سادہ پائے
اشیاء: گھی ایک پاؤ، بکرے کے پائے ایک درجن، پیاز آدھا پاؤ، لہسن ایک پوتھی، لونگیں دس عدد، دارچینی ایک بڑا ٹکڑا، پسا ہوا گرم مسالہ دو چمچے، نمک اور لال مرچ حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا ایک گڈی۔
ترکیب: پسی ہوئی تھوڑی سی پیاز، لہسن کے پسے ہوئے چند جوئے، ثابت لونگیں، دارچینی کا ٹکڑا اور نمک پایوں سمیت ساڑھے تین کلو پانی میں ڈال کر ابالیں، بھاپ باہر نہ نکلنے دیں، اس کے بعد سب مسالے گھی میں بھونیں اور پائے، ان کی یخنی سمیت مسالے میں ملا کر بھونیں پھر نرم آنچ پر دم دیں تاکہ پائے گھی چھوڑ دیں، پسا ہوا گرم مسالہ اور کترا ہوا دھنیا ڈال کر اتار لیں۔ لذیذ بکرے کے سادہ پائے تیار ہیں۔
بیف چلی
اشیاء: پتلے پارچے کا گوشت دو کلو، ہری مرچ ۸؍عدد، ہری پیاز ۵؍گٹھی، کارن فلور دو پاؤ، تیل حسبِ ضرورت، پانی حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: گوشت کے پارچوں میں نمک، سویا ساس اور آٹھ پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر گلنے دیں۔ گوشت گل جائے اور پانی چار پیالی رہ جائے تو پارچوں کو نکال کر کارن آئل میں معمولی سے تل لیں، ہری مرچیں لمبی لمبی کاٹ کر پلیٹ میں رکھنے کے بعد پیاز کے گول ٹکڑے کاٹ کر مرچ اور پیاز معمولی تل لیں۔ پیاز ہری مرچ اور نمک بھی ملا لیں۔ ہلکی آنچ پر شوربہ گاڑھا ہوجانے پر اتارلیں، لیجیے بیف چلی تیار ہے۔
لیمن کریم گوشت
اشیاء: گوشت بغیر چربی کا دو کلو، تیل آٹھ چمچے کھانے کے، گاجر (چھوٹے سائز کی) چار عدد، ہری مرچ کٹی ہوئی آٹھ عدد، سرکہ ایک پاؤ، کالی مرچ (پسی ہولی) بارہ دانے، ٹماٹر (بغیر چھلکے کے) چھ عدد، آلو ابلے ہوئے چھ عدد، نمک حسبِ ضرورت، مٹر ایک پاؤ، لیموں ٹکڑوں میں چھ عدد، ہری پیاز چھ عدد، پانی دو پاؤ، کریم ایک پاؤ۔
ترکیب: گوشت کے پندرہ، سولہ ٹکڑے کرکے تیل گرم کریں اور براؤن کرلیں، اسی تیل میں گاجر، سرکہ، پیاز، کالی مرچ اور پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر دم دیں۔ ڈش میں آلو مٹر اور گوشت کے ٹکڑے رکھ کر کریم ڈالیں پھر لیموں کے ٹکڑے رکھیں اور ہرے دھنیے کے پتوںسے سجا کر مہمانوں کو پیش کریں۔
ایرانی آلو مکس کباب
اجزاء: آلو آدھا کلو (ابلے ہوئے)، گوشت ایک پیالی (ابلا ہوا)، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، بیسن دو چائے کے چمچے، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک ایک چمچہ، انار دانہ ایک چمچہ، خشک دھنیا ایک چمچہ، پسا ہوا پودینہ ایک چمچہ، تیل ایک پیالی، دہی آدھا کپ۔
ترکیب: گوشت کے ریشے کرلیں اور ابلے ہوئے آلوؤں کو پیس لیس۔ اب پیاز کو بھی پیس کر آلو اور گوشت میں شامل کردیں۔ بیسن، مرچ، نمک، گرم مسالہ، دہی، سبز دھنیا، ادرک اور پسا ہوا انار دانہ ملا کر مکس کریں اور اس آمیزے کو پیس کر گول گول ٹکیاں تیار کرلیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے ٹکیوں کو انڈوں کے آمیزے میں ڈبو کر تل لیں اور سرخ ہونے پر نکال لیں۔ لذیذ ایرانی آلو مکس کباب تیار ہیں۔
انڈونیشین کباب
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، آلو آدھا کلو، پیاز تین عدد، انڈے تین عدد (صرف زردی)، سبز پیاز چار عدد، سبز مرچ آٹھ عدد، کالی مرچ دو چمچے، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے آلوؤں کو چھیل کر درمیانی سائز میں کاٹ لیں۔ اس کے بعد سبز پیاز بھی ساتھ میں کاٹ لیں۔ اب پیازکو تل لیں اور پھر اس میں قیمہ ملادیں۔ اب کٹے ہوئے آلوؤں کو تل لیں اور قیمہ میں مکس کردیں۔ اس کے ساتھ ہی سبز مرچ، کالی مرچ، نمک اور انڈوں کی زردی مکس کردیں۔ جب آمیزہ اچھی طرح سے مکس ہوجائے تو کباب بنالیں اور انڈوں کی سفیدی میں ڈبو ڈبو کر کباب تل لیں اور گرم گرم کباب مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔
کلونجی گوشت
