لذیذ پکوان

ماخوذ

چائنیز گوشت

اجزاء: گائے کا گوشت (انڈرکٹ) آدھا کلو (بارہ پارچے) ، پیاز ایک عدد، پسا ہوا لہسن ایک کھانے کا چمچ، بند گوبھی چار ٹکڑے (دو انچ مربع سائز میں کٹے ہوئے)، ہری مرچ چھ عدد (دو دو لمبے ٹکڑے کٹے ہوئے بارہ عدد)، سویا ساس تین کھانے کے چمچ، کوکنگ آئل ایک کپ، چینی دو کھانے کے چمچ، پسی سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ، میدہ ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: آئل کو گرم کریں اور اس میں پیاز کو فرائی کرکے نکال لیں۔ اسی آئل میں گوشت ڈال کر تین چار منٹ تک فرائی کریں اور پھر اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت کے پارچے اس میں ڈوب جائیں۔ گوشت کو ڈھکن لگا کر پندرہ منٹ تک پکائیں۔ پندرہ منٹ بعد گوشت کو نکال لیں اور یخنی الگ کرلیں۔ ایک دیگچی میں آئل گرم کریں اور اس میں پسا ہوا لہسن ڈال کر فرائی کریں پھر ابلے ہوئے پارچے ڈال کر نمک ملائیں اور تلی ہوئی پیاز بھی شامل کردیں اور ان سب کو فرائی کریں۔ تین چار منٹ بعد بند گوبھی اور ہری مرچ کے لمبے لمبے ٹکڑے ڈال دیں اور تیز آنچ پر مزید دو منٹ تک فرائی کریں۔ میدے کو یخنی کے ساتھ حل کرکے پتلا مرکب سا تیار کرلیں۔ اس میں سویا ساس اور سرخ مرچیں ملادیں اور گوشت کے پارچوں کے اوپر ڈال کر چند منٹ پکنے دیں اور گاڑھا ہوجائے تو اتار کر گرم ڈش میں انڈیل دیں۔ بے حد لذیذ چائنیز بیٹ ود ہاٹ ساس تیار ہے۔

سادہ گوشت

گوشت بیف ڈیڑھ کلو (بغیر ہڈی)، گھی ایک پیالی، پیاز تین عدد (باریک کٹا ہوا)، پسا ہوا لہسن دو گٹھی ، ادرک ایک ٹکڑا (باریک کٹی ہوئی)، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا چھلکا ایک کھانے کا چمچ، ثابت سرخ مرچ ۵؍عدد، ٹماٹر کی پیسٹ ایک پیالی، ناریل کا دودھ ڈیڑھ پیالی، ثابت دھنیہ ڈھائی چائے کے چمچ، زیرہ دو چائے کے چمچ، دارچینی دو ٹکڑے (چھوٹے چھوٹے)، لونگ ۸؍عدد، الائچی کے دانے آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سوئے کے بیج ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، سبز دھنیہ۔

ترکیب: ثابت دھنیہ، زیرہ، دارچینی، لونگ، سبز الائچی کے دانے، سوئے کے بیچ کو ایک چائے کی چمچ گھی میں ہلکا سا بھون کر پیس لیں۔ ایک دیگچی میں باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر گھی میں فرائی کریں۔ ہلکا سا پیاز فرائی ہوجائے تو ادرک اور لہسن بھی ڈال دیں۔ جب یہ تینوں فرائی ہوکر سنہری ہوجائیں تو پسے ہوئے مصالحے، ہلدی، نمک اور ثابت سرخ مرچ موٹی کٹی ہوئی ڈال دیں اور تھوڑا سا پانی ملا کر بھونیں۔ جب مصالحہ بھون لیں تو گوشت ملادیں۔ اور اسے اس وقت تک بھونیں جب تک اس کی رنگت گلابی نہ ہوجائے۔ گوشت اچھی طرح بھون چکیں تو ٹماٹر کی پیسٹ اور ناریل کا دودھ ڈال کر ڈھکن لگادیں۔ آنچ دھیمی کردیں اور گوشت کو پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے تو سبز دھنیہ چھڑکیں اور ڈونگے میں نکال کر کھانے کی ٹیبل پر لے آئیں۔

شاؤ چاؤفش

اجزاء: مچھلی دو کلو، پسی ادرک دو کھانے کے چمچ، سبز پیاز ۴ عدد، سرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ، سرخ مرچ ثابث دو عدد، چقندر ایک عدد، سنترے کے چھلکے ڈیڑھ چائے کے چمچ، کوکنگ آئل حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ضرورت۔

