لذیذ پکوان

ماخوذ

بھرواں مچھلی
اجزا: مچھلی دو عدد (ایک سے سوا کلو وزن میں)، قیمہ ایک پاؤ، لہسن ایک عدد چھوٹا، لیموں ایک عدد، دھنیا ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ۴ عدد، بیسن ۵۰ گرام، گرم مسالہ دو چائے کے چمچ، سرخ مرچ دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پیاز ایک پاؤ، دہی ایک پیالی، ڈالڈا کوکنگ آئل ۳ کپ۔
ترکیب: تقریباً آدھا، آدھا کلو کی دو مچھلیاں صاف کرکے ان کے پیٹ چاک کردیں اور نمک، لیموں کا رس اندر تک لگادیں۔ ایک گھنٹے کے بعد سفید سرکہ اور بیسن لگا کر خوب اچھی طرح دھولیں۔ کسی پتیلے میں پانی ابلنے کے لیے رکھ دیں اور اوپر ململ کا کپڑا باندھ کر مچھلیاں اس پر رکھ کر بھاپ پر گلائیں اور کچھ دیر بعد چاک کیا ہوا حصہ بھی بھاپ کی طرف کردیں تاکہ اندر سے بھی نرم ہوجائے۔ اب آئل گرم کرکے مچھلیوں کو تل لیں اور چمچ کی مدد سے آئل مچھلی کی اندرونی جانب ضرور ڈالیں۔ اب قیمہ دھوکر پتیلی میں پیاز، پسے ہوئے لہسن، ٹماٹر، دھنیا ، زیرہ، گرم مسالہ، نمک اور سرخ مرچ کے ساتھ ڈال کر ایک پیالی پانی میں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب قیمہ گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو بھون کر یہ قیمہ مچھلیوں کے اندر بھردیں اور اوپر سے دھاگہ لپیٹ دیں۔ اب پتیلی میں دہی ڈال کر ایک ایک مچھلی کو احتیاط کے ساتھ ہلکی آنچ پر پکائیں اور دہی کا پانی خشک ہوجائے تو ایک کپ آئل ڈال کر تل لیں اور گہری بادامی ہونے پر اتارلیں اور آہستگی سے دھاگہ اتار کر پلیٹ میں سجا دیں اور سلاد پر ایک چمچ ڈالڈا الیو آئل ڈال کر نان کے ساتھ نوش کریں۔
شاہی قیمہ
اجزا: قیمہ ایک سیر، دہی ایک پاؤ، گھی ڈیڑھ پاؤ، پیاز ڈیڑھ چھٹانک، لہسن ایک چھوٹا جویا، خشک دھنیا دو تولے، لال مرچیں چار تولے، نمک آدھی چھٹانک، ہرا دھنیا، ہری مرچیں اور ہلدی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک دیگچی میں گھی ڈال کر گرم کریں اور پیاز کے کچھ لچھے ڈال کر بھونیں۔ پھر اس میں دھنیا خشک آدھا نمک اور پیاز لال مرچیں پیس کر بھون لیں پھر اس میں قیمہ ڈال کر بھونیں جب یہ سرخ ہوجائے تو اس میں آدھا نمک اور تھوڑا سا پانی ڈال کر قیمے کو گلالیں۔ جب قیمہ اور مسالہ گھی چھوڑنے لگے تو ہرا دھنیا اور ہری مرچیں باریک کتر کر ڈال دیں اور ڈش میں ڈال کر پیش کریں۔
مچھلی کے کوفتے
اجزاء: مچھلی آدھا کلو، بیسن دو چھٹانک، انڈا ایک عدد، زیرہ ثابت تھوڑا سا، پسا گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، دھنیا، لہسن پسا ہوا ایک ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد (درمیانہ سائز) دہی آدھ پاؤ، نمک، ہلدی، گھی اور سرخ مرچ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: مچھلی کے چھلکے اتار کر اچھی طرح دھولیں اور کانٹے نکال کر گوشت کو سل پر پیس لیں۔ پھر تمام مسالے پیس کر نصف دہی اور بیسن کے ساتھ مچھلی کے گوشت میں ملا کر کوفتے بنالیں۔ گھی میں پیاز سرخ کرکے باقی مصالے اور نصف بچی ہوئی دہی شامل کرکے مصالحہ بھون لیں، مصالحہ بھن جائے تو مناسب شوربہ رکھ کر کوفتے ڈال دیں۔ تھوڑی دیر پکانے کے بعد چولہا بند کردیں۔ یاد رہے کہ شوربہ زیادہ نہ ہو، بلکہ مسالے کی طرح رکھیں۔
