لذیذ پکوان

ماخوذ

ٹماٹر گوشت (چین)

چین میں زیادہ تر یہ ڈش ہر ہوٹل میں ہی ملتی ہے۔ یہ منٹوں میں تیار ہوجاتی ہے۔ اسے ابلے ہوئے چاول یا نوڈلز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

(۱) آدھا کلو باریک کٹے ہوئے بیف میں دو کھانے کے چمچ سویا ساس، دو کھانے کے چمچ سرکہ اور دو چائے کے چمچ کارن اسٹارچ لگا کر آدھا گھنٹہ رکھ دیں۔

(۲) اب ایک پیالے میں مندرجہ ذیل اشیاء ملائیں۔٭ ایک تہائی کپ یخنی مرغی کی ٭ایک کھانے کا چمچ سویا ساس ٭ایک چوتھائی ٹماٹو کیچپ ٭ایک کھانے کا چمچ سرکہ ٭ ایک چائے کا چمچ چلی ساس ٭ ایک چائے کا چمچ تلوں کا تیل ٭ دو چائے کے چمچ چینی ٭ ان سب کو ملائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

(۳) تیز آنچ پر کڑاہی رکھیں اور گرم ہونے پر دو کھانے کے چمچ تیل ڈالیں۔

(۴) گوشت کو اس میں ڈال کر ہلکا گلابی تل لیں۔ اور نکال کر رکھ دیں۔

(۵) کڑاہی میں ایک کھانے کا چمچ تیل ڈال کر گرم کریں۔ ایک چائے کا چمچ لہسن پیس کر ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک پیاز ایک ایک انچ چوکور کٹا ہوا ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک شملہ مرچ ایک ایک انچ چوکور کٹی ہوئی اور چند سیکنڈ فرائی کرنے کے بعد پیالے میں جو ساس گھول کر رکھی ہوئی تھی ڈال دیں۔ ساتھ ہی دو عدد درمیانہ سائز کے ٹماٹروں کو آٹھ آٹھ پھانکوں میں کاٹ کر ڈال دیں۔ گرم ہونے پر تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ ڈھائی چائے کے چمچ کارن اسٹارچ کو دوکھانے کے چمچ پانی میں گھول کر اس گوشت میں شامل کریں اور پکا کر گاڑھا کرلیں۔ ٹماٹر گوشت تیار ہے۔

نوٹ: اگر ٹماٹروں کا چھلکا اتار کر کاٹنا چاہیں تو پہلے ان کو پندرہ سیکنڈ کے لیے ابلتے پانی میں ڈبو دیں پھر برف والے یخ پانی میں ڈبو دیں۔ چھلکا آسانی سے اتر جائے گا۔

گرین چکن فرائی

اجزاء: مرغی ایک کلو، ہری مرچ ۱۲؍عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی، پودینہ ایک گڈی، انڈے دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، لیموں کا رس آدھا کپ، دہی ایک پیالی، لہسن، ادرک (پسا ہوا) ایک چمچ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک گہرے برتن میں مرغی دھوکر رکھ لیں۔ پھر ہری مرچ،دھنیے اور پودینے کی چٹنی بناکر اس پر اچھی طرح لگادیں، ساتھ ہی لیموں کا رس، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور دہی بھی پھینٹ کر ملادیں، میری نیشن کے لیے ۱۵؍منٹ تک رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک دیگچی میں ساری مرغی ڈال کر پکنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں۔ اس دوران آنچ درمیانی رکھیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔ اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور ایک پیالی میں انڈے پھینٹ کر رکھ لیں۔ پھر مرغی کے ان ٹکڑوں کو انڈوں میں ڈبو کر کڑاہی میں ڈالتی جائیں۔ گولڈن براؤن ہوجائیں، تو ٹشو پیپر پر نکال کر رکھ لیں۔ لیجیے مزے دار گرین چکن تیار ہے۔ سلا داور رائتے کے ساتھ پیش کیجیے اور جی بھر کے داد وصول کیجیے۔

فرانسیسی سلاد

اجزاء: پالک کے صاف پتے ۵ عدد، سرخ ٹماٹر درمیانہ سائز چوکور کٹے ہوئے ۵ عدد، پیاز ترچھے کٹے ہوئے ۳؍عدد، سفید لوبیا ابلا ہوا ۱۰۰ گرام، سیاہ زیتون ۷۵ گرام، انڈے سخت ابلے ہوئے چوکور کٹے ہوئے ۳؍عدد، اخروٹ کی گری نصف کپ، نمکین مچھلی پکی ہوئی ۲۵۰ گرام، سلاد کے سبز پتے آدھی گڈی، چقندر ابلا ہوا چھوٹے ٹکڑوں میں ۱۲۵ گرام۔

ڈریسنگ: زیتون کا تیل ۱۰۰ ملی گرام، لیمن جوس تین کھانے کے چمچ، لہسن، باریک کٹا ہوا ۲؍جوئے، نمک اور کالی مرچ حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: شیشے کا ایک بڑا باؤل لیں تاکہ سلاد کے رنگ دار اجزا باہر سے بھی نمایاں دکھائی دیں۔ سلاد کے پتوں کو اچھی طرح تازہ پانی سے دھولیں اور چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر باؤل کے درمیان میں رکھیں۔ اسی طرح سے پالک کے پتوں کو رکھیں۔ ہاتھوں سے دونوں سبزیوں کے پتوں کو بستر کی طرح بچھا دیں۔ ایک شیشے کے مرتبان میں ڈریسنگ کے تمام اجزاء کو ملا کر ہلا لیں۔ کانٹے سے سب اجزاء کو سیٹ کرلیں۔ اب سرخ ٹماٹروں اور ترچھے کٹے ہوئے پیاز کو دھولیں۔ لوبیے کو سلائس کی شکل میں کاٹ لیں۔ ان سب اشیاء کو سلاد کے پتوںپر رکھ دیں۔ اب اس میں زیتون، ابلا ہوا چقندر، اور اخروٹ کی گریاں ملادیں۔ آہستہ آہستہ سب اشیاء کو ملادیں۔ سلاد پر نمکین مچھلی پھیلادیں، سخت ابلے ہوئے انڈوں سے سجادیں۔ اب سلاد پر ڈریسنگ کے اجزاء بکھیردیں۔ یہ سلاد چھ افراد کے لیے ہے۔

ویجی ٹیبل سوپ

اجزاء: چکن ایک پیالی (چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کٹا ہوا)، آلو ایک عدد، بندگوبھی آدھا کپ (کٹی ہوئی) پالک آدھا کٹا ہوا۔ گاجر دو عدد، ٹماٹر ایک عدد، سیاہ مرچ ایک چائے کا چمچ، مٹر ایک کپ، پیاز ایک عدد کٹا ہوا، پسی ہوئی ادرک آدھا چائے کا چمچ، لہسن چھ جوئے، اجینوموتو ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، یخنی تین پیالی۔

ترکیب: گوشت کو دھوکر اس میں پانی ملائیں اور نمک ڈال کر یخنی تیار کرلیں۔ یخنی کو چھان کر الگ کرلیں اور گوشت کے ریشے بنالیں۔ آلو، گاجر، گوبھی، پالک، ٹماٹر کو کاٹ کر اس میں پیاز، لہسن، مٹر کے دانے، ادرک، اجینوموتو، سیاہ مرچ اور نمک ملاکر چار پیالی پانی ملائیں اور دھیمی آنچ پر پکائیں۔ سوپ تیار ہوجائے تو سوپ کے پیالے میں نکال کر کھانے کی ٹیبل پر لے آئیں۔

چکن کارن سوپ

اجزاء: چکن ۵۰۰ گرام، مکئی کادلیہ ایک پیالی، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، انڈے دو عدد، پیاز ایک عد د(بڑا پیاز)، لہسن ۵ جوئے، سفید سرکہ ایک کھانے کا چمچ، پسا ہوا ادرک آدھا چائے کا چمچ، پسی سیاہ مرچ آدھا کھانے کا چمچ، چینی آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کوکنگ آئل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: چکن، نمک، پیاز، لہسن، ادرک اور دس کپ پانی ڈال کر ان سب کو پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی چھ کپ کے برابر رہ جائے تو اتارلیں۔ گوشت کو نکال کر ریشے بنالیں اور یخنی چھان کر علیحدہ کرلیں۔ اب ایک دیگچی میں آئل گرم کرکے اس میں مکئی کے دلیے کو بھونیں۔ جب دلیہ بھون لیں تو یخنی ڈال دیں۔ گوشت کے ریشے، سیاہ مرچ ملاکر دھیمی آنچ پر آدھا گھنٹہ تک پکائیں۔ یہ آمیزہ پک رہا ہو تو بھنا ہوا کارن فلور شامل کردیں اور اتارنے سے پہلے انڈوں کی سفیدی خوب پھینٹ کر ملادیں۔ اب اسے سوپ کے پیالے میں انڈیل دیں اور چلی ساس کے ساتھ ٹیبل پر لے آئیں۔

ادرک اور بادام کا حلوہ

اجزاء: ادرک آدھا سیر، بادام کی گریاں ایک پاؤ، چینی آدھ سیر، گھی ڈیڑھ سیر، خشخاش آدھ پاؤ، کشمش، کھوپرا حسبِ پسند۔

ترکیب: بادام کی گریوں کو پانی میں ڈال کر تھوڑا ابال کر اس کے چھلکے اتارلیں، ادرک کو چھیل کر صاف کرلیں۔ اب آپ بادام خشخاش اور ادرک کو الگ الگ سل پر باریک پیس لیں۔ سل کو اچھی طرح دھوکر پہلے صاف کرلینا چاہیے۔ سوائے چینی کے، پھر آپ اسے ایک کڑاہی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور ہلکی آگ پر پکنے دیں۔ کفگیر برابر چلاتی رہیں تاکہ نیچے کڑاہی میں لگنے نہ پائے۔ اچھی طرح پک جائے تو اس میں چینی، کشمش اور کھوپرا کتر کر ڈال دیں۔ جب پکتے پکتے اس میں سوندھی سوندھی سی خوشبو بھی آنے لگے تو اتار لیں۔ بس حلوہ تیار ہے۔

اگر چی چاہے تو سینی میں گرم گرم پھیلادیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس کے ٹکڑے کاٹ لیں، اگر اس طرح کرنا چاہیں تو اس کے لیے گھی آدھ سیر درکار ہوگا۔ یہ حلوہ دماغ کو تقویت دیتا ہے اور سردیوں میں استعمال ہوتا ہے۔

میٹھے کوفتے

اجزاء: قیمہ ایک سیر، چینی ایک سیر، کھویا آدھ پاؤ، سوجی آدھ پاؤ، لیموں دو عدد۔ ناریل، کشمش، بادام، پستہ اور کیوڑہ حسبِ پسند، نمک ذرا سا، گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: قیمے کو صاف سل پر باریک پیس لیں اور اس میں نمک ملادیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر اس میں کھوئے اور سوجی کو الگ الگ بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑی سی چینی اور کشمش ملادیں اور ناریل، بادام کی چھلی ہوئی گری اور پستہ باریک کتر کر ملالیں۔ پھر قیمے کے کوفتے بناتے وقت یہ میوے وغیرہ اس میں بھردیں اور انہیں ہلکی آگ پر اتنا تلیں کہ یہ سرخ نہ ہوں۔ چینی کا قوام اس سے قبل تیا رکرلیں اور اس میں لیموں کا عرق ملادیں۔ جب آپ کوفتے تلتے جائیں تو نکال کر اس قوام میں ڈال دیں تاکہ شیرہ جذب ہوجائے۔ جب ٹھنڈے ہوجائیں تو کیوڑہ ڈال کر نوش فرمائیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146