لذیذ پکوان

ماخوذ

چٹنی والا چکن

اجزاء: مرغ کے سینے کے پیس ۴عدد، مکھن ۳ اونس، کھیرا ایک عدد (چھلا ہوا)، پنیر ایک کپ (کدو کش کیا ہوا)، کارن فلور دو چائے کے چمچ، دودھ ایک کھانے کا چمچ، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل تہائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی)، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ۔

ڈریسنگ کے لیے: ٹماٹر دو عدد، لیموں ایک عدد، سبز مرچ دو عدد۔

ترکیب:دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اور کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے گرم مکھن میںڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کیا ہوا پنیر ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہپنیر پگھل نہ جائے۔

دودھ میں کارن فلور ملاکر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تونمک، مرچ، جائفل اور لیموں کا رس ملادیں اب اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغی کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کر ڈش میں سجا دیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔

چکن نگٹس

اجزاء:چکن (بغیر ہڈی کی بوٹیاں) ایک کلو، لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، سویا ساس دو کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، سرکہ دو سے تین کھانے کے چمچ۔

آمیزہ بنانے کے لیے: میدہ ایک پیالی، کارن فلور آدھی پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، انڈوں کی سفیدی دو عدد، ڈالڈا کوکنگ آئل تلنے کے لیے۔

ترکیب: چکن میں نمک، لہسن، سفید مرچ، کالی مرچ، سرکہ اور سویا ساس لگا کر آدھے سے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ آمیزہ بنانے کے لیے انڈوں کی سفیدی پھینٹ کر میدہ، کارن فلور، نمک اور سفید مرچ ملالیں۔ اس مکسچر میں اتنا ٹھنڈا پانی ڈالیں کہ گاڑھا سا آمیزہ بن جائے۔ چکن کی بوٹیاں اس آمیزے میں ڈپ کرکے پندرہ سے بیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں ڈالڈا کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ تک گرم کریں اور چکن نگٹس گولڈن فرائی کرلیں۔ ٹشوپیپر یا خاکی کاغذ پر نکال لیں۔

پریزنٹیشن: ٹماٹو کیچپ یا مایو نیز کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

ٹپ: مصالحہ لگی چکن کو دو سے تین دن تک ائر ٹائٹ ڈبے میں بندکرکے فریزر میں رکھ سکتے ہیں۔

ہرے مصالحے کے آلو

اجزاء: چھوٹے سائز کے آلو ایک کلو، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن چار سے چھ جوئے، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں دس سے بارہ عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی، پودینہ ایک گٹھی، لیموں کا رس تین سے چار کھانے کا چمچ، ڈالڈا کوکنگ آئل چار سے چھ کھانے کے چمچ۔

ترکیب: آلو ابال کر ٹھنڈے کرلیں اور چھیل کر ایک طرف رکھ دیں۔ لہسن، سفید زیرہ، ہری مرچیں، پودینہ اور ہرا دھنیا لیموں کے رس کے ساتھ ملاکر چٹنی پیس لیں۔ کڑاہی یا فرائنگ پین میں ڈالڈا کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ گرم کریں اور چٹنی کو تین سے چار منٹ کے لیے فرائی کرلیں۔ ابلے ہوئے آلو اور نمک چٹنی میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر پانچ سے سات منٹ تک ہلکی آنچ پر (دم پر ) پکائیں۔

پریزنٹیشن: پراٹھے یا پوریوں کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

ٹپ: لیموں کچھ دیر گرم پانی میں رکھنے سے اس کا زیادہ رس حاصل کیا جاسکتا ہے۔

چکن سیخ کباب

اجزاء: مرغی کا قیمہ ایک کلو، نمک حسبِ ذائقہ، پیاز دو عدد درمیانی، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، چھوٹی الائچی چھ عدد، بھنے ہوئے چنے دوکھانے کے چمچ، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، ڈبل روٹی کے سلائس چار عدد، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، انڈے دو عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) چھ سے آٹھ عدد، ڈالڈا کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: قیمہ میں پیاز، کالی مرچ، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، گرم مصالحہ، پپیتا، چنے اور ڈبل روٹی کے سلائس ملاکر پیس لیں۔ نمک، سویا ساس، لال مرچ،ہرا دھنیا، ہری مرچیں اور انڈے ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔دوکھانے کے چمچ قیمے کا آمیزہ لے کر سیخ پر رکھ کر دبا دبا کر چار سے پانچ انچ لمبے کباب بنالیں۔ دس سے بارہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کبابوں کو ایک سے دو منٹ کے لیے آگ پر سینک لیں۔ فرائنگ پین کو درمیانی آنچ پر د وسے تین منٹ کے لیے گرم کرکے ایک سے دو کھانے کے چمچ ڈالڈا کوکنگ آئل ڈالیں۔ کبابوں کو سیخ سے نکال کر فرائنگ پین میں ڈال دیں۔ پھر لکڑی کے چمچ سے تین سے چار منٹ کے لیے ذرا سا الٹ پلٹ کر سینک لیں۔ فرائنگ پین سے نکال کر ٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر رکھ دیں۔

