قیمے کی کچوریاں
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، بغیرچربی والا، پیاز درمیانی ڈلی، دو عدد آملیٹ کی پیاز کی طرح کٹی ہوئی۔ ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ تین عدد باریک کٹی ہوئی، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، لیموں دو عدد، ،ڈالڈا تیل ایک کھانے کا چمچہ۔
کچوریوں کے لیے: آٹا ایک کلو، اجوائن چائے کا چوتھائی چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، کھانے کا سوڈا آدھا چائے کا چمچہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے آٹے میں اجوائن، نمک اور سوڈا ملا کر اچھی طرح گوندھ لیں اور کسی گیلے کپڑے سے ڈھانک کر تقریباً پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔
پھر ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر قیمہ ڈال دیں ساتھ میں نمک، ادرک لہسن اور مرچ ڈال دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو ہلکا سا بھون کر پیاز، ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال دیں اوپر سے لیموں کا رس ڈال دیں پھر اچھی طرح مکس کرلیں، ٹھنڈا ہونے دیں۔
اب آٹے کا چھوٹا سا پیڑا لے کر ہاتھ گیلا کرلیں، پھر پیڑے کو پھیلا کر تھوڑا سا قیمہ رکھ کر چاروں طرف سے بند کردیں۔ ذرا سا دبا کر کچوری کی طرح پھیلالیں۔ کڑھائی میں تیل گرم کریں، جب خوب گرم ہوجائے تو آنچ ہلکی کرکے کچوریاں تلنا شروع کردیں، جب تل جائیں تو نکال کر چھلنی میں اخبار بچھا کر اوپر رکھتی جائیں تاکہ تیل جذب ہوجائے۔
روغنی روٹی
اجزاء: آٹا آدھا کلو، دودھ ایک پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچہ،ڈالڈا گھی چار کھانے کے چمچے۔
ترکیب: آٹے میں زیرہ اور گھی ملا کر دودھ سے گوندھیں، آٹا اتنا سخت ہو کہ روٹی بیلتے وقت خشکی نہ لگانا پڑے۔ پھر تیز آنچ پر توا گرم کریں پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں۔ پھلکے سے چھوٹی موٹی روٹی بیل کر توے پر ہلکی آنچ میں سینکیں۔
روٹی کے اوپر چھری کے ساتھ کٹ لگالیں تاکہ اندر تک سک جائے۔ ایک صاف کپڑے سے روٹی کو دونوں طرف سے دبا دبا کر سینکیں۔ جب دونوں طرف سے ہلکی براؤن ہوجائے تو اتار کر الگ الگ رکھیں اس سے روٹی خستہ رہے گی۔
یخنی والا پلاؤ
اجزاء: بکری کا گوشت ایک کلو، دستی اور تھوڑا بہت سینے کا گوشت بہتر ہوگا۔ بغیر چھلا ہوا لہسن ایک ڈلی، چھوٹا سا ادرک کا ٹکڑا، سونف آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، سفید زیرہ چوتھائی چائے کا چمچہ۔
ایک دیگچی میں دس پیالی پانی ڈال کر گوشت کے ساتھ اوپر دیے گئے سارے مصالحے ڈال دیں، ہلکی آنچ میں یخنی پکنے دیں جب گوشت گل جائے تو نکال کر یخنی چھان لیں اور گوشت علیحدہ رکھ لیں۔
چاول باسمتی ایک کلو، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد باریک کاٹ لیں، دہی ایک کھانے کا چمچہ، چھوٹی الائچی چار عدد، ہری مرچ ثابت چار عدد، ڈالڈا گھی ایک پیالی، تیار کی ہوئی یخنی تقریباً آٹھ پیالی ہونی چاہیے۔
ترکیب: ایک دیگچی میں گھی ڈال کر پیاز براؤن کرلیں۔ آدھی پیاز نکال کر کسی اخبار پر پھیلا دیں۔ باقی آدھی پیاز، دہی، چھوٹی الائچی اور ہری مرچیں ڈال کر ہلکا سا بھون لیں پھر گوشت اور یخنی کا پانی ڈال کر ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب یخنی کھول جائے تو چاول اور نمک ڈال کر اچھی طرح سے چمچہ چلاکر پھر سے ڈھکن ڈھانک دیں۔ تھوڑی دیر میں پانی سوکھ جائے گا۔ توے کے اوپر تیز آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ تقریبا پانچ منٹ بعد ہلکی آنچ کردیں، تلی ہوئی پیاز چاولوں کے اوپر ڈال دیں۔
بھرے ہوئے کھٹے آلو
اجزاء: آلو بڑے سائز کے چھ عدد، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، میتھی کے دانے چھ عدد، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد، آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، سونف آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، رائی آدھا چائے کا چمچہ، ان تینوں چیزوں کو باریک پیس لیں۔ سوکھی کھٹائی پسی ہوئی چار کھانے کے چمچے، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، لیموں تین عدد، ڈالڈا تیل دو پیالی۔
ترکیب: آلو چھلکے سمیت پانچ منٹ کے لیے ابال لیں۔ پھر چھلکا اتار کر درمیان میں کراس کی طرح چیرا لگائیں مگر یہ دھیان رکھیں کہ آلو پورا نہ کٹ جائے۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل لے کر سارے مصالحوں کو ہلکا سا بھون لیں، پھر ٹھنڈا کرکے آلو میں تھوڑا مصالحہ بھر دیں اور ہلکا سا ہاتھ سے دبا کر بند کردیں۔
سارے آلو اسی طرح سے بند کرکے رکھتے جائیں۔ ایک کڑھائی میں تیز آنچ پر تیل گرم کریں، پھر دو دو آلو ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ جب لال ہونے لگیں تو نکال کر دیگچی میں پھیلا کر رکھتی جائیں۔ اوپر سے لیموں کا رس چھڑک کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
مچھلی کے کباب
اجزاء: مچھلی سرمئی ایک کلو، کھال اتروا کر درمیان کا کانٹا نکلوادیں۔ لیموں دو عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک چائے کا چمچہ پیس لیں۔ کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، انڈے دو عدد ایک برتن میں پھینٹ لیں، ڈبل روٹی کا چورا چھان کر پیس لیں، سرکہ کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کے ٹکڑے لہسن اور نمک کے ساتھ دھو کر ایک توے کے اوپر الگ الگ پھیلا کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ سرکہ اور لیموں کا رس بھی ڈال دیں۔ جب مچھلی کا پانی خشک ہوجائے تو اس کو باریک پیس لیں پھر اس میں سارا مصالحہ ڈال دیں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔ گول گول کباب بنالیں۔ دو انڈے ایک برتن میں پھینٹ کر رکھ لیں اور ڈبل روٹی کے چورے کو ایک اخبار پر پھیلا کر رکھ لیں۔ پھر ایک ایک کباب کو انڈا اور چورا لگا کرہلکی آنچ پر ڈیپ فرائی کرلیں۔