لذیذ پکوان

ماخوذ

ہانڈی کوفتے

آج کل ہمارے ہاں ’ہانڈی‘ کا بڑا فیشن ہو رہا ہے، چین کی یہ صدیوں پرانی ڈش ہے جو ’’کلے پاٹ‘‘ یعنی مٹی کی ہانڈی میں پک کر لذیذ خوش ذائقہ ہوتی ہے۔

اجزاء:

بکرے کا قیمہ: ۳۰۰ گرام

بند گوبھی: آدھا کلو

سویا ساس: تین کھانے کے چمچ

اجی نو موتو: ایک چائے کا چمچ

ادرک: (باریک کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ

ہری پیاز: باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچ

نمک: ایک چائے کا چمچ

کارن فلور: ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

*قیمے میں تمام مصالحے ملا کر اسے بھاری کانٹے کے ساتھ اس طرح پھینٹیں کہ پیالے کی دیواروں سے لگ جائے (ایک ہی رخ میں پھینٹیں)۔

* مٹی کی ہانڈی آنچ پر رکھیں اور چار کپ یخنی ڈال کر گرم کریں۔ بند گوبھی کے پتے دھوکر ڈالیں۔ جب یخنی ابلنے لگے تو قیمے کا چمچ بھربھر کر گول گول کوفتوں کی شکل میں یخنی میں گرائیں۔

* اب بقیہ آدھا چائے ووالا چمچ نمک، آدھا اجی نومو تو بھی ڈال دیں۔ (نمک کا ذائقہ چکھ کر اپنے حساب سے ڈالیں)

* ہانڈی کو ڈھاپ کر اتنی دیر پکائیں کہ کوفتے پک جائیں۔ ایک چائے کا چمچ کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول کر شوربے میں ملا دیں۔ مزید پکا کر قدرے گاڑھا کرلیں اور سیاہ مرچ پوڈر چھڑک کر ہانڈی میں ہی یہ کوفتے پیش کریں۔

نوٹ:

صحت کے لیے ہانڈی میں پکے کھانے مفید تو ہوتے ہی ہیں ہانڈی کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ آنچ بند کر دینے کے باوجود کھانا کافی دیر تک نہ صرف گرم رہتا ہے بلکہ ہلکا ہلکا پکتا رہتا ہے۔

سویٹ اینڈ سار کوفتے

اجزاء:

انڈے: دو عدد

کارن اسٹارچ: آدھا کپ

انناس کے ٹکڑے: ایک چھوٹا ڈبہ

پانی: دو کپ

سرکہ: آدھا کپ

تیل: چار کپ

چینی: آدھا کپ

نمک: ایک چائے والا چمچ

ٹماٹر: دو عدد (چار حصوں میں کٹے)

شملہ مرچ: دو عدد (آٹھ حصوں میں کٹے)

سویا ساس: دو کھانے کے چمچ

ادرک: ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

*قیمہ میں نمک، سویا ساس، ادرک اور ایک کھانے کا چمچ کارن فلور تھوڑے سے پانی میں کھول کر ملائیں اور خوب ملائم کر کے کوفتے بنا لیں۔ کوفتوں کو کارن اسٹارچ میں رول کر کے پھینٹتے ہوئے انڈوں میں ڈبو ڈبو کر ڈیپ فرائی کر کے نکال لیں۔ (براؤن کلر کے ہوجائیں)

* انناس کا ڈبہ کھول کر جوس نچوڑ لیں اور اس میں ایک چوتھائی کپ کارن اسٹارچ گھول لیں۔ پھر اس میں پانی، سرکہ، چینی اور نمک ملا کر رکھ دیں۔

* چار کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے شملہ مرچ کو فرائی کریں۔ اب انناس کے ٹکڑے، ادرک، ٹماٹر اور ساس ملا دیں۔ قدرے گاڑھا ہونے پر فرائی شدہ کوفتے بھی ملا دیں۔

