لذیذ پکوان

ماخوذ

لکھنوی کباب

اشیاء: قیمہ ایک کلو، کچا پپیتہ ایک عدد، پیاز ۳ عدد (درمیانہ سائز)، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چمچہ، ادرک ایک چمچہ (پسا ہوا)، بادام ۱۲ عدد، سرخ مرچ ایک چمچہ، دہی آدھا کپ، تیل ایک کپ۔

سلاد کے لیے اجزاء: پیاز ایک عدد (لچھے دار کٹا ہوا) ٹماٹر ایک عدد (گول قتلے)، ہری مرچ ۲ عدد، پودینے کے پتے ایک گٹھی، لیموں ایک عدد۔

ترکیب: کچے پپیتے کو چھلکے سمیت پیس لیں اور اس کے چار چمچ قیمے میں ملادیں، ساتھ ہی نمک بھی ملائیں اور قیمے کو ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ تین عدد پیاز باریک کاٹ کر آئیل میں براؤن کریں اور اسے ہلکا سا پیس لیں۔ ادرک اور بادام کو بھی پیس لیں اور پسے بادام، ادرک اور پیاز کو دہی میں مکس کردیں، پھر اس پیسٹ میں دو کھانے کے چمچ تیل ڈال کر گرم مسالہ شامل کریں اور اسے قیمے میں ملادیں۔ اب قیمے کے چھوٹے چھوٹے کباب بنائیں۔

بیکنگ ڈش میں برش سے تیل لگائیں اور اس میں کباب رکھ کر معتدل درجے پر گرم کیے ہوئے اوون میں رکھ کر ایک گھنٹہ تک کبابوں کو بیک کریں۔ یہاں تک کہ وہ گل جائیں اور پک کر براؤن ہوجائیں۔ ڈش کے چاروں جانب پیاز کے لچھے، پودینے کی پتیاں، ٹماٹر کے قتلے، ہری مرچ اور لیموں کے ٹکڑے سجاکر پیش کریں۔

ایرانی آلو مکس کباب

اجزاء: آلو آدھا کلو (ابلے ہوئے)، گوشت ایک پیالی (ابلا ہوا)، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، بیسن ۲ چمچے، گرم مسالہ ایک چمچہ، مرچ ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک ایک چمچہ، انار دانہ ایک چمچہ، خشک دھنیا ایک چمچہ، پسا ہوا پودینہ ایک چمچہ، تیل ایک پیالی، دہی آدھا کپ۔

ترکیب: گوشت کے ریشے کرلیں اور ابلے ہوئے آلوؤں کو پیس لیں۔ پیاز کو پیس کر آلو اور گوشت میں شامل کردیں۔ بیسن، مرچ، نمک، گرم مسالہ ، دہی، سبز دھنیا، ادرک اور پسا ہوا انار دانہ ملاکر مکس کریں اور اس آمیزے کو پیس کر گول ٹکیاں تیار کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے ٹکیوں کو انڈوں کے آمیزے میں ڈبو کر تل لیں۔

انڈونیشین کباب

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، آلو آدھا کلو، پیاز ۳ عدد، انڈے ۳ عدد (زردی)، سبز پیاز ۴ عدد، سلاد ۴ پتے، سبز مرچ ۸ عدد، کالی مرچ ۲ چمچے، تیل حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: آلوؤں کو درمیانے سائز کا کاٹ لیں۔ سبز پیاز اور سلاد باریک کاٹ لیں۔ خشک پیاز کو باریک کاٹ کر تل لیں۔ قیمے میں سبز پیاز اور سلاد ملا کر پیس لیں۔ کٹے ہوئے آلوؤں کو تیل میں تل لیں اور قیمے میں مکس کریں۔ اس میں کالی مرچ پسی ہوئی، نمک اور انڈوں کی زردی مکس کردیں۔

جب آمیزہ اچھی طرح سے مکس ہوجائے تو کباب بنالیں اور انڈوں کی سفیدی میں ڈبو ڈبو کر کباب تل لیں۔

