لذیذ پکوان

ماخوذ

گوشت کا میٹھا حلوہ

اشیاء: گوشت ایک سیر بغیر ہڈی کے، چینی پانچ چھٹانک، پیاز ایک پاؤ، گھی ایک پاؤ، لیموں آدھ پاؤ، لال مرچ چار تولے، نمک آدھی چھٹانک، ادرک تقریباً ایک چھٹانک، لونگ، الائچی اور کالی مرچیں ایک ایک تولہ، خشک دھنیا دو تولے اور دہی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے گوشت کے پارچے بناکر انہیں چاقو کی نوک سے اچھی طرح گوندئیے تاکہ ان کا دل (موٹائی) کافی پتلا ہوجائے۔ پھر انھیں ادرک کا پانی اور نمک لگا کر دس گھنٹے تک اسی حالت میں کسی ٹھنڈی یا سایہ دار جگہ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد ان پارچوں کو دہی لگادیں۔

آدھا گھی ایک دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں آدھی پیاز کے لچھے تل کر خشک کرلیں۔ پھر اسی گھی میں گوشت کے پارچے اور خشک دھنیا پیس کر ڈال دیں۔ پیالی یا ڈیڑھ پیالی پانی ڈال دیں تاکہ گوشت گل جائے جب گوشت گل جائے تو اسے ایک چھوٹے چمچے سے لت کرکے چھوڑ دیں۔

باقی پیاز کو باریک کتر کر قیمہ بنالیں۔ پھر اسے تھوڑے سے گھی میں بھونئے اور ساتھ ہی لونگ، الائچی، کالی مرچ، دھنیا، نمک اور سرخ مرچیں پیس کر ملادیں۔ چینی کی چاشنی پہلے سے تیار کرلیں۔ اسے مرکب میں ملاکر باقی جو گھی ہے اس کا بگھار دے دیں۔

میٹھے کوفتے

قیمہ ایک سیر، چینی ایک سیر، کھویا آدھ پاؤ، سوجی آدھ پاؤ، لیموں دو عدد، ناریل، کشمش، بادام، پستہ اور کیوڑہ حسبِ پسند، نمک ذرا سا، گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: قیمے کو صاف سل پرباریک پیس لیں اور اس میں نمک ملادیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر اس میں کھوئے اور سوجی کو الگ الگ بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑی سی چینی اور کشمش ملادیں اور ناریل، بادام کی چھلی ہوئی گری اور پستہ باریک کتر کر ملالیں۔ پھر قیمے کے کوفتے بناتے وقت یہ میوے وغیرہ اس میں بھردیں اور انہیں ہلکی آگ پر اتنا تلیں کہ یہ سرخ نہ ہوں۔ چینی کا قوام اس سے قبل تیار کرلیں اور اس میں لیموں کا عرق ملادیں۔ جب آپ کوفتے تلتی جائیں تو نکال کر اس قوام میں ڈال دیں تاکہ شیرہ جذب ہوجائے۔ جب ٹھنڈے ہوجائیں تو کیوڑہ ڈال کر نوش فرمائیں۔

کوکل مس (Kukul Mus) سری لنکا

چکن ایک پاؤ، دو ٹکڑے ادرک، ایک کھانے کا چمچ سرکہ، ایک چھٹانک مکھن یا گھی، چوتھائی چائے کا چمچ ہلدی، ایک جوا لہسن، چوتھائی چائے کا چمچ سیاہ مرچ، آدھا چائے کا چمچ نمک، آدھا چائے کا چمچ پسی ہوئی دارچینی، چٹکی بھر پسے ہوئے لونگ۔

ترکیب: چکن کو دھوکر خشک کرلیں۔ ادرک، لہسن، سیاہ مرچ، نمک، لونگ وغیرہ پیس کر سرکہ ملادیں اور پسی ہوئی دارچینی بھی ڈال دیں۔ہلدی اور مکھن بھی ملادیں۔ یہ سارا مرکب چکن پر لگا کر ایک گھنٹہ رکھا رہنے دیں۔

اب اس کو بیکنگ ٹرے پر بمعہ سارا مسالہ رکھ کر گرم اوون میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ بیک کریں۔ یا ساس پین میں ہلکی آنچ پر گلا کر آخری پندرہ بیس منٹ گرم اوون میں رکھ کر گولڈن اور خستہ کرلیں۔

بیسن کریلے

اجزاء کریلے ایک کلو، انار دانہ ایک چمچ، سوکھی میتھی ایک چمچ، پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، نمک، مرچ حسبِ خواہش، بیسن ڈیڑھ پاؤ، سوکھا دھنیا ایک چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) ۳ عدد، کوکنگ آئیل فرائی کرنے کے لیے، بیکنگ سوڈا چٹکی بھر۔

