چلی پنیر
ضروری اشیاء:
پنیر : ساڑھے تین سو گرام
نمک: حسب ذائقہ
انڈا: ایک عدد
کارن فلور: آدھا کپ
ادرک، لہسن پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ
پیاز (سلائس کاٹ لیں): دو کپ
ہری مرچیں (چوپ کی ہوئی) دو کھانے کے چمچے
سویا سوس: ایک کھانے کا چمچہ
سرکہ: دو کھانے کے چمچے
چائنیز نمک: ایک چوتھائی چائے کا چمچہ
تیل: حسب ضرورت
ٹماٹر (کاٹ لیں) دو عدد
پانی: حسب ضرورت
ہرا دھنیا: گارنش کے لیے
ترکیب:
پنیر کو کیوبز میں کاٹ لیں، ایک پیالے میں انڈا، نمک، کارن فلور، چائنیز نمک، لہسن، ادرک پیسٹ اور حسب ضرورت پانی ملا کر آمیزہ تیار کرلیں۔ فرائنگ پین میںتیل گرم کریں۔ پنیر کے ٹکڑوں کو تیار کیے ہوئے آمیزے میں ڈال کر اچھی طرح آمیزے سے کوٹ کر کے گرم تیل میں گولڈن ہونے تک فرائی کرلیں اور نکال کر پلیٹ میں رکھ لیں۔ ایک سوس پین میں دو کھانے کے چمچے تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں اب اس میں نمک، ہری مرچیں، ٹماٹر، سویا سوس، سرکہ، چائنیز نمک ڈال کر تھوڑی دیر تک بھونیں اب اس میں پنیر کے تلے ہوئے ٹکڑے ڈال کر مکس کریں۔ مزیدار چلی پنیر تیار ہے۔ سرونگ ڈش میں نکالیں اور ہرے دھنیے سے گارنش کر کے سرو کریں۔
مسالا دار بھنی ہوئی کلیجی
اجزا:
کلیجی اور پھیپھڑے : ایک عدد
پسی ہوئی لال مرچ: حسب ذائقہ
نمک: حسب ذائقہ
پسا ہوا گرم مسالہ: دس گرام
سفید زیرہ: دس گرام
پسا ہوا خشک دھنیا: (آدھاپاؤ)
لہسن: بارہ جوے
پیاز : تین عدد
ٹماٹر: چار عدد
گھی: حسب ضرورت
ترکیب:
یہ سالن پانی کے بغیر تیار کیا جاتا ہے۔ صرف کلیجی کے ٹکڑے اور لہسن کے جوے پانی میں ہوں گے۔ اسی طرح اس میں شوربا بھی نہیں رکھنا۔ صرف مسالے میں پانی ملاناہوتا ہے۔ کلیجی اور پھیپھڑے کے ٹکڑے چھوٹے چھوٹے اور پتلے پتلے کاٹ لیں اور انہیںپانی میںمع لہسن ہلکا سا ابال لیں پھر آدھی پیاز، لال مرچیں، سفید زیرہ، سوکھا دھنیا، لہسن کے گلے ہوئے جوئے لے کر سل پر پیس کر ان میں تھوڑا سا پانی ملا کر مسالا کو اتنا پتلا کرلیں کہ کلیجی اور پھیپھڑے کے ٹکڑوں پر آسانی سے لیپا جاسکے۔ (مسالا ہر ٹکڑے پر اس کے دونوں طرف اچھی طرح سے لیپنا چاہیے۔ اب گھی چوڑے پیندے کی ایک پتیلی میں ڈال کر اسے چولھے پر چڑھائیں اور کڑکڑائیں پھر کلیجی کے مصالحے لگے ہوئے پارچے اس میں آہستہ آہستہ رکھ کر انہیں تلیں۔ یہ سالن کوئلوں پر پکایا جاتا ہے اور آنچ ہلکی رکھی جاتی ہے جب کلیجی کے ٹکڑے خوب اچھی طرح پک جائیں،پتیلی چولھے سے اتار کر باقی پیاز اور ٹماٹر کے گول کاٹے ہوئے ٹکڑوں کے ساتھ تناول فرمائیں۔
قیمہ بھری گوبھی
اجزاء:
بند گوبھی (کرم کلہ): ایک عدد
بڑے گوشت کا قیمہ: آدھا کلو
پیاز: تین پاؤ
لال مرچ : ایک چھٹانک
ہلدی: ایک تولہ
پسا ہوا دھنیا: دس گرام
ادرک: آدھا ٹکڑا
ثابت گرم مسالہ: پاؤ چھٹانک
نمک: حسب ذائقہ
ترکیب:
