قبولی پلاؤ
اجزاء: دال چنا آدھ سیر، چاول تین پاؤ، دودھ آدھ سیر، گھی ایک پاؤ، ثابت سرخ مرچیں دس عدد، کالی مرچ، بڑی الائچی اور لونگ ایک ایک ماشہ اور نمک حسبِ ذائقہ
ترکیب: چنے کی دال کو آپ رات ہی میں پانی میں نمک ڈال کر بھگودیں۔ صبح اٹھ کر اس کا پانی نکال دیں اور کچھ دیر کسی کپڑے پر پھیلادیں تاکہ خشک ہوجائے، پھر اسے دودھ میں ڈال کر ہلکی آگ پر پکائیں۔ اتنا پکائیں کہ دودھ خشک ہوجائے لیکن دال بالکل نہ گل جائے۔ چاولوں کو اچھی طرح صاف کرکے کچھ دیر پہلے پانی میں بھگودیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر اس میں الائچی کے دانے نکال کر اور لونگ ڈال دیں۔ تھوڑا کڑکڑانے پر دال ڈال دیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ جب یہ بھن جائے تو اس میں چاول ڈال دیں جتنے چاول ہوں اس سے دوگنا پانی ڈال دیں، ثابت سرخ مرچ اور نمک حسبِ ذائقہ ڈال دیں۔ دم دینے سے قبل اس میں کالی مرچیں ڈال کر دم پر لگادیں۔
خوشبودار قورمہ
گوشت ایک کلو، پیاز ایک پاؤ، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، گھی حسبِ ضرورت، گرم مصالحہ ایک چمچ پسا ہوا، دھنیا چند پتے، الائچیاں ایک چھٹانک۔
ترکیب: گوشت دھوکر پیاز کتر کر اور نمک مرچ ڈال کر گلنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں اور الائچیوں کے دانے سل پر باریک پیس لیں گوشت گل جائے تو ہلکی آنچ پر بھونیں اور پسی ہوئی الائچیاں ڈال کر بھونیں جب گھی نظر آنے لگے تو دھنیا کتر کر ڈال دیں۔
سیب کا حلوہ
سیب ایک کلو، بالائی ایک پاؤ، شکر آدھا کلو، گھی آدھ کھلو، دودھ آدھ کلو، کیوڑہ چار تولہ، پستہ بادام حسبِ منشا۔
ترکیب: سیب کے چھلے اتار کر اندر کا حصہ نکال کر پانی میں خوب گلا لیں پھر ململ کی صافی سے چھان لیں۔ اس کے بعد آدھ پاؤ گھی میں سیب کی لبدی کو بھون کر شکر ڈال دیں۔ دس منٹ بعد بالائی بھی ڈال دیں بھوننے کے لیے گھی ڈالتے رہیں۔ جب ذرا سرخی آنے لگے اور گھی چھوڑنے لگے تو تین بار دودھ سے بھون کر میٹھا چکھ کر کسی گہرے برتن میں نکال کر اوپر پستہ بادام سجادیں۔
ہری پیاز جھینگا ودھ رائس
اجزا: جھینگے (صاف کرکے) آدھ کلو، ہری پیاز تین سے چار عدد (باریک کاٹ لیں) ، انڈے دو عدد، کارن فلور تین کھانے کے چمچ، ہری مرچ چار عدد (لمبائی میں کاٹ لیں)، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، کنورکیوبز دوعدد، ٹماٹو کیچپ آدھا کپ، گڑ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، پسی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ، سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، چائنیز نمک آدھا چائے کا چمچہ،ڈالڈا تیل آدھا کپ۔
