لذیذ پکوان

ماخوذ

تربوز کے چھلکوں کی سبزی

اجزاء: تربوز ایک عدد، وزن دو کلو، تربوز کے چھلکے اتار کر ان کا سفید گودا نکال کر پھینک دیں، ہرے چھلکوں کو باریک کاٹ لیں۔ پیاز درمیانے سائز کی پانچ عدد باریک کٹی ہوئی، سونف اور آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، سوکھی کھٹائی ثابت چار عدد یا دو لیموں، اگر موسم کیری کا ہو تو ایک کیری باریک کٹی ہوئی۔ نمک حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی، ڈالڈا تیل ایک پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں چھلکوں کو بہت سارے پانی کے ساتھ ابالنے کے لیے رکھ دیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد جب چھلکے اچھی طرح گل جائیں تو ان کا پانی چھان لیں، تھوڑے تھوڑے چھلکے ہاتھ میں لے کر دونوں ہاتھوں سے دبا دبا کر پانی بالکل خشک کرلیں۔

ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں پھر ابلے ہوئے چھلکوں میں کھٹائی سمیت سارا مصالحہ اچھی طرح ملا کر براؤن کی ہوئی پیاز میں ڈال دیں، تھوڑی دیر بھون کر ہلکی آنچ میں توے پر رکھ دیں۔ دس منٹ بعد اتارلیں۔

قیمہ کے کٹلٹس

اجزاء: قیمہ ایک کلو (باریک)، آلو ڈیڑھ کلو ابلے ہوئے، انڈے دو عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، پیاز بڑی ڈلی آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، ڈبل روٹی کا چورا ایک پیکٹ، نمک حسبِ ذائقہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے آلو ابال لیں جب آلو اچھی طرح گل جائیں تو ان کا چھلکا اتار کر کانٹے کے ساتھ بھرتہ بنالیں۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر قیمہ ڈال دیں۔ ساتھ ہی سارا مصالحہ بھی ڈال دیں۔ جب قیمہ کا پانی خشک ہوجائے تو تھوڑا سا بھون کر اتار لیں اورٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر تھوڑے سے آلو ہاتھ میں لے کر اس کو پھیلالیں، اب اس میں تھوڑا تھوڑا قیمہ بھر کر کٹلٹس بنالیں، انڈا لگاکر چورا لگالیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔

کھٹے میٹھے جھینگے

اجزاء: (۱) جھینگے درمیانے سائز کے آدھا کلو صاف کیے ہوئے، میدا تین کھانے کے چمچے، انڈے چار عدد سفیدی زردی الگ الگ کرلیں، نمک حسبِ ذائقہ، اجینو موٹو آدھا چائے کا چمچہ، ایک پیالے میں انڈوں کی سفیدی، میدہ ، نمک اور اجنیو موٹو ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں پھر جھینگوں کو اس میں ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔ فرائی کرنے کے بعد ایک اخبار پر پھیلا کر رکھتے جائیں۔

(۲) ٹماٹو ساس: ایک چھوٹی بوتل، سویا ساس دو کھانے کے چمچے، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، اجینو موٹو آدھا چائے کا چمچہ، گڑ ایک چھوٹا سا ٹکڑا، نمک حسبِ ذائقہ، چھلے ہوئے لہسن کے جوئے چار عدد باریک کاٹ لیں، پانی ایک پیالی ، ڈالڈا تیل دو کھانے کے چمچے، ان سب چیزوں کو ایک ساتھ ملا کر ایک دیگچی میں ہلکی آنچ میں گاڑھی گاڑھی (ساس)بنالیں۔

(۳) پھول گوبھی ایک عدد پھول الگ الگ کرلیں، گاجر دو عدد چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں، ہری پیاز چھ عدد، ہری ڈنڈیاں الگ کرکے سفید والے حصے کے چار چار ٹکڑے کرلیں، شلجم ایک عدد، چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں، پہاڑی مرچ دو عدد، چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں، ڈالڈا تیل تین کھانے کے چمچے، کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، اجینو موٹو چٹکی بھر۔

ترکیب: ان سب چیزوں کو سویا ساس، کالی مرچ اور اجینو موٹو ملاکر ایک ایک منٹ کے لیے فرائی پین میں فرائی کرلیں۔ اب یہ تینوں چیزیں آپ کے پاس تیار ہیں۔ کھانا نکالنے سے دس منٹ پہلے جھینگے اور سبزیاں ساس والی دیگچی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر گرم کریں اوپر سے تھوڑا سا اجینو موٹو چھڑک دیں۔

جھینگوں کا پلاؤ

اجزاء: جھینگے درمیانے سائز کے دو کلو صاف کیے ہوئے، لہسن اور نمک کے پانی سے اچھی طرح دھولیں، باسمتی چاول ایک کلو، بیس منٹ کے لیے بھگودیں، ادرک لہسن پسا ہوا، ایک کھانے کا چمچہ، ہری پیاز کے پتے ایک پیالی باریک کٹے ہوئے، دارچینی کا ٹکڑا ایک عدد بھون کر باریک پیس لیں، پیاز درمیانے سائز کی دو ڈلی باریک کٹی ہوئی، لیموں چار عدد، نمک حسبِ ذائقہ، اجینو موٹو ایک چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل ڈیڑھ پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں، جب براؤن ہوجائے تو اس میں جھینگے اور ادرک لہسن ڈال دیں جب جھینگوں کا پانی خشک ہونے لگے تو پسی ہوئی دارچینی اور پیاز کے پتے ڈال کر اچھی طرح بھونیں پھر چاول اور اجینو موٹو ڈال کر تھوڑی دیر اور بھون کر پانچ پیالی پانی ڈال دیں۔ نمک ملاکر اچھی طرح سے چمچہ چلائیں اور ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب پانی سوکھنے لگے تو ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔

فرائی کیے ہوئے خشک کریلے

اجزاء: کریلے ایک کلو، پیاز ایک کلو، املی آدھا پاؤ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے کریلوں کو چھیل کر باریک باریک کاٹ لیں۔ پھر املی، ہلدی اور نمک کے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اسی پانی میں ان کو اچھی طرح دھولیں، تاکہ کڑواہٹ نہ رہ جائے۔ اس کے بعد ایک کڑھائی میں کافی تیل ڈال کر خوب گرم کرلیں، جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو اس میں نمک ملاکر کریلے ڈال دیں اور چلاتی رہیں۔

کریلے براؤن ہونے لگیں تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ تیل اچھی طرح خشک ہوجائے پھر اسی تیل میں پیاز ڈال کر اس کو براؤن کرلیں، براؤن ہوجائے تو اس کو بھی اخبار پر پھیلادیں، جب کھانا نکالنا ہو تو ان دونوں کو اچھی طرح سے ملادیں اور اوپر سے چاٹ مصالحہ ڈال دیں۔

حیدرآبادی ٹماٹر کا کٹ

اجزاء: ٹماٹر درمیانے سائز کے ایک کلو، چنے کی دال ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، تینوں کو توے کے اوپر بھون لیں، ثابت لال مرچ آٹھ عدد، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، تل ایک کھانے کا چمچہ، بھون کر باریک پیس لیں، کڑی پتہ چار عدد پتے، نمک حسبِ ذائقہ، ہری مرچ ثابت چار عدد، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔

بگھار کے لیے: میتھی کے دانے چار عدد، سفید زیرہ، چوتھائی چائے کا چمچہ، کڑی پتہ چار پتہ، ثابت لال مرچ دو عدد۔

ترکیب: ایک دیگچی میں چار پیالی پانی، ٹماٹر ، بھنی ہوئی چنے کی دال، ثابت لال مرچیں اور زیرہ ڈال کر اچھی طرح ابال لیں، جب اچھی طرح ابل جائیں تو مشین میں پیس کر ایک دیگچی میں چھان لیں، پھر اس میں بھنے ہوئے چنے، تل، املی کا پانی، نمک ادرک لہسن، ہری مرچیں اور کڑی پتہ ڈال کر پکنے ساتھ رکھ دیں۔ جب ہری مرچ گل جائے تو تیل گرم کریں اس میں بگھار کے مصالحے ڈال کر سیاہ کرلیں، سیاہ ہوجائے تو کٹ میں ڈال دیں اور ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں نکالتے وقت آپ اس میں ابلے ہوئے انڈے درمیان سے کاٹ کر ڈال سکتے ہیں۔

شاہی ٹکڑے

اجزاء: ڈبل روٹی کے توس (سلائس) چار عدد کاٹ کر آٹھ ٹکڑے کرلیں، دودھ ملک پیک کا بڑا والا پیکٹ ایک عدد، چینی ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، خشک دودھ ایک پیالی، ڈالڈا گھی ایک پیالی، زردہ کا رنگ چٹکی بھر، سجانے کے لیے چاندی کے ورق، بادام دس عدد گرم پانی میں بھگوکر چھلکا اتار لیں، باریک کاٹ لیں۔

ترکیب: ایک بڑے فرائنگ پین میں گھی گرم کرکے توس تل لیں، جب لال ہوجائیں تو نکال کر رکھ لیں پھر فرائی پین کا سارا گھی نکال کر دودھ ڈال دیں۔ جب جوش آجائے تو چینی اور الائچی ڈال دیں، پانچ منٹ بعد توس ڈال کر خشک دودھ ڈال دیں، ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

دودھ گاڑھا گاڑھا ہوجائے تو زردہ کا رنگ ذرا سے دودھ میںملاکر اوپر ڈال دیں۔ اس پر کٹے ہوئے بادام چھڑک دیں، کسی پھیلے ہوئے برتن میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں، چاندی کے ورق سجادیں۔

گلاب جامن

اجزاء: خشک دودھ ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، میدہ آدھی پیالی، پھیکا کھویا آدھی پیالی، بیکنگ پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل دو کھانے کے چمچے، ان سب چیزوں کو اچھی طرح ملا کر آٹے کی طرح گوندھ لیں پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں۔

شیرا بنانے کے لیے: چینی دو پیالی، پانی ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، دانے نکال کر باریک پیس لیں۔

ترکیب: چینی میں پانی ملا کر ہلکی آنچ میں شیرا بنالیں، جب شیرا بننے لگے تو الائچی ڈال کر اتارلیں، ایک کڑھائی میں گھی گرم کریں، گھی تقریباً دو پیالی ہونا چاہیے، تاکہ گلاب جامن اچھی طرح تلے جاسکیں۔ جب گھی تیز گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ کرکے پیڑے تلنا شروع کردیں، جب براؤن ہوجائیں تو نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔

گاجر کا رس

اجزاء: گاجرایک کلو، خریدتے وقت خیال رکھیں لال ہوں، موسمبی دو تین عدد، گاجر چھیل کر ٹکڑے کرلیں اور جوسر میں ڈال کر موسمبی بھی شامل کردیں تاکہ کھارا پن دور ہوجائے۔ رس نکال کر جگ میں ڈال لیں، بعد ازاں چائے کے دو چمچے چینی شامل کرکے فریج میں رکھ دیں، ناشتے میں ٹھنڈا ٹھنڈا بچوں کو پلائیں اورخود بھی پئیں۔ یہ آنکھوں کی روشنی کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔

کیلے کی آئس کریم

اشیا: کیلے ۶ عدد، دودھ ایک کلو، دو عدد انڈوں کی زردی، شکر ڈیڑھ پاؤ۔

ترکیب: کیلے دودھ میں ڈال کر پھینٹ لیں، دودھ میں زردی اور شکر ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ آئس کریم کے سانچے میں آمیزہ ڈال کر فریج کے برف خانے میں رکھ دیں۔ آدھے گھنٹے بعد نکال کر چمچے سے آمیزہ ملائیں پھر دوبارہ برتن برف خانے میں رکھ دیں۔ حسبِ خواہش کھائیں۔ بچے یہ آئس کریم بہت شوق سے کھائیں گے۔

گاجر، دودھ کا اسکوائش

اشیاء: دودھ ایک لیٹر، گاجر دو عدد کدو کش کی ہوئی، چینی حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر چائے کا آدھا چمچہ۔

ترکیب: دیگچی میں دودھ ابال کر گاجر، الائچی اور چینی ملاکر ہلکی آنچ پر پکائیں، جب دودھ کا آمیزہ آدھا رہ جائے تو ٹھنڈا کرلیں، پیتے وقت بادام پستے کی ہوائیاں ڈال لیں، یہ خون بننے، نظر اور یادداشت بہتر کرنے کے لیے مفید ہے۔

لیموں کا شربت

اشیا: لیموں چھ عدد، پانی آٹھ گلاس، شکر حسبِ ذائقہ

ترکیب: ایک دیگچی میں لیموں کا رس پانی میں شامل کرکے شکر ملالیں۔ ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ نہار منہ گرمی کے موسم میں دن میں ایک مرتبہ ضرور پئیں، یہ چربی گھلاتی ہے اور لو نہیں لگتی۔ اسے نمک ڈال کر بھی پی سکتے ہیں۔

کیری کا شربت

گرمی میں کیریوں کا شربت ضرور بنائیں۔

اشیاء: کیریاں آدھا کلو، شکر ایک پاؤ، نمک ایک چٹکی

ترکیب: کیریاں ابال کر چھان لیں، اس میں شکر شامل کرکے درمیانی آنچ پر پکائیں، آمیزہ گاڑھا ہوجائے تو ٹھنڈا کرلیں۔ صاف بوتل میں بھر کر رکھ لیں۔ اسے گرمیوں کی دوپہر میں ضرور پئیں، ایک گلاس میں کھانے کے دو چمچے کیری کا آمیزہ ڈال کر ملائیں، اس میں برف ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا پئیں۔ اس کے پینے سے لو نہیںلگے گی

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146