لذیذ پکوان

ماخوذ

پنیر اور شملہ مرچ ٹوسٹ کے ساتھ

ایک آسان اور مرغوب سنیک

تیاری کے لیے درکار وقت : ۱۰؍منٹ

پکانے کے لیے درکار وقت: ۳۰ منٹ

اجزاء (چھ سے آٹھ افراد کے لیے): پنیر ۲۲۵ گرام (آٹھ اونس)، پیاز ایک عدد، شملہ مرچ ایک عدد ثابت، ٹماٹو کیچپ آدھا کپ، چلی ساس دو چائے کے چمچ، سرخ مرچ ¼ چائے کے چمچ پسی ہوئی، ڈبل روٹی ایک عدد (سلائس)، مکھن دو کھانے کے چمچ، گھی دوکھانے کے چمچ، پنیر چار کھانے کے چمچ کش کیا ہوا، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: (۱) پنیر، پیاز اور شملہ مرچ کو باریک کاٹ لیں۔ (۲) کٹر کی مدد سے سلائسز کے کنارے الگ کرلیں۔ (۳) دوسری طرف کے ہر حصے میںتقریباً ڈیڑھ انچ گہرا سوراخ (درمیان میں کریں)۔ (۴) چکنائی لگے بیکنگ ٹرے میں پہلے بغیر سوراخ والے ٹوسٹ کے حصے رکھیں اور پھر وہ حصے رکھیں جن کے اوپر سوراخ کیے گئے تھے۔ (۵) پگھلے ہوئے مکھن کے ساتھ ان سلائسز پر برش پھیریں اور خستہ ہونے تک گرم اوون میں 400ºf پر دس منٹ تک بیک کریں۔ (۶) کڑاہی یا پین میں گھی گرم اور پیاز کو ایک منٹ کے لیے فرائی کریں۔ (۷) سرخ مرچ ملاکر دوبارہ ایک منٹ کے لیے تل لیں۔ (۸) آنچ بند کردیں اور اس میں پنیر، ٹماٹو کیچپ، چلّی ساس، سرخ مرچ پاؤڈر اور نمک شامل کریں۔ (۹) ہر ثابت حصے پر اس فلنگ کی تھوڑی مقدار بکھیریں اور اس کے اوپر سوراخ والا حصہ رکھ دیں۔ (۱۰) اب ان سب سلائسز کے اوپر پنیر چھڑکیں اور گرم اوون میں 400ºf پر دس منٹ کے لیے بیک کریں۔ گرم گرم پیش کریں۔

ٹوسٹ پر پنیر کی تہہ

تیاری کے لیے درکار وقت: ۱۰؍منٹ

پکانے کے لیے درکا روقت: ۲۰؍منٹ

اجزاء (چھ تا آٹھ افراد کے لیے): پنیر ایک کپ کش کیا ہوا، پیاز آدھا کپ باریک کوٹی ہوئی، چلّی ساس دو سے تین چائے کے چمچ، مکھن تین چائے کے چمچ، سلائس چھ عدد، نمک چٹکی بھر۔

ترکیب: (۱) مکھن اور پنیر کو اچھی طرح سے پھینٹ لیں۔ (۲) اب پیاز، چلّی ساس اور نمک کو اس میں ملادیں۔ (۳) ڈبل روٹی کے سلائس کو چکنے بیکنگ ٹرے میں رکھیں اور گرم اوون میں 400ºfپر پانچ منٹ کے لیے بیک کرلیں۔ اسے ٹھنڈا ہونے دیں اب ہر سلائس پر فلنگ کی تہہ بچھائیں۔ (۴) پیش کرنے سے پہلے گرم اوون میں 450ºfپر دس منٹ کے لیے بیک کریں۔

چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر پیش کریں۔

چکن سلائس

اجزاء: مرغ ایک عدد، گھی چار بڑے چمچ، یخنی چار بڑے چمچ، سویا ساس دو چمچ، گوبھی کا پھول ایک عدد چھوٹا، کارن فلور دو چمچ، نمک حسبِ منشاء، مرچ حسبِ منشاء۔

ترکیب: مرغی کے مناسب سلائس بنالیں۔ نمک اور کارن فلور کر ساس مل دیں۔ گوبھی کو چکن سلائس کے سائز میں کاٹ لیں۔ دیگچی میں پانی ڈالیں اور گوبھی ابال لیں۔ فرائی پین میں دو چمچ تیل بگھار کر مرغ فرائی کرلیں۔ اب گوبھی اور باقی گھی بھی ڈال دیں دو منٹ فرائی کرنے کے بعد سویا ساس، نمک بھی ڈال دیں۔ گوشت کو الٹ پلٹ کرتے رہیں۔ پانچ منٹ تیز آنچ پر فرائی کرنے کے بعد اتارلیں۔

آلو اور ساگودانہ کے رول

تیاری کے لیے درکار وقت: ۲۰ ؍منٹ

پکانے کے لیے وقت: ۲۰؍ منٹ

اجزاء (چھ سے آٹھ افراد کے لیے): آلو چار عدد، سبز مرچیں باریک کٹی ہوئیں ۳ عدد، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، خشک دھنیا ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ نمک حسبِ ذائقہ

کورنگ کے لیے اشیاء: میدہ ڈیڑھ کپ، گرم گھی دو کھانے کے چمچ، نمک آدھا چمچ، میدہ آدھا کپ (پیسٹ بنانے کے لیے)، ساگودانہ دو کھانے کے چمچ۔

رولز کے لیے: تیل ڈیپ فرائی کے لیے، میٹھی چٹنی (پیش کرنے کے لیے)

ترکیب: (۱) آلو کو باریک کاٹ لیں۔

(۲) اس میں سبز مرچیں، گرم مسالہ، لیموں کا رس اور نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ اب اسے کچھ دیر کے لیے علیحدہ رکھ دیں۔

(۳) ساگودانے کو تقریباً ایک گھنٹے کے لیے ایک پیالی پانی میں بھگودیں۔

(۴) میدے میں ایک کپ پانی شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور پیسٹ بنا لیں۔

(۵) میدہ، گھی اور نمک کو اچھی طرح مکس کریں پانی کی مناسب مقدار کے ساتھ گوندھ لیں۔

(۶) گوندھے ہوئے آمیزے سے چھوٹی چھوٹی روٹی بیل لیں اور ہر روٹی کے درمیان میں مناسب بھرت یا fillingرکھتی جائیں۔

(۷) سموسوں کی شکل میں روٹی کو لپیٹیں اور پیسٹ کی مدد سے دو کناروں کو بند کرکے تیسرے حصے میں ساگودانہ چھڑک دیں۔

(۸) باقی پوڑیوں کے ساتھ بھی یہ طریقہ دہراتی جائیں۔

(۹) ان رولز کو گرم تیل میں فرائی کریں۔

میٹھی چٹنی کے ساتھ گرم گرم نوش فرمائیں۔

چٹنی والا چکن

اجزاء: مرغ کے سینے کے پیس ۴ عدد، مکھن ۳ اونس، کھیرا ایک عد د(چھلا ہوا)، پنیر ایک کپ (کدوکش کی ہوئی)، کارن فلور دو چائے کی چمچ، دودھ ایک کھانے کا چمچ، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل ایک تہائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی)،لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ

ڈریسنگ کے لیے: ٹماٹر دو عدد، لیموں ایک عدد، سبز مرچ دو عدد۔

ترکیب: دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اور کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے گرم مکھن میںڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کی ہوئی چیز ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہ چیز پگھل نہ جائے۔

دودھ میں کارن فلور ملا کر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تو نمک، مرچ، جائفل اور لیموں کا رس ملادیں اب اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغی کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کر ڈش میں سجادیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔

ٹماٹر گوشت (چین)

چین میں زیادہ تر یہ ڈش ہر ہوٹل میں ہی ملتی ہے۔ یہ منٹوں میں تیار ہوجاتی ہے۔ اسے ابلے ہوئے چاول یا نوڈلز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

(۱)½پونڈ باریک کٹے ہوئے بیف میں دو کھانے کے چمچ سویا ساس، دو کھانے کے چمچ سرکہ اور دو چائے کے چمچ کارن اسٹارچ لگا کر آدھ گھنٹہ رکھ دیں۔

(۲) اب ایک پیالے میں مندرجہ ذیل اشیاء ملائیں: ایک تہائی کپ یخنی مرغ کی ایک کھانے کا چمچ سویا ساس ، ¼ ٹماٹو کیچپ ایک کھانے کا چمچ سرکہ، ایک چائے کا چمچ چلّی ساس ایک چائے کا چمچ تلوں کا تیل، دو چائے کا چمچ چینی اس سب کو ملائیںاور ایک طرف رکھ دیں۔

(۳) تیز آنچ پر کڑاہی رکھیں اور گرم ہونے پر دو کھانے کے چمچ تیل ڈالیں۔

(۴) گوشت کو اس میں ڈال کر ہلکا گلابی تل لیں۔ اور نکال کر رکھ دیں۔

(۵) کڑاہی میں ایک کھانے کا چمچ تیل ڈال کر گرم کریں۔ ایک چائے کا چمچ لہسن پیس کرڈالیں۔ ساتھ ہی ایک پیاز ایک ایک انچ چوکور کٹا ہوا ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک شملہ مرچ ایک ایک انچ چوکور کٹی ہوئی اور چند سیکنڈ فرائی کرنے کے بعد پیالے میں جو ساس گھول کر رکھی ہوئی تھی ڈال دیں۔ ساتھ ہی دو عدد درمیانہ سائز کے ٹماٹروں کو آٹھ آٹھ پھانکوں میں کاٹ کر ڈال دیں۔ گرم ہونے پر تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ ڈھائی چائے کے چمچ کارن اسٹارچ کو دو کھانے کے چمچ پانی میں گھول کر اس گوشت میں شامل کریں اور پکا کر گاڑھاکرلیں۔ ٹماٹر گوشت تیار ہے۔

نوٹ:- اگر ٹماٹروںکا چھلکا اتار کر کاٹنا چاہیں تو پہلے ان کو پندرہ سیکنڈ کے لیے ابلتے پانی میں ڈبو کر پھر برف والے یخ پانی میں ڈبودیں۔ چھلکا آسانی سے اتر جائے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں