لذیذ پکوان

مٹن وِد ٹماٹر

اشیا: بکرے کا گوشت ۲۵۰ گرام چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بغیر ہڈی کے، ٹماٹر چار عدد، کارن فلور ۲ چھوٹے چمچہ، لائٹ سویا ساس ایک بڑا چمچہ، نمک آدھا چھوٹا چمچہ، ادرک آدھا انچ کا ٹکڑا، سبز پیاز ۲ عدد، شملہ مرچ ایک عدد، کری پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، پانی ۴ بڑے چمچے، آئل ۴ بڑے چمچے۔

ترکیب: کارن فلور، نمک، سویاساس، پانی ایک چھوٹا چمچہ آئل اکٹھا ملا کر مکس کریں اور ایک طرف رکھ دیں۔ باقی آئل گرم کریں او رادرک ڈال کر اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے۔ اب پیاز، شملہ مرچ اور کری پاؤڈر ڈال کر مزید تین چار منٹ تک تلیں۔ اب کارن فلور مکسچر ملاکر ایک منٹ تک پکائیں پھر ٹماٹر ڈال دیں اور اتنا پکائیں کہ ساس گاڑھی ہوجائے بس تیار ہے اسے اب پیش کردیں۔

مٹن سٹیو

اجزا: بکرے کا گوشت ایک کلو چکور بوٹیاں درمیانی، سبز پیاز ۲ عدد، سویاساس ۵ بڑے چمچے، ادرک ایک چھوٹا چمچہ، نمک ایک چھوٹا چمچہ، اجینو موتو چٹکی بھر۔

ترکیب: ایک موٹے پیندے کی دیگچی میں گوشت ڈال کر اتنا پانی ڈالیں کہ بوٹیوں سے ایک انچ اوپر نکل آئے۔ اب درمیانی آنچ پر ابلنے رکھ دیں۔ ابلنے لگے تو اس میں پیاز، سویاساس، نمک، ادرک ڈال دیں اور دھیمی آنچ پر آدھ گھنٹہ کھولنے دیں۔ اس دوران پانی بھاپ بن کر اڑ جانا چاہیے۔ ڈش میں نکال کر سلاد پودینے اور سبز مرچ کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

کوئیک فرائیڈ مٹن

اجزا: بکرے کا گوشت ایک کلو چھوٹے ٹکڑے (بغیر ہڈے کے پتلے سلائس)، کارن فلور ۶ بڑے چمچے، سویا ساس ۲ بڑے چمچے، نمک ایک چھوٹا چمچہ، آئل فرائی کے لیے۔

ترکیب: گوشت میں سویاساس اور نمک ملاکر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ کارن فلور میں اتنا پانی ڈالیں کہ لئی سی بن جائے۔ کڑاہی میں آئل گرم کریں جب کڑکڑانے لگے توگوشت کی بوٹیاں کارن فلور کی لئی میں ڈبو ڈبو کر فرائی کرتے جائیں۔ فرنچ فرائز، سلاد، چلی ساس کے ساتھ پیش کریں۔

مچھلی کے کباب

اجزا: مچھلی رہو یا سنگھاڑا ایک کلو گرام، آلو ۱۲۵ گرام، پیاز ۱۲۵ گرام، نمک حسبِ ذائقہ، انار دانا چند دانے، گرم مصالحہ ۵ گرام، سبز مرچ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: آلو اور پیاز کو چولہے کی راکھ میں دبا کر بھون لیں۔ مچھلی کو نمک لگا کر ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ پھر بیسن یا آٹے سے دھوکر صاف کرلیں اور ابال لیں۔ ابالنے کے بعد اس میں سے کانٹے چن کر نکال کر علیحدہ کردیں اور بھنا ہوا پیاز اور آلو پیس کر اس میں ملادیں۔ مچھلی کو بھی سل پر باریک پیس لیں اور اس میں سب مصالحہ ملادیں اور ہرا مصالحہ، گرم مصالحہ، نمک، سرخ مرچ اور اناردانہ بھی ملادیں۔ اب اس کی شامی کبابوں کی طرح گول گول ٹکیاں بنالیں۔ اس کے بعد فرائی پان میں گھی گرم کرکے کبابوں کو انڈا اور ڈبل روٹی کا چورا لگا کر تل لیں اور سرخ کرکے نکال دیں۔

بندگوبھی گوشت

اجزا: بندگوبھی آدھا کلو، پیاز ایک عدد، کترا ہواپودینہ ایک گڈی، ہری مرچ ایک عدد، لیمو دو عدد، ٹماٹر پیسٹ چوتھائی پیالی، بکرے کا گوشت آدھا کلو، ہڈیوں کی یخنی ۶ پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: گوشت اور کٹی ہوئی پیاز گھی میں سرخ کرکے اس میں ہڈیوں کی یخنی ڈال دیں۔ اور دھیمی آنچ پر شوربہ گاڑھا کرنے کے بعد کتری ہوئی ہری مرچ، ٹماٹر کا پیسٹ، لیمو اور پودینہ ڈال دیں چاول ابال کر ڈش کے ساتھ پیش کریں۔

کھٹے بینگن

اجزا: بینگن آدھا کلو، گھی ۱۰۰ گرام، لہسن ۱۰ گرام، املی ۸۰ گرام، ہلدی ایک چٹکی، خشک دھنیا ایک چمچہ، ادرک ۱۰ گرام، پیاز ۲۰۰ گرام، زیرہ ایک چمچہ، نمک، پسی ہوئی سرخ مرچیں حسبِ منشاء۔

ترکیب: بینگن کو چھیلے بغیر چار چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ان ٹکڑوں پر معمولی سا نمک، ہلدی اور سرخ مرچیں لگا کر آدھ گھنٹہ کے لیے رکھ دیں۔ املی کو تھوڑے سے پانی میں گھول کر رکھ دیں، لہسن پیاز اور ادرک چھیل کر کاٹ لیں، آدھ گھنٹہ کے بعد بینگن کو پانی سے اچھی طرح دھوکر رکھیں۔ پھر ایک برتن میں گھی ڈال کر گرم کریں اس میں پیاز معمولی سا سرخ کرکے لہسن اور ادرک بھی ڈال دیں ان کو بھوننے کے بعد پسا ہوا خشک دھنیا، نمک، زیرہ، ہلدی اور پسی ہوئی سرخ مرچیں ڈال کر مصالحہ بنائیں اور اس میں بینگن کے ٹکڑے ڈال کر کفگیر کے ساتھ ہلاتے ہوئے بھونیں جب بینگن ذرا سرخ ہوجائیں تو برتن میں ایک کپ پانی ڈال کر اوپر ڈھکن رکھ دیں، آنچ ہلکی رکھیں اور جب برتن میں سے پانی خشک ہوجائے تو املی والا پانی بیج نکال کر ڈال دیں اور دوبارہ برتن پر ڈھکن رکھ کر ہلکی آنچ پر تقریباً پندرہ منٹ کے لیے پکنے دیں اس کے بعد جب برتن میں سے پانی خشک ہوجائے اور بینگن خوب اچھی طرح سے گل جائیں تو چولہے سے نیچے اتارلیں۔ لذیذ اور مزیدار بینگن تیار ہیں۔

مصالحے دار پلاؤ

اجزا: چاول آدھا کلو، گھی ۰۰ ۱گرام، پیاز ۲۰۰ گرام، ناریل ۲۰ گرام، ادرک ۱۰ گرام، لونگ ۶ عدد، الائچی بڑی ۲ عدد، پودینہ ۱۰۰ گرام، آلو ۵۰ گرام، لہسن ۲ گرام، ہری مرچیں چار عدد، لیمو ایک عدد، ہلدی ایک چٹکی، نمک، پسی ہوئی سرخ مرچیں حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: چاول صاف کرکے پانی میں بھگو کر آدھ گھنٹہ کے لیے رکھ دیں۔ لہسن، ادرک اور پیاز چھیل کر کاٹ لیں، پودینہ صاف کرکے باریک کتر لیں پھر ایک سل پر زیرہ لہسن، ادرک، ہری مرچیں، ناریل اور پودینہ ڈال کر باریک پیس لیں۔ آلو اور چاول الگ الگ ابال لیں پھر آلو چھیل کر باریک ٹکڑے بنائیں۔ اس کے بعد ایک برتن میں گھی ڈال کر چولہے پر رکھیں اس میں الائچی اور لونگ کڑکڑائیں پھر اس میں پیاز ڈال کر سرخ کریں اور نمک، سرخ مرچیں، آلو کے ٹکڑے، ہلدی اور پسا ہوا تمام مصالحہ ڈال کر بھونیں۔ دومنٹ کے بعد اس میں چاول ڈال کر اوپر ڈھکن رکھ دیں ، آنچ ہلکی رکھیں پندرہ منٹ کے بعد لیمو کا رس چھڑکیں اور کفگیر پھیر کر چولہے سے نیچے اتارلیں مصالے دار پلاؤ تیار ہے۔

کھجور کا حلوہ

اشیا: آدھا کلو عمدہ کھجور، دو کلو دودھ، ۱۵۰ گرام چینی، ۲۰۰ گرام چنے کی دال، ایک پاؤ گھی یا تیل، چار کھانے کے چمچ عمدہ کیوڑہ، پستہ و گری بادام ۵۰ گرام، چند سبز الائچیاں۔

ترکیب: کھجوروں کو دھوکر گٹھلی نکال دیں۔ چنے کی دال دھوکر دودھ میں ڈال کر پکنے رکھ دیں۔ جب دال گل جائے اور دودھ خشک ہوجائے تو دال کو باریک پیس لیں۔

کھجوروں کو بھی باریک پیس لیں یا ہاتھوں سے مسل کر دال میں ملادیں۔ کڑاہی میں گھی ڈال کر گرم کرکے دال ملی کھجوریں ڈال کر بھونیں۔ جب بھن جائیں تو پھر چینی ڈال کر بھونیں۔

چینی کا پانی خشک ہوجائے تو الائچی کے دانے پیس کر ملادیں ساتھ ہی کیوڑہ بھی ڈال دیں۔

ایک خوبصورت سی ڈش میں ڈال کر حلوے پر پستہ بادام (چھلکے اتار کر) باریک کاٹ کر ڈالیں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں