لذیذ پکوان

ماخوذ

سبزیوں کا سوپ

اجزا: ٹماٹر ۲۵۰ گرام، مرغی کی یخنی چھ کپ، گاجر ایک عدد (ماچس کی تیلیوں کی طرح کٹی ہوئی)، بند گوبھی دو سے تین کپ (باریک کٹی ہوئی)، تیل تین کھانے والے چمچ، نمک ایک کھانے والا چمچ یا حسب ذائقہ، سیاہ مرچ اور اجی نو موتو چائے والا آدھا آدھا چمچ ، تلوں کا یا عام تیل ایک چائے والا چمچ۔

ترکیب: (۱) ٹماٹروں کا چھلکا گرم پانی میں ڈبونے والے طریقے سے اتار لیں۔ بیج نکال دیں۔

(۲) یخنی کو گرم کرکے سبزیاں ڈالیں۔

(۳) تیل گرم کرکے ٹماٹر ہلکے فرائی کریں اور سوپ میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی نمک، سیاہ مرچ اور اجی نوموتو بھی ڈال دیں۔

(۴) تین چار منٹ پکانے کے بعد تلوں کا تیل ڈال کر گرم گرم سوپ پیش کریں۔

سوپ کے کپ میں آدھی کٹی ہوئی ہری پیاز بھی ڈال دیں۔

کھٹا میٹھا چکن

اجزا: مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی) آدھا کلو، شملہ مرچ چوکور کٹی ہوئی دو یا تین عدد، انناس کے چھلے چھ عدد (انناس کا ڈبہ)، ہری پیاز چار عدد (ایک ایک انچ لمبے ٹکڑے) چینی ایک تہائی کپ، سرکہ ایک آدھا کپ، ٹماٹو کیچپ تین کھانے کے چمچ، سویا ساس دو چائے کے چمچ، ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے والی چمچ، انڈا ایک عدد، تیل چار کپ اور چار کھانے والے چمچ۔

ترکیب: (۱) گوشت کے ٹکڑوں کو پارچوں کی شکل میں کوٹ لیں Mallatسے گود کر۔(۲) ایک پیالے میں چینی ، سرکہ، کیچپ، آدھا کپ پانی اور ادرک ملاکر رکھ دیں۔ (۳) انڈا پھنیٹ کر گوشت میں ملادیں اور تھوڑا سا نمک بھی۔ پھر ایک ایک ٹکڑا اٹھا اٹھا کر کارن اسٹارچ کے پیالے میں۔ رول کر کرکے ایک پلیٹ میں رکھ دیں۔ (۴) تیل کو گرم کرکے گوشت کو تل کر نکال لیں۔ ایک وقت میں دس بارہ ٹکڑے ہی فرائی کریں۔ گولڈن براؤن کرکے رکھ لیں۔ (۵) دوسری کڑاہی میں چار چمچ تیل گرم کرکے شملہ مرچ اور پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں۔ اور پھر پیالے میں جوساس گھول کر رکھی ہوئی تھی، وہ شامل کردیں۔ (۶) انناس کے ڈبے میں جو جوس ہوگا اس میں سے آدھا کپ جوس لے کر اس میں کارن اسٹارچ گھول لیں اور ساس میں ڈال کر پکائیں۔ (۷) جب قدرے گاڑھا ہونے لگے تو انناس کے چھلے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈالیں اورتلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ (۸) قدرے پکائیں تاکہ گوشت بھی گرم ہوجائے۔

چائنیز رائس کے ساتھ گرم گرم سویٹ اینڈساور چکن پیش کریں۔

چکن کارن سوپ:

اجزا: مرغی کی یخنی پانچ کپ، کارن فلور چار کھانے کے چمچ، کارن پیسٹ پانچ کھانے کے چمچ، انڈوں کی سفیدیاں ۲ عدد، اجی نو موتو ایک چائے والا چمچ، نمک دو چائے والا چمچ۔

ترکیب: (۱) تقریباً آدھا کلو مرغی کے گوشت میں کافی سارا پانی اور ایک چھوٹی پیاز بغیر کاٹے ڈال کر پکنے کو رکھ دیں۔ گوشت گلنے پر بوٹیاں الگ کرکے ہڈیاں دوبارہ یخنی میں ڈال کر خوب پکائیں جب پانچ کپ یخنی رہ جائے تو چھان کر الگ پین میں ڈال لیں۔ (۲) بھٹے کے دانے ابال کر چوپر میں ڈال کر برادہ سا بنالیں اور اس میں تھوڑا پانی ڈال کر پکائیں، جب پیسٹ بن جائے تو پانچ چمچ نکال کر یخنی میں ڈالیں اور بقیہ پیسٹ فریز کرلیں۔ اسے آپ کئی بار استعمال کرسکتے ہیں۔ (۳) یخنی میں کارن پیسٹ، نمک اور چھوٹی چھوٹی ریشے دار بوٹیاں ڈال کر گرم کریں۔ (۴)سفیدیاں ہلکی سی پھینٹ لیں، جھاگ نہ بننے پائے۔ (۵) کارن فلور کو آدھا کپ پانی میں گھول لیں۔ (۶) یخنی گرم ہونے پر کارن فلور ڈال کر پکائیں، جب سوپ مناسب گاڑھا ہوجائے تو انڈوں کی سفیدیاں دھار کی شکل میں سوپ میں گراتے ہوئے چمچ چلائیں اور آنچ فوراً بند کردیں۔ اجی موتو ڈال کر گرما گرم سوپ پیش کریں اور اس کے ساتھ چھوٹی چھوٹی پیالیوں میں سویا ساس، چلی ساس اور ہری مرچیں باریک کاٹ کر اور (سرکے) میں ڈبو کر پیش کریں۔

چلی ساس ایک ایک کھانے کا چمچ ٹماٹو کیچپ اور سرکہ میں ایک چائے والا چمچ لال مرچ پوڈر اور چٹکی نمک ملاکر دیں۔

قیمہ اور ہری پیاز

اجزا: قیمہ آدھا کلو ، ہری پیاز (باریک کٹی ہوئی) ڈیڑھ کپ، ادرک و لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، پیاز درمیانے سائز کی دو عدد، ٹماٹر دو عدد، پسا ہوا دھنیا دو چائے کے چمچ، پسی لال مرچ دو چائے کے چمچ، پسی ہلدی آدھا چائے کا چمچ، پسا گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ، ہرا دھنیا تھوڑا سا، ہری مرچ تین عدد، ڈالڈا کوکنگ آئل ایک کپ۔

ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز سنہری کریں اور قیمہ دھوکر ڈال دیں، ساتھ ہی ادرک و لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ اب نمک، ہلدی اور پانی کا چھینٹا مارے ہوئے مسلسل بھونیں اور جب قیمہ تیل چھوڑ دے تو پسی لال مرچ، پسا دھنیا اور ٹماٹر ڈال کر مزید بھونیں اور دو کپ پانی ڈال کر قیمہ گلنے تک پکائیں، قیمہ گل جائے تو ہری پیاز اور ہری مرچیں شامل کرکے بھونیں اور چند منٹ تک دم لگانے کے لیے رکھ دیں۔ جب ہری پیاز نرم پڑجائے تو چولہا بند کردیں اور پسے گرم مسالے کے علاوہ ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔

ہری پیاز کوفتہ

اجزا: قیمہ ایک پاؤ، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی) چار کھانے کے چمچ، انڈا ایک عدد، اجینو موتو آدھا چائے کا چمچ، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، ادرک (باریک کتری ہوئی) دو چائے کے چمچ، سویاساس ڈیڑھ کھانے کا چمچ، پسی سیاہ مرچ حسب پسند، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، ڈالڈا کوکنگ آئیل فرائی کے لیے۔

ترکیب: دو کھانے کے چمچ پانی میں کارن فلور گھول کر قیمے اور ہری پیاز کے ساتھ ملادیں۔ ساتھ ہی دیگر تمام مسالے اور انڈا بھی پھینٹ کر شامل کرلیں۔ اس تمام آمیزے کو اچھی طرح مکس کرکے نرم کرلیں اور اخروٹ کے سائز کے چھوٹے چھوٹے کوفتے تیار کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے ان کوفتوں کو ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹتے ہوئے سنہری فرائی کرلیں اور شام کی چائے کے ساتھ نوش فرمائیں، اگر تل لگانا مقصود ہوتو پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرنے کی بجائے کوفتوں کو تلوں میں رول کریں۔

چکن سلائس

اشیاء: مرغ ایک عدد، گھی چار بڑے چمچ، یخنی چار بڑے چمچ، سویا ساس دو چمچ، گوبھی کا پھول ایک عدد چھوٹا، کارن فلور دو چمچ، نمک حسبِ منشا، مرچ حسبِ منشا۔

ترکیب: مرغی کے مناسب سلائس بنالیں۔ نمک اور کارن فلور کو ساس مل دیں۔ گوبھی کو چکن سلائس کے سائز میں کاٹ لیں۔ دیگچی میں پانی ڈالیں اور گوبھی ابال لیں۔ فرائی پین میں دو چمچ تیل بگھار کر مرغ فرائی کرلیں۔ اب گوبھی اور باقی گھی بھی ڈال دیں دومنٹ فرائی کرنے کے بعد سویا ساس، نمک بھی ڈال دیں۔ گوشت کو الٹ پلٹ کرتے رہیں۔ پانچ منٹ تیز آنچ پر فرائی کرنے کے بعد اتارلیں۔

بیسن کریلے

اجزا: کریلے ایک کلو، انار دانہ ایک چمچ، سوکھی میتھی ایک چمچ، پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، نمک، مرچ حسبِ خواہش، بیسن ڈیڑھ پاؤ، سوکھا دھنیا ایک چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) ۳ عدد، کوکنگ آئیل فرائی کرنے کے لیے، بیکنگ سوڈا چٹکی بھر۔

ترکیب: کریلے چھیل کر نمک لگا کر دھولیں اور صرف ایک کٹ لگا کر بیج نکال دیں۔ بیسن میں انار دانہ، سوکھا دھنیا، سوکھی میتھی، ہری مرچ، پیاز، نمک، مرچ اور بیکنگ سوڈا ڈال کر سخت سا گوندھ لیں۔ اب کریلوں کے اندر بھردیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ تقریباً ۲۰ منٹ کے بعد کریلے تیار ہوں گے۔ ان کو تندوری روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146