حلیم
اجزاء: کٹے ہوئے گیہوں آدھا کلو (ڈیڑھ گھنٹے کے لیے بھگودیں)، گوشت ایک کلو (بھینس، گائے، بکرے یا چکن کا)، چنے کی دال ایک پیالی (ابال کر باریک پیس لیں)، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، میٹھا سوڈا چوتھائی چائے کا چمچ، گھی یا تیل ایک پیالی، پیاز تین عدد (درمیانی ڈلی باریک کاٹ لیں)، ہلدی ایک چائے کا چمچ، پسا ہوا دھنیا ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ۔
حلیم کے اوپر ڈالنے والے مسالے اور بگھار: پودینہ ایک گٹھی (پتے الگ کرکے باریک کاٹ لیں)، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچ (باریک پیس لیں)، ادرک دو کھانے کے چمچے (باریک کٹی ہوئی)، لیموں چار عدد (چار چار ٹکڑے کرلیں)، پیاز دو عدد (درمیانی باریک کٹی ہوئی)، ہرا دھنیا ایک گٹھی (باریک کٹا ہوا)، ہری مرچ چھ عدد(باریک کٹی ہوئی)، گرم مسالہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، گھی/ تیل دو پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں گوشت، گھی اور مسالے ڈال کر ہلکی آنچ پر چڑھادیں۔ گیہوں ایک الگ دیگچی میں بہت سا پانی ڈال کرابلنے کو رکھ دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد چمچ چلاتی رہیں۔ جب گیہوں میں لیس آنا شروع ہوجائے تو میٹھاسوڈا ڈال دیں۔اس سے گیہوں اندر تک گل جائے گا۔ جب گیہوں اچھی طرح گل جائے تو گوشت میں ملادیں۔ ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب دونوں چیزیں یک جان ہوجائیں تو پسی ہوئی دال میں دو پیالی پانی ڈال کر گوشت میں ملا دیں اور اچھی طرح سے چلا کر دم پر رکھ دیں۔ حلیم کے اوپر تھوڑا ہرا مسالہ، ادرک اور گرم مسالہ بھی ڈال دیں۔ حلیم جتنی دیر پکے گا اتنا ہی مزیدار ہوگا۔ ایک چھوٹی سی دیگچی میں گھی ڈال کر پیاز ڈال دیں۔ جب پیاز براؤن ہوجائے تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں۔ حلیم کے ساتھ سارے مسالے، تلی ہوئی پیاز اور گرم گرم گھی الگ الگ رکھ کر پیش کریں۔
چکن کارن سوپ و چلی ساس
اشیاء: چکن (بون لیس) آدھا کلو، مرغی کی یخنی چار پیالی، مکئی کا دلیہ آدھی پیالی، پیاز ایک عدد (باریک کتر لیں)، لہسن کھانے کا آدھا چمچہ، ادرک کھانے کا آدھا چمچہ، سرکہ کھانے کا آدھا چمچہ، سویا ساس چائے کا ایک چمچہ، پانی چار پیالی، مسٹرڈ پاؤڈر (پسی ہوئی رائی) چائے کا ایک چمچہ، کوکنگ آئیل کھانے کے دو چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، چلی ساس حسبِ ضرورت۔
ترکیب: مرغی کے گوشت کو ابال لیں اور اس کی یخنی الگ کرلیں۔ اب گوشت کے ریشے کرلیں۔ کوکنگ آئل کو ساس پین میں گرم کریں اور اس میں باریک کی ہوئی پیاز تل لیں۔ خیال رہے کہ پیاز سرخ نہ ہونے پائے۔ اب اس میں مکئی کا دلیہ ڈال کر بھونیں، ساتھی ہی لہسن، ادرک، سویاساس، رائی کا پاؤڈر، سرکہ اور نمک ڈال کر یخنی بھی ملادیں۔ پکتے ہوئے سوپ میں مرغی کے گوشت کے ریشے بھی ڈال کر سوپ کو پیالوں میں انڈیل لیں۔ چلی ساس شامل کرکے نوش کریں۔
مولی کی بھجیا
اشیاء: مولی ایک کلو تازہ پتوں والی، آٹھ تا دس عدد، لہسن کے جوئے، زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، ہری مرچیں چھ عدد، ثابت لال مرچ چھ عدد، نمک اور تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: مولی باریک باریک کاٹ کر دھولیں، بعد ازاں اسے ابال لیں، ابالتے وقت دو ثابت لال مرچیں، چند جوئے لہسن کے ڈال دیں، جب گل جائے تو اچھی طرح نچوڑ کر سل پر پیس لیں۔ تیل گرم کریں، باریک کٹے ہوئے لہسن اور زیرہ ڈالیں۔ جب لہسن سرخ ہوجائے تو ثابت مرچیں توڑ کر ڈال دیں۔ ساتھ میںمولی ڈال کر اچھی طرح بھونیں، ہری مرچیں کاٹ کر ڈال دیں۔ پانچ منٹ دم پر رکھیں۔ یہ بیسن کی روٹی یا پراٹھے سے بہت مزا دے گی۔
سبزی کے پراٹھے
اشیاء: مولی کدوکش کی ہوئی ایک عدد، آلو ابلا ہوا ایک عدد، بند گوبھی باریک کٹی ہوئی ایک پیالی، لوکی کش کی ہوئی ایک عدد، ہری میتھی تھوڑی سی، ہرا دھنیا اور مرچیں باریک کٹی ہوئی، نمک سرخ مرچ حسبِ ضرورت، زیرہ پسا ہوا آدھا چائے کا چمچہ، ایک عدد پیاز آملیٹ کی طرح کئی ہوئی، ثابت دھنیا مسلا ہوا، آٹا ایک کلو، تلنے کے لیے تیل۔
ترکیب: آٹا عام طریقے سے گوندھ لیں، ایک برتن میں تمام سبزیاں اور مسالے ڈال کر اچھی طرح یکجا کرلیں۔ اب جس طرح آلو بھرے پراٹھے بناتے ہیں، اسی طرح مولی کا آمیزہ بھر کر پراٹھے تیار کریں۔ یہ پراٹھے ہرے دھنیے کی چٹنی اور دہی کے رائتے کے ساتھ بہت مزا دیں گے۔
سبزی کے کباب
اشیاء : آلو ابلے ہوئے چار عدد، مٹر ایک پیالی ابلی ہوئی، لوکی ایک عدد چھوٹی کد و کش کی ہوئی، ہری مرچ، ہرا دھنیا، پودینہ باریک کٹا ہوا، بند گوبھی باریک باریک کٹی ہوئی ایک پیالی، پسی ہوئی سرخ مرچ ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا گرم مسالا آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا کچلا ہوا کھانے کا چمچہ، دو عدد انڈے، تلنے کے لیے تیل، نمک حسبِ ضرورت ، پیاز ایک عدد۔
ترکیب: ابلے ہوئے مٹر پیس لیں، تمام سبزیاں اور مسالے آلو میں ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، اب ان کی ٹکیاں بنائیں اور انڈے میں ڈبو کر گرم تیل میں تلیں سرخ ہونے پر ٹشو پیپر پر اتارلیں یہ کباب بچے بڑے سب ہی شوق سے کھائیں گے۔ کیچپ اور چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔
سبزی بریانی
اشیاء: مٹر دو پیالی ابلی ہوئی، لوبیا دو پیالی، آلو دو عدد بڑے، گاجر چھ عدد، ہری پیاز کٹی ہوئی ایک پیالی، بند گوبھی ایک، درمیانی شملہ مرچ تین عدد، چھوٹی ہری مرچیں چھ عدد، ہرا دھنیا، پودینہ آدھی گڈی، کٹی ہوئی سرخ مرچ ایک کھانے کا چمچہ، گرم مسالا ثابت دو کھانے کے چمچے، لہسن ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچے، دو عدد پیاز، چاول ایک کلو، گھی یا تیل ڈیڑھ پیالی۔ آلو گاجر اور شملہ مرچ کو کیوز کی شکل میں کاٹ لیں، ٹماٹر چھلکا اترے ہوئے چار عدد۔
ترکیب: پیاز لال کریں، گرم مسالا، لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر بھونیں اور اس میں تمام سبزیاں ڈال دیں، جب سبزیاں گل جائیں اور گھی اوپر آجائے تو چاول ڈال دیں۔ چاول دم دیتے وقت تھوڑا سا زردے کا رنگ ڈال دیں۔ تیار ہونے پر سلاد، رائتے اور اچار کے ساتھ تناول فرمائیں۔ چاول ابال کر سبزیوں کی تہہ لگا کر بھی تیار کرسکتے ہیں۔
لہسنی روٹی
اشیاء: ۲۰۰ گرام آٹا، ۵۰ گرام باریک کٹا ہوا لہسن، لال مرچ پاؤڈر حسبِ ضرورت، ایک چھوٹا چمچہ چاٹ مسالا، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: لال مرچ پاؤڈر، نمک، اور چاٹ مسالا ملاکر الگ رکھ لیں۔ آٹا گوندھنے سے پہلے تمام چیزیں اس میں ملا دیں۔ لوئی بنائیں اور بیل کر یا توے پر سیکیں یا تندور میں پکا لیں۔ ہلکا گھی لگا کر پراٹھے بھی بنا سکتی ہیں۔
مسی مسالہ روٹی
اشیاء: ۲۰۰ گرام بیسن ایک چھوٹا چمچہ، ثابت دھنیا ڈیڑھ چمچہ، کسوری میتھی آدھا چمچہ، زیرہ دس پندرہ گرام، ہرے دھنیے کی پتی باریک کٹی ہوئی۔
ترکیب: تمام چیزوں کو ملا کر ہلکے گرم پانی میں آٹا گوندھ لیں، پھر لوئی بناکر تندور یا توے پر سیکیں، توے سے اتری گرم گرم روٹی پر مکھن بھی لگاسکتی ہیں۔
——