لذیذ پکوان

ماخوذ

بینگن کی برہانیاں
اجزاء: بینگن بڑے سائز کا گول ایک عدد، لہسن کے جوئے ۵ سے ۶ عدد، لال مرچ ایک چمچ، کوکنگ آئیل تلنے کے لیے، دہی ایک پاؤ۔
ترکیب: برائے برہانیاں: سب سے پہلے ثابت بینگن کو دھوکر بغیر چھیلے گول گول قتلے کی شکل میں کاٹ لیں۔ پھر کوکنگ آئل میں فرائی کرلیں۔ توے پر تھوڑا سا تیل ڈالیں، اتنا کہ وہ براؤن ہوجائے، پھر جب پورے بینگن کے قتلے فرائی ہوجائیں تو ان کو ایک پلیٹ میں رکھ لیں۔
گریوی: لہسن کے جوئے چھیل کر باریک پیس لیں۔ لہسن کے ساتھ ہی نمک اور لال مرچ ڈال کر پیس لیں۔ پھر اس مسالے کو فرائنگ پین میں تھوڑا سا کوکنگ آئل ڈال کر ہلکا سا بھون لیں اور تھوڑا سا، یا دو کھانے کے چمچ پانی ڈال دیں اور آدھا منٹ پکنے کے بعد ایک کپ میں نکال لیں۔ گریوی تیار ہے۔ بینگن کے قتلوں کے ساتھ مسالہ اور دہی ڈال کر گرما گرم چپاتیوں (روٹیوں) کے ساتھ کھائیں۔ بہت مزیدار لگیں گے۔
گاجر پلاؤ
اجزاء: چاول ایک کپ، گاجر دو کپ (باریک کٹے ہوئے)، گرم مسالہ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، تیزپات ۳ عدد، ہری مرچ ۴ عدد، ادرک ایک چھوٹا ٹکڑا، نمک اور بناسپتی گھی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: فرائنگ پین میں بناسپتی گھی گرم کرکے مرچ اور تیزپات کو فرائی کریں اور گاجر، گرم مسالہ پاؤڈر، نمک اور دو پیالی پانی ملائیں اور چاولوں کو تیز آنچ پر پانچ منٹ تک پکنے دیں۔ تیار ہونے پر ہرے دھنیے کی باریک کٹی ہوئی پتیاں چھڑک کر مہمانوں کو پیش کریں۔
سبزیوں کے کوفتے
اجزاء: آلو ۳ عدد، مٹر آدھا کپ، انڈا ایک عدد، گوبھی آدھا کپ، گاجر آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، کوکنگ آئل تلنے کے لیے، لال مرچ آدھا چائے کا چمچ، کارن فلور ۲ کھانے کے چمچ۔
گریوی کے لیے ضروری اجزاء: پیاز ایک عدد درمیانی پسی ہوئی، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ حسبِ منشاء، لہسن ایک چائے کا چمچ، ادرک ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل چوتھائی کپ۔
ترکیب برائے کوفتے: تمام سبزیوں کو ابال کر میش کرلیں پھر تمام مسالے مکس کرلیں اور کوفتے بنالیں۔ انڈا لگا کر کوکنگ آئل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔
ترکیب برائے گریوی: کوکنگ آئل گرم کریں، اس میں پیاز ادرک، لہسن اور تمام مسالے ڈال کر بھونلیں تلے ہوئے کوفتے شامل کرکے سرو کریں۔
کشمیری دم آلو
اجزاء: آلو ایک کلو (چھوٹے سائز کے)، تیل ڈیپ فرائی کے لیے، خشک کشمیری مرچیں پانچ تا چھ عدد، دہی دو کپ، الائچی (پسی ہوئی) نصف چائے کا چمچہ، خشک ادرک (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، سونف (پسی ہوئی) دو کھانے کے چمچے، سرسوں کا تیل ایک چوتھائی کپ، لونگ (پسی ہوئی) ایک چٹکی، ہینگ ایک چٹکی، نمک حسبِ ذائقہ، بھنا ہوا دھنیا (پسا ہوا) نصف چائے کا چمچہ، گرم مسالا (پساہوا) نصف چائے کا چمچہ۔
ترکیب: چھری کی مدد سے آلوؤں کو چھیلیں اور سوراخ کریں۔ انہیں نمکین پانی میں پندرہ منٹ تک رکھیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کریں اور درمیانی آنچ پر آلو فرائی کریں، یہاں تک کہ ان کا رنگ سنہرا بھورا ہوجائے۔ خشک کشمیری لال مرچوں کا پیسٹ بنائیں۔ کشمیری لال مرچ پیسٹ ، الائچی (پسی ہوئی)، خشک ادرک (پسی ہوئی) اور سونف( پسی ہوئی) کے ساتھ دہی کو پھینٹیں، ایک پین میں سرسوں کے تیل کو گرم کریں۔ لونگ پسی ہوئی اور ہینگ ڈالیں۔ دہی کا آمیزہ ڈالیں اور اسے ابال لیں۔ فرائی کیے ہوئے آلو ڈال کر پکائیں۔ یہاں تک کہ آلو گریوی کو جذب کرلیں اور تیل تیرنے لگے۔ تازہ بھنے اور پسے ہوئے زیرے اور پسے ہوئے گرم مسالے کے ساتھ سجا کر گرم گرم پیش کریں۔
نوٹ: – آلو میں سوراخ کرنے کا عمل انہیں بہت ہلکا بنادیتا ہے۔ اگر آلو ہلکے نہیں ہوئے تو اس کا مطلب ہے کہ سوراخ صحیح یا کافی نہیں ہوئے، اس لیے ایک آلو کو فرائی کرنے کے بعد اسے چیک کیا جائے، آلو کا سائز بہت اہم ہے۔ یہ چھوٹے سائز کا ہو لیکن بہت چھوٹا بھی نہ ہو۔
بھنڈی مسالا
ضروری اجزاء: بھنڈی آدھا کلو، پیاز دو عدد بڑے سائز کے، ہری مرچیں تین سے چار عدد، تیل چار کھانے کے چمچے، دھنیا نصف چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی پسی ہوئی نصف چائے کا چمچہ، آمچور دو چائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: پیاز چھیل کر ٹکڑے کرلیں۔ ہری مرچیں دھوکر ان کے دو دو ٹکڑے کرلیں۔ بھنڈی دھوکر خشک کرلیں۔ دونوں سروں کو کاٹ لیں اور الگ لمبے ٹکڑے بنالیں۔ بھنڈی کو درمیان میں سے چاک کریں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور زیرہ ڈالیں۔ اس کے بعد پیاز ڈالیں اور بھونیں،یہاں تک کہ رنگ ہلکا سنہرا ہوجائے۔ بھنڈی ڈالیں اور لال مرچیں (پسی ہوئی) دھنیا اور ہلدی، بھنڈی پر چھڑکیں۔ اچھی طرح ملائیں۔ دھیمی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیں اور گاہے بگاہے ہلائیں۔ نمک اور آمچور ڈالیں۔ جب بھنڈی تقریباً پک جائے تو تیز آنچ پر دو منٹ پکائیں۔
نوٹ:- آپ اس ترکیب کے لیے چھوٹی پیاز استعمال کریں۔ پیاز چھیل کر ان میں گہرا ترچھا نشان لگائیں اور ہلدی پسی ہوئی، دھنیا، لال مرچ، نمک اور آمچور کے مکسچر سے بھردیں۔ بھنڈی میں بھی اسی طرح بھرائی کریں اور تھوڑی سی تیل اور ہری مرچوں کے ساتھ ڈھانپ کر پکائیں۔
کڑاہی سبزیاں
ضروری اجزاء: فرینج بنز دس تا بارہ عدد، گاجریں دو عدد (درمیانے سائزکی)، شملہ مرچیں دو عدد درمیانے سائز کی، پھول گوبھی چوتھائی پھول، ٹماٹر تین عدد بڑے سائز کے، پیاز دو عدد درمیانے سائز کے، دھنیا ایک چائے کا چمچہ، خشک لال مرچیں چار تا پانچ عدد، لہسن بارہ تا پندرہ جوئے، ہری مرچیں تین تا چار عدد، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، تیل چار کھانے کے چمچے، مٹر ایک چوتھائی کپ، ہلدی پسی ہوئی نصف چائے کا چمچہ، دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ۔
ترکیب: بنزکو پرولیں اور گاجروںکو چھیل لیں۔ شملہ مرچوں کے دو دو ٹکڑے کرلیں اور بیج نکال دیں۔ تمام سبزیوں کے ڈیڑھ انچ کے برابر کیوز بنالیں۔ پھول گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔ ٹماٹر دھوکر کاٹ لیں۔ پیاز چھیل کر ٹکڑے کرلیں۔ ادرک چھیل کر دھو لیں۔ دھنیا، زیرہ اور تین لال مرچیں موٹی پیس لیں۔ لہسن، ہری مرچوں اور نصف ادرک کا پیسٹ بنالیں۔ باقی ادرک کے باریک ٹکڑے کاٹ لیں۔ دھنیا کے پتّے باریک کاٹ لیں۔ ایک پین میں تیل گرم کریں۔ موٹا پسا ہوا مسالہ ڈالیں، کٹی ہوئی پیاز ڈالیں اور بھونیں، یہاں تک کہ ان کا رنگ سنہرا بھورا ہوجائے۔ ادرک،لہسن اور ہری مرچوں کا پیسٹ ڈالیں اور ایک منٹ تک تیز آنچ پر بھونیں۔ شملہ مرچوں کے سوا تمام سبزیاں ڈال کر ہلائیں۔ دھیمی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیں یہاں تک کہ گاجریں تقریباً تیار ہوجائیں۔ اگر ضروری ہو تو تھوڑا سا پانی چھڑکیں۔ ہلدی (پسی ہوئی)، دھنیا (پسا ہوا) اور لال مرچ پسی ہوئی ڈالیں،چمچہ برابر چلاتی رہیں۔ ٹماٹر، نمک اور آدھا کپ پانی ڈالیں اور پکائیں، یہاں تک کہ سبزیاں تیار ہوجائیں اور پانی خشک ہوجائے۔ شملہ مرچیں اور نمک ڈالیں۔ دھیمی آنچ پر چار یا پانچ منٹ تک پکائیں۔ گرم مسالا (پسا ہوا) چھڑکیں، ادرک کے باریک ٹکڑوں اور کٹے ہوئے دھنئے کے پتوں کے ساتھ سجا کر گرم گرم پیش کریں۔ ——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں