لذیذ پکوان

ماخوذ

اچاری بھنڈیاں

ایک بڑا کچا آم،بھنڈی :آدھا کلو، ہلدی: ایک چھوٹا چمچ،نمک،مرچ : حسب ذائقہ، کلونجی: ایک چھوٹا چمچ، سفید زیرہ: ایک چمچ ، میتھی دانہ : ایک چوتھائی چمچی، سونف: ایک چمچی، لہسن پسا ہوا: ایک چمچی، چھلے ہوئے لہسن کے چار دانے ثابت، موٹے موٹے کاٹ لیجیے۔ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا بھی کاٹیے،چھ عدد ہری مرچیں ڈنڈی سمیت لے کر انہیں بیچ میں سے کاٹ دیجیے، کوکنگ آئل بڑا چمچہ

ترکیب: بھنڈی دھوکر خشک کرلیجیے۔ بھنڈیا چھوٹی ہوں، تو زیادہ بہتر ہے۔ انہیں دونوں طرف سے کاٹ کر ثابت رہنے دیجیے۔ تیل گرم کیجیے۔ کچا آم چھیل کر لمبائی کے رخ ٹکڑے کیجیے جو زیادہ موٹے نہ ہوں تیل میں نمک، مرچ، ہلدی، کلونجی، سفید زیرہ، میتھی دانہ، سونف لہسن، کٹا ہوا لہسن اور ادرک ڈال دیجیے۔ ساتھ ہی کچا آم ڈال کر ایک چوتھائی پیالی پانی ملاکر ڈھانپ دیجیے۔ پانی خشک ہو جائے تو ہری مرچ اور بھنڈی ڈال کر بھونیے۔ ایک چوتھائی پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیے۔ پانی خشک ہونے پر بھون کر اتار لیجیے۔

مونگ کی سادہ بڑیاں

مونگ کی دال چھلکوں والی:۱کلو،زیرہ سفید: تین چمچے،مرچ:دو چمچے، نمک: حسب ذائقہ، لہسن پسا ہوا: ۱ چمچ

ترکیب: رات کو دال بھگوکر صبح چھلکا اتار کر موٹی پیس لیجیے۔ اس میں سب چیزیں ملاکر کسی بڑے پرات میں چھوٹی چھوٹی بڑیاں بنائیے۔ دھوپ میں رکھیے دو دن بعد چھری سے پلٹ کر سکھائیے۔ چار پانچ روز میں خوب اچھی طرح سوکھنے پر ڈبے میں بند کر کے رکھیے۔ جب پکانی ہوں تو تھوڑی سی نکال کر گھی گرم کرکے بڑیاں ڈالیے اور بھوری ہونے سے پہلے نکال لیجیے۔ بڑیاں بھوری ہوجائیں تو گلتی نہیں۔

مونگوچیوں کا سالن

مونگ کی دھلی دال: ۱ پیالی، زیرہ سفید: ۱ چمچی، گرم مسالا پسا ہوا: نصف چمچی، دھنیا سبز: تھوڑا سا کاٹ لیجیے، ہری مرچ: ۱ عدد کاٹ لیجیے، مرچ سرخ: نصف چمچی، پیاز: دو عدد درمیانی، دہی: دو چمچے

گھی، نمک، مرچ، دھنیا، پیاز حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک پیاز کاٹ کر ایک بڑے چمچے گھی میں سرخ کر لیجیے۔ اس میں نمک، مرچ، دھنیا، لہسن، پیاز ڈال کر خوب بھونیے۔ دہی ملائیے، مسالا خوب بھون کر تین چار پیالی پانی ڈال کر پکنے رکھ دیجیے۔ مونگ کی دھلی ہوئی دال باریک پیس کر اس میں تھوڑا سا نمک، مرچ، سفید زیرہ، گرم مسالا ملاکر خوب پھینٹیے۔گھی گرم کرکے اس کے پکوڑے تل کر سالن میں ڈالیے۔ تھوڑے دیر بعد اتار لیجیے۔ تھوڑا سا ہرا دھنیا اور چٹکی گرم مسالا اوپر سے ڈال دیجیے۔

بڑیوں کا پلاؤ

مونگ کی بڑیا: دو سو گرام، چاول: ۲۵۰ گرام،گرم مسالہ مع زیرہ سفید :ایک چمچ، نمک: حسب ذائقہ، پیاز: ایک عدد درمیانہ، ادرک، لہسن پسا ہوا: ایک چمچ،گھی: حسب ضرورت، دھنیا پسا ہوا: ایک چمچی۔

ترکیب: گھی گرم کرکے ایک منٹ کے لیے بڑیاں ڈال کر رنگ بدلنے سے پہلے اتاریے۔ گھی میں پیاز لال کرکے ادرک، لہسن، گرم مسالہ اور دھنیا ڈال کر بھونیے۔ اس میں بڑیاں ڈالیے اور ایک بڑی پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیے۔ بڑیاں گل جائیں تو بھون کر اور چاول ڈال کر اتنا پانی ڈالیے کہ چاول پک جائیں۔ ہلکی آنچ پر دم دے کر اتارلیجیے۔ دہی، چٹنی کے ساتھ کھائیے۔

آم کا حیدرآبادی اچار

اشیاء: کچے آم پچاس عدد، رائی ڈھائی سو گرام، مرچ سرخ سوگرام، نمک ۵۰۰ گرام، تیل سرسوں ڈیڑھ لیٹر، ہلدی ساٹھ گرام، دھنیا خشک ساٹھ گرام، لہسن ۱۲۵ گرام، زیرہ سفید ۳۰ گرام، میتھی ساٹھ گرام۔

ترکیب: آموں کو دھوکر خشک کرکے چار چار ٹکڑے کرلیں۔ لہسن پیس لیں باقی تمام اجزاء بھی الگ الگ پیس لیں سوائے نمک اور مرچ کے تمام مسالے چھان لیں۔ اب تیل کڑکڑائیں اور اس میں تمام مسالے مل کر مٹی کے مرتبان میں ڈالتی جائیں۔ باقی جو بچ جائے اسے اوپر سے ڈال دیں۔ مرتبان کا منہ کھول کر پندرہ دن تک دھوپ میں رکھیں۔ آم گل جائیں تو استعمال کریں۔

مینگو شیک

اشیاء: دودھ چار کپ، آم کا گودا ایک کپ، چینی حسب ضرورت، لیموں آدھا، چورا برف حسب ضرورت۔

ترکیب: دودھ چینی اور آم کے گودے کو مکسر میں ڈال کر مکسر چلائیں۔ جب چینی حل ہوجائے تب چورا برف اور لیموں کا رس ڈال کر دوبارہ مکسر چلائیں۔ گلاسوں میں برف کے گیوب ڈالیں اور مینگو شیک ڈال کر پیش کریں۔

فالسے کا شربت

اشیاء: فالسے پانچ سو گرام، چینی چھ سو گرام پانی ایک لیٹر، سیڑک ایسڈ آدھا چھوٹا چمچہ۔

ترکیب: فالسوں کو اچھی طرح صاف کریں۔ تھوڑے پانی میں فالسے ڈال کر ہاتھوں کے ذریعے مسلیں اور گٹھلیاں الگ کرلیں۔ گودا ملاپانی مکسر میں ڈال کر پتلا رس نکالیں۔ چینی اور پانی ملاکر ایک تار کی چاشنی بنائیں۔ اب اس میں فالسے کا رس ڈال کر تھوڑی دیر تک پکائیں۔ اسے ٹھنڈا کرکے سیٹرک ایسڈ ملائیں اب اس شربت کو صاف خشک بوتلوں میں بھر کر رکھیں۔