نہاری

اجزاء: نہاری کا گوشت (بونگ والا)ڈیڑھ کلو، پیاز آدھا کلو، پسا ہوا دھنیا چار چائے کے چمچے،لہسن کے جوے ۶ عدد، کٹی ہوئی لال مرچ تین چائے کے چمچ، دہی ایک پاؤ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت، سونف، سفید زیرہ، سونٹھ تینوں اشیاء تقریباً ایک چھٹانک توے پر بھون کر پیس کر علیحدہ رکھ لیں، آٹا دو چائے کے چمچے۔

ترکیب: گوشت کو اچھی طرح دھولیں اور پھر دیگچی میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں۔ پانی سوکھ جائے تو چند منٹ کے بعد لہسن کے جوے ڈال کر اور پیاز باریک کاٹ کر پسا ہوا دھنیا، ہلدی، نمک اور لال مرچ ڈال دیں۔ ایک دو بار چمچ چلا کر تیل شامل کریں اور پکنے دیں۔ ۱۵؍منٹ کے بعد پانی اتنا ڈال دیں کہ گوشت گل جائے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ پکنے کے بعد گوشت گل چکا ہوگا۔ اب سونف، سفید زیرہ، سونٹھ بھی گوشت میں ڈال کر پکنے دیں۔ شوربا اپنی مرضی کے مطابق رکھنے کے بعد توے پر آٹا بھونیں اور پانی میں گھول کر وہ بھی ملادیں۔ تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں۔ مزے دار نہاری تیار ہے۔ یہ نہاری سادہ روٹی یا تندوری روٹی کے ساتھ بہت مزا دے گی۔ علیحدہ پلیٹ میں لیموں کے ٹکڑے ۶ عدد، ادرک باریک کٹی ہوئی آدھی چھٹانک، ہری مرچ ۶ عدد (کٹی ہوئی)، ہرا دھنیا تھوڑا سا اور براؤن کی ہوئی پیاز رکھ دیں۔ لطف دوبالا ہوجائے گا۔

مسالہ بھیجہ

اجزاء بھینس کا بھیجہ ایک عدد، لال پسی ہوئی مرچ ایک چائے کا چمچہ، پسا دھنیا ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا ادرک، لہسن ایک کھانے کا چمچہ، پیاز دو عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی، ہری مرچ تین عدد، ادرک ایک بڑا ٹکڑا، ٹماٹر دو عدد، نمک حسبِ پسند، تیل ڈیڑھ کپ۔

ترکیب: بھیجے کو ابال کر اس کی نسیں نکال کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ پھر ایک پین میں تیل گرم کرکے پیاز گولڈن براؤن کرلیں۔ ٹماٹر، ادرک، لہسن اور دیگر مسالے ڈال کر، اچھی طرح بھون لیں۔ اب بھیجہ ڈال کر آہستہ آہستہ چمچہ چلاتی رہیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو ہرا دھنیا، پسا ہوا گرم مسالہ اور باریک کٹی ہوئی ادرک اور مرچ ڈال دیں۔ مزے دار بھیجہ مسالا گرم چپاتی کے ساتھ سرو کریں۔

چٹ پٹا قیمہ

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، پیاز دو عدد (درمیانی) لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا تھوڑا سا، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، ہری مرچ چار عدد، تیل پکانے کے لیے۔

ترکیب: دیگچی میں قیمہ ڈال کر آدھی پیالی پانی ڈالیں۔ نمک، مرچ، ادرک، لہسن، باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر پکائیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو تیل ڈال کر بھونیں۔ قیمہ تیل چھوڑ دے تو ہری مرچ کاٹ کر ڈالیں اور چولہے سے اتار کر ہرا دھنیا چھڑک کر تناول فرمائیں۔

سری پائے

اجزاء: بکرے کے پائے چار عدد (صاف کرکے ٹکڑے کروالیں) سری ایک عدد، پیاز ایک عدد بڑی (باریک کٹی ہوئی) نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی اور دھنیا پاؤڈر ایک ایک کھانے کا چمچہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، دہی دو کپ، ہری مرچ ۵ عدد (باریک کاٹ لیں) گرم مسالا ایک کھانے کا چمچہ، تیل ڈیڑھ پیالی۔

ترکیب: ایک بڑی دیگچی میں صاف کیے ہوئے سری پائے کو تھوڑا سا لہسن، ادرک اور ۸ سے ۹ گلاس پانی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ مستقل ۲ گھنٹے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب سری پائے گل جائیں تو دوسری دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں، اب دہی، نمک، لال مرچ، ہلدی اور باقی تیار کیے ہوئے تمام مسالے ڈال کر ۸ سے ۱۰ منٹ تک اچھی طرح بھونیں۔ پھر اس میں تیار شدہ سری پائے یخنی سمیت شامل کردیں۔ پانچ منٹ پکانے کے بعد ہلکی آنچ کرلیں اور ڈھکن پر کپڑا لپیٹ کر ۱۵ سے ۲۰ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں۔ روغنی نان یا کلچے کے ساتھ مزے دار سری پائے سرو کریں۔

بھنڈی کے شامی کباب

اشیاء: ڈیڑھ کلو بھنڈی، آدھا کلو چنے کی دال، ۱۵ گرام تلی پیاز کا پیسٹ، دس گرام کالی مرچ پاؤڈر، دس گرام چندن پاؤڈر، ایک گرام جاوتری پاؤڈر، چند قطرے کیوڑا، پانچ گرام تیزپات، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: بھنڈی کو اچھی طرح دھوکر تین چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں، چنے کی دال دھولیں، چنے کی دال، کٹی ہوئی بھنڈی، تیز پات پانی میں ڈال اور ڈھک کر دھیمی آنچ پر پکائیں، جب گل جائیں تو آنچ سے اتار کر پانی نچوڑنے کے لیے کسی جالی دار برتن میں رکھ دیں کہ ٹھنڈا ہوجائے۔ ٹھنڈاہوجانے پر مکسر میں پیس کر پیسٹ بنالیں۔ اور بقیہ تمام چیزیں اس میں مکس کردیں۔ پندرہ بیس منٹ فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ فریج سے نکال کر شامی کباب کے شکل کی ٹکیاں بناکر فرائی کرلیں۔

پپیتے کا حلوہ

اشیاء: ایک کلو کچا پپیتا، ۲۰۰ گرام دیسی گھی، ۲۰۰ گرام ماوا، (دودھ کا کھویا)، ایک کلو شکر، ۲۰۰ گرام کاجو، ۲ گرام الائچی پاؤڈر۔

ترکیب: کچے پپیتے کو چھیل کر کدو کش کرلیں۔ اس میں دو لیٹر پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر پانچ منٹ تک پکائیں، اس کے بعد اتار کر پانی چھان لیں۔ الائچی پاؤڈر، شکر اور دیسی گھی ڈال کر دھیمی آنچ پر ۲۰ منٹ پکائیں اور مسلسل چلاتی رہیں۔ پھر اس میں کاجو اور ماوا ملاکر دس پندرہ منٹ پکائیں۔ گرم گرم حلوہ پیش کریں۔

گلاب جامن

اجزاء: خشک دودھ ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، میدہ آدھی پیالی، پھیکا کھویا آدھی پیالی، بیکنگ پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچہ، تیل دو کھانے کے چمچے، ان سب چیزوں کو اچھی طرح ملا کر آٹے کی طرح گوندھ لیں، پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر چھوٹے چھوٹے گولے بنالیں۔ شیرا بنانے کے لیے چینی دو پیالی، پانی ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، دانے نکال کر باریک پیس لیں۔

ترکیب: چینی میں پانی ملا کر ہلکی آنچ میں شیرا بنا لیں۔ جب شیرا بننے لگے تو الائچی ڈال کر اتارلیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کریں، گھی تقریباً دو پیالی ہونا چاہیے تاکہ گلاب جامن اچھی طرح تلے جاسکیں۔ جب گھی تیز گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ کرکے گولے تلنا شروع کردیں، جب براؤن ہوجائیں تو نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں