لذیذ پکوان

شانزہ

چکن پکوڑا

اجزاء: مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی کے) ایک کلو، آئل تلنے کے لیے حسب ضرورت، سرخ مرچ دو چمچ یا حسب ذائقہ، دھنیا پاؤڈر ایک چمچ، بلدی آدھا چمچ، سفید مرچ (پسی ہوئی) آدھا چمچ، پیاز درمیانی سائز کی ایک، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، پانی دو کپ، بیسن دو کپ، خشک دھنیا دو بڑے چمچ۔

ترکیب:گوشت کو اچھی طرح دھولیں۔ دیگچی میں دو کھانے کے چمچ آئل ڈال کر گرم کریں اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال دیں۔ جب پیاز گلابی ہوجائے تو ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد نمک، سرخ مرچ، ہلدی، سفید مرچ اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح پکائیں۔ جب مصالحہ آئل چھوڑ دے تو گوشت ڈال کر پانچ سے سات منت تک ہلائیں۔ اب اس میں دو کپ پانی ڈال کردیگچی کو ڈھک دیں، جب تک پانی خشک نہ ہوجائے۔ پانی خشک ہونے پر چکن تیار ہوجائے گا۔ پکوڑے بنانے کے لیے بیسن تیار کریں اس میں نمک، ہلدی، لال مرچ اور پانی ڈال کر پیسٹ بنائیں۔ اب چکن کے ٹکڑوں کو باری باری بیسن میں ڈپ کر کے تل لیں اور گولڈن ہونے پر گرما گرم پیش کریں۔

چکن رولی پولی شینڈوچ

ٹورٹیلاز کے اجزاء:میدہ دو کپ، آٹا آدھا کپ، نمک آدھا چائے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، تیل تین کھانے کے چمچ، گرم پانی گوندھنے کے لیے۔

فلنگ کے اجزاء: چکن بریسٹ (اسٹرپس) تین عدد، نمک ایک چائے کا چمچ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، بھنا اور پسا زیرہ ایک چائے کا چمچ، گری پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، اورنج کلر ایک چٹکی، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، آئس برگ لیٹس حسب ضرورت کٹے کھیرے (کیوبز) تین تا چار کھانے کے چمچ، کٹی شملہ مرچ (کیوبز) دو تا تین کھانے کے چمچ، سر کے والے کھیرے چار عدد، کریم چیز چار کھانے کے چمچ، مایونیز دو تا تین کھانے کے چمچ، مینگو چٹنی، دو تاتین کھانے کے چمچ۔

ترکیب:ٹورٹیلاز بنانے کے لیے میدے کو نمک اور بیکنگ پاؤدر کے ساتھ چھان لیں۔ اب اس میں تیل شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ پھر گرم پانی سے گوندھ کر درمیانی ڈو بنائیں اور ڈھک کر تیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اب اس کے بالز بنائیں اور ڈنر پلیٹ کے سائز کے برابر رول کریں اور گرم توے پر پکالیں۔ فلنگ بنانے کے لیے چکن اسٹرپس کو نمک، پسی لال مرچ، گری پاؤڈر، بھنا اور پسا زیرہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، اورنج کلر اور لیموں کا رس سے میری نیٹ کرلیں۔اب تیل کے ساتھ پین فرائی کریں، یہاں تک کہ چکن گل جائے۔ پھر ٹورٹیلاز بیل کر اُن پر چار کھانے کے چمچے کریم چیز لگائیں۔ اب اس پر حسب ضرورت آئس برگ لیٹس، کھیرے، کئی شملہ مرچ، کھیرے اور چکن کا تیار مکسچر ڈال کر مایونیز اور مینگو چٹنی ڈال کر فولڈ کریں اور ٹوتھ پکس لگا کر سروکریں۔

مانڈے

اجزاء: میدہ ایک پاؤ، نمک آدھا چائے کا چمچ، پانی حسب ضرورت، تیل آدھا کپ۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، نمک اور پانی ڈال کر گوند لیں۔ اب اس کو تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ پھر اس کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں اور ہر پیڑے کو بیل کر تیل لگادیں۔ اس طرح چار پیڑوں کی تہہ لگالیں اور ایک ساتھ سینک لیں۔ اب مانڈوں کو کپڑے میں لپیٹ کر رکھ دیں۔

بیف روسٹ

اجزاء: کا گوشت دو کلو کا ٹکڑا۔ سفید سرکہ ایک پیالی، دہی دیڑھ پیالی۔ پسا ہوا ادرک دو کھانے کے چمچ۔ سویا ساس، دو کھانے کے چمچ۔ نمک حسب ذائقہ تلے ہوئے آلو پیش کرنے کے لیے۔

ترکیب: گوشت پر دہی، ادرک، سرکہ، سویا ساس اور نمک لگائیں اور کانٹے سے اچھی طرح چاروں طرف سے گود لیں اسے دو گھنٹوں کے لیے رکھ دیں۔ گوشت میں دو پیالی گرم پانی ڈال کر پکائیں، جب گوشت گل جائے تو اسے ڈش میں نکال لیں۔ بچے ہوئے پانی میں ساس کے اجزاء شامل کریں اور روسٹ کے اوپر ڈال دیں، مزید اور روسٹ کو تلے ہوئے آلووں کے ساتھ پیش کریں۔

میٹھی ٹکیاں

اجزاء: میدہ ایک کپ، سوجی ایک کپ، دودھ ایک کپ، ناریل پساہوا ایک کپ پیکنگ پاؤڈر، آدھا چائے کا چمچ، چینی پسی ہوئی ایک کپ، آئل یا گھی تین کھانے کے چمچے، آئل فرائی کے لیے۔

ترکیب:میدے میں بیکنگ پاؤڈر ڈال کر چھان لیں۔ سوجی میں میدہ، گھی، ناریل شامل کر کے گوندھیں۔ ضرورت ہو تو تھوڑا سا دودھ اور ملا لیں۔ تاکہ میدہ اچھی طرح گوندھا جاسکے۔ اب آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد بسکٹ نما ٹکیاں بنا کر ڈیپ فرائی کرلیں۔ میدے کی ایک چوتھائی انچ موتی سی روٹی بیل کر اپنی مرضی سے چوکور یا مثلث ٹکیاں بھی بنائی جاسکتی ہیں۔

آلو کوفتہ

اجزاء: آلو: ایک کلو، دھنیا دس گرام (پسا ہوا) کالی مرچ سات عدد، پیاز ایک عدد، لہسن پانچ جوے، گھی ڈھائی سو گرام، نمک حسب ذائقہ، گرم مسالہ پانچ گرام، خش خش پانچ گرام، سرخ مرچ پانچ گرام، بھنے چنے ڈیڑھ سو گرام، کلونجی تین گرام، بادام دو عدد، دہی پچاس گرام۔

ترکیب: آلو ابال لیں اور چھلکا اتار کر پیس لیں۔ خشک مسالوں کو پیس کر آلوؤں میں ملادیں اور یک جان کرلیں پھر اس کے گول گول کوفتے بنالیں۔ کڑاہی میں گھی ڈال کر کوفتوں کو تل لیجیے۔ جب سرخ ہوجائیں تو اتار لیں بقیہ گھی میں اوپر والا مسالہ، دہی میں تھوڑا سا پانی ملا کر خوب بھون لیجئے اور بعد میں بقدر ضرورت پانی ڈال کر اتار لیں۔ بعد میں کوفتوں کو ڈال دیجئے اور نہایت احتیاط سے نکالیے۔

آلو مصالحہ چاٹ

اجزاء: آلو ڈیڑھ کلو، ٹماٹر تین عدد، سبز مرچیں چار عدد، انار دانہ پچیس گرام (ایک اونس) چاٹ مصالحہ دو کھانے کے چمچ، اجوائن دو چٹکی، سرخ مرچ دو چائے کے چمچ پسی ہوئی ، آئل چھ کھانے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ۔ سفید زیرہ (پسا ہوا) تھوڑا سا۔

ترکیب: ٹماٹروں کو کش کرلیں، ادرک کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ آلو اُبال کر بڑے ٹکڑے میں کاٹ لیں۔ اس میں چاٹ مصالحہ، دھنیا زیرہ پاؤڈر اور پسی ہوئی سرخ مرچ ڈال دیں۔ انار دانہ بھون کر پیس لیں۔ برتن میں تیل گرم کریں اور اس میں کش کیے ہوئے ٹماٹر ڈال کر تقریباً تین سے چار منٹ تک پکائیں۔ ادرک شامل کر کے مزید دو منٹ کے لیے پکائیں۔ اس بات کا یقین رہے کہ تیل ٹماٹر سے الگ دکھائی دے۔ آلو بھی ملا دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آخر میں پسا ہوا انار دانہ اور نمک شامل کردیں۔ کٹے ہوئے سبز دھنئے کے ساتھ سجائیں اور گرم گرم پیش کریں۔

آلو کے دہی بھلے

اجزاء: آلو آدھا کلو، مٹر آدھا پیالی، نمک حسب ذائقہ، کٹی مرچ ایک کھانے کا چمچ، زیرہ بھنا ہوا ایک چائے کا چمچ، اجینو موتو آدھا چائے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، ہر دھنیا آدھی گٹھی۔ اجوائن ایک چٹکی۔ چاٹ مسالہ حسب ضرورت۔ دہی ایک کلو، بیسن دو کپ۔

ترکیب: آلو اور مٹر اُبال لیں۔ اُبلے ہوئے آلوؤں کو باریک مسل لیں۔ اب اس میں اُبلے ہوئے مٹر، نمک، مرچ، زیرہ اور اجینو موتو، لیموں کا رس اور کٹا ہوا ہرا دھنیا ملائیں اور کباب کی شکل میں بڑی ٹکیاں بنالیں۔ بیسن میں نمک، مرچ، اجوائن ملا کر پھینٹ لیں۔ دہی میں تھوڑا سا نمک ملا کر پھینٹ لیں۔ کڑھائی میں تیل گرم کریں۔ آلو کی ٹکیاں بیسن کے آمیزے میں ڈبو کر کڑھائی میں ڈالتی جائیں اور سنہرا ہونے تک تلیں ۔ تلے ہوئے بڑوں کو ڈش میں رکھ کر دہی بعد میں ڈالیں تہہ نہ لگائیں۔ علیحدہ علیحدہ رکھیں، پیش کرتے وقت پودینہ اور چاٹ مسالہ اوپر سے چھڑک کر دیں۔ املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

مکسڈ سبزیاں

اجزاء: ایک پیاز بڑا سائز موٹے کٹے ہوئے۔ آدھا پاؤ سبز مرچیں(پکوڑے والی)، آدھا انچ لمبی کٹی ہوئی (گول مرچیں)۔ تین عدد گاجریں کٹی ہوئی۔

سبزیاں: ڈیڑھ پاؤ ٹماٹر کٹے ہوئے۔ ایک پاؤ مشروم، نمک اور مرچ حسب ذائقہ۔

مصالحے: دو عدد بڑی الائچی موٹی کوٹی ہوئی۔ آدھا چائے کا چمچہ زیرہ موٹا کوٹا ہوا۔ آدھا چائے کا چمچ خشک لال مرچ کوٹی ہوئی۔ ایک چائے کا چمچ ادرک کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچ ہلدی۔ ایک جوا لہسن پسا ہوا۔

ترکیب: تین چائے کے چمچ تیل گرم کریں اور اس میں تمام مصالحے ڈال کر ایک منٹ فرائی کریں۔ پیاز ڈالیں اور انہیں دو منٹ پکائیں۔ گاجریں ڈال کر مزید دو منٹ پکائیں۔ مشروم، ٹماٹر اور مرچیں شامل کریں اور نمک مرچ ڈال کر سبزیاں ڈھک دیں اور ان کو اپنے پانی میں گلنے دیں۔

سبزی گولاش

اجزاء: دو کھانے کا چمچ تیل، دو پیاز درمیانہ سائز کٹے ہوئے۔ ایک گول چمچ (شوربے والا) گندم کا آٹا۔ ایک بھرا ہوا چمچ لال مرچ، کوٹی ہوئی۔ آدھا کلو ٹماٹر کٹے ہوئے۔ آدھا پوائنٹ گرم پانی۔ ایک چائے کا چمچ ٹماٹر کا گودا۔ آدھا کلو گوبھی کے پھول بمعہ ڈنڈی۔ ایک پاؤ گاجریں چوکور کٹی ہوئی ایک پاؤ سبز توری چوکور کٹی ہوئی۔ ایک پاؤ نئے آلو آدھے کٹے ہوئے۔ ایک عدد سبز مرچ باریک کٹی ہوئی۔ ایک پیالی دہی۔ نمک اور کالی مرچ۔

ترکیب: اوون کو 350 درجے حرات پر گرم کریں۔ سوس پین میں تیل گرم کریں اور اس میں آٹا اور تھوڑی سی مرچ شامل کر کے ایک منٹ بھون لیں۔ ٹماٹر اور پانی شامل کریں اور سوس کو ابال لیں۔ چمچہ مسلسل چلائیں۔ سبزیاں شامل کریں۔ نمک مرچ ڈالیں اور سبزیوں کو اوون پروف ڈش میں منتقل کر کے تیس منٹ کے لیے بیک کریں۔ بیک ہوجائے تو دہی ڈالیں اور کوٹی ہوئی سرخ مرچیں ڈال کر چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔

سبزی میکرونی سوپ

اجزاء: سرخ لوبیا ایک پیالی، سفید لوبیا ایک پیالی، آدھ پاؤ میکرونی۔ پچاس گرام سبز پھلیاں، ایک انچ لمبی کاٹ لیں۔ گاجریں درمیانہ سائز چوکور کاٹ لیں۔ مٹر ایک پیالی، نمک اور مرچ۔ پنیر چھڑکنے کے لیے۔

ٹمیٹو سوس کے لیے: دو ٹماٹر درمیانہ سائز، چار جوئے لہسن، ایک چائے کا چمچ نمک، دھنیا کی ایک گڈی۔

ترکیب: سرخ اور سفید لوبیا علیحدہ علیحدہ گلالیں۔ میکرونی کو بھی علیحدہ گلالیں اور ٹھنڈے پانی کے نیچے رکھ کر نتھار لیں۔ ٹماٹروں کا چھلکا اتار کر انہیں چاپ کرلیں۔ دھنیا کو بھی باریک کتر لیں۔ فوڈ پروسیسر میں لہسن، دھنیا، ٹماٹر، نمک اور مرچ کو پیس لیں یہاں تک کہ تمام چیزیں آمیزے کی شکل اختیار کرلیں۔ چلتے ہوئے فوڈ پروسیسر میں تیل شامل کریں۔ سوس پین میں پکا ہوا سفید اور سرخ لوبیا ڈالیں اس میں سبز پھلیاں، گاجریں، آلو اور نمک مرچ ڈالیں۔ پانی ڈال کر سبزیں کو ہلکی آنچ پر گلالیں۔ گلی ہوئی میکرونی کو سبزیوں کے سوپ میں شامل کریں۔ سوپ کو دوبارہ گرم کریں یہاں تک کہ ابلنے لگے۔ سوس پین کو آگ سے ہٹالیں اور اس میں ٹمیٹو مکسچر ملائیں۔ سوپ کو سرونگ ڈش میں ڈالیں اور اس پر پنیر چھڑکیں۔ سبزی میکرونی کی سوپ کو خستہ ڈبل روٹی کے ساتھ کھائیں۔ ٹوسٹ علیحدہ پلیٹ میں رکھیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں