چکن سیخ کباب
اجزاء: مرغی کا قیمہ ایک کلو، پیاز دو عدد درمیانی، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، بھنے ہوئے چنے دو کھانے کے چمچ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، ڈبل روٹی کے سلائس چار عدد، انڈے دو عدد، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) چھ سے آٹھ عدد، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی چھ عدد، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گڈی، ڈالڈا کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: (۱)قیمہ میں پیاز، کالی مرچ، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، گرم مصالحہ، پپیتا، چنے اور ڈبل روٹی کے سلائس ملاکر پیس لیں۔ نمک، سویا ساس، لال مرچ، ہرا دھنیا، ہری مرچیں اور انڈے ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔
(۲) دو کھانے کے چمچ قیمے کا آمیزہ لے کر سیخ پر رکھ کر دبا دبا کر چار سے پانچ انچ لمبے کباب بنالیں، دس سے بارہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
(۳) کبابوں کو ایک سے دو منٹ کے لیے آگ پر سینک لیں۔
(۴) فرائنگ پین کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ کے لیے گرم کرکے ایک سے دو کھانے کے چمچ ڈالڈا کوکنگ آئیل ڈالیں۔
(۵)کبابوں کو سیخ سے نکال کر فرائنگ پین میں ڈال دیں۔
(۶) پھرلکڑی کے چمچ سے تین سے چار منٹ کے لیے ذرا سا الٹ پلٹ کر سینک لیں۔
(۷) فرائنگ پین سے نکال کرٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر رکھ دیں۔
(۸) دہی کا رائتہ اور نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
نوٹ: مزید ذائقہ بنانے کے لیے قیمہ کے بجائے بغیر ہڈی کی بوٹیاں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔
کھٹا میٹھا چکن
اجزا: مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی کے) آدھا کلو، شملہ مرچ چوکور کٹی ہوئی، دو یا تین عدد، انناس کے چھلّے چھ عدد (انناس کا ڈبہ)، ہری پیاز چار عدد (ایک ایک انچ کے لمبے ٹکڑے)، چینی۳؍۱ کپ، سرکہ آدھا کپ، ٹماٹو کیچپ تین کھانے کے چمچ، سویا ساس دو چائے کے چمچ، ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے والی چمچ، انڈا ایک عدد، تیل چار کپ اور چار کھانے والے چمچ۔
ترکیب: (۱) گوشت کے ٹکڑوں کو پارچوں کی شکل میں کوٹ لیں Mallatسے گود کر۔
(۲) ایک پیالے میں چینی، سرکہ، کیچپ، آدھا کپ پانی اور ادرک ملا کر رکھ دیں۔
(۳) انڈا پھینٹ کر گوشت میں ملادیں اور تھوڑا سا نمک بھی۔ پھر ایک ایک ٹکڑا اٹھا اٹھا کر کارن اسٹارچ کے پیالے میں رول کرکے ایک پلیٹ میں رکھ دیں۔
(۴) تیل کو گرم کرکے گوشت کو تل کر نکال لیں۔ ایک وقت میں دس بارہ ٹکڑے ہی فرائی کریں۔ گولڈن براؤن کرکے رکھ لیں۔
(۵) دوسری کڑاہی میں چار چمچ تیل گرم کرکے شملہ مرچ اور پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں۔ اور پھر پیالے میں جو ساس گھول کر رکھی ہوئی تھی، وہ شامل کردیں۔
(۶) انناس کے ڈبے میں جو جوس ہوگا، اُس میں سے آدھا کپ جوس لے کر اُس میں کارن اسٹارچ گھول لیں اور ساس میں ڈال کر پکائیں۔
(۷) جب قدرے گاڑھا ہونے لگے تو انناس کے چھلّے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈالیں اور تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔
(۸) قدرے پکائیں تاکہ گوشت بھی گرم ہوجائے۔ چائنیز رائس کے ساتھ گرم گرم سویٹ اینڈ ساور چکن پیش کریں۔
میٹھے کوفتے
اجزاء: قیمہ ایک سیر، چینی ایک سیر، کھویا آدھ پاؤ، سوجی آدھا پاؤ، لیموں دو عدد، ناریل، کشمش، بادام، پستہ اور کیوڑہ حسبِ پسند، نمک ذرا سا، گھی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: قیمے کو صاف سل پر باریک پیس لیں اور اس میں نمک ملادیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر اس میں کھوئے اور سوجی کو الگ الگ بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑی سی چینی اور کشمش ملادیں اور ناریل، بادام کی چھلی ہوئی گری اور پستہ باریک کتر کر ملالیں۔ پھر قیمے کے کوفتے بناتے وقت یہ میوے وغیرہ اس میں بھردیں اور انہیں ہلکی آگ پر اتنا تلیں کہ یہ سرخ نہ ہوں۔ چینی کا قوام اس سے قبل تیار کرلیں اور اس میں لیموں کا عرق ملادیں۔ جب آپ کوفتے تلتی جائیں تو نکال کر اس قوام میں ڈال دیں تاکہ شیرہ جذب ہوجائے۔ جب ٹھنڈے ہوجائیں تو کیوڑہ ڈال کر نوش فرمائیں۔
ماہی کباب
اجزاء: ایک کلو گوشت بغیر ہڈی کے، آدھ پاؤ پیاز، چار عد دلیموں، لہسن کی دو ڈلی، آدھا چائے کا چمچ گرم مصالحہ، آدھ پاؤ بیسن، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، تلنے کے لیے تیل۔
ترکیب: (۱) گوشت کو پارچے بنوا کر قتلوں کی صورت میں کٹوالیں۔
(۲) پیاز و لہسن کو باریک پیس لیں، اس میں سے آدھی مقدار کو گوشت میں ڈالیں۔ نمک و سرخ مرچ بھی ڈال دیں۔ اور گلنے کے لیے پانی ڈال کر چولہے پر رکھ دیں، دھیمی آنچ پر۔ گوشت گل جائے تو علیحدہ نکال لیں اور یخنی کو چھان لیں، یہ تقریباً ایک کپ ہو۔
(۳) ایک چھانی ہوئی یخنی میں بیسن اور بقایا آدھا لہسن و پیاز پسا ہوا ڈال دیں۔ نمک مرچ چکھ لیں۔ کم ہو تو مزید ڈال لیں۔ پسا ہوا گرم مصالحہ بھی ڈال دیں۔ اب اس کو پھینٹ کر محلول بنالیں۔
(۴) تیل کو گرم کریں۔ ابلے ہولے گوشت کے قتلے بیسن کے محلول میں ڈبو ڈبو کر تل کر سنہری کرلیں۔
(۵) تھوڑا لہسن پیس کر اس میں لیموں کا رس نچوڑ کر ملائیں اور تلے ہوئے قتلوں پر ڈال کر یا ساتھ رکھ کر پیش کریں۔ بہت مزے دار ڈش تیار ہے۔
خوبصورت سی پلیٹ میں رکھ کر ساتھ لیموں کی قاشیں اور ٹماٹر کے پھول بناکر سجا دیں۔
چکن بریانی
اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو، پیاز (باریک کٹا ہوا) ۳ عدد، پسا ہوا گرم مصالحہ ایک چمچ، سرخ مرچ پاؤڈر ایک چمچ، ٹماٹر (لمبائی میں کٹے ہوئے) ایک پاؤ، دہی ایک پاؤ، زردہ کا رنگ چٹکی بھر، چاول ایک کلو، ادرک پیسٹ دو چمچ، نمک ۲ چمچ، ہلدی آدھا چمچ، ہری مرچ (لمبائی میں کٹی ہوئی) ۵ عدد، آلو بخارہ دس دانے، کوکنگ آئیل ایک کپ۔
ترکیب: سب سے پہلے چاولوں کو ایک کنی رکھ کر ابال لیں۔ اب دیگچی میں گھی گرم کریں۔ اس میں پیاز براؤن کریں اور چکن ڈال کر خوب بھونیں، ساتھ ہی ادرک کا پیسٹ، گرم مصالحہ پاؤڈر، نمک، مرچ، ہلدی، آلو بخارہ اور دہی شامل کردیں۔ تقریباً ۱۵؍منٹ درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے تو مصالحہ تیار ہے۔ اب اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر بہت ہلکی آنچ پر دم دیں۔ بس پانچ منٹ۔ اب ایک بڑی دیگچی میں ایک تہہ چاول اور ایک تہہ چکن کی لگائیں۔ تقریباً ۳ تہہ لگالیں۔ اب زردہ کا رنگ اوپر سے چھڑک دیں اور چاولوں کو تقریباً ۱۵؍منٹ ہلکی آنچ پر دم دیں۔ بریانی تیار ہے۔
چٹنی والا چکن
اجزاء: مرغ کے سینے کے پیس ۴ عدد، مکھن تین اونس، کھیرا ایک عدد (چھلا ہوا) پنیر ایک کپ (کدوکش کیا ہوا) کارن فلور دو چائے کے چمچ، دودھ ایک کھانے کا چمچ، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل تہائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی) لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ۔
ڈریسنگ کے لیے: ٹماٹر دو عدد، لیموں ایک عدد، سبز مرچ دو عدد۔
ترکیب: دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اور کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے گرم مکھن میں ڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کی ہوئی چیز ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہ وہ چیز پگھل نہ جائے۔
دودھ میں کارن فلور ملا کر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تو نمک، مرچ، جائفل اور لیموں کا رس ملا دیں اب اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغی کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کر ڈش میں سجادیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔
سبزیوں کا پلاؤ
اجزاء: چاول ایک کلو، مٹر ایک پیالی (دانے) آلو ایک پیالی (کٹے ہوئے) گاجر ایک پیالی، انڈے دو عدد، پیاز ۳ عدد، لہسن ایک گٹھی، سلاد کے پتے ایک گٹھی، نمک حسبِ ذائقہ، سبز مرچ دو عدد، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، سونف ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل ڈیڑھ پیالی۔
ترکیب: چاولوں کو صاف کرکے آدھ گھنٹے کے لیے بھگودیں۔ ایک کھلی دیگچی میں آئیل ڈال کر گرم کریں اور پھر اس میں گاجر اور آلو ڈال دیں اور فرائی کریں۔ فرائی کرتے وقت تھوڑا نمک بھی ڈال دیں۔ جب آلو اور گاجر فرائی ہوکر نرم پڑجائیں تو مٹروں کے دانے ڈال کر مزید فرائی کریں جب مٹر بھی نرم پڑجائیں تو سبزیوں کو الگ نکال کر رکھ لیں۔
انڈوں کو سخت ابال کر ٹھنڈا کرلیں اور تیز چھری سے ان کے قتلے بنالیں۔ دیگچی میں دوبارہ گھی ڈال کر پیاز سنہری کریں اور لہسن ڈال کر بھونیں۔ ساتھ ہی نمک، باریک کٹی سبز مرچ، ثابت دھنیا اور سونف ڈال کر مصالے کو بھونیں، پھر فرائی کی ہوئی سبزیاں ڈال کر بھونیں۔ اب چاول ملادیں اور اتنا پانی ڈالیں کہ چاول گل جائیں۔ ساتھ ہی سلاد کے پتے کاٹ کر ڈال دیں۔ چاول گل جائیں تو دم لگادیں۔ تیار ہونے پر ڈش میں نکالیں۔ اوپر کٹے ہوئے انڈوں کے قتلے سجادیں۔ لیجیے آپ کی پسندیدہ ڈش تیار ہے۔
بیسن کریلے
اجزاء: کریلے ایک کلو، اناردانہ ایک چمچ، سوکھی میتھی ایک چمچ، پیاز (باریک کٹا ہوا) ایک عدد، نمک، مرچ حسبِ خواہش، بیسن ڈیڑھ پاؤ، سوکھا دھنیا ایک چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی ) تین عدد، کوکنگ آئل فرائی کرنے کے لیے، بیکنگ سوڈا چٹکی بھر۔
ترکیب: کریلے چھیل کر نمک لگا کر دھولیں اور صرف ایک کٹ لگا کر بیج نکال دیں۔ بیسن میں اناردانہ، سوکھادھنیا، سوکھی میتھی، ہری مرچ، پیاز، نمک، مرچ اور بیکنگ سوڈا ڈال کر سخت سا گوندھ لیں۔ اب کریلوں کے اندر بھردیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ تقریباً ۲۰؍منٹ کے بعد کریلے تیار ہوں گے۔ ان کو تندوری روٹی کے ساتھ پیش کریں۔
——