لذیذ پکوان

شرکاء

ثابت پیاز کا سالن

اجزاء: پیاز کی یکساں چھوٹی چھوٹی ڈلیاں ایک کلو، گھی یا تیل ایک پیالی، چنے کی دال ایک پیالی، ادرک لہسن دو چائے کے چمچے، سرخ مرچ پسی ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا ناریل دو چائے کے چمچے، تل دو چائے کا چمچے، نمک حسب ذائقہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ہرا مصالحہ حسب ضرورت۔

ترکیب: چنے کی دال گلنے کے لیے چڑھا دیں۔ تیل گرم کر کے اس میں پیاز کی چھلی ہوئی ڈلیاں احتیاط سے تل لیں مگر ٹوٹنے نہ پائیں۔ پیاز نکال کر اس تیل میں مصالحے ڈال کر بھونیں اور ابلی ہوئی دال اس کے پانی کے ساتھ ڈال کر ڈلیوں کے ساتھ دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب شوربہ گاڑھا ہوکر گھی اوپر آجائے تو ہرا مصالحہ ڈال کر پیش کریں، ڈلیاں ثابت رہنی چاہیں۔

شاہی قورمہ

اجزاء:

گوشت: آدھا کلو

دہی: ایک کپ

انڈے: چھ عدد

خشک دھنیا: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لہسن: چار جوے

پیاز: دو عدد

زیرہ: ایک چائے کا چمچ

ادرک: دس گرام

سرخ مرچ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

گھی: حسب ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے انڈے ابال کر گول گول کاٹ لیں نصف دہی میں پسا ہوا خشک دھنیا، لہسن ادرک پیسٹ، نمک، سرخ مرچ، زیرہ اور ہلدی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں پھر گوشت کے حسب منشا ٹکڑے کرلیں اور دھوکر رکھ لیں اب ایک برتن میں مصالحے والا دہی ڈال کر ساتھ ہی گوشت کے ٹکڑے بھی شامل کردیں۔ اور دس منٹ تک میرینیٹ کرلیں، اس کے بعد ایک برتن میں گھی ڈال کر چولھے پر رکھیں اس میں پیاز سرخ کر کے گوشت سمیت ڈال کر پانچ منٹ تک بھونیں پھر باقی بچا ہوا دہی ڈال دیں اور تھوڑی دیر تک بھوننے کے بعد ہلکی آنچ پر پندرہ منٹ تک پکائیں اور ابلے ہوئے انڈے کے قتلے پھیلا کر ڈال دیں، اب آنچ مزید ہلکی کریں اور دس منٹ تک دم دینے کے بعد نیچے اتار لیں۔ مزیدار شاہی قورمہ تیار ہے گرم گرم نان کے ساتھ نوش فرمائیں۔

شہنشاہی کوفتے

اجزاء:

قیمہ: آدھا کلو

لہسن ادرک پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

پیاز: آدھا کپ

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر: دو چائے کے چمچ

انڈے: چھ عدد

چنے: بھنے ہوئے پچاس گرام

ہرا دھنیا: حسب منشا

سرخ مرچ پاؤڈر: حسب ذائقہ

نمک: حسب ذائقہ

گھی : حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک برتن میں قیمہ، نمک، پسے ہوئے چنے، تھوڑا سا سرخ مرچ پاؤڈر، گرم مصالحہ پاؤڈر، آدھی پیاز اور لہسن ادرک پیسٹ ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کریں اس برتن کو چولھے پر رکھ کر اس میں ایک بڑا گلاس پانی ڈال دیں اور قیمے کو ابالیں اور جب پانی خشک ہوجائے تو قیمہ نکال کر باریک پیس لیں اور قیمے کے کوفتے بنائیں اور الگ رکھ لیں۔

٭ انڈے ابال لیں اور چھیل کر باریک باریک قتلے کاٹ لیں۔ اس کے بعد ایک بڑے برتن میں پیاز سرخ کر کے لہسن ادرک پیسٹ، نمک، مرچیں اور ہلدی ڈال کر مصالحہ بھونیں، پانچ منٹ بعد اس میں دہی اور کوفتے ڈال کر بھونیں دس منٹ کے بعد پانی ڈالیں اور آدھا گھنٹہ تک ہلکی آنچ پر پکائیں اس کے بعد اس کے اندر انڈے ہرا دھنیا اور گرم مصالحہ ہلکی آنچ پر ڈال کر رکھ دیں، دس منٹ بعد چولھے سے اتار لیں لذیذ شہنشاہی کوفتے تیار ہیں۔ گرم گرم نان یا چاول کے ساتھ نوش فرمائیں۔