ساس کے لیے اجزاء: کارن فلور دو کھانے کے چمچ، پانی چھ کھانے کے چمچ، سویا ساس تین کھانے کے چمچ، چلی ساس تین کھانے کے چمچ، سرکہ آدھا کپ، سنترے کا جوس آدھا کپ، ٹماٹر پیوری دو کھانے کے چمچ، چینی ڈھائی کھانے کے چمچ۔

ترکیب: مچھلی صاف کرکے اچھی طرح سے دھولیں اور اس کے اندر اور باہر پسا ہوا نمک اور ادرک لگا کر ایک گھنٹہ پڑا رہنے دیں۔ پیاز کو باریک کاٹ لیں۔ سبز مرچ، سرخ مرچ، چقندر اور سنترے کے چھلکے باریک کاٹ لیں۔ کارن فلور کا پانی کے ساتھ پتلا پتلا آمیزہ بنائیں اور اس میں پیاز، سبز مرچ، سرخ مرچ، چقندر اور سنترے کے چھلکے ملادیں۔ مچھلی کو بیکنگ ڈش میں رکھ کر اس کے اوپر اچھی طرح چمچ سے آئل ڈالیں۔ (مچھلی کا اگر پانی نکل آیا ہے تو بیکنگ ڈش میں مچھلی رکھنے سے پہلے یہ پانی نکال دیں۔) مچھلی پر آئل لگا کر ۲۰؍منٹ تک اوون میں رکھ دیں ۔ کارن فلور والے آمیزے کو دو چمچ کوکنگ آئل کے ساتھ فرائی کریں۔ اس آمیزے کو فرائی کرتے وقت مسلسل چمچ ہلائیں۔ اب اس میں سویا ساس، چلی ساس سرکہ، سنترے کا جوس، ٹماٹر پیوری اور چینی ملائیں اور چمچ سے ہلاتے رہیں، ساس کا یہ آمیزہ تیار ہوجائے گا تو گاڑھا گاڑھا بیک کی ہوئی مچھلی کے اوپر انڈیل کر گرم گرم سادہ چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

ہری پیاز کے عربی پراٹھے

اجزا: قیمہ (درمیانہ کٹا ہوا) آدھا کلو، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی) تین عدد، آٹا یا میدہ حسب ضرورت، ادرک (باریک کتری ہوئی ) ایک کھانے کاچمچ، ہری مرچ (باریک کتری ہوئی) تین عدد، ہرا دھنیا اور پودینہ (کترا ہوا) چار کھانے کے چمچ، انڈے دو عدد، لیموں کارس ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی چار عدد، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچ، ڈالڈا کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پتیلی میں آدھا کپ آئل گرم کرکے چھوٹی الائچی تڑکائیں اور قیمہ ڈال کر کچھ دیر بھونیں۔ اب اس میں کالی مرچ، سیاہ زیرہ اور نمک بھی شامل کریں، جبکہ ساتھ ہی ادرک، ہری پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیا و پودینہ کی نصف مقدار ملا کر پانچ منٹ تک بھونیں اور پھر ڈیڑھ کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر قیمے کو گلنے دیں۔ جب تک قیمہ گل رہا ہے اس دوران انڈوں کو پھینٹ کر ان میں بقیہ ہری پیاز، ہری مرچ، ادرک، ہرا دھنیہ ، پودنیہ اور لیموں کارس اچھی طرح ملادیں۔ آٹے یا میدے کو دودھ سے گوندھ کر حسبِ پسند پیڑے تیار کرکے رکھ لیں۔ قیمے اور ہری پیاز کو گل جانے پر اچھی طرح بھون لیں اور اب بھنے ہوئے قیمے میں انڈا ملے ہوئے مسالے بھی شامل کرکے اچھی طرح یکجان کرلیں۔ آٹے کے پیڑے کو گھی یا آئل لگا کر پھیلائیں اور اس پر حسبِ منشاء قیمہ اور ہری پیاز کا آمیزہ ڈال کر چوکور شکل کے پراٹھے بیل لیں اور سیدھے تو ے پر تل لیں، اناردانے کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ بڑامزہ دیں گے۔

چینی کباب

یہ ڈش بھی چکنائی کے بغیر تیار کی جاتی ہے۔ چکنائی سے پرہیز کرنے والوں کے لیے نہایت آسان ترکیب۔

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، پیاز دو عدد، ادرک پسا ہوا چائے کا چمچہ، سویا ساس کھانے کے تین چمچے، بندگوبھی باریک کٹی ہوئی کھانے کے دو چمچے، میدہ چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ضرورت، اجی نوموتو چائے کا آدھ چمچہ

ترکیب: قیمہ مشین میں یا (سِل پر) باریک پیس لیں۔ پیاز بھی باریک پیس لیں۔ پھر قیمہ میں پیاز، ادرک، گوبھی، کھانے کے دو چمچے سویا ساس نمک، اجی نو موتو، یہ سب چیزیں شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔ اس کے بعد قیمے کی گول اور قدرے چپٹی ٹکیاں بنالیں، ٹکیاں زیادہ پتلی نہ ہوں۔ فرائی پین میں بقیہ سویا ساس، پانی اور کباب ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ پانی اتنا ڈالیں کہ کباب گل جائیں اور اس میں گوشت کی بو باقی نہ رہے۔ پانی معمولی سا رہ جائے تو کباب ڈش میں نکال لیں اور فرائی پین میں بچ رہنے والے پانی میں میدہ ڈال کر چند منٹ پکائیں جب گاڑھا ہوجائے تو کبابوں پر ڈال دیں۔ یہ ڈش سادہ چاول، چائنیز چاول اور ڈبل روٹی کے ساتھ استعمال کی جاتی ہے۔ آپ قیمہ کو کوفتے کی شکل میں بھی بناسکتی ہیں۔

دہی اور پنیر کا سلاد

موٹاپے سے متعلق حساس افراد کے لیے ایک tip، تیاری کے لیے درکار وقت :۱۵؍منٹ

اجزاء:(پندرہ افراد کے لیے) پنیر ایک کپ، گاڑھا دہی ایک کپ، پیاز دو چائے کے چمچ، اجوائن دو چائے کے چمچ (پسی ہوئی) شملہ مرچ پاؤڈر دو چٹکی، نمک آدھا چمچ، پنیر کے ٹکڑے، کھیرے، شملہ مرچ اور گاجر کی قاشیں۔

ترکیب: پنیر، دہی، پیاز، اجوائن، شملہ مرچ، سرخ مرچ پاؤڈر اور نمک کو اچھی طرح مکس کریں اور فریزر میں آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ سلاد کے ساتھ پیش کریں۔

چائنیز اسٹیکس وِد ٹماٹو

اجزاء: گوشت چکن سینے کے پیس چھ عدد (ہڈی کے بغیر) ، ٹماٹر سرخ ۳۰۰ گرام، انڈے دو عدد، ٹماٹر کا رس ایک کپ، چلی ساس ڈیڑھ کھانے کا چمچ، چینی ڈیڑھ چائے کا چمچ، کارن فلور دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سیاہ مرچ حسبِ ضرورت، پسا ہوا ادرک د وچائے کے چمچ، پسا ہوا لہسن دو چائے کے چمچ، کوکنگ آئل ایک پیالی۔

ترکیب: انڈے اچھی طرح سے پھینٹ کر ان میں کارن فلور اور نمک ملادیں اور اسٹیکس ڈال کر لہسن اور ادرک کا پیسٹ ملائیں اور دھیمی آنچ پر فرائی کریں۔ پانچ منٹ بعد اس میں سیاہ مرچ، چلی ساس، سویا ساس، چینی اور ٹماٹروں کا رس ملا کر مزید ایک دو منٹ پکائیں۔ اب پکے ہوئے ٹماٹروں کو ملا کر دو منٹ ڈھکن لگائیں اور چمچ سے تمام چیزوں کو ہلا کر گرم گرم پیش کریں۔ سلاد ساتھ سجانا نہ بھولیے گا۔

پھول گوبھی کا سلاد

اجزاء: پھول گوبھی ۵۰۰ گرام، تازہ پودینہ کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ، پارسلے، سلاد، پتے کٹے ہوئے، اورنج جوس دو کھانے کے چمچ، لیمن جوس دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: پھول گوبھی کے چھوٹے چھوٹے پھول ڈنٹھل نما ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ گرم پانی سے ابال لیں۔ جب پک جائیں تو گرم پانی سے نکال لیں۔ پانی نچوڑ لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب پھول گوبھی، پودینہ اور کٹی ہوئی پارسلے کو ایک باؤل میں ڈال دیں۔ استعمال کرنے سے پہلے اس پر جوس پھیلادیں۔ یہ سلاد چار افراد کے لیے ہے۔ اس سلاد میں ۲۹؍کیلوریز پائی جاتی ہیں

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں