لذیذ پکوان

تسنیم عباس

سبزی ناریل ڈش

سبزیوں کو مکس کرلیں (گاجر، شلجم، بھنڈی، گوبھی، آلو یا اپنے پسند کی کوئی سی سبزیاں لے لیں)۔

مکس سبزی: ایک کلو

تیل: آدھا کپ

سرسوں کے بیج: ایک چائے کا چمچ

ادرک: دو کھانے کے چمچ (کچل لیں)

لہسن: دو جوے (کچل لیں)

پیاز : آدھا کپ (کچل لیں)

ہری مرچیں : دو عدد (کتر لیں)

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

ناریل پاؤڈر: ایک کپ

ناریل کا پانی: آدھا کپ

ہرا دھنیا : (پتیاں کترلیں) آدھا کپ

ترکیب:ایک پین میں تیل گرم کر کے پہلے سرسوں کے بیج فرائی کرلیں پھر اس میں ادرک، لہسن، پیاز اور ہری مرچیں ڈالیں پھر اس پین میں ہلدی پاؤڈر اور لال مرچ پاؤڈر مکس کرلیں۔ باقی مصالحے بھی مکس کرلیں۔ تھوڑا سا بھونیں پھر اس آمیزے میں سبزیاں ڈال کر مکس کریں۔ اب اس میں مصالحے، ناریل (کھوپرا) نمک، ناریل کا پانی شامل کریں۔ سب کو اچھی طرح مکس کرلیں اور اس پین کو ہائی ہیٹ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب آمیزہ ابلنے لگے تو ہیٹ کم کردیں اور اتنی دیر پکائیں کہ سبزیاں گل جائیں۔ اب سبزیوں اور ناریل کو اس ڈش پر دھنیا چھڑک کر سرو کریں۔

اسپیشل ران روسٹ

اجزاء:

مٹن ران : ایک عدد

دہی: ایک کپ

لال مرچ: دو کھانے کے چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

سرکہ: آدھا کپ

لہسن، ادرک: : (پیسٹ) تین کھانے کے چمچ

اجوائن: پسی ہوئی آدھا کھانے کا چمچ

تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

ران کو اچھی طرح صاف کرلیں پھر اس پر گہرے کٹ لگالیں۔ دہی میں تمام اجزا سوائے تیل کے مکس کرلیں اور اچھی طرح ران پر لگا دیں۔ دو گھنٹے میرینیٹ ہونے دیں۔ اب پتیلی میں حسب ضرورت تیل ڈال کر ران اس میں ڈال دیں، درمیانی آنچ پر بیس سے پچیس منٹ پکنے دیں۔ پھر پلٹ کر دوبارہ بیس منٹ تک پکائیں۔ گولڈن ہوجائے تو اخبار پر رکھ کر تیل جذب کرلیں۔ چلی ساس کے ساتھ سرو کریں۔

دال بھرے کریلے

اجزاء:

کریلے: دس عدد (درمیانے سائز کے)

مسور کی دال: ۷۰ گرام

مونگ کی دال: ۷۰ گرام

ارہر کی دال: ۷۰ گرام

کوکنگ آئل: حسب ضرورت

ٹماٹر: ایک عدد (باریک کاٹ لیں)

لیموں کا رس: ایک عدد لیموں

نمک: حسب ذائقہ

پیاز: ایک عدد (درمیانی)

ہری مرچ : دو یا تین عدد

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

سوکھا دھنیا: آدھا چائے کا چمچ

لہسن کے جوے: تین عدد

ترکیب:

کریلوں کو اچھی طرح دھو کر کاٹ لیں۔ درمیان سے بیج اور گودا نکال دیں۔ پھر کریلوں کو بند ڈھکن کے ساتھ دیگچی میں اتنا پکائیں کہ وہ گل جائیں۔ انہیں ایک طرف رکھ دیں۔ تمام دالوں کو آدھے گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو دیں پھر انہیں اتنا پکائیں کہ وہ گل جائیں۔ ان سے پانی نتھاور کر الگ کریں۔

ایک پین میں تیل گرم کر کے ابلی دالیں اور نمک ڈال کر فرائی کرلیں۔ پھر اس میں ٹماٹر مکس کر کے پکائیں۔ جب دال اور ٹماٹر باہم گھل مل جائیں تو لیموں کا رس چھڑک دیں۔

دال کے اس آمیزے کو رس برابر حصوں میں تقسیم کر کے کریلوں میں بھر دیں اور دھاگہ لپیٹ کر کریلوں کو بند کر دیں۔ ایک پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کر گرم کریں پھر اس میں کریلے براؤن کرلیں۔ چائے کے ساتھ نوش فرمائیں۔

نوٹ: کریلے کو انسولین پلانٹ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں انسولین کی طرح کے خاص اجزا ہوتے ہیں۔ جو خون اور پیشاب کے شگر لیول کو کنٹرول میںرکھتے ہیں۔

میتھی کی گریوی

اجزاء:

چنے کی دال: ایک کپ

ارہر کی دال: آدھا کپ

ناریل : (کدہ کش کیا ہوا) ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ: ایک عدد

نمک: آدھا چائے کا چمچ

ہرا دھنیا: کٹا ہوا چار کھانے کے چمچ

میتھی کے پتے: (کٹے ہوئے) ڈیڑھ کپ

مونگ: آدھا کپ

کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کے چمچ

گریوں کے لیے:

