لذیذ پکوان

ماخوذ

پنیر اور شملہ مرچ ٹوسٹ کے ساتھ
ایک آسان اور مرغوب اسنیک۔
تیاری کے لیے درکار وقت : ۱۰ منٹ
پکانے کے لیے درکار وقت : ۳۰ منٹ۔
اجزاء(چھ سے آٹھ افراد کے لیے): پنیر ۲۲۵ گرام (آٹھ اونس) ، پیاز ایک عدد، شملہ مرچ ایک عدد ثابت، ٹماٹو کیچپ آدھا کپ، چلی ساس دو چائے کے چمچ، سرخ مرچ چوتھائی چائے کا چمچ پسی ہوئی ، ڈبل روٹی ایک عدد (سلائس)، مکھن دو کھانے کے چمچ، گھی دو کھانے کے چمچ، پنیر چار کھانے کے چمچ کش کیا ہوا، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: (۱) پنیر، پیاز اور شملہ مرچ کو باریک کاٹ لیں۔ (۲) کٹر کی مدد سے سلائسز کے کنارے الگ کرلیں۔ (۳) دوسری طرف کے ہر حصے میں تقریباً ڈیڑھ انچ گہرا سوراخ (درمیان میں کریں)۔ (۴) چکنائی لگے بیکنگ ٹرے میں پہلے بغیر سوراخ والے ٹوسٹ کے حصے رکھیں اور پھر وہ حصے رکھیں جن کے اوپر سوراخ کیے گئے تھے۔ (۵) پگھلے ہوئے مکھن کے ساتھ ان سلائسز پر برش پھیریں اور خستہ ہونے تک گرم اوون میں 400ºfپر دس منٹ تک بیک کریں۔ (۶) کڑاہی یا پین میں گھی گرم اور پیاز کو ایک منٹ کے لیے فرائی کریں۔ (۷) سرخ مرچ ملا کر دوبارہ ایک منٹ کے لیے تل لیں۔ (۸) آنچ بند کردیں اور اس میں پنیر، ٹماٹو کیچپ، چلی ساس، سرخ مرچ پاؤڈر اور نمک شامل کریں۔ (۹) ہر ثابت حصے پر اس فلنگ کی تھوڑی مقدار بکھیریں اور اس کے اوپر سوراخ والا حصہ رکھ دیں۔ (۱۰) اب ان سلائسز کے اوپر پنیر چھڑکیں اور گرم اوون میں 400ºf پر دس منٹ کے لیے بیک کریں۔ گرم گرم پیش کریں۔
ٹوسٹ پر پنیر کی تہیں
تیاری کے لیے درکار وقت: ۱۰ منٹ
پکانے کے لیے درکاروقت: ۲۰ منٹ
اجزاء (چھ تا آٹھ افراد کے لیے): پنیر ایک کپ کش کیا ہوا، پیاز آدھا کپ باریک کوٹی ہوئی، چلی ساس دو سے تین چائے کے چمچ، مکھن تین چائے کے چمچ، سلائس چھ عدد، نمک چٹکی بھر۔
ترکیب: (۱) مکھن اور پنیر کو اچھی طرح سے پھینٹ لیں۔ (۲) اب پیاز، چلی ساس اور نمک کو اس میں ملادیں۔ (۳) ڈبل روٹی کے سلائس کو چکنے بیکنگ ٹرے میں رکھیں اور گرم اوون میں 400ºfپر پانچ منٹ کے لیے بیک کریں۔ اسے ٹھنڈا ہونے دیں اب ہر سلائس پر فلنگ کی تہہ بچھائیں۔ (۴) پیش کرنے سے پہلے گرم اوون میں 400ºfپر دس منٹ کے لیے بیک کریں۔ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر پیش کریں۔
چکن سلائس
اجزاء: مرغ ایک عدد، یخنی چار بڑے چمچ، گوبھی کا پھول ایک عدد چھوٹا، گھی چار بڑے چمچ، سویا ساس دو چمچ، کارن فلور دو چمچ، نمک حسبِ منشاء، مرچ حسبِ منشاء۔
ترکیب: مرغ کے مناسب سلائس بنالیں۔ نمک اور کارن فلور کو ساس مل دیں۔ گوبھی کو چکن سلائس کے سائز میںکاٹ لیں۔ دیگچی میں پانی ڈالیں اور گوبھی ابال لیں۔ فرائی پین میں دو چمچ تیل بگھار کر مرغ فرائی کرلیں۔ اب گوبھی اور باقی گھی بھی ڈال دیں ، دو منٹ فرائی کرنے کے بعد سویا ساس، نمک بھی ڈال دیں۔ گوشت کو الٹ پلٹ کرتے رہیں۔ پانچ منٹ تیز آنچ پر فرائی کرنے کے بعد اتارلیں۔
آلو اور ساگودانہ کے رول
تیاری کے لیے درکار وقت: ۲۰ منٹ
پکانے کے لیے وقت: ۲۰ منٹ
اجزاء (چھ سے آٹھ افراد کے لیے): آلو چار عدد، سبز مرچیں باریک کٹی ہوئی ۳ عدد، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، خشک دھنیا ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ ۔
Coveringکے لیے اشیاء: میدہ ڈیڑھ کپ، گرم گھی دو کھانے کے چمچ، نمک آدھا چمچ، میدہ آدھا کپ (پیسٹ بنانے کے لیے)، ساگودانہ دوکھانے کے چمچ۔
رولز کے لیے: تیل ڈیپ فرائی کے لیے، میٹھی چٹنی (پیش کرنے کے لیے)۔
ترکیب: (۱)آلو کو باریک کاٹ لیں۔ (۲) اس میں سبز مرچیں، گرم مسالہ، لیموں کا رس اور نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ اب اسے کچھ دیر کے لیے علیحدہ رکھ دیں۔ (۳) میدے میں ایک کپ پانی شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور پیسٹ بنالیں۔ (۵) میدہ، گھی اور نمک کو اچھی طرح مکس کریں، پانی کی مناسب مقدار کے ساتھ گوندھ لیں۔ (۶) گوندھے ہوئے آمیزے سے چھوٹی چھوٹی روٹی بیل لیں اور ہر روٹی کے درمیان میں مناسب بھرت یا fillingرکھتی جائیں۔ (۷) سموسوں کی شکل میں روٹی کو لپیٹیں اور پیسٹ کی مدد سے دوکناروں کو بند کرکے تیسرے حصے میں ساگودانہ چھڑک دیں۔ (۸) باقی پوڑیوں کے ساتھ بھی یہ طریقہ دہراتی جائیں۔ (۹) ان رولز کو گرم تیل میں فرائی کریں۔ میٹھی چینی کے ساتھ گرم گرم نوش فرمائیں۔
چٹنی والا چکن
اجزاء: مرغ کے سینے کے پیس ۴ عدد، مکھن ۳ اونس، کھیرا ایک عدد (چھلا ہوا)، پنیر ایک کپ (کدوکش کیا ہوا)، کارن فلور دو چائے کے چمچ، دودھ ایک کھانے کا چمچ، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل تہائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی)، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ۔
ڈریسنگ کے لیے: ٹماٹر دو عدد، لیموں ایک عدد، سبز مرچ دو عدد۔
ترکیب: دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اور کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے گرم مکھن میں ڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کی ہوئی پنیر ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہپنیر پگھل نہ جائے۔
دودھ میں کارن فلور ملا کر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تو نمک، مرچ، جائفل اورلیموں کا رس ملا دیں اب اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغی کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کر ڈش میں سجادیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔
ٹماٹر گوشت (چین)
چین میں زیادہ تر یہ ڈش ہر ہوٹل میں ملتی ہے۔ یہ منٹوںمیں تیار ہوجاتی ہے۔ اسے ابلے ہوئے چاول یا نوڈلز کے ساتھ پیش کیا جاتاہے۔
(۱) ڈیڑھ پونڈ باریک کٹے ہوئے بیف میں دو کھانے کے چمچ سویا ساس، دو کھانے کے چمچ سرکہ اور دو چائے کے چمچ کارن اسٹارچ لگا کر آدھا گھنٹہ رکھ دیں۔
(۲) اب ایک پیالے میں مندرجہ ذیل اشیاء ملائیں:
تہائی کپ مرغی کی یخنی، ایک کھانے کا چمچ سویا ساس، چوتھائی کپ ٹماٹو کیچپ ، ایک کھانے کا چمچ سرکہ، ایک چائے کا چمچ چلی ساس، ایک چائے کا چمچ تلوں کا تیل، دو چائے کے چمچ چینی، ان سب کو ملائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔
(۳) تیز آنچ پر کڑاہی رکھیں اور گرم ہونے پر دو کھانے کے چمچ تیل ڈالیں۔
(۴) گوشت کو اس میں ڈال کر ہلکا گلابی تل لیں، اور نکال کر رکھ دیں۔
(۵) کڑاہی میں ایک کھانے کا چمچ تیل ڈال کر گرم کریں۔ ایک چائے کا چمچ لہسن پیس کر ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک پیاز ایک ایک انچ چوکور کٹا ہوا ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک شملہ مرچ ایک ایک انچ چوکور کٹی ہوئی اور چند سیکنڈ فرائی کرنے کے بعد پیالے میں جو ساس گھول کر رکھی ہوئی تھی ڈال دیں۔ ساتھ ہی دو عدد درمیانہ سائز کے ٹماٹروں کو آٹھ آٹھ پھانکوں میں کاٹ کر ڈال دیں۔ گرم ہونے پر تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔ ڈھائی چائے کے چمچ کارن اسٹارچ کو دو کھانے کے چمچ پانی میں گھول کر اس گوشت میں شامل کریں اور پکا کر گاڑھا کرلیں۔ ٹماٹر گوشت تیار ہے۔
نوٹ: اگر ٹماٹروں کا چھلکا اتار کر کاٹنا چاہیں تو پہلے ان کو پندرہ سیکنڈ کے لیے ابلتے پانی میں ڈبو کر پھر برف والے یخ پانی میں ڈبودیں۔ چھلکا آسانی سے اتر جائے گا۔
کچے آم کی چٹنی
اشیاء: کچے آم ۲ کلو، خشک کھجور ۲۰ گرام، کشمش ۲۰ گرام، کلونجی ۵ گرام، لہسن کے جوے ۴۰ گرام، مرچ لال ۲۰ گرام، ادرک ۲۰ گرام، سرکہ ۵۰۰ گرام، پودینہ سبز ۱۰۰ گرام، شکر ۲۰۰ گرام۔
ترکیب: سب سے پہلے پودینہ سرکہ میں ڈال کر عرق تیار کرلیں، آموں کو کاٹ اور چھیل کر ان کی گٹھلیاں نکال دی جائیں، کھجوروں اور ادرک کو بھی چھوٹے ٹکڑوں کی صورت میں کاٹ کر ان کو پانی سے اچھی طرح صاف کرکے دھوپ میں رکھ دیا جائے تاکہ خشک ہوجائے۔ ایک رات کے لیے آم کے ٹکڑے، لہسن، مرچ اور کلونجی، پودینہ کے عرق میں بھگودیے جائیں۔ بعد ازاں سب کو اس حد تک پکایا جائے کہ آم کے ٹکڑے اچھی طرح گل جائیں اور ان کارنگ تبدیل ہوجائے۔ اس محلول میں شکر ڈال دی جائے۔ پھر تمام مصالحہ جات اس میں ڈال کر دوبارہ جوش دینے کے بعد اتار کر مرتبانوں میں بھرلیں۔
آم کا حلوہ
اجزاء: گودہ آم ۲۵۰ ملی لیٹر، شکر ۱۲۵ گرام، گھی ۶۰ ملی لیٹر، دودھ ۶۰ ملی لیٹر، شہد ۲۰ گرام، سونٹھ ۲ گرام، فلفل دراز ایک گرام، اسگند ایک گرام، ثعلب مصری ۶ گرام، موصلی سفید ۶ گرام، چوب چینی ۶ گرام، مغز بادام ۳۰ گرام، مغز خربوزہ ۳۰ گرام، خولنجان ایک گرام، بہمن سرخ ۱۲ گرام، گوند ببول ۱۲ گرام۔
ترکیب: پہلے آم کا گودا، باریک شدہ شکر، شہد اور دودھ سب کو ملا کر قوام بنالیں، پھر مغزیات کو باریک کرکے گھی میں بھون لیں، اس کے بعد دوسری ادویات کو سفوف کرکے ملالیں۔
خوراک: ۲۵ گرام صبح و شام دودھ کے ساتھ، یہ حلوہ نہایت مقوی باہ، مولد منی اور فربہی لانے میں مؤثر ہے۔
آم کا جوس
آم کا جوس آدھا لیٹر، شکر ۲۵۰ گرام، پانی ۲۵۰ ملی لیٹر، ست لیموں ڈیڑھ گرام، روح آم چند قطرے، روح آم کے علاوہ سب چیزوں کو ملا کر خوب حل کریں، پھر اس میں روح آم شامل کردیں۔ بوقت ضرورت تھوڑا سا جوس لے کر اس میں شکر اور ٹھنڈا پانی ملا کر استعمال کریں۔ یہ جوس مقوی معدہ اور لذیذ غذا ہوگا۔
تبخیری
کیری آم (آمچور) ۲۵ گرام، گلاب کازیرہ ۲۵ گرام، الائچی کلاں ۲۵ گرام، زیرہ سفید ۲۵ گرام، سونٹھ زرشک ۲۵ گرام، اجوائن دیسی ۲۵ گرام، دھنیا ۲۵ گرام، دارچینی ۲۵ گرام، پودینہ سبز ۲۵ گرام، ست لیموں ۱۲ گرام، الائچی خورد ۶ گرام، شکر ۳۰۰ گرام۔ تمام دواؤں کو صاف کرکے باریک پیس کر ۳-۵ گرام سفوف استعمال کریں۔ گیس ختم کرتا ہے، معدہ کو قوت دیتا ہے اور متلی و قے کو روکتا ہے۔ خواتین کوبے حد پسند ہے۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146