لذیذ پکوان

ماخوذ

ایرانی آلو مکس کباب

اجزاء: آلو، آدھا کلو (ابلے ہوئے)، گوشت ایک پیالی (ابلا ہوا)، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، بیسن دو چائے کا چمچ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، مرچ ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ادرک ایک چمچ، انار دانہ ایک چمچ، خشک دھنیا ایک چمچ، پسا ہوا پودینہ ایک چمچ، تیل ایک پیالی، دہی آدھا کپ۔

ترکیب: گوشت کے ریشے کرلیں اور ابلے ہوئے آلوؤں کو میش کرلیں۔ اب پیاز کو بھی میش کر کے آلو اور گوشت میں شامل کردیں، بیسن، مرچ، نمک، گرم مسالہ، دہی، سبز دھنیا، ادرک اور پسا ہوا انار دانہ ملا کر مکس کریں اور اس آمیزے کو میش کر کے گول گول ٹکیاں تیار کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے ٹکیوں کو انڈوں کے آمیزے میں ڈبو کر تل لیں اور سرخ ہونے پر نکال لیں۔ لذیذ ایرانی آلو مکس کباب تیار ہیں۔

کلونجی گوشت

گوشت آدھا کلو، کلونجی دو چائے کا چمچ، گھی حسب ضرورت، دھنیا ایک چمچے، سرخ مرچ ڈیڑھ چمچ، لہسن آٹھ جوئے، پیاز ایک پاؤ، دہی ایک پاؤ، شملہ مرچ ایک عدد، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: گوشت کو اچھی طرح دھولیں، اب شملہ مرچ کی پھانکیں بنا لیں۔ مرچوں کو کلونجی کے ساتھ پھانکوں میں لگا دیں۔ دیگچی میں دہی، گوشت، پیاز، لہشن، نمک، مرچ، دھنیا، زیرہ اور ہلدی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے چولھے پر چڑھا دیں۔ پندرہ بیس منٹ تک گوشت کو اچھی طرح پکنے دیں تاکہ گوشت گل جائے اور تمام مسالے گوشت میں ضم ہوجائیں۔ جب گوشت گل جائے تو شملہ مرچ کی پھانکیں جن پر کلونجی لگی ہوئی ہے۔ دیگچی میں ڈال دیں اور دیگچی کو دم پر رکھ دیں۔ دم ہوجانے پر اتار لیں۔ خوش ذائقہ اور مزیدار کلونجی گوشت تیار ہے۔

انڈونیشین کباب

اجزا: قیمہ آدھا کلو، آلو آدھا کلو، پیاز تین عدد، انڈے تین عدد (صرف زردی)، سبز پیاز چار عدد، سبز مرچ آٹھ عدد، کالی مرچ دو چمچ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے آلوؤں کو چھیل کر درمیانی سائز میں کاٹ لیں، اس کے بعد سبز پیاز بھی ساتھ میں کاٹ لیں۔ اب پیاز کو تل لیں اور پھر اس میں قیمہ ملا دیں۔ اب کٹے ہوئے آلوؤں کو تیل میں تل لیں اور قیمہ میں مکس کردیں۔ اس کے ساتھ ہی سبز مرچ، کالی مرچ، نمک اور انڈوں کی زردی مکس کردیں۔ جب آمیزہ اچھی طرح سے مکس ہوجائے تو کباب بنالیں اور انڈوں کی سفیدی میں ڈبو ڈبو کر کباب تل لیں اور گرم گرم کباب مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔

سادہ گوشت

اجزاء: گوشت آدھا پاؤ، گھی آدھا پاؤ، ٹماٹر دو عدد، پیاز آدھا پاؤ، لہسن ایک عدد، نمک مرچ، ہلدی گرم مسالہ حسب ذائقہ۔

ترکیب:سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح صاف پانی سے دھولیں۔ اب ایک دیگچی میں چھلا ہوا لہسن، کٹی ہوئی پیاز اور دیگر تمام مسالے ڈالیں اور آدھا گلاس پانی ڈال کر چولھے پر چڑھائیں تاکہ گوشت گل کر نرم ہوجائے۔ چولھے کی آنچ دھیمی رکھیں۔ جب گوشت گل جائے تو دیگچی میں ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔ اب دیگچی میں گھی ڈالیں اور سالن کو بھی بھونتی جائیں۔ جب دیگچی میں پانی خشک ہوجائے، مسالے گھی چھوڑ دیں اور سالن سے خوشبو نکلنے لگے تو سمجھیں سالن تیار ہے۔ دیگچی کو چولھے سے اتار لیں۔ عمدہ اور ذائقہ دار سادہ گوشت تیار ہے۔

مسور دال کے شاہی کوفتے

اجزاء: مسور دال دو کپ (چار گھنٹے کے لیے بگھو دیں اس کے بعد ٹشو پیپر پر پھیلا کر خشک کرلیں) لال مرچ پاؤڈر آدھا چمک، بھنا سفید زیرہ آدھا چمچ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پسا گرم مسالا آدھا چمچ، ہری مرچ چھ عدد، نمک آدھا چمچ، انڈا ایک عدد، پسا ہوا ادرک، لہسن آدھا چمچ، کھانے کا سوڈا دو چٹکی، تیل دو کپ۔

ترکیب:تمام اجزاء کو دال کے ساتھ اچھی طرح میش لیں۔ پھر اس آمیزے میں انڈا شامل کر کے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد اس کے مناسب سائز کے کوفتے بنا لیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے کوفتے ہلکی آنچ پر تل لیں اور پھر الگ سے مسالا بھون کر اس میں کوفتے ڈال دیں۔ مزید دس منٹ پکائیں۔ لذیذ مسور کی دال کے شاہی کوفتے تیار ہیں۔

کباب گریوی

اجزا:بکرے کا قیمہ ایک کلو سونف پاؤڈر تین چائے کے چمچے، ادرک پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، بڑی الائچی چھ عدد، کوکنگ آئل ڈیڑھ کھانے کا چمچ۔

گریوں بنانے کے اجزاء:

دہی پانچ کھانے کے چمچے، کوکنگ آئل چھ کھانے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ دو چائے کے چمچے، لونگیں آٹھ عدد، دار چینی دو انچ کا ٹکڑا، ٹماٹر چار عدد، ٹماٹر پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچے، ادرک پاؤڈر دو چائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسب ضرورت۔

ترکیب: قیمے کو دو بار فوڈ پروسیسر میں چلائیں یا مشین سے چلا کر نکالیں تاکہ مزید باریک ہوجائے۔ اب بڑی الائچی کو پیش کر کباب کے باقی مسالوں کے ساتھ ملا کر قیمے میںاچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر اس میں تیل، نمک اور انڈہ ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ ہاتھوں کو گیلا کر کے تیار شدہ مکسچر سے تین انچ لمبے اور گول کباب بنا کر رکھ لیں۔

گریوی بنانے کے لیے دہی پھینٹ لیں۔ ایک بڑے سائز کے پین میں تیل گرم کر کے لونگ اور دار چینی کو ایک منٹ فرائی کریں۔ پھر ٹماٹر شامل کر کے خشک ہونے تک پکائیں۔ اب اس میں ٹماٹر پیسٹ اور دہی ملا کر چلائیں تاکہ دہی کے دانے نہ بننے پائیں۔ سونف اور ادرک پاؤڈر شامل کر کے پانچ منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں۔ پھر اس میں تقریباً پانچ کپ گرم پانی شامل کر کے ابال لیں۔ آنچ ہلکی کر کے پہلے سے بنائے ہوئے کباب آہستہ سے گریوں میں شامل کریں اور تقریباً بیس منٹ تک پکنے دیں۔ اس دوران چمچ بالکل نہ چلائیں۔ اگر چلانے کی ضرورت ہو تو کپڑے سے برتن کو ہلا لیں تاکہ کتاب نہ ٹوٹنے پائیں۔ جب آئل اوپر آجائے تو چولہا بند کر کے گرم مسالہ اور ہرا دھنیا ڈالیں۔ کباب گریوی کا منفرد پکوان تیار ہے۔ گرم گرم روٹی یا سادہ چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

پکوان: چکن فجیتا پیزا

اجزاء: مرغی کا گوشت (۳۰۰ گرام) بغیر ہڈی کا، چلی سوس (دو کھانے کے چمچ) کالی مرچ (ایک چائے کا چمچ) نمک (آدھا چائے کا چمچ)، سرکہ (ایک کھانے کا چمچ) سویا سوس ایک کھانے کا چمچ، لہسن ایک چائے کا چمچ، ٹوپنگ کے لیے۔ پیزا سوس ایک پیالی، کالے زیتون ۱۰ عدد، موزریلا چیز یا چیڈر چیز ایک پیالی، اور یگانو آدھا چائے کا چمچ، مشروم ایک پیالی، ٹماٹر ایک عدد، شملہ مرچ ایک عدد۔

ڈوبنانے کے لیے: میدہ ڈیڑھ پیالی، خمیر ایک کھانے کا چمچ، نیم گرم پانی میں ایک کھانے کے چمچ چینی کے ساتھ، نمک آدھا چائے کا چمچ، انڈا ایک عدد، کھانے کا تیل دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: ایک پیالے میں چکن، چلی سوس، کالی مرچ، سویا سوس، نمک ، سرکہ اور لہسن ڈال کر اچھی طرح ملالیں اور اسے ۲۰ منٹ سے ۲۵ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب چکن کو کڑاہی میں ڈال کر درمیانی ٓنچ پرتھوڑا سا گلالیں۔

ڈوبنانے کے لیے: ایک پیالے میں میدہ، نمک، انڈا اور چینی ملا خمیر ڈال کر نیم گرم پانی کے ساتھ نرم گوندھ لیں۔ اوون کو ۱۸۰ ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرنے کے لیے رکھ دیں۔ اب ڈوکو اوون میں تھوڑی دیر کے لیے رکھ کر گرم کرلیں، تاکہ خمیر پھول جائے۔ اب اس کو بیل لیں۔ پھر اسے بیکنگ ٹرے میں رکھ کر تھوڑا سا تیل لگالیں۔ پھر چمچ کی مدد سے اس خمیر میں چھوٹے چھوٹے سوراخ کرلیں۔ اب اس کے اوپر چلی سوس، چکن، کیوبز، موزریلا چیز، مشروم، ٹماٹر، شملہ مرچ، زیتون اور اوریگانو ڈال کر بیک کرلیں۔ مزے دار چکن فجیتا پیزا تیار ہے۔

اٹالین پیزا

اجزا: بھنا ہوا قیمہ ۲۵۰ گرام، شملہ مرچ ایک عدد، ہری پیاز، چار عدد، ٹماٹر ایک عدد، نمک حسب ذائقہ، کالی مرچ، ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کدوکش کیا ہوا پنیر ایک پیالی، پیزا سوس پہلے سے تیار شدہ۔

ترکیب: پیزے کے لیے گوندھا ہوا آٹا بیل لیں۔ پیزا پین یا بیکنگ ٹرے کو ہلکا سا چکنا کر کے اس میں یہ روٹی رکھ دیں۔ روٹی پر سب سے پہلے تیار شدہ سوس کی تہ بچھا دیں، پھر بھنے ہوئے قیمے کی تہ اور اس کے بعد ہری یاز، شملہ مرچ اور ٹماٹر گولائی میں کاٹ کر قیمے پر بچھا دیں۔ آخر میں کدوکش کیے ہوئے پنیر سے اسے پورا ڈھانپ دیں اور پیزا ٹرے کو درمیانی درجہ پر ۲۰ سے ۲۵ منٹ کے لیے اوون میں رکھ دیں، پیزا تیار ہے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146