شملہ مرچ قیمہ
اجزاء: شملہ مرچ ایک پاؤ۔ قیمہ آدھا کلو، پسا ہوا لہسن ادرک دو چائے کے چمچ۔ ٹماٹر ایک پاؤ چوپ کرلیں۔ پسی ہوئی لال مرچ دو چائے کے چمچ۔ پسا ہوا دھنیا ایک چائے کا چمچ۔ پسی ہوئی ہلدی ایک چائے کا چمچ۔ قصوری میتھی ایک چائے کا چمچ۔ نمک ایک چائے کا چمچ۔ ہری مرچیں پانچ عدد۔
ترکیب:
شملہ مرچ کے بیج نکال کر اس کے چوکور ٹکڑے کاٹ لیں، دیگچی میں تیل گرم کر کے قیمہ ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر اس کا پانی سکھائیں اور پھر ادرک لہسن شامل کردیں۔ اس میں ٹماٹر اور ہری مرچیں کاٹ کر شامل کر کے پانچ منٹ پکائیں۔ جب ٹماٹر گل جائیں تو اس میں پسی لال مرچ، شملہ مرچ، دھنیا، ہلدی پاؤڈر میتھی اور نمک ڈال کر ملائیں چند منٹ دم پر رکھنے کے بعد ڈش میں نکال لیں اور پیش کریں۔
خشک چکن چلیز
اجزاء:
مرغی: ڈیڑھ کلو، ہڈی سے گوشت الگ کر کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ ہری مرچ بڑے سائز کی، بارہ عدد لمبی لمبی باریک کٹی ہوئی۔ لہسن پسا ہوا: ایک کھانے کا چمچ۔ سویا ساس دو کھانے کے چمچ۔ سفید سرکہ دو کھانے کے چمچ۔ اجینو موتو آدھا چائے کا چمچ۔ چینی ایک چائے کا چمچ۔ کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچ۔ نمک حسب ذائقہ، تیل تین کھانے کے چمچ۔
ترکیب:
مرغی کے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرنے کے بعد ایک ساتھ رکھ کر بڑی چھری کے ساتھ کچل لیں۔ پھر سرکہ اور سویا ساس لگا کر بیس منٹ کے لیے رکھ دیں، ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پسا ہوا لہسن، گوشت، کالی مرچ اور نمک ڈالیں اور اچھی طرح فرائی کرلیں۔ جب اچھی طرح فرائی ہوجائے تو اوپر سے اجینو موتو چھڑک دیں پھر ایک فرائنگ پین لیں ایک چمچہ سویا ساس اور اجینو موتو ڈال دیں، فرائی گوشت کے اوپر اچھی طرح مکس کردیں۔
کھڑے مصالحے کا گوشت
اجزاء:
بکرے کا گوشت ایک کلو، پیاز تین عدد، دار چینی تین عدد، چھوٹی الائچی چار عدد، لونگ چھ عدد، ٹماٹر آٹھ عدد، تیل آدھا کپ، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، دھنیا پودینہ آدھا کپ، سونف پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر دو چائے کے چمچ، دھنیا پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، کشمیری لال مرچ پاؤڈر تین کھانے کے چمچ، دیسی گھی تین کھان کے چمچ۔ لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ۔ زیرہ پاؤڈر ایک سے ڈیڑھ چمچ۔ نمک حسب ذوق۔
ترکیب:
ایک پین میں تیل گرم کر کے دار چینی، الائچی اور لونگ کے چند سیکنڈ تک فرائی کریں ساتھ ہی پیاز ڈال کر ہلکا براؤن کرلیں پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور گوشت شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اب دھنیا پاؤڈر، زیرہ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی، نمک اور پانی ڈالیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں کٹے ٹماٹر شامل کر کے ہلکی آنچ پر تھوڑی دیر پکائیں۔ ہرا دھنیا، پودینہ اور ادرک سے گارنش کریں گرم گرم روٹی کے ساتھ پیش کریں۔
سویٹ فرنچ ٹوسٹ
اجزاء:
ڈبل روٹی چھ سلائس، خشک دودھ دو کھانے کے چمچ، انڈے تین عدد، چینی چائے چمچ، تھوڑے سے پستے بادام، تیل فرائی کے لیے۔
ترکیب:
ڈبل روٹی کے کنارے الگ کر کے ایک سلائس کے چار ٹکڑے الگ کرلیں۔ انڈے میں چینی، دودھ اور پستے بادام شامل کر کے اچھی طرح پھینٹیں تاکہ چینی مکس ہو جائے۔ اب ڈبل روٹی انڈے میں اچھی طرح ڈپ کریں تاکہ ڈبل روٹی میں انڈہ اچھی طرح جذب ہوجائے۔ اب ہلکی آنچ پر سرخی مائل ہونے تک فرائی کرلیں۔ سویٹ فرنچ ٹوسٹ تیار ہیں۔
ایرانی آلو مکس کباب
اجزاء: آلو، آدھا کلو (ابلے ہوئے)، گوشت ایک پیالی (ابلا ہوا)، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، بیسن دو چائے کا چمچ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، مرچ ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ادرک ایک چمچ، انار دانہ ایک چمچ، خشک دھنیا ایک چمچ، پسا ہوا پودینہ ایک چمچ، تیل ایک پیالی، دہی آدھا کپ۔
ترکیب: گوشت کے ریشے کرلیں اور ابلے ہوئے آلوؤں کو میش کرلیں۔ اب پیاز کو بھی میش کر کے آلو اور گوشت میں شامل کردیں، بیسن، مرچ، نمک، گرم مسالہ، دہی، سبز دھنیا، ادرک اور پسا ہوا انار دانہ ملا کر مکس کریں اور اس آمیزے کو میش کر کے گول گول ٹکیاں تیار کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے ٹکیوں کو انڈوں کے آمیزے میں ڈبو کر تل لیں اور سرخ ہونے پر نکال لیں۔ لذیذ ایرانی آلو مکس کباب تیار ہیں۔
کلونجی گوشت
گوشت آدھا کلو، کلونجی دو چائے کا چمچ، گھی حسب ضرورت، دھنیا ایک چمچے، سرخ مرچ ڈیڑھ چمچ، لہسن آٹھ جوئے، پیاز ایک پاؤ، دہی ایک پاؤ، شملہ مرچ ایک عدد، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: گوشت کو اچھی طرح دھولیں، اب شملہ مرچ کی پھانکیں بنا لیں۔ مرچوں کو کلونجی کے ساتھ پھانکوں میں لگا دیں۔ دیگچی میں دہی، گوشت، پیاز، لہشن، نمک، مرچ، دھنیا، زیرہ اور ہلدی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے چولھے پر چڑھا دیں۔ پندرہ بیس منٹ تک گوشت کو اچھی طرح پکنے دیں تاکہ گوشت گل جائے اور تمام مسالے گوشت میں ضم ہوجائیں۔ جب گوشت گل جائے تو شملہ مرچ کی پھانکیں جن پر کلونجی لگی ہوئی ہے۔ دیگچی میں ڈال دیں اور دیگچی کو دم پر رکھ دیں۔ دم ہوجانے پر اتار لیں۔ خوش ذائقہ اور مزیدار کلونجی گوشت تیار ہے۔
انڈونیشین کباب
اجزا: قیمہ آدھا کلو، آلو آدھا کلو، پیاز تین عدد، انڈے تین عدد (صرف زردی)، سبز پیاز چار عدد، سبز مرچ آٹھ عدد، کالی مرچ دو چمچ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے آلوؤں کو چھیل کر درمیانی سائز میں کاٹ لیں، اس کے بعد سبز پیاز بھی ساتھ میں کاٹ لیں۔ اب پیاز کو تل لیں اور پھر اس میں قیمہ ملا دیں۔ اب کٹے ہوئے آلوؤں کو تیل میں تل لیں اور قیمہ میں مکس کردیں۔ اس کے ساتھ ہی سبز مرچ، کالی مرچ، نمک اور انڈوں کی زردی مکس کردیں۔ جب آمیزہ اچھی طرح سے مکس ہوجائے تو کباب بنالیں اور انڈوں کی سفیدی میں ڈبو ڈبو کر کباب تل لیں اور گرم گرم کباب مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔
سادہ گوشت
اجزاء: گوشت آدھا پاؤ، گھی آدھا پاؤ، ٹماٹر دو عدد، پیاز آدھا پاؤ، لہسن ایک عدد، نمک مرچ، ہلدی گرم مسالہ حسب ذائقہ۔
ترکیب:سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح صاف پانی سے دھولیں۔ اب ایک دیگچی میں چھلا ہوا لہسن، کٹی ہوئی پیاز اور دیگر تمام مسالے ڈالیں اور آدھا گلاس پانی ڈال کر چولھے پر چڑھائیں تاکہ گوشت گل کر نرم ہوجائے۔ چولھے کی آنچ دھیمی رکھیں۔ جب گوشت گل جائے تو دیگچی میں ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔ اب دیگچی میں گھی ڈالیں اور سالن کو بھی بھونتی جائیں۔ جب دیگچی میں پانی خشک ہوجائے، مسالے گھی چھوڑ دیں اور سالن سے خوشبو نکلنے لگے تو سمجھیں سالن تیار ہے۔ دیگچی کو چولھے سے اتار لیں۔ عمدہ اور ذائقہ دار سادہ گوشت تیار ہے۔
مسور دال کے شاہی کوفتے
اجزاء: مسور دال دو کپ (چار گھنٹے کے لیے بگھو دیں اس کے بعد ٹشو پیپر پر پھیلا کر خشک کرلیں) لال مرچ پاؤڈر آدھا چمک، بھنا سفید زیرہ آدھا چمچ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پسا گرم مسالا آدھا چمچ، ہری مرچ چھ عدد، نمک آدھا چمچ، انڈا ایک عدد، پسا ہوا ادرک، لہسن آدھا چمچ، کھانے کا سوڈا دو چٹکی، تیل دو کپ۔
ترکیب:تمام اجزاء کو دال کے ساتھ اچھی طرح میش لیں۔ پھر اس آمیزے میں انڈا شامل کر کے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد اس کے مناسب سائز کے کوفتے بنا لیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے کوفتے ہلکی آنچ پر تل لیں اور پھر الگ سے مسالا بھون کر اس میں کوفتے ڈال دیں۔ مزید دس منٹ پکائیں۔ لذیذ مسور کی دال کے شاہی کوفتے تیار ہیں۔
کباب گریوی
اجزا:بکرے کا قیمہ ایک کلو سونف پاؤڈر تین چائے کے چمچے، ادرک پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، بڑی الائچی چھ عدد، کوکنگ آئل ڈیڑھ کھانے کا چمچ۔
گریوں بنانے کے اجزاء:
دہی پانچ کھانے کے چمچے، کوکنگ آئل چھ کھانے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ دو چائے کے چمچے، لونگیں آٹھ عدد، دار چینی دو انچ کا ٹکڑا، ٹماٹر چار عدد، ٹماٹر پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچے، ادرک پاؤڈر دو چائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسب ضرورت۔
ترکیب: قیمے کو دو بار فوڈ پروسیسر میں چلائیں یا مشین سے چلا کر نکالیں تاکہ مزید باریک ہوجائے۔ اب بڑی الائچی کو پیش کر کباب کے باقی مسالوں کے ساتھ ملا کر قیمے میںاچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر اس میں تیل، نمک اور انڈہ ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ ہاتھوں کو گیلا کر کے تیار شدہ مکسچر سے تین انچ لمبے اور گول کباب بنا کر رکھ لیں۔
گریوی بنانے کے لیے دہی پھینٹ لیں۔ ایک بڑے سائز کے پین میں تیل گرم کر کے لونگ اور دار چینی کو ایک منٹ فرائی کریں۔ پھر ٹماٹر شامل کر کے خشک ہونے تک پکائیں۔ اب اس میں ٹماٹر پیسٹ اور دہی ملا کر چلائیں تاکہ دہی کے دانے نہ بننے پائیں۔ سونف اور ادرک پاؤڈر شامل کر کے پانچ منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں۔ پھر اس میں تقریباً پانچ کپ گرم پانی شامل کر کے ابال لیں۔ آنچ ہلکی کر کے پہلے سے بنائے ہوئے کباب آہستہ سے گریوں میں شامل کریں اور تقریباً بیس منٹ تک پکنے دیں۔ اس دوران چمچ بالکل نہ چلائیں۔ اگر چلانے کی ضرورت ہو تو کپڑے سے برتن کو ہلا لیں تاکہ کتاب نہ ٹوٹنے پائیں۔ جب آئل اوپر آجائے تو چولہا بند کر کے گرم مسالہ اور ہرا دھنیا ڈالیں۔ کباب گریوی کا منفرد پکوان تیار ہے۔ گرم گرم روٹی یا سادہ چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔
پکوان: چکن فجیتا پیزا
اجزاء: مرغی کا گوشت (۳۰۰ گرام) بغیر ہڈی کا، چلی سوس (دو کھانے کے چمچ) کالی مرچ (ایک چائے کا چمچ) نمک (آدھا چائے کا چمچ)، سرکہ (ایک کھانے کا چمچ) سویا سوس ایک کھانے کا چمچ، لہسن ایک چائے کا چمچ، ٹوپنگ کے لیے۔ پیزا سوس ایک پیالی، کالے زیتون ۱۰ عدد، موزریلا چیز یا چیڈر چیز ایک پیالی، اور یگانو آدھا چائے کا چمچ، مشروم ایک پیالی، ٹماٹر ایک عدد، شملہ مرچ ایک عدد۔
ڈوبنانے کے لیے: میدہ ڈیڑھ پیالی، خمیر ایک کھانے کا چمچ، نیم گرم پانی میں ایک کھانے کے چمچ چینی کے ساتھ، نمک آدھا چائے کا چمچ، انڈا ایک عدد، کھانے کا تیل دو کھانے کے چمچے۔
ترکیب:
ایک پیالے میں چکن، چلی سوس، کالی مرچ، سویا سوس، نمک ، سرکہ اور لہسن ڈال کر اچھی طرح ملالیں اور اسے ۲۰ منٹ سے ۲۵ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب چکن کو کڑاہی میں ڈال کر درمیانی ٓنچ پرتھوڑا سا گلالیں۔
ڈوبنانے کے لیے: ایک پیالے میں میدہ، نمک، انڈا اور چینی ملا خمیر ڈال کر نیم گرم پانی کے ساتھ نرم گوندھ لیں۔ اوون کو ۱۸۰ ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرنے کے لیے رکھ دیں۔ اب ڈوکو اوون میں تھوڑی دیر کے لیے رکھ کر گرم کرلیں، تاکہ خمیر پھول جائے۔ اب اس کو بیل لیں۔ پھر اسے بیکنگ ٹرے میں رکھ کر تھوڑا سا تیل لگالیں۔ پھر چمچ کی مدد سے اس خمیر میں چھوٹے چھوٹے سوراخ کرلیں۔ اب اس کے اوپر چلی سوس، چکن، کیوبز، موزریلا چیز، مشروم، ٹماٹر، شملہ مرچ، زیتون اور اوریگانو ڈال کر بیک کرلیں۔ مزے دار چکن فجیتا پیزا تیار ہے۔