گوشت کا اچار

ضروری اشیاء:

گوشت : ایک کلو

لہسن: دو ڈلیاں

زیرا: ایک چائے کا چمچ

رائی: ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر: ایک چھوٹا ٹی سیون

لیمو : آدھا کلو

لال مرچ یا ہری مرچ: چھ یا سات ثابت

نمک :حسب ذائقہ

میٹھا تیل (کھانے کا تیل): ڈیڑھ پاؤ

چھلا ہوا لہسن:موٹا موٹا لہسن لیں۔ مکسر سے رائی اور زیرا کو تھوڑا دھیمی آنچ پر بھون کر اسے بھی پیس لیں

سب سے پہلے بھگونے میں میٹھا تیل گرم کریں۔ تیل گرم ہوجائے تو اس میں پسا ہوا لہسن ڈال کر اسے گلابی ہونے تک گرم کریں۔ ساتھ میں لال مرچ یا ہری مرچ بھی گرم کریں۔ پانچ یا چھ کی مقدار میں۔

تیل اگر زیادہ گرم ہوجائے تو اسے چولھے سے نیچے اتار کر اس میں زیرا، رائی، لال مرچ پاؤڈر، نمک حسب ذائقہ اور ہلدی پاؤڈر ڈال دیں اور اس میں پہلے سے گلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ گوشت میں اگر پانی ہے تو اسے سکھالیں، پھر لیمو کا رس ڈال کر دھیمی آنچ پر رکھیں۔ رس سوکھ جائے تو اتار لیں۔ بہت زیادہ بھی نہ سکھائیں کہ بھگونے کو لگنے لگے۔ اب اچار کا لطف حاصل کیجیے۔ اچار تیار ہے۔lll

سبزیاں سفید سوس کے ساتھ

اجزاء:

مٹر (چھلے ہوئے) سو گرام، بینز پچاس گرام کاٹ لیں، گاجر پچاس گرام کاٹ لیں، پھول گوبھی پچاس گرام گلچے کاٹ لیں، آلو پچاس گرام، چھلکا اتار کر کاٹ لیں، دودھ تین چوتھائی کپ، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، مکھن ایک کھانے کا چمچ۔

برائے گارنشنک

وائٹ پیپر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پنیر آدھا کپ کدوکش کیا ہوا، ٹماٹر دو سلائس کاٹ لیں، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: سبزیوں کو بھاپ میں پکائیں حتی کہ وہ گل جائیں۔ مکھن کو ایک پتیلی میں گرم کریں۔ کارن فلور ملا دیں اور ہلکی آنچ پر معمولی سافرائی کرلیں۔ چولھے پر سے اتار لیں اور دھیرے دھیرے دودھ ملاتی جائیں۔ مستقل چلاتی رہیں اور اس وقت تک پکائیں کہ گاڑھا ہوجائے۔ مصالحے ملادیں اور کدوکش کیا ہوا نصف پنیر بھی اور سبزیاں ملا دیں اور سوس کو اچھی طرح سے تیار کریں۔ اس مکسچر کو ایک اوون پروف ڈش میں منتقل کر دیں اور ٹماٹر کے سلائس ترتیب سے رکھ دیں اور بچا ہوا پنیر (کدوکش کیا ہوا) اوپر سے چھڑک دیں۔ ایک اوون میں معتدل درجہ حرارت پر بیک کریں۔ حتی کہ سطح پر سے مکسچر گولڈن براؤن ہوجائے، گرم گرم سرو کریں۔

گارلیک سوس

اجزاء:

ٹماٹر پیسٹ ایک کپ، لہسن تین ٹیبل سپون (پسا ہوا)، کوکنگ آئل تین چوتھائی کپ، سرکہ آدھا کپ، پیاز ایک عدد، ہری مرچ تین عدد، پاؤڈر سیاہ مرچ ڈیڑھ ٹی سپون، مسٹرڈ پاؤڈر ایک ٹی سپون، زیرہ دو ٹی سپون، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:

تمام اشیاء یعنی کوکنگ آئل،سرکہ، لہسن سیاہ مرچ، پیاز، ہری مرچ، نمک، مسٹرڈ پاؤڈر اور زیرے کو اچھی طرح سے مکس کر کے پیسٹ بنالیں۔ تین منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں، ٹھنڈا کر کے اپنی پسندیدہ روسٹ ڈش میں استعمال کریں۔

بابا گانوش

اجزاء:بینگن دو عدد، اچاری کھیرا ایک عدد، تیل ایک کھانے کا چمچ، لہسن چار جوئے، لیمن جوس دو کھانے کے چمچ، تابینی پیسٹ تین کھانے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، زیتون کا تیل حسب ضرورت، کٹے ہوئے اخروٹ حسب پسند۔

ترکیب:بینگن کو ڈائرکٹ آگ کے اوپر رکھ کر پکالیں۔ یاد رکھنا ہے کہ بینگن کو اتنا پکانا ہے کہ اندر سے کچا نہ رہے۔ پھر تھوڑا ٹھنڈا کر کے چھلکا اتار کر اچھی طرح چاپ کرلیں یا کسی چاپر میں ڈال کر باریک پیس لیں۔ پین میں تیل گرم کریں اور لہسن کے ثابت جوئے فرائی کریں، جب ہلکے براؤن ہوجائیں تو انہیں بھی باریک چاپ کر کے بینگن میں مکس کرلیں۔ اب ایک اچاری کھیرے کو بھی باریک چاپ کرلیں، ان سب چیزوں کو ایک پیالے میں ڈال کر ساتھ ہی لیمن جوس، تابینی پیسٹ اور اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور فریج میں رکھ دیں۔ جب کھانے کے لیے پیش کرنا ہو تو اوپر زیتون کا تیل ڈال کر کٹے ہوئے اخروٹ چھڑک دیں اور خوبزیا پیتا بریڈ کے ساتھ کھانے کے لیے سروے کریں۔

گارلک سٹک

اشیاء: بیف اسٹیک تین سو گرام آدھ کلو سے کم، لہسن چار جوئے پسا ہوا، ہری پیاز چھ عدد، کش شدہ ادرک کارس دو چائے والے چمچ، سرکہ، سویا ساس ایک ایک کھانے والا چمچ، کارن فلور دو چائے والے چمچ، نمک اور کالی مرچ ایک چائے والا چمچ۔

ترکیب:

گوشت کے باریک پارچے کرلیں۔ ہری پیاز باریک کاٹ لیں، گوشت پر تمام اجزاء بمعہ پیاز، لہسن ادرک کا جوس وغیرہ لگا کر رات بھر فریج میں رکھ دیں۔ جالی کو چکنا کر کے کوئلوں پر رکھ کر اسٹیکس پکائیں یا بھاری پیندے والے فرائین پین میں تل لیں۔

چائنیز چلی سوس

اجزاء: پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، کٹی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، کٹی ہری مرچ، دو تاتین عدد، نمک آدھا چائے کا چمچ، کٹا لہسن ایک جوا، ٹماٹر کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، لیمن سالٹ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کارن فلور ایک چائے کا چمچ، چینی آدھا چائے کا چمچ، چائنیز سالٹ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پانی تین کپ، سفید سرکہ ایک کھانے کا چمچ، کھانے کا لال رنگ ایک چٹکی۔

ترکیب:کپڑے کے ایک صاف ٹکڑے میں پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، دو سے تین کٹی ہری مرچ اور کٹا لہسن ڈال کر پوٹلی بنا لیں۔ ایک پین میں پانی ڈالیں اور مصالحوں والی پوٹلی پانی میں ڈال کر پانچ سے سات منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر پکائیں اور پوٹلی کو نچوڑ کر پانی سے نکال لیں۔ اب سوس پین میں نمک، چینی، چائنیز سالٹ، ٹماٹر کا پیسٹ اور لال رنگ ڈال کر ابال آنے تک پکائیں۔ پھر کارن فلور کو پانی میں حل کر کے سوس پین میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں، اب سفید سرکہ شامل کریں اور چولہا بند کردیں۔ براؤن ہونے پر سوس کو ایک صاف بوتل میں ڈال کر فریج میں رکھ دیں۔ استعمال کرنے سے پہلے بوتل کو ہلالیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146