سبزیوں کا سوپ:
اجزاء: ٹماٹر ۲۵۰ گرام، مرغی کی یخنی چھ کپ، گاجر ایک عدد(ماچس کی تلیوں کی طرح کٹی ہوئی) بند گوبھی دو سے تین کپ (باریک کٹی ہوئی) تیل تین کھانے والے چمچ، نمک ایک کھانے والا چمچ یا حسب ذائقہ، سیاہ مرچ اور اجی نوموتو آدھی آدھی چائے والا چمچ، تلوں کا عام تیل ایک چائے کا چمچ۔
ترکیب: (۱) ٹماٹروں کا چھلکا گرم پانی میں ڈبونے والے طریقے سے اتارلیں، بیج نکال دیں۔
(۲) یخنی کو گرم کرکے سبزیاں ڈالیں۔
(۳) تیل گرم کرکے ٹماٹر ہلکے فرائی کریں اورسوپ میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی نمک، سیاہ مرچ اور اجی نو موتو بھی ڈال دیں۔
(۴) تین چار منٹ پکانے کے بعدتلوں کا تیل ڈال کر گرم گرم سوپ پیش کریں۔
سوپ کے کپ میں آدھی کٹی ہوئی ہری پیاز بھی ڈال دیں۔
چکن اور بادام
اجزا: مرغی کے سینے چار عدد، سیلری تین عدد، نمک ایک چائے کا چمچ، ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، کارن فلور ایک کھانے والا چمچ، چھلکا اترے بادام دو اونس، انڈے کی سفیدی ایک عدد۔
souceکے لیے اجزا: ہری پیاز چھ عدد، کارن فلور ایک کھانے والا چمچ، مشروم چار اونس، یخنی سوا کپ، بڑی گاجر ایک عدد، سرکہ اور سویا ساس ایک ایک کھانے کا چمچ
ترکیب: (۱) سیلری، گاجر، ہری پیاز اور مشروم کاٹ لیں۔
(۲) ساس والے اجزا ملا کر رکھ لیں۔
(۳) مرغی کے سینوں میں سے ہڈی نکال کر گوشت کو ایک ایک انچ کی کیوبز کی شکل میں کاٹ کر نمک، کارن فلور، اور پھینٹی ہوئی انڈے کی سفیدی لگا کر رکھ دیں۔
(۴)چار کپ تیل گرم کرکے گوشت کو تل کر نکال لیں۔ سفید، سفید ہی رہے، رنگ نہ بدلنے پائے۔
(۵) تھوڑے سے تیل میں باداموں کو تل کر گولڈن اور خستہ کرلیں یا پھر گوشت تلنے سے پہلے بادام تل کر نکال لیں پھر گوشت تلیں۔
(۶) تھوڑے سے تیل میں سبزیاں بھی تل لیں اس طرح کہ نہ تو ان کا خستہ پن ختم ہو اور نہ ہی یہ رنگت بدلیں۔ پھر تلا ہوا گوشت سبزیوں میں شامل کرکے ساس کے اجزا کے ساتھ شامل کردیں اور پکاکر چمکدار کرلیں۔
(۷) ڈش میں نکال کر اوپر بادام چھڑک کر فوراً پیش کردیں تاکہ بادام نرم نہ پڑجائیں۔
چکن کارن سوپ
اجزا : مرغی کی یخنی پانچ کپ، کارن فلور چار کھانے کے چمچ، کارن پیسٹ پانچ کھانے کے چمچ، انڈوں کی سفیدیاں دو عدد، اجی نوموتو ایک چائے والا چمچ، نمک دو چائے والے چمچ۔
ترکیب: (۱) تقریباً آدھا کلو مرغی کے گوشت میں کافی سارا پانی اور ایک چھوٹی پیاز بغیر کاٹے ڈال کر پکنے کو رکھ دیں۔گوشت گلنے پر بوٹیاں الگ کرکے ہڈیاں دوبارہ یخنی میں ڈال کر خوب پکائیں، جب پانچ کپ یخنی رہ جائے تو چھان کر الگ پین میں ڈال لیں۔
(۲) بھٹے کے دانے ابال کر چوپر میں ڈال کر برادہ سا بنالیں اور اس میں تھوڑا پانی ڈال کر پکائیں۔ جب پیسٹ بن جائے تو پانچ چمچ نکال کر یخنی میں ڈالیں اور بقیہ پیسٹ فریز کرلیں۔ اسے آپ کئی بار استعمال کرسکتے ہیں۔
(۳) یخنی میں کارن پیسٹ، نمک اور چھوٹی چھوٹی ریشے دار بوٹیاں ڈال کر گرم کریں۔
(۴) سفیدیاں ہلکی سی پھینٹ لیں، جھاگ نہ بننے پائے۔
(۵) کارن فلور کو آدھا کپ پانی میں گھول دیں۔
(۶) یخنی گرم ہونے پر کارن فلور ڈال کر پکائیں۔ جب سوپ مناسب گاڑھا ہوجائے تو انڈوں کی سفیدیاں دھار کی شکل میں سوپ میں گراتے ہوئے چمچ چلائیں اور آنچ فوراً بند کردیں۔ اجی مونوتو ڈال کر گرما گرم سوپ پیش کریں اور اس کے ساتھ چھوٹی چھوٹی پیالیوں میں سویا ساس، چلی ساس اور ہری مرچیں باریک کاٹ کر اور (سرکے) میں ڈبو کر پیش کریں۔
چلی ساس ایک ایک کھانے کا چمچ ٹماٹو کیچپ اور سرکہ میں ایک چائے والا چمچ لال مرچ پاؤڈر اور چٹکی بھر نمک ملا کردیں۔
ہری پیاز کے کباب
اجزا: چکن (بون لیس ابلی ہوئی) ایک کلو، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی ) ایک کپ، اجینوموتو ایک چائے کا چمچ، پسی کالی مرچ دو چائے کے چمچ، سفید سرکہ ایک کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، انڈے تین عدد، چلی ساس دو کھانے کے چمچ، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، ڈالڈا کوکنگ آئل فرائی کرنے کے لیے۔
ترکیب: سب سے پہلے ابلی ہوئی چکن کو باریک پیس لیں اور اس میں ہری پیاز، پسی کالی مرچ، اجینوموتو، سویا اور چلیک سوس، نمک اور سرکہ ملاکر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس آمیزے کے لمبے گول کباب تیار کرلیں، انڈے اچھی طرح پھینٹ لیں اور آئل گرم کرکے کبابوں کو انڈے میں ڈبوئیں اور ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرکے شیلو فرائی کرلیں۔ سلاد، ٹماٹو کیچپ اقور فرنچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔
ادرک اور بادام کا حلوہ
اجزا: ادرک آدھا سیر، بادام کی گریاں ایک پاؤ، چینی آدھ سیر، گھی ڈیڑھ سیر، خشخاش آدھ پاؤ، کشمش، کھوپرا حسب پسند۔
ترکیب: بادام کی گریوں کو پانی میں ڈال کر تھوڑا ابال کر اس کے چھلکے اتارلیں، ادرک کو چھیل کر صاف کرلیں۔ اب آپ بادام خشخاش اور ادرک کو الگ الگ سل پر باریک پیس لیں۔ سل کو اچھی طرح دھوکر پہلے صاف کرلینا چاہیے۔ پھر آپ اسے ایک کڑاہی میں ڈال کرچولہے پر چڑھا دیں اور ہلکی آگ پر پکنے دیں۔ کفگیر برابر چلاتی رہیں تاکہ نیچے کڑاہی میںلگنے نہ پائے۔ اچھی طرح پک جائے تو اس میں چینی، کشمش اور کھوپرا کتر کر ڈال دیں۔ جب پکتے پکتے اس میں سوندھی سوندھی سی خوشبو بھی آنے لگے تو اتارلیں۔ پس حلوہ تیار ہے۔
اگر جی چاہے تو سینی میں گرم گرم پھیلادیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس کے ٹکڑے کاٹ لیں، اگر اس طرح کرنا چاہیں تو اس کے لیے گھی آدھ سیر درکار ہوگا۔ یہ حلوہ دماغ کو تقویت دیتا ہے اور سردیوں میں استعمال ہوتا ہے۔
سیب کا حلوہ
اشیا: سیب ایک کلو، بالائی ایک پاؤ، شکر آدھا کلو، گھی آدھا کلو، دودھ آدھ کلو، کیوڑہ چار تولہ، پستہ بادام حسبِ منشا۔
ترکیب: سیب کے چھلکے اتار کر اندر کا حصہ نکال کر پانی میں خوب گلا لیں پھر ململ کی صافی سے چھان لیں۔ اس کے بعد آدھا پاؤ گھی میں سیب کی لبدی کو بھون کر شکر ڈال دیں۔ دس منٹ بعد بالائی بھی ڈال دیں بھوننے کے لیے گھی ڈالتے رہیں۔ جب ذرا سرخی آنے لگے اور گھی چھوڑنے لگے تو تین بار دودھ سے بھون کر میٹھا چکھ کر کسی گہرے برتن میں نکال کر اوپر پستہ بادام سجادیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں