چنے بھرے آلو
اشیا: آلو ایک کلو (بڑے سائز کے لیں)، سفید چنے (ابال لیں) ۳۵۰؍گرام، نمک حسبِ ذائقہ، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چمچ، چاٹ مسالہ ایک چمچ، املی کا آمیزہ ایک چمچ، ہرا دھنیا اوپر ڈالنے کے لیے، پیاز (پیس لیں) ایک عدد، تیل تین چمچ۔
ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں۔ درمیان سے کاٹ کر گودا اس طرح نکالیں کہ کنارے باقی رہیں اور آلو پیالے کی طرح بن جائے۔ سوس پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈالیں اور ہلکا سا تل لیں۔ پھر اس میں سفید چنے، نمک، گرم مسالہ پاؤڈر، چاٹ مسالہ، املی کا آمیزہ اور آلو کا گودا ڈال کر تین چار منٹ تک تلیے۔ پھر تلے مسالے کو تیار کیے ہوئے آلو کے پیالے کے اندر بھریں اور اوپر سے ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ مزید ارچنا آلوتیار ہے، رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔ لذیذ چنا آلو پر آپ لیموں کا رس بھی چھڑک سکتے ہیں۔ تھوڑی سی کھٹاس سے اس پکوان کا مزہ دوگنا ہوجائے گا۔
بینگن کڑی
اشیاء: بینگن ایک پاؤ،پیاز درمیانی دو عدد سلائس، رائی ایک چائے کا چمچہ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: پہلے پیاز کو گولڈن ڈیپ فرائی کرلیں۔ اب پیاز کو الگ رکھ دیں۔ بینگن میں نمک کو اچھی طرح ملادیں۔ ایک کڑاہی میں تھوڑا سا تیل گرم کریں، اس میں رائی ڈال کر بھون لیں، پھر اس میں زیرہ اور ہلدی شامل کریں۔ چمچہ چلاتی رہیں۔ پھر بینگن شامل کرکے اس کو درمیانی آنچ پر ڈھک کر دو منٹ پکنے کے لیے رکھ دیں۔ تیار ہونے پر اس میں لال مرچ پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر شامل کریں، تھوڑی دیر چمچہ سے چلائیں احتیاط سے کہ بینگن نہ ٹوٹیں، اب تلی ہوئی پیاز کو اوپر چھڑکیں اور گرما گرم روٹیوں کے ساتھ پیش کریں۔
مسالہ ڈوسا
اشیاء: چاول دوپیالی، ماش کی دال آدھی پیالی، ادرک پسا ہوا آدھا چائے کا چمچ، انڈا ایک عدد، تیل آدھی پیالی۔
بھرنے کا مسالہ: آلو (چوکور کٹے ہوئے) دو عدد درمیانے، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، میتھی دانہ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، رائی آدھا چائے کا چمچ، کڑی پتہ چند پتے، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، تیل چار کھانے کے چمچ۔
ترکیب: دال اور چاول کو رات بھر بھگوکر رکھیں، پھر سل پر یا چوپرمیں پیس کر ادرک اور انڈا شامل کردیں۔ اس آمیزہ کو ڈھک کر دو سے تین گھنٹے گرم جگہ پر رکھ دیں۔
نان اسٹک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچ تیل کو درمیانی آنچ پر ایک سے دو منٹ تک گرم کریں۔ پھر آنچ ہلکی کرکے آمیزے کی آدھی پیالی ڈال کر اچھی طرح پھیلالیں، اور ایک طرف سے سینک کر نکال لیں۔ تمام آمیزے سے اسی طرح سے پین کیک بناکر رکھتے جائیں۔
مسالہ تیار کرنے کے لیے کڑاہی میں ایک سے دو کھانے کے چمچ تیل کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ گرم کریں۔ تمام مسالوں کو آلو سمیت ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ایک پیالی پانی شامل کردیں۔ اچھی طرح ملا کر ہلکی آنچ پر آلو گلنے تک پکائیں۔
پریزنٹیشن: پین کیک پھیلا کر پلیٹ میں رکھیں اور مسالہ ڈال کر رول بنالیں۔ اسے ناریل کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ ناریل کی چٹنی بنانے کے لیے ہرا دھنیا، ہری مرچیں، ایک چائے کا چمچ سفید زیرہ، دوکھانے کے چمچ پسا ہوا ناریل، دو کھانے کے چمچ لیموں کا رس اور ایک چٹکی نمک ملاکر پیس لیں۔
ٹپ: نان اسٹک پین نہ ہونے کی صورت میں ایک چھوٹی سی پیاز لے کر کانٹے میںلگالیں اور ہر پین کیک بنانے سے پہلے پیاز کو تیل میں ڈبو کر فرائنگ پین یا توے پر اچھی طرح رگڑیں۔ پین کیک چپکنے سے محفوظ رہے گا۔
اچار اروی
اشیاء: اروی ایک کلو، نمک حسبِ ذائقہ، ثابت لال مرچیں، تین سے چار، لال مرچ (کٹی ہوئی)، ایک کھانے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، امچور (آم کی خشک کھٹائی) چار سے پانچ چمچ، لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ، تیل / گھی چار سے چھ کھانے کے چمچ۔
ترکیب: کڑاہی میں گھی / تیل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ تک گرم کریں۔ اس میں سفید زیرہ، میتھی کے دانے اور ثابت لال مرچیں توڑ کر ڈال دیں اور ایک منٹ تک چمچ چلائیں۔ پھر اروی ڈال کر نمک، کٹی ہوئی لال مرچ، کلونجی اور اجوائن شامل کریں۔ تین سے چار منٹ تک فرائی کریں۔ ڈھک کر ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ تک پکائیں۔ پھر اس میں امچور اور لیموں کا رس ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ اروی اچھی طرح گل جائیں۔ مزید پانچ منٹ ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اور چولہے سے اتار لیں۔
پریزنٹیشن: چپاتی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔ٹپ: اروی کو لیس سے بچانے کے لیے چھیلنے کے بعد کچھ دیر نمک ملے ہوئے پانی میں رکھ دیں۔
خوبانی کی چٹنی
اجزاء خشک خوبانی آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، چینی آدھی پیالی، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، لہسن (کچلا ہوا) دو جوئے، سفید سرکہ آدھی پیالی، تیل ایک کھانے کا چمچ۔
ترکیب: خوبانیوں کو دھو کر دو پیالی گرم پانی میں ایک سے دو گھنٹے کے لیے بھگودیں پھر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ اچھی طرح گل جائیں۔ لکڑی کے چمچ سے ہلکا ہلکا کچل کر احتیاط سے بیج نکال لیں اور دوبارہ اسے چولہے پر رکھ کر اس میں چینی ڈالیں اور ہلکی آنچ کرکے دس سے بارہ منٹ تک پکائیں۔ فرائنگ پین میں تیل ڈال کر اس میں لہسن، کلونجی اور لال مرچوں کو ہلکا سا فرائی کرکے خوبانی پر ڈال دیں۔ چار سے پانچ منٹ پکا کر سرکہ ڈالیں، دو منٹ مزید پکائیں اور چولہے سے اتار لیں۔ مکمل ٹھنڈا ہونے پر نمک ملالیں اور صاف و خشک جار میں محفوظ کرلیں۔
——