ترکیب: کریلے چھیل کر نمک لگا کر دھولیں اور صرف ایک کٹ لگا کر بیج نکال دیں۔ بیسن میں انار دانہ، سوکھا دھنیا، سوکھی میتھی، ہری مرچ، پیاز، نمک، مرچ اور بیکنگ سوڈا ڈال کر سخت سا گوندھ لیں۔ اب کریلوں کے اندر بھردیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ تقریباً ۲۰؍منٹ کے بعد کریلے تیار ہوں گے۔ ان کو تندوری روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

فرائی فش

اجزاء: رہو مچھلی (ٹکڑے کاٹ لیں) ڈیڑھ کلو، لال مرچ (پسی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن ایک بڑی پوتھی، سرکہ ۳-۴ کھانے کے چمچ، اجوائن ڈیڑھ چائے کا چمچ، بیسن آدھا پاؤ، ڈالڈا کوکنگ آئیل ڈیپ فرائی کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کو نمک اور سرکہ لگا کر ۱۵ سے ۲۰منٹ کے لیے رکھ دیں اور پھر اچھی طرح دھولیں۔ اب لہسن، اجوائن، نمک اور مرچ کو اچھی طرح پیس کر تمام ٹکڑوں پر لگادیں۔ اب اسٹیل کی ایک کھلے منہ والی پتیلی لیں اس میں ایک چھوٹی اسٹیل کی پلیٹ الٹی رکھیں اور اس پر تمام ٹکڑے جوڑ کر تین سے چار گھنٹے کے لیے فریج میں میرینیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں تاکہ مچھلی کا زائد پانی نکل جائے۔ اب بیسن میں تھوڑا سا نمک اور مرچ ملا کر پتلا پتلا گھول لیں۔ فرائنگ پین میں آئل گرم کریں اورمچھلی کے ٹکڑوں کو بیسن میں ڈبو ڈبو کر درمیانی آنچ پر دونوں طرف سے گولڈن براؤن فرائی کرلیں۔

جھینگا میتھی کڑاہی

اجزاء: جھینگے (فرائی کیے ہوئے) ۱۵۰؍گرام، پیاز (باریک کٹے ہوئے) ۲؍عدد، تازہ میتھی ایک گڈی، ٹماٹر (درمیانہ سائز کے) دو عدد، لہسن و ادرک کا پیسٹ تین چائے کا چمچ، میتھی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ پسند، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، پنیر (کیوبز میں کاٹ کر) ڈیڑھ کپ، ثابت لال مرچ ۳ سے ۴عدد، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچ، ڈالڈا کوکنگ آئل ۴؍کھانے کے چمچ۔

ترکیب: کڑاہی میں آئل گرم کریں اور اس میں پیاز ڈال کر لائٹ براؤن کرلیں پھر ٹماٹر ڈال کر دو منٹ بھونیں، اب اس میں ادرک و لہسن، پسی لال مرچ، نمک پنیر، تازہ میتھی کے پتے، میتھی پاؤڈر، زیرہ اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر تین منٹ تک فرائی کرلیں اور آنچ ہلکی کردیں۔ اب فرائی کیے ہوئے جھینگے، ثابت لال مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر جھینگے اچھی طرح بھون لیں۔ آخر میں لیموں کا رس چھڑکیں اور سرونگ باؤل میں ڈال کر ابلے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

پستہ آئس کریم

اجزاء: دودھ ایک لیٹر، چینی ایک پیالی، کارن فلور ۴؍چائے کے چمچ، کھویا ڈیڑھ کپ، پستہ ۲؍چائے کے چمچ (باریک کٹا ہوا) ، زعفران چوتھائی چائے کا چمچ۔

ترکیب: دودھ کو اس قدر پکائیں کہ دودھ تین پاؤ رہ جائے۔ تھوڑے سے ٹھنڈے دودھ میں کارن فلور گھول کر پکے ہوئے دودھ میں ملادیں اور چمچ تیز تیز چلا کر مکس کریں۔ جب دودھ اتنا گاڑھا ہوجائے کہ وہ ایک پتلی لئی کی طرح سے لگے تو چینی شامل کردیں۔ چینی کو حل کرکے آمیزے کو چولہے سے ہٹالیں۔

تین چمچ دودھ میں زعفران بھگودیں۔ کھوئے کو ہاتھ سے چورا کرکے مرکب میں ملائیں۔ ساتھ باریک کترا ہوا پستہ اور زعفران ڈال دیں۔ اب مرکب کو آئس کریم کے سانچوں یا شیشے کی چھوٹی پیالیوں میں بھر کر فریزر میں رکھ دیں۔ جب بھی یہ کناروں پر جمنے لگے تو کھرچ کر اچھی طرح سے پھینٹ لیں،یوں وقفے وقفے سے یہ عمل دہرائیں۔ اس وقت تک کہ آئس کریم پوری طرح جم نہ جائے۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146