ترکیب: ایک پیالے میں انڈے، دو کھانے کے چمچ کارن فلور اور نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔ کسی کڑاہی میں تیل گرم کرکے صاف کیے ہوئے جھینگے اس آمیزے میں ڈبو کر تل لیں اور گولڈن براؤن ہونے پر نکال لیں۔ اب ایک علیحدہ برتن میں تیل گرم کرکے اس میں لہسن کا پیسٹ فرائی کرلیں پھر اس میں کیچپ، کالی مرچ، سفید مرچ، کنور کیوبز اور گڑ ڈال دیں۔ جب ابال آجائے تو ایک کھانے کا چمچ کارن فلور، دو کھانے کے چمچ پانی میں گھول کر اس میں ملادیں۔ سوس، گاڑھا ہونے لگے تو اس میں ہری پیاز اور ہری مرچ کے علاوہ چائنیز نمک اور فرائی کیے ہوئے جھینگے ڈال کر ابال آنے دیں پھر ہلکی آنچ پر پانچ منٹ تک پکائیں اور ہری پیاز گل جائے تو اتارلیں اور ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔
ہری پیاز کے عربی پراٹھے
اجزا: قیمہ (درمیانہ کٹا ہوا) آدھا کلو، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی) تین عدد، آٹا یا میدہ حسب ضرورت، ادرک (باریک کتری ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ (باریک کتری ہوئی) تین عدد ، ہرا دھنیا اور پودینہ (کترا ہوا) چار کھانے کے چمچ، ا نڈے دو عدد، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی چار عدد، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچ، ڈالڈا کوکنگ آئل حسب ضرورت۔
ترکیب: پتیلی میں آدھا کپ آئل گرم کرکے چھوٹی الائچی تڑکائیں اور قیمہ ڈال کر کچھ دیر بھونیں۔ اب اس میں کالی مرچ، سیاہ زیرہ اور نمک بھی شامل کردیں جبکہ ساتھ ہی ادرک، ہری پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیا و پودینے کی نصف مقدار ملاکر پانچ منٹ تک بھونیں اور پھر ڈیڑھ کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر قیمے کو گلنے دیں۔ جب تک قیمہ گل رہا ہے اس دوران انڈوں کو پھینٹ کر ان میں بقیہ ہری پیاز، ہری مرچ، ادرک، ہرا دھنیا وپودینہ اورلیموںکا رس اچھی طرح ملادیں۔ آٹے یا میدے کو دودھ سے گوندھ کرحسبِ پسند پیڑے تیار کرکے رکھ لیں۔ قیمے اور ہری پیاز کو گل جانے پر اچھی طرح بھون لیں اور اب بھنے ہوئے قیمے میں انڈا ملے ہوئے مسالے بھی شامل کرکے اچھی طرح یکجان کرلیں۔ آٹے کے پیڑے کو گھی یا آئل لگا کر پھیلائیں اور اس پر حسبِ منشا قیمہ اور ہری پیاز کا آمیزہ ڈال کر چوکور شکل کے پراٹھے بیل لیں اور سیدھے توے پر تل لیں۔ انار دانے کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ بڑا مزہ دیں گے۔
فرائی کیے ہوئے خشک کریلے
اجزا: کریلے ایک کلو، پیاز ایک کلو، املی آدھ پاؤ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے کریلوں کو چھیل کر باریک باریک کاٹ لیں پھر املی، ہلدی، اور نمک کے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں، پھر اسی پانی میں ان کو اچھی طرح دھولیں، تاکہ کڑواہٹ نہ رہ جائے۔ اس کے بعد ایک کڑھائی میں کافی تیل ڈال کر خوب گرم کرلیں، جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو اس میں نمک ملاک کر کریلے ڈال دیں اور چلاتی رہیں۔
جب کریلے براؤن ہونے لگیں تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ تیل اچھی طرح خشک ہوجائے۔ پھر اسی تیل میں پیاز ڈال کر اس کو براؤن کرلیں، جب براؤن ہوجائے تو اس کو بھی اخبار پر پھیلادیں۔ جب کھانا نکالنا ہو تو ان دونوں کو اچھی طرح سے ملادیں اور اوپر سے چاٹ مصالحہ ڈال کر پیش کردیں۔ ——