قیمہ میں تھوڑا سا نمک اور آدھا گرم مسالا ملا کر رکھ دیجیے پھر گھی کڑکڑاتے ہوئے اس میں پیاز کے لچھے تھوڑے سے لال کرلیجیے، اس کے بعد قیمہ گھی میں بھون کر سرخ کرلیں، اس کے بعد پتیلی سے نکال کر کسی پلیٹ میں رکھ لیجیے۔ اسی طرح بند گوبھی کے پتوں کو بھی پانی میں (جس کی مقدار زیادہ نہ ہو) صرف اتنا ابالیں کہ یہ ذرا ذرا نرم پڑ جائیں۔ پانی سے نکال کر الگ رکھ لیجیے۔ اب باقی گرم مسالا پیس کر اس کی آدھی مقدار بھنے ہوئے قیمے میںملا دیجیے۔ (گرم مسالا بہت باریک پیسنا چاہیے) پیاز اور ادرک کو بہت باریک کتر کر ان میں دھنیا ملا کے نصف گوبھی کے ابلے ہوئے پتوں پر تہہ کی شکل میں جما دیں۔ اس تہہ پر بھنا ہوا قیمہ بچھا دیں۔ قیمہ کے اوپر دھنیے پیاز اور ادرک کی بقیہ آدھی مقدار کی تہہ جمائیں اور پھر پتووں کو دھاگے سے باندھ دیں۔ اب گرم مسالے کی بقیہ مقدار کو گھی میں بھونیں اور دھاگا لپیٹتے ہوئے پتے اس گھی میں تلیں۔ آنچ دھیمی رکھیں۔ جب دیکھیں کہ پتے بھننے پر آگئے تو پتیلی کا ڈھکنا آٹے سے بند کردیں اور منہ بند پتیلی کو ہر چند منٹ بعد آہستہ آہستہ ہلا دیں۔ تقریباً آدھا گھنٹے بعد پتیلی چولھے پر سے اتار لیں۔
کھنڈوی کا سالن
اجزا:
بیسن : (ایک پاؤ) چھان لیں
درمیانی پیاز: ایک عدد
ہرا دھنیا: تھوڑا سا
ہری مرچ: چھے عدد
سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچا
زیرہ: ایک (آدھاچائے کا چمچہ)
نمک: حسب ذائقہ
شوربہ بنانے کے لیے:
بڑی پیاز: ایک عدد
ٹماٹر: چار عدد، کاٹ لیں
ہری مرچ: پانچ عدد درمیان سے کٹ لگالیں
ہرا دھنیا: حسب ضرورت
ادرک، لہسن کا آمیزہ: دو چائے کے چمچے
پسی ہوئی لال مرچ: ایک چائے کا چمچہ
پسا ہوا دھنیا: ایک چائے کا چمچہ
پسی ہوئی ہلدی: چوتھائی چائے کا چمچہ
نمک: حسب ذائقہ
پکوان تیل: آدھی پیالی
ترکیب:
بیسن چھان لیں اور پیاز باریک کتر لیں۔ ایک پین لے کر اس میں ایک گلاس پانی ڈالیں۔ اب اس میں کھنڈوی کے سارے مسالے ڈال دیں اور ابال آنے تک ڈھکنا ڈھانک دیں۔ ابال آنے کے بعد اس میں بیسن ڈال کر تیزی سے ملائیں اور اتنا پکائیں کہ ایک پیسٹ سا بن جائے جیسے سوجی یا دال کا حلوہ بنانے کے لیے بنایا جاتا ہے پھر ایک ٹرے میں آئل لگا کر حلوہ کی طرح یہ پیسٹ جمالیں۔ جب تھوڑا ٹھنڈا ہوجائے تو اس کے پیس کاٹ لیں جیسے حلوہ کے کاٹتے ہیں۔
شوربے کے لیے ایک پتیلی میں پکوان تیل گرم کرلیں، اب اس میں پیاز گلابی ہونے تک تلیں۔ پھر اس میں لہسن ادرک کا آمیزہ ڈال کر ہلکا سا تل لیں اور سارے مسالے اور تھوڑا سا پانی ڈال کر بھونیں اور اس کے بعد اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ شامل کر کے اچھی طرح بھون لیں، جب مسالا تیل چھوڑ دے، تو اس میں دو گلاس پانی ڈال جب پانی ابل جائے، تو اس میں کھنڈویاں ڈال کر دس منٹ تک پکائیں اور پھر ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