سپرنگ چکن
اجزاء: مرغی ایک عدد، وزن ڈیڑھ کلو، بارہ پیس کر ڈالیں، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، میدہ دو کھانے کے چمچے، انڈے تین عدد، زردی الگ کرکے سفیدی لے لیں، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کاچمچہ، اجینو موٹو آدھا چائے کاچمچہ، لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، سویاساس ایک کھانے کاچمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل ڈھائی پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے مرغی کے ٹکڑوں میں لہسن، نمک اور سرکہ ملاکر آدھے گھنڈے کے لیے رکھ دیں، پھر ایک پیالے میں میدہ، کارن فلور، انڈے کی سفیدی اور سویاساس وغیرہ اچھی طرح ملالیں۔ پھر ایک ایک ٹکڑے کو ڈبو کر مصالحہ اچھی طرح لگالیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کرلیں۔ جب تیل خوب گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ پر ٹکڑوں کو ڈیپ فرائی کریں۔ جب گولڈن براؤن ہوجائیں تو نکال کر کسی اخبار پر پھیلادیں تاکہ تیل جذب ہوجائے۔
سوکھے جھینگوں کا سالن
اجزاء: سوکھے جھینگے آدھا کلو، گرم پانی میں تقریباً آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں۔ پیاز بڑی ڈلی دو عدد باریک کاٹ لیں، ہری مرچ ثابت چھ عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، لیموں چار عدد، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
ترکیب: جھینگوں کو آدھے گھنٹے کے لیے گرم پانی میں بھگو کر اچھی طرح سے صاف کرلیں۔ جب صاف ہوجائیں تو ایک دیگچی میں تیل ڈال دیں اور جھینگوں کو اچھی طرح سے تل کر نکال لیں پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈال دیں۔
جب پیاز ہلکی گلابی ہوجائے تو اس میں سارے مصالحے ڈال کر اچھی طرح بھونیں، پھر جھینگے ڈال کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں اوپر سے ہرا مصالحہ ڈال دیں۔
سندھی بریانی
اجزاء: باسمتی چاول ایک کلو، بکرے کا گوشت ایک کلو، دہی ایک پیالی، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیہ دو کھانے کے چمچے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ملا جلا گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، آلو بخارے ایک پاؤ، ایک پیالی گرم پانی میں بھگودیں۔ پودینہ ایک گٹھی، ہری مرچ چھ عدد، لیموں چار عدد، تیزپات دو عدد، آلو آدھا کلو، ٹماٹر چار عدد، زردہ کا رنگ چوتھائی چائے کا چمچہ، دودھ آدھی پیالی، پیاز چار ڈلی درمیانے سائز کی، ڈالڈا تیل دو کھانا پکانے والے چمچے۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں۔ جب براؤن ہوجائے تو آدھی نکال کر اخبار پر پھیلادیں۔ آدھی میں گوشت اور سارے مصالحے مع دہی کے ڈال دیں۔ جب گوشت کا پانی سوکھ جائے اور گوشت گل جائے تو آلو بخارے کی گٹھلیاں نکال لیں اور اچھی طرح سے رس نکال کر گوشت میں ڈال دیں۔ ساتھ میں آلو، ٹماٹر اور ہری مرچیں بھی ڈال دیں اور تھوڑا سا بھون کر اتار لیں۔
ایک بڑی دیگچی میں چاول چڑھا دیں، چاولوں کے پانی میں تھوڑا سا پودینہ ثابت گرم مصالحہ اور دو تین ہری مرچیں ڈال دیں، جب چاول دوکنی ہوجائیں تو چھلنی میں چھان لیں، پھر اسی دیگچی میں باری باری گوشت اور چاول کی تہہ لگادیں اوپر سے تلی ہوئی پیاز اور گرم دودھ میں زردہ کا رنگ ملاکر پھیلا کر ڈال دیں، لیموں کا عرق چھڑک دیں، توے کے اوپر تیز آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ جب چاولوں کے اوپر بھاپ آجائے تو آنچ ہلکی کردیں۔
ثابت مصالحہ کا پیاز گوشت
اجزاء: بکرے کا گوشت آدھا کلو، پیاز ڈیڑھ کلو موٹی کٹی ہوئی، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، سونف آدھا چائے کا چمچہ، ثابت لال مرچ چھ یا آٹھ عدد یا حسبِ ذائقہ، دارچینی ایک ٹکڑا، ثابت کالی مرچیں آٹھ عدد، دہی تین کھانے کے چمچے، لہسن کے ثابت جوئے آٹھ عدد، ادرک باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، سوکھی کھٹائی ایک کھانا پکانے والا چمچہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
ترکیب: ایک دیگچی میں ان سب چیزوں کو بغیر پانی کے ایک ساتھ چڑھا دیں، ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب گوشت گل جائے اور پانی سوکھنے لگے تو ہلکا سا بھون کر دم پر رکھ دیں۔
جب گھی اوپر آجائے، تو سالن تیار ہے۔ اس سالن کو جتنا دم پر رکھیں گی، اتنا ہی مزے دار ہوجائے گا۔
جھینگے ،ادرک اورسویا ساس کے ساتھ
اجزاء: جھینگے درمیانی سائز کے ایک کلو، صاف کیے ہوئے ، لہسن اور نمک کے پانی سے دھولیں، ادرک ایک بڑا ٹکڑا باریک کاٹ لیں، لیموں چار عدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، سویاساس آدھی پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، اجینو موٹو ایک چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل تین کھانے کے چمچے، چینی چوتھائی چائے کا چمچہ۔
ترکیب: ایک دیگچی میں تیل ڈال کر گرم کریں، اس میں جھینگے، نمک کے ساتھ ڈال کر پکنے دیں، جب جھینگوں کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں کٹی ہوئی کالی مرچ اور سویا ساس ڈال دیں اوپر سے اجینو موٹو چھڑک دیں، ڈھکن ڈھانک کر پکنے دیں، تقریباً ۱۵ منٹ بعد اتارلیں۔
ہرے مصالحے کی مچھلی
اجزاء: پومفرے یا رہو مچھلی آدھا کلو سالن کے ٹکڑے کروالیں، ہرا دھنیا دو گٹھی، ہری مرچ دس عدد، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ تین کھانے کے چمچے، لیموں چار عدد، لہسن بغیر چھلا ہوا ایک ڈلی، ٹماٹر دو عدد، کڑی پتہ چھ پتے، تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کو سرکہ اور نمک لگاکر اچھی طرح دھولیں۔ پھر ہرا دھنیا اور چھ ہری مرچیں اور لہسن کی باریک چٹنی میں پیس لیں۔ ایک پھیلی ہوئی دیگچی میں ایک کھانا کھانے کا چمچہ تیل لے کر ڈال دیں۔ اس میں چٹنی، ٹماٹر اور کڑی پتہ ڈال کر اچھی طرح سے بھون لیں۔ پھر اس میں لیموں کا رس چھڑک دیں۔
مچھلی کو الگ سے اچھی طرح فرائی کریں، فرائی ہوجائے تو چٹنی میں پھیلا کر ڈال دیں۔ اوپر سے لیموں کا رس چھڑک دیں اور ثابت ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ یہ ڈش تقریباً بیس منٹ بعد تیار ہوگی۔
حیدرآبادی مرچوں کا سالن
اجزاء: ہری مرچ درمیانے سائز کی آدھا کلو، پیاز بڑی ڈلی چار عدد باریک کٹی ہوئی، خشخاش دو کھانے کے چمچے، تل دو کھانے کے چمچے ، ثابت دھنیا دوکھانے کے چمچے، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، کھوپرا ایک چھوٹا سا ٹکڑا یہ سب مصالحے توے پر بھون کر باریک پیس لیں۔
سالن کے لیے مصالحہ: ہلدی دو چائے کے چمچے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، کڑی پتہ چھ پتے، کلونجی ایک چائے کا چمچہ ، نمک حسبِ ذائقہ، املی ایک پیالی دو پیالی گرم پانی میں بھگودیں۔ ڈالڈا تیل دو کھانا پکانے والے چمچے۔
بگھار کے لیے مصالحہ : سفید زیرہ، ثابت لال مرچ چھ عدد، میتھی کے دانے چھ عدد، کڑی پتہ چار پتے۔
ترکیب: ایک پھیلی ہوئی دیگچی میں تیل گرم کریں، پھر اس میں مرچیں ذرا سے نمک کے ساتھ تل کر نکال لیں۔ جب مرچیں نکال لیں تو فوراً بگھار والے مصالحے ڈال دیں۔ جب سیاہ ہوجائیں تو پیاز ڈال دیں پیاز ہلکی گلابی ہوجائے تو سارے مصالحے ڈال کر ہلکا سا بھون کر مرچیں ڈال دیں، املی کا رس اچھی طرح سے نکال کر ڈال دیں، ساتھ میں کڑی پتہ ڈال کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
فرائی کیے ہوئے خشک کریلے
اجزاء: کریلے ایک کلو، پیاز ایک کلو، املی آدھا پاؤ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے کریلوں کو چھیل کر باریک باریک کاٹ لیں پھر املی، ہلدی اور نمک کے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں، پھر اسی پانی میں ان کو اچھی طرح دھولیں تاکہ کڑواہٹ نہ رہ جائے۔ اس کے بعد ایک کڑھائی میں کافی تیل ڈال کر خوب گرم کرلیں۔ جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو اس میں نمک ملاکر کریلے ڈال دیں اور چلاتی رہیں۔
جب کریلے براؤن ہونے لگیں تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ تیل اچھی طرح خشک ہوجائے، پھر اسی تیل میںپیاز ڈال کر اس کو براؤن کرلیں، جب براؤن ہوجائے تو اس کو بھی اخبار پر پھیلادیں۔ جب کھانا نکالنا ہو تو ان دونوں کو اچھی طرح سے ملادیں اور اوپر سے چاٹ مصالحہ ڈال دیں۔
چکن کٹلیٹس
اجزاء: مرغی ایک عدد وزن ڈیڑھ کلو ثابت رہنے دیں۔ انڈے چار عدد سخت ابلے ہوئے۔ پیاز درمیانی ڈلی ایک عدد ، آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی۔ ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی۔ ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی کا چورا دو پیکٹ، سویا ساس دو کھانے کے چمچے، اجینو موٹو چٹکی بھر، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: مرغی کو اچھی طرح سے دھوکر نمک اور لہسن کے ساتھ ابال لیں، جب اچھی طرح ابل جائے تو پانی سے نکال کر ٹھنڈا کرلیں، پھر اس کا گوشت ہڈی سے الگ کرلیں، ابلے ہوئے انڈے چھیل لیں، اب چوپر میں انڈے مرغی کا گوشت ا ور ڈبل روٹی کا چورا سب ملا کر پیس لیں تاکہ باریک قیمہ کی طرح ہوجائے۔
اس کے بعد اس میں کٹی ہوئی پیاز، ہرا مصالحہ، سویاساس، کالی مرچ، اجینو موٹو ملادیں اور آٹے کی طرح ہاتھوں سے گوندھ لیں پھر تھوڑا تھوڑا قیمہ لے کر دونوں ہاتھوں کے درمیان اچھی طرح دبا کر کباب کی صورت میں پھیلا لیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں، فرائی پین میں تیل کم ہونا چاہیے۔