اروی کے کباب

اشیاء:اروی بڑے سائز کی، ایک کلو دھوکرچھلکے سمیت ابال لیں۔ اجوائن چائے کا چوتھائی چمچہ، پسی ہوئی کھٹائی دو کھانے کے چمچے یا ایک چائے کا چمچہ، املی لے کر آدھی پیالی پانی میں بھگودیں، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ ، نمک حسب ذائقہ، بیسن ایک پیالی، پودینہ ایک گھٹی پتے الگ کرلیں، ہری مرچ تین عدد باریک کٹی ہوئی ، انڈا ایک عدد، تیل دو پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے اروی کو دھوکر دیگچی میں ابالنے رکھ دیں۔جب اچھی طرح گل جائے تو نکال کر چھلکا اتار لیں۔ پھر ایک ایک اروی کو دونوں ہاتھوں کے درمیان رکھ کر کباب کی شکل بنالیں اور ایک برتن میں پھیلا کر رکھتے جائیں۔ اب ایک گہرے پیالے میں بیسن گھولیں۔ اس میں سارا مسالہ ملادیں، ایک ایک اروی کو بیسن میں ڈبوکر ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کرلیں۔

کلیجی فرائی ہرا مصالحہ

اجزاء:کلیجی ایک عد، ہری مرچ ۵ عدد، ہری پیاز ایک عدد، ہرے ٹماٹر ۲۵۰ گرام، سرخ مرچ نمک حسب ضرورت، لہسن ایک گڈی، ہرا دھنیا ایک گڈی۔

ترکیب: کلیجی کی بوٹیوں کو لہسن کے جوئے سمیت ابال کر پتیلی میں نکال لیں لہسن کا پانی پھینک دیں اور پتیلی میں گھی ڈال کر کڑکڑائیں۔ اس کے بعد کلیجی فرائی کریں۔ چند منٹ کے بعد ان میں باریک کتری ہوئی پیاز ملادیں اور جب یہ مرکب پکنے لگے تو باقی پیاز کتری ہوئی ہری مرچ ہرے ٹماٹر اور ابلے ہوئے لہسن کے جوے مع پسی ہوئی لال مرچ اور باریک کتر ہوا ہرا دھنیا ڈال دیں کلیجی کا یہ سالن بہت لذیذ ہوتا ہے۔

فش فنگرز

اشیاء: مچھلی ڈیڑھ کلو صاف کرواکر فنگرز بنوالیں۔ یا بنی بنائی بازار سے لے لیں، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، لیموں دو عدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ ، انڈا دو عدد، ڈبل روتی کا چورا چھان کر باریک پیس لیں ، نمک حسب ذائقہ، تیل دو پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کو نمک اور لہسن کے پانی کے ساتھ دھوکر نمک سرکہ اور لیموں کا رس ملاکر دوگھنٹے کے لیے رکھ دیں پھر ایک پیالے میں انڈے پھینٹ کر کالی مرچ ملادیں۔ ایک ایک ٹکڑے کو ڈبوکر چورا لگالیں اور ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کرلیں۔ تل کر اخبار پر رکھتی جائیں تاکہ تیل جذب ہوجائے۔

خشک چکن چلیز

اشیاء:مرغی ایک عدد وزن ڈیڑھ کلیو ہڈی سے گوشت الگ کرواکر چھوٹے چھوٹے سے ٹکڑے کرلیں، ہری مرچ بڑے سائز کی بارہ عدد درمیان میں سے لمبے لمبے ٹکڑے کرلیں، لہسن پساہوا ایک کھانے کا چمچہ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ، ڈالڈا تیل تین کھانے کے چمچے

ترکیب: مرغی کے گوشت چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرنے کے بعد ایک ساتھ رکھ کر بڑی چھری کے ساتھ کچل لیں، پھر سرکہ اور سویا ساس لگا کربیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔دیگچی میں تیل ڈال کر پسا ہوا لہسن، گوشت، کالی مرچ اور نمک ڈالیں اور اچھی طرح فرائی کرلیں۔

جب اچھی طرح فرائی ہوجائی تو اوپر سے اجینو موتو چھڑک دیں۔ پھر ایک فرائنگ پین میں ایک چمچہ تیل ڈال کر مرچیں ہلکی فرائی کریں۔ ان میں تھوڑا سرکہ، سویا ساس اور اجینو موتوڈال دیں۔ فرائی گوشت کے اوپر ڈال کر اچھی طرح مکس کردیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں