں تقسیم کرکے پیڑے بنالیں۔اس کے بعد انہیں ’’پوری‘‘ کی شکل دے کر اس میں مٹر والا سامان ملاکر انگلیوں کی مدد سے کچوری کی شکل دے دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے ساری کچوریوں کو تل لیں۔ پک جانے کے بعد اسے نکال لیں پھر بھی پسندیدہ چٹنی کے ساتھ گرما گرم پیش کریں۔