اجزاء: گوشت آدھا کلو، کلونجی دو چائے کے چمچے، گھی حسبِ ضرورت، دھنیا ایک چمچہ، سرخ مرچ ڈیڑھ چمچہ، لہسن آٹھ جوئے، پیاز ایک پاؤ، دہی ایک پاؤ، شملہ مرچ ایک عدد، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: گوشت کو اچھی طرح دھولیں، اب شملہ مرچ کی پھانکیں بنالیں۔ مرچوں کو کلونجی کے ساتھ پھانکوں میں لگادیں۔ دیگچی میں دہی، گوشت، پیاز، لہسن، نمک، مرچ، دھنیا، زیرہ اور ہلدی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے چولہے پر چڑھا دیں۔ پندرہ بیس منٹ تک گوشت کو اچھی طرح پکنے دیں تاکہ گوشت گل جائے اور تمام مسالے گوشت میں ضم ہوجائیں۔ جب گوشت گل جائے تو شملہ مرچ کی پھانکیں جن پر کلونجی لگی ہوئی ہے۔ دیگچی میں ڈال دیں اور دیگچی کو دم پر رکھ دیں۔ دم ہوجانے پر اتارلیں، خوش ذائقہ اور مزیدار کلونجی گوشت تیار ہے۔
سادہ گوشت
اجزاء: گوشت آدھا پاؤ، گھی آدھا پاؤ، ٹماٹر دو عدد، پیاز آدھا پاؤ، لہسن ایک پوتھی، نمک، مرچ، ہلدی، گرم مسالہ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح صاف پانی سے دھولیں۔ اب ایک دیگچی میں چھلا ہوا لہسن، کٹی ہوئی پیاز اور دیگر تمام مسالے ڈالیں اور آدھا گلاس پانی ڈال کر چولہے پر چڑھائیں تاکہ گوشت گل کر نرم ہوجائے۔ یاد رکھئے چولہے کی آنچ کو دھیمی رکھنا ہے۔ جب گوشت گل جائے تو دیگچی میں ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔ اب دیگچی میں گھی ڈالیں اور سالن کو بھی بھونتی جائیں۔ جب دیگچی میں پانی خشک ہوجائے، مسالہ گھی چھوڑ دے اور سالن سے خوشبو نکلنے لگے تو سمجھیں سالن تیا رہے۔ دیگچی کو چولہے سے اتارلیں۔ عمدہ اور ذائقہ دار سادہ گوشت تیار ہے۔
دھواں گوشت
اجزاء: بغیر ہڈی کا گوشت آدھا کلو، دہی آدھا کلو، پیاز ایک پاؤ، لہسن، ادرک، پودینہ، ہری مرچ، نمک، سرخ مرچ اور گھی حسبِ ضرورت۔ باسی روٹی کے چند ٹکڑے، کوئلہ ایک عدد
ترکیب: پیاز، لہسن اور ادرک کو باریک پیس لیں، گوشت کو دھوکر اس میں یہ پسا ہوا مسالہ اور خشک دھنیا ایک چائے کا چمچہ ڈال کر دو پیالی پانی ڈال کر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو گھی ڈال کر خوب اچھی طرح بھون لیں، اب دہی کو پھینٹ لیں اور باقی پیاز کو باریک کاٹ لیں۔ پودینہ کے پتے دھوکر باریک کاٹ لیں اور ہری مرچ بھی۔ اب گوشت جو بھنا ہے اس میں دہی کی ایک تہہ لگائیں، دوسری تہہ پیاز و پودینہ کی، پھر دوبارہ دہی،، پھر دوبارہ پیاز اور پودینہ کی، اب درمیان میں یعنی پیاز پودینہ کی تہہ کے اوپر روئی کا ایک گول ٹکڑا کاٹ کر رکھیں۔ اب آپ دیگچی میں ایک روٹی رکھیں اور اس کے اوپر دہکتا ہوا ایک کوئلہ رکھیں، کوئلے کے اوپر تھوڑا سا گھی ڈال دیں جب دھواں اٹھنے لگے تو فوراً دیگچی کا منہ ڈھک دیں، پانچ منٹ بعد ڈھکن کھولیں۔ کوئلہ اور روٹی کو احتیاط کے ساتھ اٹھائیں اور مزید احتیاط سے سالن کو کھلی ڈش میں نکال کر دسترخوان کی زینت بنائیں۔
حلیم
اجزاء: کٹے ہوئے گیہوں آدھا کلو ڈیڑھ گھنٹے کے لیے بھگودیں، گوشت ایک کلو، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا ایک ایک چمچہ، چنے کی دال ایک پیالی، میٹھا سوڈا آدھا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، گھی حسبِ ضرورت، پودینہ، ہرا دھنیا، ہری مرچ اور سفید زیرہ وغیرہ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں گوشت گھی اور مسالے ڈال کر ہلکی آنچ پر چڑھا دیں، گیہوں کو ایک الگ دیگچی میں تھوڑا زیادہ پانی ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد چمچہ چلاتی رہیں، جب گیہوں میں لیس آنا شروع ہوجائے تو میٹھا سوڈا ڈال دیں اس سے گیہوں اندر تک گل جائیں گے۔ جب گیہو ںاچھی طرح گل جائیں تو گوشت میں ملادیں، ہلکی آنچ میں پکنے دیں ، جب دونوں چیزیں یک جان ہوجائیں تو پسی ہوئی دال میں دو پیالی پانی ڈال کر گوشت میں ملا دیں ، حلیم کے اوپر تھوڑا سا ہرا مسالہ، ادرک، گرم مسالہ ڈال دیں، حلیم جتنی دیر پکے گا اتنا ہی لذیذ ہوگا۔ ایک چھوٹی سی دیگچی میںگھی ڈال کر پیاز لال کریں، جب پیاز براؤن ہوجائے تو نکال لیں، جب حلیم کھانے کے لیے نکالنا ہوا تو سارے مسالے تلی ہوئی پیاز اور گھی کے ساتھ رکھیں۔
——