دو منٹ پکائیں اور پھر ڈش میں ڈال کر چائنیز رائس کے ساتھ پیش کریں۔

چہار مسرتی کوفتے

اجزاء:

چربیلا قیمہ: تین سو گرام

گاجر اور شملہ مرچ: ایک عدد

کارن فلور: ایک کھانے کا چمچ

انڈے: دو عدد

نمک: ایک چائے کا چمچ

سیاہ مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

ہری پیاز (باریک کٹی ہوئی) : ایک کھانے کا چمچ

ادرک (باریک کٹی ہوئی): ایک کھانے کا چمچ

تیل: چار کپ

سویا ساس: دو کھانے کے چمچ

اجی نوموتو: ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

*گاجر کو باریک کاٹ کر ہلکا سا ابال لیں۔ شملہ مرچ کے بیج نکال کر چوکور کاٹ لیں۔ ایک انڈا پھینٹ کر اس میں آدھا کارن فلور ایک چمچ پانی میں گھول کر ملا دیں۔

* بقیہ آدھا کارن فلور سلوشن قیمہ میں ملا دیں۔ انڈا، سویا ساس (ایک کھانے والا چمچ) آدھا نمک، سیاہ مرچ، ادرک و ہری پیاز بھی شامل کرکے خوب اچھی طرح ملائیں اور اب باریک کٹی گاجر اور شملہ مرچ بھی شامل کر کے چار یا چھ عدد بڑے بڑے کوفتے بنالیں۔

* تیل گرم کرلیں اور ان کوفتوں کو انڈے اور کارن فلور والے سلوشن میں ڈبو ڈبو کر تل لیں اور ایک پیالے میں ڈال دیں۔

* ایک چوتھائی کپ ابلتا ہوا پانی، بقیہ سویا ساس، بقیہ نمک اور اجی نوموتگو کوفتوں پر ڈالیں اور پیالے کو بھاپ میں رکھ کر تقریباً آدھا گھنٹہ پکائیں۔

نوٹ:

یہ ڈش چین کی ایک روایتی ڈش ہے جو آرسی مصحف پر دلہا دلہن کو کھلائی جاتی ہے۔ اس ڈش کا نام Four Joys اس لیے رکھا گیا ہے کہ تہواروں وغیرہ کے موقع پر جب ساری فیملی اکٹھی ہوتی ہے تو یہ ڈش خاص طور پر بنائی جاتی ہے۔ جس سے چاروں طرف خوشیاں رقصاں ہونے لگتی ہیں۔

کلیئر چکن سوپ

(چھ افراد کے لیے)

اجزا:

چکن : ڈیڑھ کلو (ہڈی سے گوشت الگ کرلیں)

ہری پیاز: دو (پتے باریک کٹے، سفید چار ٹکڑے)

سفید شلجم: ایک عدد (چھلے اور باریک کیوبز بنالیں‘

بندگوبھی: ایک پھول درمیانہ سائز کا کاٹ لیں۔

گاجر : دو عدد (گول قتلے کاٹ لیں)

چکن کیوبز ملا ہوا میدا :ایک کھانے کا چمچ

بین سپراؤٹس: آدھی پیالی

سویا ساس : دو دکھانے کا چمچ

سفید سرکہ: دو کھانے کے چمچ

چینی : ایک چائے کا چمچ

تل کا تیل: چند قطرے

نمک : حسبِ ذائقہ

مرچ: ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

یخنی : تین گلاس

تیل : ایک کھانے کا چمچ

کارن فلور: ایک چائے کا چمچ

بینز : سپراؤٹ اور ہری پیاز کے پتے سوپ پینے کے لیے جب پیش کرنا ہو تو ڈالیں۔

ترکیب:

سب سے پہلے آدھی چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹی کرلیں، پھر اس میں ایک چائے کا چمچہ کارن فلور، آدھا چمچہ چینی‘ آدھا چمچہ میدہ اور تھوڑا نمک ملا کر رکھ دیں، یعنی الگ تیار کرکے رکھ لیں۔ یخنی کو ایک بڑی دیگچی میں ڈال کر چکن ڈالیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ دس منٹ بعد سویا ساس، سرکہ، میدہ، سفید مرچ، بند گوبھی اور ساری سبزیاں ڈال کر پانچ منٹ اور پکا لیں۔ اگر یخنی کم لگ رہی ہو تو تھوڑا گرم پانی اور ڈال دیں،سوپ تیار ہے۔ پیش کرتے وقت سوپ کو خوب گرم کریں، پیاز کے پتے بینز سپراؤٹ اور تل کا تیل ڈال دیں۔ مزے دار سوپ تیار ہے۔

مونگ اور مسور کی دال کا سوپ

(چار سے چھ افراد کے لیے)

اجزا:

مسور کی دال: آدھی پیالی

مونگ کی دال: آدھی پیالی

مکھن : آدھا کھانے کا چمچہ

چکن کیوب: ایک عدد (بازار میں آسانی سے دستیاب ہے)

کالی مرچ: کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ

لیموں : دو عدد

نمک: حسب ذائقہ

ادرک، لہسن پسا ہوا: ایک چائے کا چمچ

پودینہ: چند پتے باریک کٹے ہوئے

پانی : 750 ملی لٹر۔

ترکیب: سب سے پہلے دونوں دالیں گرم پانی سے دھو کر ایک دیگچی میں پانی کے ساتھ ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔ ساتھ میں ادرک، لہسن بھی ڈال دیں جب دالیں گل جائیں تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ بلینڈر میں پیس کر دیگچی میں ڈالیں۔ چکن کیوب، نمک اور مکھن ملا کر پانچ منٹ کے لیے پکائیں، جب پیش کرنا ہو تو گرم کریں۔ پیالے میں کالی مرچ اور لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم پیش کریں، ساتھ میں مکھن اور ڈبل روٹی کے سلائسز بھی رکھ دیں۔

ٹماٹر کاسوپ (نو افراد کے لیے)۔

اجزا:

ٹماٹر : گہرے سرخ رنگ کے ایک کلو

کارن فلور: دو کھانے کے چمچے

سویٹ کارن: ایک چھوٹا ٹن

چکن : کیوب ملا ہوا میدا ایک کھانے کا چمچہ

کالی مرچ: پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ

ٹماٹرکیچپ: آدھی پیالی

گڑ: ایک چائے کا چمچہ

ڈبل روٹی: تین عدد سلائز(چھوٹے چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں)

تازہ کریم: ایک پیکٹ۔

ترکیب:

ایک دیگچی میں ٹماٹر اور تین سے چار پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر اچھی طرح ابال لیں پھر ٹھنڈا کرکے بلینڈر میں پیس لیں۔ ایک الگ دیگچی میں پسے ہوئے ٹماٹر چھلنی کے ذریعے چھان کر ڈال دیں پھر اس میں کارن فلور، گڑ، نمک، ٹماٹو کیچپ اور کالی مرچ ڈال کر لکڑی کے چمچہ سے چلاتے ہوئے پکائیں، جب گاڑھا ہوجائے تو سوپ تیار ہے، چولہا بند کر دیں۔ جب پینے کے لیے پیش کرنا ہوتو سلائس کے چوکور ٹکڑے ہلکی آنچ پر ڈیپ فرائی کرلیں اور نکال کر اخبار پر پھیلا دیں، کریم پھینٹ کر رکھ لیں۔ سوپ خوب تیز گرم کریں ایک پیالے میں کھانے کا چمچہ سویٹ کارن ڈالیں‘ پھر سوپ‘ پھر تھوڑے سے تلے ہوئے ڈبل روٹی کے سلائسز اور ایک چائے کا چمچہ کریم ڈالیں۔ مزے دار سوپ تیار ہے۔ اسی طریقے سے ہر پیالہ تیار کریں۔***

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146