پریزنٹیشن: دہی کا رائتہ اور نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

ٹپ: مزید ذائقہ دار بنانے کے لیے قیمہ کے بجائے بغیر ہڈی کی بوٹیاں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔

مرغ چھولے

اجزاء: چکن ایک کلو، سفید چنے (ابلے ہوئے) ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، پیاز (باریک کٹی ہوئی) دو عدد درمیانی، ٹماٹر (چوکور کٹے ہوئے) تین عدد درمیانے، کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، ڈالڈا تیل آدھی پیالی۔

سجانے کے لیے: ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) تین سے چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی۔

ترکیب: دیگچی میں ڈالڈا تیل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ کے لیے ہلکا سا گرم کرکے پیاز کو سنہرا فرائی کرلیں۔ پھر ادرک لہسن اور کالی مرچ ڈال کر ایک منٹ تک فرائی کریں اورٹماٹر ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ اچھی طرح گل جائیں۔ نمک، دھنیا، زیرہ، ہلدی اور چکن ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ بناسپتی علیحدہ سے نظر آنے لگے۔ چنے ڈال کر دو پیالی پانی ڈال دیں، اور ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ تک پکائیں۔

پریزینٹیشن: ڈش میں نکال کر ہری مرچیں اور ہرا دھنیا چھڑک دیں اور نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

ٹپ: چنوں کو ابالنے کے لیے انہیں اچھی طرح دھوکر آدھا چائے کا چمچہ میٹھا سوڈا ڈال کر دو گھنٹے کے لیے بھگودیں۔ دوبارہ دھوکر تین سے چار پیالی صاف پانی ڈال کر اتنی دیر ابالیں کہ اچھی طرح گل جائیں۔

ہری پیاز کا رائتہ

اجزاء: دہی دو کپ، ہری پیاز ایک کپ، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا کوکنگ آئل حسبِ ضرورت

ترکیب: ہری پیاز کو باریک کتر لیں، کسی فرائنگ پین میں ایک کھانے کا چمچ گھی ڈال کر اس میں ہری پیاز کو ذرا دیر فرائی کرلیں اور اسی دوران ایک چٹکی شکر بھی چھڑک دیں۔ اب فرائی کی ہوئی ہری پیاز کو پھینٹے ہوئے دہی میں نمک کے ساتھ شامل کردیں، اچھی طرح یکجا کرنے کے بعد اسے فریج میں ٹھنڈا کرلیں اور کسی بھی مسالے دار چاولوں کی ڈش، پلاؤ یا بریانی کے ساتھ استعمال کریں۔ چاہیں تو زیرے کا بگھار لگاکر روٹی یا چاولوں کے ساتھ بھی کھاسکتے ہیں مگر اس میں ذرا سی پسی ہوئی سیاہ یا سرخ مرچ ضرور شامل کرلیں۔

ہری پیاز کوفتہ

اجزاء: قیمہ ایک پاؤ، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی) چار کھانے کے چمچ، انڈا ایک عدد، اجینوموتو آدھا چائے کا چمچ، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، ادرک (باریک کتری ہوئی) دو چائے کے چمچ، سویا ساس ڈیڑھ کھانے کا چمچ، پسی سیاہ مرچ حسبِ پسند، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، ڈالڈا کوکنگ آئل فرائی کے لیے۔

ترکیب: دو کھانے کے چمچ پانی میں کارن فلور گھول کر قیمے اور ہری پیاز کے ساتھ ملادیں۔ ساتھ ہی دیگر تمام مسالے اور انڈا بھی پھینٹ کر شامل کرلیں۔ اس تمام آمیزے کو اچھی طرح مکس کرکے نرم کرلیں اور اخروٹ کے سائز کے چھوٹے چھوٹے کوفتے تیار کرلیں۔ کڑاہی میں آئل گرم کرکے ان کوفتوں کو ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹتے ہوئے سنہری فرائی کرلیں اور شام کی چائے کے ساتھ نوش فرمائیں۔ اگر تل لگانا مقصود ہو تو پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرنے کے بجائے کوفتوں کو تلوں میں رول کریں۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں