ملائی قورمہ
سامان: ملائی دو کپ، پیاز دو عدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر ایک باریک کٹا ہوا، لہسن ۱۰ کلیاں، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، ہری مرچ ۵ عدد، ہرا دھنیا ایک بڑا چمچ، کاجو ۱۰ سے ۱۲ ، ہلدی پاؤڈرچوتھائی چھوٹا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، گھی ۳ چھوٹے چمچ۔
طریقہ: ادرک لہسن کا باریک پیسٹ بنائیں اور کاجو کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ایک پین میں گھی گرم کریں اور اس میں کاجو کے ٹکڑوں کو فرائی کریں اس کے بعد اسے گھی میں سے نکال کرلیں الگ رکھ لیں، اب اسی گھی میں باریک کٹا ہوا پیاز ڈالیں اور اسے دو منٹ کے لیے بھونیں اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ نمک کٹی ہوئی ہری مرچ اور ہلدی پاؤڈر ملائیں، تھوڑی دیر بھوننے کے بعد اس میں کٹا ہوا ٹماٹر ڈالیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک یہ مسالہ گھی نہ چھوڑ دے۔ اب اس میں ملائی ڈالیں اور کچھ دیر کے لیے ہلاتے ہوئے پکائیں۔ آنچ کو کم کرتے ہوئے اسے دو منٹ تک ایسا ہی پکنے دیں۔ ملائی قورمہ تیار ہے اور اب اسے پیش کرنے سے پہلے کٹے ہوئے ہرے دھنیے اور تلے ہوئے کاجو سے سجادیں۔
مغلئی چکن قورمہ
سامان: چکن ایک کلو، لہسن ادرک کا پیسٹ دو چمچ، پیاز تین عدد درمیانی، لال مرچ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چھوٹا چمچ، ہلدی آدھا چھوٹا چمچ، کچا ناریل ایک عدد، خشخاش ۲۰ گرام، چرونجی ۲۰ گرام، کاجو ۲۰ گرام، گرم مسالہ تیز پتہ، لونگ الائچی، زیرا ۱۰ گرام، دہی ایک کپ، لیموں ۲ عدد، تیل آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ۔
طریقہ: کچا ناریل خشخاش اور کاجو اور جرونجی کا باریک پیسٹ بناکر رکھ لیں۔ آدھا کپ رفائنڈ تیل کڑھائی میں ڈال کر پیاز کو سنہرا ہونے تک بھونیں۔ ادرک اور لہسن کو ملائیں اور کچھ دیر تک چلائیں۔ اس کے بعد مرچ، دھنیا اور ہلدی پاؤڈر ملائیں اور کچھ دیر تک پکائیں۔ اس میں ناریل کا پیسٹ گرم مسالہ ٹماٹر اور اس کے بعد چکن کو ڈال دیں اور پھر اس میں ایک کپ پانی ملادیں۔ اور تیل کے الگ ہونے تک پکاتی رہیں۔ آنچ سے ہٹانے سے پہلے دو لیموں کا رس ملادیں۔ اسے باریک کٹے ہوئے دھنئے سے سجائیں اب آپ کا مغلیٔ قورمہ تیار ہے۔
آلو کا نیا ذائقہ
اشیا: چھوٹے آلو ایک پاؤ چھلکے سمیت ابلے ہوئے، ایک کپ باریک کٹی ہری پیاز، آدھی کپ باریک کٹی شملہ مرچ، آدھا کپ باریک کٹی بینس، دو چھوٹے چمچے زیتون کا تیل۔
اوپر سے ڈالنے کے لیے: آرگینو ہرب چوتھائی چمچہ، لال مرچ پاؤڈر چوتھائی چمچہ، چوتھائی چمچہ کالی مرچ کا پاؤڈر، ایک چمچہ براؤن شگر، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: نان اسٹک پین یا کڑھائی میں تیل گرم کریں۔ ہری پیاز ڈال کر دو منٹ تک چلائیں پھر اس میں بینس اور شملہ مرچ ڈال کر ہلائیں۔ دو تین منٹ پکنے کے بعد اوپر سے ڈالنے کا سامان ڈال دیں اور اچھی طرح چلائیں۔ اب آلو ڈال کر پانچ منٹ تک ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکائیں۔ لذیذ آلو کی سبزی تیار ہے۔ پلیٹ میں نکالنے کے بعد کتری ہوئی ہری مرچ اور دھنئے سے سجا کر پیش کریں۔
روے کا دوسا
اشیا: سوجی دو چمچہ، چاول کا آٹا دو بڑے چمچے، میدا دو بڑے چمچے، اجوائن ایک چٹکی، نمک حسبِ ذائقہ، کٹی ہوئی ہری مرچ آدھا چمچہ، پانی ایک کپ
چٹنی کے لیے: دو عدد تازہ آملہ، دو ہری مرچ، پیاز ایک عدد، دھنیا تھوڑا سا، نمک حسبِ ذائقہ
ترکیب: اوپر کی تمام اشیاء کو ایک کپ پانی ڈال کر اچھی طرح گھول لیں۔ نان اسٹک توے پر تیل ڈالیں اور گھول کر توے پر پھیلادیں اور ہلکی آنچ پر سنہرا ہونے تک سینکیں۔ جب اچھی طرح سک جائے تو پلٹنے سے پلٹ دیں۔ اوپر کی اشیا سے کم از کم تین دوسے بنائیں۔
چٹنی کی ترکیب بہت آسان ہے۔ آملہ کی گٹھلی نکال کر تمام چیزوں کو ایک ساتھ پیس لیں۔ یہ چٹنی لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ ہاضم بھی ہے۔
میڈی ٹیرین سلاد
سامان: میک رونی ۵۰۰ گرام، لال مرچ اور پیلی مرچ، کھیرا اور ٹماٹر ایک ایک عدد، آلیو آئل ۶ چمچ، سرکا ۳ چمچ، شکر یا شہد ایک چمچ، سرسوں کا تیل آدھا چمچ، نمک اور مرچ ذائقہ کے مطابق، لہسن کا پیسٹ تھوڑا سا۔
طریقہ: ایک پیالے میں پہلے میک رونی رکھیں اس میں لال اور پیلے دونوں ہی طرح کی مرچ ڈالیں اب اس میں ٹماٹر اور کھیرا بھی ملائیں اب سرکا، سرسوں، نمک اور مرچ کا ایک پیسٹ بنائیں اب ان سبھی چیزوں کو آپس میں ملالیں۔ اور پھر اسے ہرے دھنئے کی پتی سے سجاد یں اور اب تیار ہے میڈی ٹیسرین سلاد۔
چقندر کا سلاد
سامان: چقندر ۴ عدد، ادرک کسی ہوئی تھوڑی سی، شکر ایک چمچ، لونگ ۲ عدد، سرکا چار چمچ، آلیو آئل ایک چمچ، نمک حسبِ ضرورت، پودینے کی پتی سجانے کے لیے۔
طریقہ: ان سبھی چیزوں کو پہلے ایک پیالہ میں ملائیں لیکن شکر نہ ملایے بعد میں اس میں چینی ڈال کر ملائیے اب اسے پودینے کی پتی سے سجائیے بس آپ کا چقندر کا سلاد تیار ہے۔
آلو کا بھلا کیا قصور؟
وزن بڑھنے لگا ہے تو آلو کھانا چھوڑدیں، ورزش کررہے ہیں تو آلو سے پرہیز، آلو کے بارے میں نہ جانے کس طرح الجھنے لگا کر اسے موٹاپے بڑھانے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ کیا واقعی میں ایسا ہے؟
یوں تو آلو کو سبزیوں کا راجا کہا جاتا ہے لیکن لوگ اس کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پالے ہوئے ہیں۔ بہت ہی کم لوگوں کو پتا ہوگا کہ جب ہم متوازن غذا کی بات کرتے ہیں تو آلو اس کا ایک اہم جز بن جاتا ہے۔ اسکارٹ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کی سینئر ڈائی ٹیشین محترمہ دل جیت کور کے مطابق آلو کاربوہائڈریٹ کا ایک اہم ذریعہ ہے جس کی وجہ سے آپ زیادہ دیر تک ورزش کرسکتے ہیں یہ صرف اس وقت نقصان دیتا ہے جب اسے تیل میں پکایا جاتا ہے۔ فیٹ(چربی) جذب کر لینے کی وجہ سے ہی یہ نقصان پہنچاتا ہے۔ آلو پوری طرح فیٹ فری ہوتا ہے لیکن یہ بہت جلدی فیٹ کو جذب کر لیتا ہے۔ اس لیے اگر آپ آلو کو اچھے طریقے سے کھانا چاہتی ہیں تو اس کا کافی انحصار بنانے کے طریقے پر ہوتا ہے۔
اگر آلو کی سبزی کو چھلکے کے ساتھ بنایا جائے تو یہ فائبر (ریشہ) کے حصول کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ آلو وٹامن ’’سی‘‘ وٹامن’’بی‘‘ کاپر، پوٹیشیم، مینگ نیز کے حصول کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی ورزش کے لیے فائی برس بھی اس میں موجود ہوتے ہیں۔ جہاں تک میٹھے آلو کی بات ہے تو یہ ایک اینٹی بائیوٹک غذا ہے۔ یہ خود میں شوگر کی مقدار کو بھی برابر رکھتا ہے۔ اور انسولین رسسٹنس کو بھی کم کرتا ہے۔
آلو کھائیں اس طرح
(۱) آلو کی چاٹ بناسکتی ہیں لیکن آلو کو ڈپپ فرائی نہ کریں۔
(۲) ابلے آلو کی چاٹ بھی کافی فائدے مند ثابت ہوتی ہے۔ اسے کرکرا بنانے کے لیے آپ اس میں مرمرے ملاسکتی ہیں۔
(۳) آلو کے پراٹھے بناتے وقت اس میں دوسبزی جیسے مٹر وغیرہ ملاکر اس کو اور بھی اچھا بنایا جاسکتا ہے۔