لذیذ پکوان

ماخوذ

آلو کی فیرنی

اجزاء: آلو ایک پاؤ، دودھ دو سیر، چینی ڈیڑھ پاؤ، بادام آدھی چھٹانک، کیوڑہ، پستہ اور چاندی کے ورق حسبِ پسند۔

ترکیب: آپ آلوؤں کو سب سے پہلے ابال لیں اور ان کو چھیل کر سل پر بالکل باریک پیس لیں۔ ایک دیگچی میں دودھ ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ جب دودھ آدھا رہ جائے تو اس میں پسے ہوئے آلو ملادیں اور اچھی طرح چمچہ چلاتی جائیں جب فرنی گاڑھی ہوجائے تو اس میں چینی ملادیں چینی کا پانی خشک ہونے پر اس میں کیوڑہ اور الائچی کے دانے نکال کرڈال دیں اور اتارلیں۔ پلیٹوں میں نکال کر ٹھنڈی جگہ پر رکھ دیں تاکہ جم جائے پستہ اور بادام کاٹ کر اوپر ڈال دیں۔

افغانی بریانی

اجزاء: ثابت چکن ایک کلو، چاول تین پیالی، ٹماٹر آدھا کلو، تلی ہوئی پیاز ایک پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، ڈالڈا کوکنگ آئل ایک پیالی۔

سجانے کے لیے: تازہ اناردانہ ایک پیالی۔

ترکیب: ٭ چاولوں کو صاف کرکے بیس منٹ بھگو کر رکھ دیں۔ پھر دس سے بارہ پیالی ابلتے ہوئے پانی میں تین سے چار منٹ تک چاول ابالیں اور چھلنی میں ڈال کر پانی نکال لیں۔

٭ چکن کو صاف کرکے دھولیں اور گہرے کٹس لگالیں۔ کڑاہی یا گہری دیگچی میں ڈالڈا کوکنگ آئل کو چار سے پانچ منٹ تک گرم کریں۔ آنچ تیز کرکے چکن کوسنہرا فرائی کرلیں۔

٭پھر پیاز اور ٹماٹر کو تین پیالی پانی کے ساتھ اچھی طرح پیس کر چکن میں ڈال دیں۔ نمک اور کالی مرچ ڈال کر ڈھک دیں اور ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ شوربے کی مقدار آدھی رہ جائے۔

٭ بڑے سائز کی دیگچی میں آدھے چاول پھیلا کر ڈالیں اور درمیان میں چکن رکھ کر اوپر سے بقیہ چاولوں سے ڈھک دیں۔

٭ ٹماٹر کی گریوی کو کناروں سے ڈال کر ڈھک کر ہلکی آنچ پربیس منٹ تک پکائیں۔ چکن کو علاحدہ نکال کر چاولوں کو اچھی طرح ملالیں اور ڈش میں نکال لیں۔

پریزنٹیشن:بڑی گول پلیٹ میں پہلے چاول نکالیں اور درمیان میں گڑھا سا کرکے چکن رکھ دیں۔ کناروں پر انار دانے سے سجالیں۔

ٹپ: بہتر ہے کہ ٹماٹروں کو ہمیشہ چھیل کر استعمال کریں۔

کوفتے

اجزاء: قیمہ ایک سیر، چینی ایک سیر، کھویا آدھا پاؤ، سوجی آدھا پاؤ، لیموں دو عدد۔ ناریل، کشمش، بادام، پستہ اور کیوڑہ حسبِ پسند، نمک ذرا سا گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: قیمے کو صاف سل پر باریک پیس لیں اور اس میں نمک ملادیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر اس میں کھوئے اور سوجی کو الگ الگ بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑی سی چینی اور کشمش ملادیں اور ناریل، بادام کی چھلی ہوئی گری اور پستہ باریک کتر کر ملالیں۔ پھر قیمے کے کوفتے بناتے وقت یہ میوے وغیرہ اس میں بھی بھردیں اور انہیں ہلکی آگ پر اتنا تلیں کہ یہ سرخ نہ ہوں۔ چینی کا قوام اس سے قبل تیار کرلیں اور اس میں لیموں کا عرق ملادیں۔ جب آپ کوفتے تلتے جائیں تو نکال کر اس قوام میں ڈال دیں تاکہ شیرہ جذب ہوجائے۔ جب ٹھنڈے ہوجائیں تو کیوڑہ ڈال کر نوش فرمائیں۔

ماہی کباب

اجزاء: ایک کلو گوشت بغیر ہڈی کے، آدھ پاؤ پیاز، چار عدد لیموں، آدھ چھٹانک لہسن، آدھا چائے کا چمچ گرم مصالحہ، آدھ پاؤ بیسن، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، تلنے کے لیے تیل۔

ترکیب:(۱) گوشت کو پارچے بنوا کر قتلوں کی صورت میں کٹوالیں۔

(۲) پیاز و لہسن کو باریک پیس لیں (سل یا چاپر میں) اس میں سے آدھی مقدار کو گوشت میں ڈالیں۔ نمک و سرخ مرچ بھی ڈال دیں۔ اور گلنے کے لیے پانی ڈال کر چولہے پر دھیمی آنچ پر رکھ دیں ۔ گوشت گل جائے تو علیحدہ نکال لیں اور یخنی کو چھان لیں یہ تقریباً ایک کپ ہو۔

(۳) ایک چھانی ہوئی یخنی میں بیسن اور بقایا آدھا لہسن و پیاز پسا ہوا ڈال دیں۔ نمک مرچ چکھ لیں۔ کم ہو تو مزید ڈال لیں۔ گرم مصالحہ بھی ڈال دیں۔ (پسا ہوا) اب اس کو پھینٹ کر محلول بنالیں۔

(۴) تیل کو گرم کریں۔ ابلے ہوئے گوشت کے قتلے بیسن کے محلول میں ڈبو ڈبو کر تل کر سنہری کرلیں۔

(۵) تھوڑا لہسن پیس کر اس میں لیموں کا رس نچوڑ کر ملائیں اور تلے ہوئے قتلوں پر ڈال کر یا ساتھ رکھ کر پیش کریں۔ بہت مزے دار ڈش تیار ہے۔

خوبصورت سی پلیٹ میں رکھ کر ساتھ لیموں کی قاشیں اور ٹماٹر کے پھول بناکرسجادیں۔

سندھی بریانی

اجزاء: باسمتی چاول ایک کلو، بکرے کا گوشت ایک کلو، دہی ایک پیالی، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، پسا ہوا دھنیا دو کھانے کے چمچ، ادرک، لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، ملا جلا گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، آلوبخارہ ایک پاؤ (ایک پیالی میںگرم پانی میں بھگودیں)، پودینہ ایک گڈی، ہری مرچ چھ عدد، لیموں چار عدد، آلو آدھا کلو، ٹماٹر چار عدد، زردہ کا رنگ چوتھائی چائے کا چمچ، دودھ آدھی پیالی، پیاز درمیانے سائز کی چار عدد، تیل دو کھانا پکانے والے چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز کو براؤن کرلیں۔ جب پیاز براؤن ہوجائے تو آدھی نکال کر اخبار پر پھیلادیں۔ آدھی میں گوشت اور سارے مصالحے مع دہی کے ڈال دیں۔ جب گوشت کا پانی سوکھ جائے اور گوشت گل جائے تو آلو بخارے کی گٹھلیاں نکال لیں اور اچھی طرح سے رس نکال کر گوشت میں ڈال دیں۔ ساتھ میں آلو، ٹماٹر اور ہری مرچیں بھی ڈال دیں اور تھوڑا سا بھون کر اتارلیں۔

ایک بڑی دیگچی میں چاول چڑھادیں۔ چاولوں کے پانی میں تھوڑا سا پودینہ، ثابت گرم مصالحہ اور دو تین ہری مرچیں ڈال دیں۔ جب چاول دو کنی ہوجائیں تو چھلنی میں چھان لیں، پھر ایسی دیگچی میں باری باری گوشت اور چاول کی تہہ لگائیں اوپر سے تلی ہوئی پیاز اور گرم دودھ میں زرد رنگ ملا کر پھیلا کر ڈال دیں۔ لیموں کا عرق چھڑک دیں۔ توے کے اوپر تیز آنچ میں رکھ کر دم دیں۔ جب چاولوں کے اوپر بھاپ آجائے تو آنچ ہلکی کردیں۔ لیجیے مزیدار سندھی بریانی تیار ہے۔

کیلے کی کھیر

اجزاء: کیلے ۴ عدد، دودھ ایک لیٹر، چینی آدھا کلو، سبز الائچی ۴ عدد، بالائی ایک پیالی، پستہ آدھا کپ، بادام ایک کپ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب: کیلے چھیل کر موٹے موٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیجیے۔ بالائی کو پھینٹ کر اس میں الائچی کے دانے پیس کر ملا دیں۔ دودھ کو ابال کر اس میں بالائی ملادیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ دس منٹ بعد چینی ملادیں۔ چمچ مسلسل ہلائیں۔ جب دودھ اور بالائی کا آمیزہ گاڑھا ہوجائے تو کیلے کے قتلے ڈال دیں اور پانچ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ کیوڑہ ڈال کر ڈھکن رکھ دیں اور چولہا بند کردیں۔ اس کھیر میں کیلے کے ٹکڑوں کو مکس نہیں کرنا ہے ورنہ مزہ بدل جائے گا۔ کھیر تیار ہوجائے تو شیشے کے باؤل میں ڈال کر ٹھنڈا ہونے کو رکھ دیں۔ یہ کھیر جتنی ٹھنڈی ہوگی اتنا مزہ دے گی۔

نرگسی کوفتے

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، انڈے ۵ عدد، پیاز ۳ عدد، لہسن ایک گٹھی، ادرک ایک گانٹھ، پسا ہوا گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ، سوکھا دھنیا ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، چنے کی دال ایک کپ، گھی ایک پیالی، ہری مرچ ۴ عدد، کٹا ہوا ہرا دھنیہ دو کھانے کے چمچ، ٹماٹر دو عدد۔

ترکیب: قیمے میں چنے کی دال، لہسن کے چھ جوئے، ایک عدد پیاز، ادرک تھوڑی سی، نمک اور سرخ مرچ حسبِ ذائقہ ڈال کر پکائیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور دال گل جائے تو اسے گرم گرم پیس لیں۔

چار عدد انڈوں کو سخت ابال لیں۔ ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر الگ رکھ لیں۔ لہسن اور ادرک کو پیس لیں۔ خشک دھنیا اور سفید زیرہ بھی پیس لیں۔

دو عدد پیاز کو لچھے دار کاٹ کر گھی میں سرخ کریں۔ جب پیاز سرخ ہوجائے تو نکال کر پیس لیں اسی گھی میں ادرک اور لہسن کو بھونیں۔ سوکھا دھنیا اور سفید زیرہ بھی ڈال دیں۔ اب ٹماٹر ڈال کر خوب اچھی طرح مصالحہ بھونیں جب مصالحہ خوب یکجا ہوجائے تو اس میں دو پیالی پانی ڈال دیں۔ دھیمی آنچ پر آدھ گھنٹہ پکنے دیں۔ جب گاڑھی گریوی تیار ہوجائے تو کٹا ہوا سبز دھنیا اور گرم مصالحہ ملادیں اور چولہا بند کردیں۔

پسے ہوئے قیمے میں گرم مصالحہ، سبز مرچ اور ہرا دھنیا ملائیں اور قیمے کو ابلے ہوئے انڈوں کے گرد لپیٹ دیں اور کوفتے تیار کرلیں۔ فرائی پین میں گھی گرم کریں ۔ ایک عدد انڈا پھینٹ کر اس میں کوفتے بھگو بھگو کر تل لیں۔ سرخ ہوجائیں تو تیار شدہ شوربے میں ہر کوفتے کے دو دو ٹکڑے کرکے ڈال دیں۔ لیجیے نرگسی کوفتے تیار ہیں۔

کھوئے کی کھیر

اجزاء: دودھ ایک لیٹر، چھوٹی الائچی ایک کھانے کا چمچ (دانے) کھویا ایک پیالی، چاندی کے ورق حسبِ ضرورت، چاول آدھا کپ،کٹے ہوئے بادام دو کھانے کے چمچ، چینی ایک پیالی، عرق گلاب چند قطرے۔

ترکیب: چاول کو صاف دھو کر ابال لیں اور ان کو خوب اچھی طرح مسل لیں۔ دودھ کو ابال کر چاولوں کو اس میں ملادیں اور پکائیں۔ جب دودھ اور چاولوں کا آمیزہ گاڑھا ہونے لگے تو کھویا ہاتھ سے مسل کر شامل کردیں۔ چمچ مسلسل ہلائیں تاکہ کھیر دیگچی کے اندر نہ لگنے پائے۔ اب اس میں چینی اور الائچی کے دانے ڈال دیں اور کٹے ہوئے بادام ڈال کر عرقِ گلاب کے چند قطرے ملائیں اور دو منٹ کے لیے ڈھکن لگاکر چولہا بند کردیں۔ کھیر کو ڈش میں نکال کر چاندی کے ورق لگائیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں