کوفتہ گریوی
ضروری اشیاء: کوفتہ بنانے کے لیے
قیمہ (روکھا): ۵۰۰ گرام
خشخاش: دو کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)
چنے:دو کھانے کے چمچ (بھنے ہوئے)
لال مرچ پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ
نمک: حسب ذائقہ
گرم مصالحہ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ
ہرا دھنیا، ہری مرچ: ایک چائے کا چمچ
ادرک: ایک چائے کا چمچ
پیاز: ایک عدد (چوکور کاٹ لیں)
گریوی کے لیے:
پیاز: دو عدد (بڑی) سلائس کرلیں
لہسن پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ
ادرک پیسٹ: ایک چائے کا چمچ
نمک: حسب ذائقہ
لال مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ
دھنیا پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ
دہی: ایک کپ،تیل: آدھا کپ،الائچی: تین عدد
ترکیب: قیمہ کو چوپر میں خشخاش، چنے، لال مرچ پاؤڈر، نمک، گرم مصالحہ پاؤڈر، ہرا دھنیا، ہری مرچ، ادرک اور پیاز کے ساتھ پیس لیں اور کوفتے بنالیں۔ ایک دیگچی میںتیل گرم کر کے اس میں پیاز سنہری کر کے نکالیں اور دہی ملا کر پیس لیں۔ اب تیل میں الائچی، نمک، لال مرچ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، لہسن، ادرک پیسٹ ڈال کر بھونیں اور پسی پیاز، دہی ایک کپ پانی ڈالیں اب کوفتے ڈال کر کپڑے سے پکڑ کر دیگچی کو ہلائیں۔
درمیانی آنچ پر پکائیں جب تیل الگ ہوجائے تو ایک کپ پانی ڈالیں۔ تین چار منٹ پکائیں، کوفتہ گریوی تیار ہے۔
جھینگے جاپانی
اجزاء: جھینگے: دو سو گرام
ٹماٹر (کیوبز بنالیں): بیس گرام
ہری مرچ (کیوبز میں کاٹ لیں): بیس گرام
لہسن (کاٹ لیں) اسّی گرام
انڈے: چار عدد
ٹماٹو پیسٹ: ۱۰۰ گرام
پیپریکا: پچاس گرام
دھنیا (کاٹ لیں): پچاس گرام
پانی: ڈھائی سو ملی لیٹر
زیتون کا تیل: دو کھانے کے چمچ
ثابت زیرہ: ایک چائے کا چمچ
نمک، کالی مرچ: حسب ذائقہ
پارسلے: گارنش کے لیے
ترکیب:ایک پین میں تیل گرم کر کے ٹماٹر اور ہری مرچ کو ہلکا فرائی کرلیں پھر اس میں ٹماٹر پیسٹ، دھنیا، پیپریکا اور لہسن ملا دیں۔ اب پانی ڈال کر ہلکا پیسٹ بنا لیں پھر اس میں جھینگے ڈال کر پکائیں۔ جب جھینگے تیار ہوجائیں تو مصالحہ بھون کر آنچ بند کر دیں۔ اس ڈش کو نمک اور کالی مرچ سے سیزن کریں۔ انڈوں کو توڑ کر ہاٹ ساس پر ڈالیں پھر اس پر ثابت زیرہ چھڑکیں اور ڈھکن ڈھانپ کر چند منٹ کے لیے سمر کریں۔ اب پارسلے اور ہرا دھنیا (ثابت)سے گارنش کریں۔
بادامی قیمہ
اجزاء:
قیمہ: آدھا کلو
بادام: بیس یا تیس عدد
پیاز: ایک عدد
لہسن/ ادرک (پیسٹ): ایک تولہ
نمک: حسب ذائقہ
لال مرچ (پسی ہوئی): دو تولہ
گرم مصالحہ: حسب ضرورت
دھنیا (پسا ہوا): حسب ضرورت
گھی: ایک پاؤ
دہی: تھوڑا سا
ترکیب:پہلے باداموں کی گریاں نکال کر انہیں پانی میں ابال لیں۔ کوشش کریں گریاں ٹوٹیں نہیں اور اگر ٹوٹ جائیں تو دو سے زیادہ ٹکڑے نہ ہوں۔ انہیں ابالنے کے بعد تھوڑے گھی میں تل کر رکھ لیں۔ اب پتیلی میں پیاز کاٹ کر گولڈن براؤن کرلیں پھر اس میں لہسن ادرک پیسٹ، لال مرچیں اور نمک ڈال کر بھونیں۔ جب مصالحہ بھن جائے تو قیمہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور آنچ ہلکی کر کے اس وقت تک پکائیں، جب تک کہ قیمہ گل نہ جائے۔ پھر اس میں بادام ملا کر اوپر سے گرم مصالحہ اور دھنیا چھڑک دیں۔ اگر سالن بھنا ہوا رکھنا چاہیں تو یہی عمل کافی ہے اور اگر شوربہ رکھنا ہو تو دہی ڈال کر پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ دہی کے پانی کا شوربہ ہوجائے گا۔
میکرونی چکن بوٹی
اجزاء:
چکن بریسٹ پیس: دو عدد (چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کروالیں)
میکرونیز : ایک پیکٹ
پائن ایپل کیوبز: ایک چھوٹا ٹن
سرکہ: دو کھانے کے چمچے
ادرک، لہسن پیسٹ: آدھا چائے کا چمچ
سفید مرچ (پسی ہوئی): آدھا چائے کا چمچ
چینی: ایک کھانے کا چمچ
بادام (چھلے ہوئے): آدھا کھانے کا چمچ
لیموں: تین عدد
نمک: حسب ذائقہ یا ایک چائے کا چمچ
تیل: دو کھانے کے چمچ
ترکیب:
٭ ایک دیگچی میں نمک ڈال کر ابالیں پھر اس میں میکرونیز ڈال دیں اور ایک چائے کا چمچ تیل تاکہ میکرونیز آپس میں چپکیں نہیں۔ میکرونیز کے نرم پڑتے ہی اس دیگچی کو آنچ پر سے اتار لیں اور ٹھنڈے پانی کے نیچے سے گزاریں۔ میکرونیز ایک دم الگ الگ سی نظر آئیں گی۔
٭ ایک الگ دیگچی میں چکن کے ٹکڑے، نمک، مرچ اور آدھا چمچ لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر چکن کو ابال لیں تاکہ وہ گل جائے اس کا پانی خشک کر کے ہلکا سا بھون لیں اور پھر لیموں کا رس شامل کردیں۔
٭ اب ایک بڑی خوب صورت ڈش لیں اور میکرونیز اس میں نکال لیں اس کے ساتھ ہی اس میں ابلے چکن کے ٹکڑے، پائن ایپل جوس اور باقی تمام اجزا ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ سرو کرتے وقت اس ڈش کو اوپر سے بادام سے سجا دیں۔
٭ یہ بے حد لذیذ انٹرنیشنل ڈش ہے اور اسی طرح کھائی جاتی ہے اور بہت ہی لذیذ ہوتی ہے۔
بادام کا حلوہ
اجزاء: مغر بادام آدھ سیر، شکر آدھا سیر، گھی آدھ سیر، کھویا ایک پاؤ، زعفران دو ماشے، کیوڑہ چار چمچے۔
ترکیب: پہلے بادام کو پانی میں بھگو دیں۔ نرم ہونے پر چھلکے اتارلیں اس کے بعد انہیں سل پر باریک پیس لیں۔ چینی میں ایک پاؤ پانی ڈال کر اس کا قوام تیار کرلیں۔ اب گھی میں الائچی کے دانے ڈال کر کڑکڑائیں اور اس میں پسے ہوئے بادام ڈال کر بھونیں، اب اس میں چینی کا تیار شدہ قوام ڈالیں اور چمچہ چلاتے جائیں۔ جب خشک ہوجائے تو اس میں زعفران کیوڑے میں پیس کر حل کردیں۔ جب گھی چھوڑ دے تو اتارلیں اور کسی برتن میں ڈال کر جمالیں اور برفی کے مانند ٹکڑے کاٹ لیں یا حلوے کی طرح استعمال کریں۔
چنے کی دال کا حلوہ
اجزاء:
چنے کی دال آدھ سیر، چینی سفید ایک سیر، گھی پاؤ بھر بالائی آدھ پاؤ۔ بادام کے مغز ایک چھٹانک۔ زعفران آدھا چمچہ چائے کا۔
ترکیب:
پہلے دال کو صاف کر کے آدھ سیر پانی میں بھگو کر گلنے کے لیے چولھے پر چڑھا دیں۔ جب دال گل جائے تو اس کا پانی پھینک کر دال سل پر باریک پیس لیں۔ ایک دوسری دیگچی میں گھی گرم کر کے پسی ہوئی دال ڈال کر بادامی رنگ کی کرلیں۔ جب دال تیار ہوجائے تو اس میں بالائی اور چینی ڈال دیں اور پکنے دیں تاکہ شیرہ پک کر گاڑھا ہوجائے۔ پسی ہوئی زعفران ڈال کر چمچہ برابر چلاتے رہیں ورنہ نیچے لگ جانے کا خطرہ ہے۔lll