لذیذ میٹھے پکوان

ماخوذ

پورن پوری

اجزاء: میدہ دو پیالی، سوجی آدھی پیالی، دودھ ایک پیالی، ڈالڈا گھی ایک پیالی، پوری میں بھرنے والا میوہ: بادام بیس عدد، پستے بیس عدد، دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگوکر چھلکا اتارلیں اور باریک کوٹ لیں، کھوپرا (ناریل) پسا ہوا ایک پیالی، چینی ایک پیالی، کش مش آدھی پیالی گرم پانی میں بھگو کر صاف کرلیں، تلنے کے لیے ڈالڈا گھی چار پیالی۔

ترکیب: سوجی میں دودھ ڈال کر تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے لیے رکھ دیں پھر اس میں میدہ اور گھی ملا کر اچھی طرح گوندھ لیں۔ گیلے کپڑے سے ڈھانک کر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک دیگچی میں دو کھانے کے چمچے گھی ڈال کر گرم کریں اس میں پستے ،بادام تل لیں اور نکال کر ٹھنڈا کرلیں پھر چینی، ناریل کی گری اور کشمش ملادیں۔

اب میوہ اور سوجی کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں، پوری کے سائز کی روٹی بیل کر اس میں میوہ بھر کر دونوں کنارے ملا کر بند کردیں، کناروں کو اچھی طرح سے بند کریں تاکہ میوہ باہر نہ نکلے۔ ایک کڑھائی میں تیز آنچ پر تیل گرم کریں، پھر آنچ ہلکی کرکے پوریاں تلنا شروع کریں، جب ہلکی سنہری مائل ہوجائیں تو نکال کر رکھ لیں تاکہ گھی جذب ہوجائے۔

چنے کی دال کا حلوہ

اجزاء: چنے کی دال آدھا کلو تقریباً دو پیالی، چینی تین پیالی، خشک دودھ چار پیالی، چھوٹی الائچی دس عدد، چھلکے سمیت باریک کچل لیں، چھو الائچی دس عدد، دو چمچے چینی کے ساتھ پیس لیں، ڈالڈا گھی ڈھائی پیالی، سجانے کے لیے میوہ: بادام دس عدد، پستے دس عدد دونوں کو گرم پانی میں بھگوکر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں۔

ترکیب: چنے کی دال کو ابال کر باریک پیس لیں، دال بالکل خشک ہونی چاہیے تاکہ پیسنے میں آسانی ہو۔ پھر ایک دیگچی میں گھی ڈال کر الائچی ڈال دیں، تھوڑی دیر بعد دال خشک، دودھ، چینی اور کٹے ہوئے بادام ڈال کر ہلکی آنچ پر بیس منٹ تک بھونیں یہاں تک کہ دال براؤن ہونے لگے اور گھی الگ ہونے لگے۔ جب گھی الگ ہوجائے تو اتار کر ایک تھالی میں چکنائی لگاکر حلوہ پھیلادیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو میوہ ڈال کر ٹکڑے کاٹ لیں۔

چاولوں کا حلوہ

اجزاء: چاول آدھا کلو، دوپیالی بیس منٹ کے لیے بھگودیں، چینی دو پیالی، بادام دس عدد، پستے دس عدد، دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں۔ لونگ چھ عدد، چھوٹی الائچی چار عدد، ڈالڈا گھی ایک پیالی، اس میں آپ رنگین پیٹھے کی مٹھائی بھی ڈال سکتے ہیں، لال اور ہرے رنگ کی بازار میں ملتی ہے۔

ترکیب: ایک دیگچی میں آٹھ پیالی پانی ڈال کر گرم کریں جب جوش آجائے تو لونگ، الائچی اور چاول ڈال دیں۔ دوکنی ابل جائیں تو پانی نکال دیں، چھلنی میں چاول تھوڑی دیر کے لیے رہنے دیں تاکہ پانی اچھی طرح خشک ہوجائے۔ پھر ایک تھالی میں ڈال دیں، اس کے اوپر زردہ کا رنگ، چینی اور میوہ ڈال کر اچھی طرح ملادیں، اسی دیگچی میں گھی گرم کریں چاول ڈال کر ہلکی آنچ میں پکنے دیں۔ جب شیرا خشک ہوجائے تو توے پر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔

شکر قند کا حلوہ

اجزاء: شکر قند آدھا کلو درمیانے سائز کی، شکر تین پیالی، بادام دس عدد، گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں، باریک کاٹ لیں، دودھ بارہ پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، ڈالڈا گھی چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب: شکر قند اچھی طرح سے دھوکر ایک توے کے اوپر ہلکی آنچ میں بھوننے کے لیے رکھ دیں، اوپر سے کوئی بھاری چیز رکھ دیں، جس سے شکر قند اچھی طرح بند ہوجائے اور بھاپ باہر نہ نکلے۔ اگر آٹھ شکر قند ہیں تو پہلے چار بھونیں پھر چار بھونیں، تقریباً آدھے گھنٹے بعد ڈھکن اٹھا کر دیکھیں شکر قند براؤن سی ہوجائے گی اتار کر دوبارہ باقی شکر قند بھی ویسے ہی بھوننے کے لیے رکھ دیں۔

جب سب تیار ہوجائیں تو چھلکا اتار کر گودا بنالیں ایک بڑی دیگچی میں دودھ کو پکانے کے لیے رکھ دیں، اتنا پکائیں کہ دودھ آدھا رہ جائے۔ چینی کا شیرا الگ بنائیں، ایک بڑی دیگچی میں گھی ڈال کر الائچی ڈال دیں، دو منٹ بعد شکر قند کا گودا ڈال دیں، تین چار منٹ بھونیں اور دودھ ڈال کر پکنے دیں۔ دودھ جب گاڑھا ہوکر کھویا بننے لگے تو شیرا ڈال کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ پھر ایک تھالی میں چکنائی لگاکر حلوہ پھیلادیں۔ ٹھنڈا ہوجائے تو اس کے ٹکڑے کرلیں، اس پر چاندی کے ورق لگا کر سجادیں اور میوہ چھڑک دیں۔

لوکی کا حلوہ

اجزاء: ہری لمبی لوکی ڈیڑھ کلو چھلکا اتار کر باریک کدوکش کرلیں۔ پھیکا کھویا دو پیالی، چینی تین پیالی، بادام دس عدد، پستے دس عدد، دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتارلیں اور باریک کاٹ لیں۔ پسی ہوئی ناریل کی گری ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، ڈالڈا گھی چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب: سب سے پہلے کدوکش کی ہوئی لوکی کو تین منٹ کے لیے گرم پانی میں ڈال کر نکال لیں اور ایک چھلنی میں رکھ لیں تاکہ پانی اچھی طرح خشک ہوجائے۔

دیگچی میں گھی ڈال کر دو منٹ کے لیے گرم کریں الائچی ڈال کر چینی ڈال دیں، شیرا بننے سے پہلے لوکی اور کھویا ڈال دیں، تھوڑا سا بھون کر میوہ ڈال دیں، ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں، یہ دھیان رہے کہ نیچے نہ لگ جائے، جب خشک ہوجائے تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں، ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگاکر حلوہ پھیلادیں۔ اوپر سے پسی ہوئی گری ڈال کر چاندی کے ورق سجادیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146