لذیذ پکوان

ماخوذ

شکم پور

اجزاء: قیمہ ایک کلو گرام، پیاز، ۲۵۰ گرام، دہی ۲۵۰ گرام، لیموں ۲ عدد، ادرک ۲ انچ کا ٹکڑا، گھی یا تیل ایک پیالی، خشخاش ایک چمچہ کھانے کا، ناریل ایک چمچہ کھانے کا، بھنا ہوا چنا ایک چمچہ کھانے کا، لہسن پسا ہوا دو چمچے کھانے کے، ادرک پسی ہوئی دو چمچے کھانے کے ، ہرا دھنیا تھوڑا سا، پودینہ تھوڑا سا، ہری مرچ تھوڑی سی۔

ترکیب: سب سے پہلے پیاز باریک کاٹ کر سنہری ہوجانے تک تل لیں۔ ساتھ ساتھ قیمے میں ادرک لہن لگا کر رکھ دیں۔ جب پیاز تلی جائے تو اس میں قیمہ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں، پھر پتیلی آنچ پر سے ہٹا لیں۔ توے پر خشخاش، ناریل اور چنا بھون لیں، رنگ ہلکا سنہرا سا ہوجائے تو اس کو قیمے میں ملا کر قیمے کو پیس لیں۔ اس کے بعد دہی ملا لیں۔ ادرک اور ہرا مسالا باریک کاٹ لیں اور لیموں کا رس اس میں نچوڑ کر ملا لیں۔ اب قیمہ کی چھوٹی چھوٹی بال بنائیں اور ان کے بیچ میں یہ مسالا بھر لیں، ہلکا سا چٹپٹا کرکے تل لیں، شکم پور تیار ہے۔

مچھلی کے کباب:

اجزاء: مچھلی ایک کلو گرام، تیل ایک پیالی، پیاز ایک عدد بڑی، دہی آدھی پیالی، تل ایک چمچہ کھانے کا، خشخاش ایک چمچہ کھانے کا، کھوپرا ایک چمچہ کھانے کا، سرخ مرچ ایک چمچہ کھانے کا، لہسن دو چمچے چائے کے، ادرک دو چمچے چائے کے، نمک دو چمچے چائے کے، ہری مرچ پانچ عدد، پودینہ کٹا ہوا دو چمچے کھانے کے۔

ترکیب: مچھلی دھوکر کر اس میں لہسن اور ادرک اور نمک ملا لیں اور دو پیالی پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ مچھلی گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو اس میں سے کانٹے نکال دیں اور سل پر باقی مسالوں کے ساتھ پیس لیں۔ اب اس میں دہی ملانے کے بعد کباب بنا کر تل لیں۔

ایرانی تافتان

اجزاء: میدہ ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، دودھ ایک لیٹر، دہی ایک پاؤ (اندازاً)، گھی ایک پاؤ، خمیر ۲ چائے کے چمچے، چینی ایک کھانے کا چمچہ۔

ترکیب: سب سے پہلے نمک اور میدہ کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ تھوڑے سے دودھ میں خمیر کو اچھی طرح گھول لیجیے۔ تھوڑا تھوڑا کرکے میدہ میں ڈالتے جائیے، اس کے بعد باقی دودھ بھی تھوڑا تھوڑا کرکے ڈالتے جائیں اور میدہ کو گوندھ لیں۔ خیال رکھئے کہ میدہ بہت زیادہ نرم نہ ہوجائے۔ اپنے اندازے سے گوندھ لیں (اگر کچھ دودھ رہ جائے تو رکھ دیں۔) اس کے بعد میدہ کو کسی گرم جگہ رکھ دیں۔ گھی کو گرم کرکے تھوڑا تھوڑا میدہ میں ملاتے جائیے۔ تقریباً آدھے گھنٹے کے بعد میدہ کو مزید اچھی طرح سے گوندھ لیں۔ توے کو ہلکی آنچ پر گرم کریں۔ اپنی مرضی کے مطابق روٹی بنالیں۔ اس کو توے پر ڈال کر ہلکی آنچ پر سینکیں۔ دہی میں چینی ملا کر پہلے سے رکھ لیں تاکہ چینی اچھی طرح سے حل ہوجائے۔ اب دہی کو روٹیوں پر لیپ دیں اور توے پر مزید سینکیں۔ یہ خیال ضرور رکھیں کہ آنچ ہلکی ہو تاکہ روٹیاں (یعنی تافتان) جل نہ جائیں اور نہ ہی کچی رہ جائیں۔ جب یہ بادامی رنگ کی ہوجائیں تو اتار لیں اور گرم گرم ایرانی قورمہ کے ساتھ نوش فرمائیں۔ بہت لذید ہوں گے۔ اسے آپ صبح کے ناشتے میں بھی چائے کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں۔

ایرانی بریانی

اجزاء: چاول (بھگو کر ایک کنی ابال لیجیے) ایک کلو گرام۔ گوشت (بیف) ایک کلو گرام، آلو ۲۵۰ گرام (چھیل کر حسبِ خواہش کاٹ لیں)، پیاز ۵۰۰ گرام، (آدھی مقدار باریک کاٹ لیں)، سیاہ زیرہ پاؤڈر ۲ چائے کے چمچے، سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، دارچینی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، سبز الائچی پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچہ، لیموں کا رس ۴ کھانے کے چمچے، سبز مرچ (باریک پیس لیں ۸ عدد ، ادرک پیسٹ ۲ کھانے کے چمچے، لہسن پیسٹ ۲ کھانے کے چمچے، سرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، دہی ایک پاؤ، زعفران چوتھائی چائے کا چمچہ، بادام (بھگو کر چھلکا اتارلیں) ۲۵ گرام، پستہ ۲۵ گرام، کاجو ۲۵ گرام، کشمش ۲۵ گرام، کوکنگ آئیل ۳۰۰ گرام۔

ترکیب: دیگچی میں آئل ڈال کر اس میں پیازبراؤن کرلیں۔ آدھی مقدار دیگچی سے نکال لیں اور ٹھنڈا کرنے کے بعد باریک پیس لیں۔ اس کے بعد بقیہ آدھی پیاز کو ڈریسنگ کے لیے علیحدہ رکھ دیں۔ اب اسی آئیل میں بادام پستہ کاجو اور کشمکش کو ہلکاسا فرائی کرنے کے بعد علیحدہ رکھ دیں۔ اس میں آلو فرائی کرلیں اور پھر نکال کر علیحدہ رکھ دیں۔ اب آئل میں گوشت ڈال دیں۔ ساتھ ہی براؤن پسی ہوئی پیاز، سیاہ زیرہ پاؤڈر، سیاہ مرچ پاؤڈر، دار چینی پاؤڈر، سبز الائچی پاؤڈر، لیموں کا رس، سبز مرچ، ادرک پیسٹ، لہسن پیسٹ، سرخ مرچ پاؤڈر نمک اور دہی شامل کردیں اور بھونیں جب اچھی طرح بھن جائے تو تقریباً دو پیالی یا اتنا جس میں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے پانی ڈالیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں آلو شامل کردیں اور مزید پندرہ منٹ پکائیں۔ آلو گل جائیں اور تیل سطح پر آجائے تو چولہا بند کردیں۔

ایک بڑی دیگچی لیں اس میں پہلے چاول کی تہہ بچھائیں۔ اس پر تیار شدہ قورمے کی تہہ بچھائیں یہی عمل دو مرتبہ دہرائیں۔ زعفران کیوڑے میں مکس کرکے اور بریانی کے اوپر ڈال دیں۔ دس سے پندرہ منٹ کے لیے دم دے دیں۔ مکس کرنے کے بعد ڈش میں نکالیں۔ براؤن پیاز اور فرائیڈ ڈرائی فروٹ سے گارنش کردیں۔

شملہ مرچ اور ناریل دہی کے ساتھ

اجزاء: شملہ مرچ (لمبی قاشیں کاٹ لیں) ۲ عدد، پیاز (چوپ کی ہوئی) ۲ عدد، ٹماٹر (چھوٹے ٹکڑے کرلیں)۲ عدد، رائی آدھا چائے کا چمچہ، ثابت زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، ارہر دال ایک کھانے کا چمچہ، ثابت لال مرچ دو تین عدد، کری پتے حسبِ ضرورت، ناریل (کدوکش کیا ہوا) ۲ کھانے کے چمچے، کاجو چوتھائی کپ، دہی چوتھائی کپ، لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، تیل فرائی کرنے کے لیے، نمک حسب ذائقہ، ناریل کا پانی تین چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب: ناریل اور کاجو کو گرائنڈ کرلیں ا ور ناریل کے پانی میں مکس کردیں۔ ایک پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں رائی اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں۔ اس کے بعد کری پتہ، ارہر دال اور لال مرچ پاؤڈر ڈال کر فرائی کریں۔ اس کے بعد پیاز، ٹماٹر ، ثابت لال مرچ، ہلدی پاؤڈر ، دھنیا پاؤڈر، نمک اور ناریل مکسچر ملا کردو تین منٹ فرائی کرتے رہیں۔ اس میں دہی، تھوڑا سا پانی اور شملہ مرچ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ ڈھک کر۲ منٹ تک پکائیں اور گرم گرم پیش کریں۔

شملہ مرچ کا اچار

اجزاء: ہری مرچیں ۲۵۰ گرام (ایک انچ کے ٹکڑے کرلیں)، شملہ مرچ سوا کپ (اسکوائرز کاٹ لیں)، سونف پاؤڈر ۲ کھانے کے چمچے، رائی پاؤڈر ۴ کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کاچمچہ، اجوائن ایک چائے کا چمچہ، ہینگ ایک چائے کا چمچہ، تیل ۱۰ کھانے کے چمچے، لیموں کا رس ۱ عدد، لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ۔

ترکیب: ہری مرچوں، شملہ مرچوں، سونف پاؤڈر، رائی، نمک، ہلدی پاؤڈر، اجوائن، ہینگ، تیل، لیموں اور لال مرچ پاؤڈر ملا کر ۲ دن کے لیے سورج کی روشنی میں رکھ دیں۔ مزیدار شملہ مرچ اچار تیار ہے، پراٹھوں سے مزے لے کر کھائیں۔

اسٹفڈ سبزیاں:

اجزاء: بینگن ایک عدد، سبز شملہ مرچ ۱ عدد، ٹماٹر ۲ عدد، زیتون کا تیل ۳ کھانے کے چمچے، پیاز (چوپ کی ہوئی) ایک عدد، لہسن کے جوئے (کرش کرلیں) ۲ عدد، بٹن مشرومز (چوپ کیے ہوئے) ڈیڑھ کپ، گاجر (کدوکش کیا ہوا) ایک عدد، چاول ۲ کپ، سویا (چوپ کیا ہوا) ایک کپ، پنیر(چوپ کیا ہوا) آدھا کپ، اخروٹ تہائی کپ، منقیّٰ ۲ کھانے کے چمچے، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ۔

ترکیب: اوون کو پہلے سے 190C / 375Fگرم کرلیں۔ بیکنگ ڈرے کو ہلکا سا گرم کرلیں۔ بینگن کو درمیان سے کاٹ لیں اور درمیان میں موجود الگ کرلیں۔ شملہ مرچوں کو آدھا کرکے درمیان سے بیج نکال دیں۔ ٹماٹر کو بھی اوپر سے کاٹ کر اندر سے بیج الگ کرکے رکھ دیں۔ ایک پین میں پانی گرم کریں اور بینگن ڈال کر ۳ منٹ تک ابال لیں۔ شملہ مرچ بھی ڈال کر ۳ منٹ تک ابالیں۔ اس کے بعد سبزیوں کو خشک کرکے بیکنگ ٹرے میں رکھ دیں۔ ایک ساس پین میں ۲ کھانے کے چمچے تیل گرم کریں۔ اس میں پیاز اور لہسن ڈال کر ۵ منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد چاول، سویا، پنیر، اخروٹ، منقی نمک اور مرچ شامل کردیں۔ اس مکسچر کو سبزیوں کے خول میں بھردیں۔ اوپر بچا ہوا زیتون کا تیل ڈال کر ۲۰ منٹ تک کے لیے بیک کرلیں۔ چاہیں تو گرم سرو کریں یا پھر ٹھنڈا ۔

شاہی شملہ مرچ

اجزاء: شملہ مرچ (درمیانی) ۶ عدد، فلنگ کے لیے : کھویا ڈیڑھ کپ، آلو (ابال کر میش کرلیں) آدھا کپ، ثابت زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، کچا آم (کدو کش کیاہوا) ایک کھانے کا چمچہ، خشک میوہ، آدھا کپ (چھوٹے ٹکڑے کرلیں)، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، گھی ۲ کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: ایک پین میں ایک کھانے کا چمچہ گھی گرم کریں اس میں زیرہ ڈال کر ایک منٹ کے لیے فرائی کرلیں۔ اس میں کھویا، آلو، کچا آم، خشک میوہ، لال مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کو ایک طرف رکھ دیں۔ شملہ مرچ کا اوپر کا حصہ ہٹا دیں اور درمیان سے خالی کرلیں۔ شملہ مرچوں میں یہ فلنگ بھرلیں۔ بچا ہوا گھی گرم کریں اور شملہ مرچوں کو ترتیب سے رکھ دیں۔ اس کو ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ تیار ہوجائیں تو پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں