لذیذ پکوان

ماخوذ

ثابت مصالحہ کا پیاز گوشت

اجزا: بکرے کا گوشت آدھا کلو، پیاز ڈیڑھ کلو موٹی کٹی ہوئی، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، سونف آدھا چائے کا چمچہ، ثابت لال مرچ چھ یا آٹھ عدد یا حسبِ ذائقہ، دارچینی ایک ٹکڑا، ثابت کالی مرچیں آٹھ عدد، دہی تین کھانے کے چمچے، لہسن کے ثابت جوئے آٹھ عدد، ادرک باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، سوکھی کھٹائی ایک کھانا پکانے والا چمچہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔

ترکیب: ایک دیگچی میں ان سب چیزوں کو بغیر پانی کے ایک ساتھ چڑھا دیں، ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب گوشت گل جائے اور پانی سوکھنے لگے تو ہلکا سا بھون کر دم پر رکھ دیں۔ جب گھی اوپر آجائے، تو سالن تیار ہے۔ اس سالن کو جتنا دم پر رکھیں گی، اتنا ہی مزے دار ہوجائے گا۔

چکن کٹلیٹس

اجزا: مرغی ایک عدد، وزن ڈیڑھ کلو، ثابت رہنے دیں، انڈے چار عدد سخت ابلے ہوئے، پیاز درمیانی ڈلی ایک عدد آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی کا چورا دو پیکٹ، سویاساس دو کھانے کے چمچے، اجینو موٹو چٹکی بھر، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: مرغی کو اچھی طرح سے دھوکر نمک اور لہسن کے ساتھ ابال لیں۔ جب اچھی طرح ابل جائے تو پانی سے نکال کر ٹھنڈا کرلیں، پھر اس کا گوشت ہڈی سے الگ کرلیں، ابلے ہوئے انڈے چھیل لیں۔ اب چوپر میں انڈے مرغی کا گوشت اور ڈبل روٹی کا چورا سب ملا کر پیس لیں تاکہ باریک قیمہ کی طرح ہوجائے۔

اس کے بعد اس میں کٹی ہوئی پیاز، ہرا مصالحہ، سویا ساس، کالی مرچ، اجینو موٹو ملادیں اور آٹے کی طرح ہاتھوں سے گوندھ لیں پھر تھوڑا تھوڑا قیمہ لے کر دونوں ہاتھوں کے درمیان اچھی طرح دبا کر کباب کی صورت میں پھیلا لیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ فرائی پین میں تیل کم ہونا چاہیے۔

چکن چائنیز رائس

اجزا: چاول باسمتی ایک کلو، بیس منٹ کے لیے بھگودیں، مرغی کا گوشت چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ایک پیالی، ہری پیاز کے پتّے ایک پیالی باریک کٹے ہوئے، گاجر دو عدد باریک کٹی ہوئی، پہاڑی مرچ ایک عدد باریک کٹی ہوئی، مٹر چھلے ہوئے آدھی پیالی اگر ڈالنا چاہیں، لہسن کا عرق دو کھانے کے چمچے، سویاساس دوکھانے کے چمچے، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، اجینو موٹو آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، دار چینی ایک ٹکڑا توے کے اوپر بھون کر باریک پیس لیں، ڈالڈا تیل ایک پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر مرغی کے ٹکڑے، لہسن کا عرق، سویاساس، نمک اور کالی مرچ ڈال دیں، اچھی طرح فرائی کرلیں، پھر کٹی ہوئی گاجر اور پتّے وغیرہ ڈال کر اچھی طرح بھونیں، اس میں چاول ڈال دیں۔ دس منٹ تک چاول بھونتے رہیں یہاں تک کہ چاولوں کا رنگ براؤن ہونے لگے۔ پھر چھ پیالی پانی ڈال کر ڈھکن ڈھانک دیں، جب پانی خشک ہونے لگے تو ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں، اوپر سے پسی ہوئی دار چینی، اجینو موٹو اور سویا ساس ڈال دیں۔

چرغہ

اجزا: مرغی ایک عدد وزن ڈیڑھ کلو ثابت بنوائیں اور کٹ لگوالیں، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، موٹی موٹی پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، لیموں چار عدد، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک چائے کا چمچہ (پیس لیں)، کالی مرچ موٹی موٹی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، سرکہ تین کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، زردہ کا رنگ چوتھائی چائے کا چمچہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے مرغی کو دھو کر سرکہ، زردہ کا رنگ اور نمک لگالیں، پھر لیموں کا رس نکال کر مرغی میں اچھی طرح مل دیں، اس کے بعد ادرک لہسن اور باقی مصالحہ لگاکرچار گھنٹے کے لیے ڈھانک کر رکھ دیں، فرج میں رکھیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔

کھانا نکالنے سے تھوڑی دیر پہلے کڑھائی میں تیل گرم کریں اور مصالحہ ملی مرغی کو ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کرلیں۔

بھرے ہوئے کھٹے آلو

اجزا: آلو بڑے سائز کے چھ عدد، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، میتھی کے دانے چھ عدد، پیاز درمیانی دو عدد، آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، سونف آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، رائی آدھا چائے کا چمچہ، ان تینوں چیزوں کو باریک پیس لیں، سوکھی کھٹائی پسی ہوئی چار کھانے کے چمچے، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، لیموں تین عدد، ڈالڈا تیل دو پیالی۔

ترکیب: آلو چھلکے سمیت پانچ منٹ کے لیے ابال لیں، پھر چھلکا اتار کر درمیان میں کراس کی طرح چیرا لگالیں۔ مگر یہ دھیان رکھیں کہ آلو پورا نہ کٹ جائے۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل لے کر سارے مصالحوں کو ہلکا سا بھون لیں، پھر ٹھنڈا کرکے آلو میں تھوڑا مصالحہ بھردیں اور ہلکا سا ہاتھ سے دبا کر بند کردیں۔

سارے آلو اسی طرح سے بند کرکے رکھتے جائیں، ایک کڑھائی میں تیز آنچ میں تیل گرم کریں، پھر دو دو آلو ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ جب لال ہونے لگیں تو نکال کر دیگچی میں پھیلا کر رکھتی جائیں، اوپر سے لیموںکا رس چھڑک کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔

ٹماٹر کا دو پیازہ

اجزا: ٹماٹر ایک کلو، پیاز تین درمیانے سائز کی، کڑی پتّہ چھ عدد، ہری مرچ ثابت چھ عدد، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔

ترکیب: ٹماٹروں کو اچھی طرح سے دھوکر چار چار ٹکڑے کرلیں، پھر پیاز میں ٹماٹر اور سارا مصالحہ ملا کر رکھ دیں۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کریں، پھر اس میں مصالحہ ملے ہوئے ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ میں پکنے دیں، جب پانی سوکھ جائے تو ہلکا سا بھون کر اتار لیں۔

اچار کے مصالحہ والا قیمہ

اجزا: قیمہ ایک کلو باریک، سفید زیرہ چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذالقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کاچمچہ، کلونجی ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر آدھا کلو، کڑی پتّہ چھ پتّے، ہری مرچ ثابت چھ عدد، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، پیاز درمیانی باریک کٹی ہوئی دو عدد، میتھی کے دانے چھ عدد، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے دیگچی میں تیل ڈال کر زیرہ، کڑی پتّہ اور میتھی ڈال کر سیاہ کرلیں، جب سیاہ ہوجائے تو پیاز ڈال دیں، جب پیاز ہلکی براؤن ہوجائے تو اس میں ادرک، لہسن، مرچ اور ہلدی ڈال دیں۔ مصالحے کو ہلکا سا بھون کر قیمہ ڈال دیں، ساتھ میں ثابت لہسن، کلونجی، ٹماٹر اور ہری مرچ بھی ڈال دیں اور اچھی طرح سے بھون کر اتار لیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146