چنے کی دال: تین کھانے کے چمچے

ناریل (کدوکش): دو چمچے

ادرک کا ٹکڑا: ایک سینٹی میٹر

نمک: آدھا چائے کا چمچ

تازہ ہرا دھنیا: مٹھی بھر

ٹماٹر : ایک عدد

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

ہینگ: چٹکی بھر

زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

خالص تیل: ایک کھانے کا چمچ

رائی: آدھا چائے کا چمچ

دہی: ایک کپ

ترکیب:

دالوں کو چار سے پانچ گھنٹے تک بھگوئے رکھیں۔ پھر ان دالوں کو ناریل، ہری مرچ، نمک اور نصف ہرا دھنیا لے کر تھوڑا پانی ڈالتے ہوئے گرائینڈ کرلیں۔ ان پسی ہوئی دالوں میں میتھی کے کٹے ہوئے پتے، باقی بچا ہوا دھنیا اور مونگ کی دال ڈال دیں۔ پھر ایک چوتھائی کھانے کا چمچ سوڈا بھی ڈالتے ہوئے سب اشیا کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ یہ آمیزہ نسبتاً مائع شکل میں ہونا چاہیے، ضروری سمجھیں تو تھوڑا سا پانی ملالیں۔ پھر ایک پلیٹ میں تیل لے کر اس آمیزہ پر ڈال دیں اور آمیزہ کو ایک پریشر ککر میں بیس منٹ تک سٹیم دیں۔ پھر ٹھنڈا کر کے چوکور کاٹ لیں۔

گریوی:

چنے کی دال کو دو گھنٹے تک بھگوئے رکھیں۔ پھر چنے کی دال، ناریل، ادرک، نمک، دھنئے کے پتوں، ٹماٹر ہینگ اور زیرہ کو گرائنڈ کر کے پیسٹ بنالیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کر کے رائی شامل کرلیں۔ جب دو چھینٹْ آڑانا بند کر دے تو دو کپ پانی کے ساتھ دال کی پیسٹ بھی اس میں ڈال دیں۔

جب وہ ابلنے لگے تو پھینٹا ہوا دہی شامل کریں، اگر ضروری سمجھیں تو اور پانی ملالیں۔ پھر اسے دس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں تاکہ گاڑھی گریوی بن جائے۔ اسے ہرے دھنیے کے پتوں سے سجائیں اور گرم گرم پیش کریں۔

شوگر کے مریضوں کو نسبتاً ترش ذائقہ رکھنے والی خوراک تجویز کی جاتی ہے۔ ترش ذائقہ بھاری غذا کو بھی بہترین توازن مہیا کرتا ہے۔ ترش سبزیاں جیسے کہ میتھی، کسی بھی کھانے کو ہلکا پھلکا اور زود ہضم بناتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ان میں وٹامن اے، آئرن، کیلشیم اور دیگر مقوی اجزاء بھی بھرپور مقدار میں ہوتے ہیں۔

پولسو (Pulisu)

ڈرم سنکس: (ساجن کی پھلیوں کی ڈرم سٹکس) چار عدد

گھیا: ۲۰۰ گرام

ٹماٹر: ۲۰۰ گرام

بینگن: ۲۰۰ گرام

بھنڈی: ۲۰۰ گرام

املی: (پیسٹ) ایک کھانے کا چمچ

نمک: ذائقہ کے لیے

روسٹ اورپاؤڈر کے لیے:

سوکھا دھنیا: ایک چائے کا چمچ

ہینگ: آدھا چائے کا چمچ

چنے کی دال: دو کھانے کے چمچ

سرخ مرچیں: دو عدد

جوش دینے کے لیے:

خالص تیل: ایک کھانے کا چمچ

میتھی دانہ: آدھا چائے کا چمچ

رائی: آدھا چائے کا چمچ

اردکی دال: آدھا چائے کا چمچ

سرخ مرچ: دو عدد

کری پتے: ایک ٹہنی

ترکیب:

املی کو ایک کپ پانی میں بھگو دیں۔ سبزیوں کو درمیانی سائز کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر انہیں تین کپ پانی میں نمک اور ہلدی ڈال کر پکائیں۔ جب سبزیاں گل جائیں تو انہیں چمچ سے اچھی طرح گھوٹ لیں، تاکہ ایک گاڑھی گریوی سی بن جائے۔ اب ان میں املی کا پیسٹ ملائیں اور مزید پکائیں۔ آخر میں پاؤڈر مصالحہ جات ملالیں۔ تیل کو ایک الگ برتن میں گرم کریں اور اس میں میتھی دانہ، رائی، ارد دال، سرخ مرچیں اور کری پتے ڈال دیں۔ اچھی طرح فرائی کرنے کے بعد انہیں سبزیوں پر ڈال دیں۔ دو منٹ تک ابلنے دیں اور پھر آگ سے اتار لیں۔

ڈرم سٹکس (ساجن کی پھلیاں) زبردست خوراک سمجھی جاتی ہیں اور اس کے پودے کا تقریبا ہر حصہ ہی زبردست اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس سبزی کے اندر بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے والے عناصر ہوتے ہیں۔ جو شوگر کے مریض کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں