لذیذ پکوان

عائشہ بنت امان اللہ (ممبئی)

آلو مٹر پلاؤ

اشیاء

چاول آدھا کلو، آلو آدھا کلو، مٹر ڈیڑھ پاؤ، پیاز دو عدد، ہری مرچ سات عدد درمیانی سائز، ادرک ولہسن کا پیسٹ دو چائے کا چمچ۔ گرم مصالحہ آدھا چمچ، لال مرچ پاؤڈر دو چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ٹماٹر ایک پاؤ، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب

چاولوں کو دھوکر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ تیل گرم کر کے پیاز کاٹ کر تل لیں، جب پیاز براؤن ہوجائے تو لہسن ادرک اور زیرہ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ پھر ہری مرچ مٹر آلو اور نمک لال مرچ ہلدی اور دھنیا پسا ہوا ڈال کر اچھی طرح ہلائیں۔ مصالحہ میں آلو مٹر سب بھن جائیں تو ٹماٹر کاٹ کر شامل کر دیں اور کچھ دیر ڈھکن ڈھک دیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو اس میں چاول ڈال کر خوب چمچ ہلائیں اور پھر چاولوں کے برابر پانی ڈال دیں اور چمچے سے اچھی طرح ہلا کر ڈھکن ڈھک دیں اور پکنے دیں جب چاولوں میں ایک کنی رہ جائے تو پودینہ ہرا دھنیا اور لیموں کا ٹکڑا ڈال دیں۔ اور دم پر رکھ دیں۔ آلو مٹر پلاؤ تیار ہے، اگر آپ چاہیں تو دوسری سبزی اور گوشت بھی شامل کرسکتے ہیں۔

چٹخارے فرائی فش

اشیاء

مچھلی کے قتلے ایک کلو، لہسن پیسٹ دو چائے کا چمچ، لیموں کا رس دو چائے کا چمچ، نمک حسب پسند، سرخ مرچ پاؤڈر، دو چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، املی کا گودا ایک کپ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، نمک حسب پسند، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، بیسن چار چائے کا چمچ، اجوائن (بھنی ہوئی اور پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ تیل، پانی حسب ضرورت۔

ترکیب

مچھلی کے قتلوں کو آٹا لگا کر اچھی طرح دھولیں، خشک کر کے ان میں لہسن پیسٹ لیموں کا رس، نمک ہلدی پاؤڈر، سرخ مرچ پاؤڈر ڈال کر پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں، توے کو ہلکا سا چکنا کر کے ہر قتلے کو اس پر رکھ کر دونوں طرف سے پانی خشک ہونے تک فرائی کریں۔ ایک پیالے میں املی کا گودا، سرخ مرچ، ہلدی پاؤڈر، لہسن ادرک کا پیسٹ، نمک، بیسن، اجوائن اور تیل اور پانی ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے ایک ایک قتلے کو اس میں ڈبو کو تیل میں فرائی کرلیں۔ نہایت چٹخارے دار فرائی فش تیار ہے۔ چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

انڈوں کی پڈنگ

اشیاء

دودھ ایک لیٹر، انڈے چار عدد، چینی۷۵ گرام۔

ترکیب

انڈوں کی سفیدی الگ اور زردی الگ کر کے ان کو خوب پھینٹیں۔ جب سفیدی بالکل جھاک کی طرح بن جائے تو اس میں چینی ڈال دیجئے اور سفیدی اور زردی دونوں کو ملا کر خوب پھینٹئے۔ دودھ کو دیگچی میںڈال کر چولھے پر چڑھا دیجئے اور ہلکی آگ پر پکنے دیجئے۔ جب دودھ آدھا رہ جائے تو اتار لیجئے۔ اور انڈوں والی ڈش میں ڈال کر چمچے سے خوب پھینٹئے۔ جب سب چیزیں یک جان ہوجائیں تو انہیں پڈنگ کی ڈش یا پڈنگ کے سانچے میں ڈال دیجئے۔ اب ایک کھلے منہ کی دیگچی یا سانچہ اس طرح رکھئے کہ نصف پانی کے اندر اور نصف پانی سے باہر ہو۔ پانی والی دیگچی کا ڈھکنا بند کر کے چولھے پر چڑھا دیجئے او رہلکی آگ پر پکنے دیجئے۔ دیگچی کے ڈھکنے پر بھی آگ کے کچھ کوئلے رکھ دیجئے۔ دس منٹ بعد ڈھکنا کھول کر دیکھئے۔ پڈنگ جم گئی ہو تو اتار لیجیے۔ اگر نہ جمی ہو تو ڈھکنا دوبارہ بند کر کے پکنے دیجئے۔ جب جم جائے تو اتار لیجیے۔

دال کی روٹی

اشیاء

ایک ایک کپ چاول، تور دال، مونگ دال، اور مسور دال۔ دس سے بارہ عدد کری پتہ چار پیاز باریک کٹی ہوئی۔ آٹھ سے دس ہری مرچ۔ دو چمچہ لہسن پیسٹ۔ ۲ چائے کا چمچہ املی۔ نمک اور شکر حسب پسند۔

ترکیب

سبھی دالوں اور چاول کو ایک ساتھ ملا کر دھوکر بھگو دیں۔ صبح پانی نکال کر کری پتہ ہری مرچ، نمک، شکر، املی، ملا کر باریک پیس لیں۔ اب اس میں لہسن کا پیسٹ ملا کر ضرورت کے مطابق پانی ڈال کر، گرم نان اسٹک پین مین دھوسا کی طرح پھیلا کر دونوں طرف سے سیک لیں۔ چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ مزے دار دال کی روٹی تیار ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146