لذیذ پکوان

ماخوذ

پنیر کے سموسے

اجزاء: کانیج چیز ایک پیکٹ اگر گھر کی بنی ہوئی ہے تو ایک پیالی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا ، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، پیاز درمیانی ڈلی ایک عدد آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، بادام دس عدد، کالی مرچ ثابت دس عدد دونوں چیزوں کو ملاکر گدرا گدرا پیس لیں، نمک حسبِ ذائقہ، سموسوں کے ورق دو درجن، ڈالڈا تیل دو پیالی۔

ترکیب: بادام اور کالی مرچ پیس کر پنیر میںملا دیں، پھر اس میں ہرا مصالحہ اور پیاز ملاکر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک ایک ورق میں تھوڑا تھوڑا مصالحہ بھر کر تھوڑا سا گیلا میدہ لگا کر بند کردیں اور ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کرلیں۔

مونگ کی دال کے سموسے

اجزاء: نمکو کی تلی ہوئی مونگ کی دال ایک پیکٹ، پودینہ ایک گٹھی پتے الگ کرکے باریک کاٹ لیں، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، لیموں دو عدد، سموسوں کے ورق دو درجن، سموسے بناتے وقت ہمیشہ ایک چھوٹے پیالے میں دو چائے کے چمچے میدہ تھوڑا سا گیلا کرکے رکھ لیں، اس سے سموسے اچھی طرح بند ہوجاتے ہیں۔

ترکیب:مونگ کی دال میں سارا مصالحہ ملاکر لیموں کا رس ملادیں، تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔

پانچ منٹ بعد تھوڑا مصالحہ لے کر ورق میں بھردیں اور میدہ سے بند کردیں، ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کرلیں۔

لوکی کا حلوہ

اجزاء: ہری لمبی لوکی ایک عدد وزن ڈیڑھ کلو چھلکا اتار کر باریک کدوکش کرلیں، پھیکا کھویا دو پیالی، چینی تین پیالی، بادام دس عدد، پستے دس عدد، دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتارلیں اور باریک کاٹ لیں، پسی ہوئی ناریل کی گری ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، ڈالڈا گھی چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب: سب سے پہلے کدوکش کی ہوئی لوکی تین منٹ کے لیے گرم پانی میں ڈال کر نکال لیں اور ایک چھلنی میں رکھ لیں تاکہ پانی اچھی طرح خشک ہوجائے۔

پھر ایک ذرا پھیلی ہوئی دیگچی میں گھی ڈال کر دو منٹ کے لیے گرم کریں الائچی ڈال کر چینی ڈال دیں۔ شیرا بننے سے پہلے لوکی اور کھویا ڈال دیں۔ تھوڑا سا بھون کر میوہ ڈال دیں، ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔ یہ دھیان رہے کہ نیچے نہ لگ جائے جب خشک ہوجائے تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں، ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگا کر حلوہ پھیلادیں اوپر سے پسی ہوئی گری ڈال کر چاندی کے ورق سجادیں۔

بیسن کے پکوڑے

اجزاء: بیسن آدھا کلو، ثابت ہری مرچ آٹھ عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری پیاز چار عدد مع پتوں کے باریک کٹی ہوئی، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، میٹھا سوڈا چوتھائی چائے کا چمچہ، انڈا ایک عدد، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل تین پیالی۔

ترکیب: ایک گہرے پیالے میں بیسن اور اوپر دیے گئے سارے مصالے اچھی طرح ملالیں تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ لیموں کا عرق ملا کر پھینٹ لیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کریں جب تیل گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ میں پکوڑے ڈیپ فرائی کرلیں۔ نکال کر اخبار پر رکھتے جائیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔

آلو کا حلوہ

اجزاء: آلو آدھا کلو چھیل کر باریک کدو کش کرلیں، پھیکا کھویا ایک پیالی، بادام دس عدد، پستے دس عدد، ان دونوں چیزوں کو گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں۔ چینی دو پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، زردہ کا رنگ چٹکی بھر، ڈالڈا گھر چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب: سب سے پہلے کدوکش کیے ہوئے آلو زردہ کے رنگ کے ساتھ تین منٹ کے لیے گرم پانی میں ڈال کر نکال لیں اور چھلنی میں رکھ لیں تاکہ پانی اچھی طرح نکل جائے۔

ایک دیگچی میں گھی ڈال کر الائچی ڈال دیں۔ جب الائچی کی خوشبو آنے لگے، تو چینی ڈال دیں۔

جب شیر ا بن جائے تو پہلے آلو، کھویا پھر میوہ ڈال کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں یہ خیال رکھیں کہ حلوہ بالکل خشک نہ ہوجائے۔

ساتے

اجزاء: بغیر ہڈی کے آدھا کلو گوشت، چھوٹے چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں۔ شہد ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ یا حسبِ ذائق، سفید زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، توے پر بھون کر پیس لیں، نمک حسبِ ذائقہ، سویاساس ایک چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: گوشت میں اوپر دیے گئے سارے مصالحے مع تیل کے اچھی طرح ملا کر تقریباً چھ سات گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر سیخ پر یا Grillerمیں سینک لیں۔ جب اچھی طرح سک جائیں تو دوبارہ سے اوپر ہلکا سا ڈالڈا تیل لگالیں۔

جھینگے، ادرک اور سویاساس کے ساتھ

اجزاء: جھینگے درمیانی سائز کے ایک کلو صاف کیے ہوئے لہسن اور نمک کے پانی سے دھولیں، ادرک ایک بڑا ٹکڑا باریک کاٹ لیں، لیموں چار عدد، کالی مرچ پسی ہوئی، ایک چائے کا چمچہ، سویاساس آدھی پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، اجینو موٹو ایک چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل تین کھانے کے چمچے، چینی چوتھائی چائے کا چمچہ۔

ترکیب: ایک دیگچی میں تیل ڈال کر گرم کریں۔ اس میں جھینگے، نمک کے ساتھ ڈال کر پکنے دیں۔ جب جھینگوں کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں کٹی ہوئی کالی مرچ اور سویاساس ڈال دیں اوپر سے اجینو موٹو چھڑک دیں، ڈھکن ڈھانک کر پکنے دیں، تقریباً ۱۵ منٹ بعد اتارلیں۔

ہرے مصالحے کی مچھلی

اجزاء: پومفرے یار ہو مچھلی آدھا کلو سالن کے ٹکڑے کروالیں، ہرادھنیا دوگٹھی، ہری مرچ دس عدد، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ تین کھانے کے چمچے، لیموں چار عدد، لہسن بغیر چھلا ہوا ایک ڈلی، ٹماٹر دو عدد، کڑی پتّہ چھ پتے، تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔

ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کو سرکہ اور نمک لگا کر اچھی طرح دھولیں پھر ہرا دھنیا اور چھ ہری مرچیں اور لہسن کی باریک چٹنی پیس لیں۔ ایک پھیلی ہوئی دیگچی میں ایک کھانا کھانے کا چمچہ تیل لے کر ڈال دیں۔ اس میں چٹنی، ٹماٹر اور کڑی پتہ ڈال کر اچھی طرح سے بھون لیں۔ پھر اس میں لیموں کا رس چھڑک دیں۔

مچھلی کو الگ سے اچھی طرح سے فرائی کریں، جب فرائی ہوجائے تو چٹنی میں پھیلا کر ڈال دیں، اوپر سے لیموں کا رس چھڑک دیں اور ثابت ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ یہ ڈش تقریباً بیس منٹ بعد تیار ہوگی۔

چکن چائنیز رائس

اجزاء: چاول باسمتی ایک کلو بیس منٹ کے لیے بھگودیں، مرغی کا گوشت چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ایک پیالی، ہری پیاز کے پتے ایک پیالی باریک کٹے ہوئے، گاجر دو عدد باریک کٹی ہوئی، پہاڑی مرچ ایک عدد باریک کٹی ہوئی، مٹر چھلے ہوئے آدھی پیالی اگر ڈالنا چاہیں، لہسن کا عرق دوکھانے کے چمچے، سویاساس دو کھانے کے چمچے، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، اجینو موٹو آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، دارچینی ایک ٹکڑا توے کے اوپر بھون کر باریک پیس لیں، ،ڈالڈا تیل ایک پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر مرغی کے ٹکڑے، لہسن کا عرق، سویا ساس، نمک اور کالی مرچ ڈال دیں، اچھی طرح فرائی کرلیں، پھر کٹی ہوئی گاجر اور پتے وغیرہ ڈال کر اچھی طرح بھونیں، اس میں چاول ڈال دیں۔ دس منٹ تک چاول بھونتے رہیں یہاں تک کہ چاولوں کا رنگ براؤن ہونے لگے۔ پھر چھ پیالی پانی ڈال کر ڈھکن ڈھانک دیں، جب پانی خشک ہونے لگے تو ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں، اوپر سے پسی ہوئی دارچینی، اجینو موٹو اور سویا ساس ڈال دیں۔

بکری کی تلی ہوئی چانپ

اجزاء: چانپ ایک کلو، کارن فلور تین کھانے کے چمچے، انڈے دو عدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، سرکہ تین کھانے کے چمچے، ڈبل روٹی کا چورا ایک پیکٹ، مسٹررڈ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے چانپ کو سرکہ اور نمک لگا کر تین یا چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں، اس کے بعد ایک پیالے میں کارن فلور اور انڈے ملا کر کانٹے کے ساتھ اچھی طرح پھینٹ لیں۔ ساتھ میں کالی مرچ مسٹررڈ پاؤڈر اور تھوڑا سا نمک ملادیں پھر ایک ایک چانپ کو پیالے میں ڈبو دیں اور جب مصالحہ اچھی طرح لگ جائے تو چورا لگا کر فرائی کریں۔

ضروری نوٹ: چورے کو ہمیشہ چھلنی میں چھان لیا کریں اور پھر مشین میں پیس لیں، تو گھی میں یہ الگ نہیں ہوں گے اور چیز اچھی طرح تلی جائے گی۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں