لذیذ پکوان

ماخوذ

آلو ایک ایسی سبزی ہے جو ہر گھر میں پکتی ہے اور طرح طرح سے پکائی جاتی ہے۔ امیر وغریب سب ہی کی پسندیدہ ہے۔ سردیوں میں نیا نیا آلو آتا ہے۔ اس کا ذائقہ بھی اچھاہوتا ہے اور سستا بھی ہوتا ہے۔ چلیں آج آلو کے پکوان بناتے ہیں۔
آلو کے کٹلٹس
اجزاء: آلو آدھا کلو، ثابت سرخ مرچ چھ عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچ، لہسن پانچ جوے، املی ۱۰۰ گرام، انڈا ایک عدد، پودینہ ایک گڈی، ہری مرچ تین چار، نمک حسبِ پسند، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: آلو ابال کر اس کا بھرتا بنالیں، سرخ مرچ، املی، نمک، لہسن پیس لیں۔ ہری مرچ پودینہ باریک کاٹ لیں۔ آلو کے بھرتے میں سب ملا کر کباب کی طرح ٹکیا ںبنالیں ۔ انڈے کے آمیزے میں ڈبو کر تل لیں۔ مزیدار کٹلٹس تیار ہیں۔
آلو کی فیرنی
اجزاء: آلو ایک کلو، دودھ دو کلو، چینی ۵۰۰ گرام، بادام پستہ، کیوڑہ حسبِ پسند، پانچ چھ سفید الائچی، دو تین چاندی کے ورق۔
ترکیب: آلو ابال کر خوب باریک مسل لیں۔ دودھ کو اتنا پکائیں کہ آدھا رہ جائے، اب اس میں آلو ملائیں اور چمچ سے خوب چلائیں۔ جب گاڑھی ہوجائے تو چینی ملائیں۔ کچھ دیر بعد کیوڑہ الائچی ڈال کر اتارلیں۔ اوپر سے پستہ بادام چھڑک لیں اور چاندی کے ور ق سے سجادیں۔ اگر پسند ہو تو زردہ کا رنگ کیوڑے میں گھول کر اتارنے سے پہلے ڈال دیں۔
آلو کے کوفتے
اجزاء: آلو ایک کلو، دہی ۵۰۰ گرام، انڈا ایک عدد، ہری مرچ ۶ عدد، پیاز ایک عدد، لہسن ۶ جوئے، گھی ۲۵۰ گرام، میدہ ۱۰۰ گرام، ٹماٹر ایک عدد، خشخاش ایک چائے کا چمچ، پسا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، شوربہ کے لیے نمک مرچ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں۔ نمک، مرچ، خشخاش، گرم مسالہ سب باریک کیے ہوئے میدہ سمیت آلو میں ملالیں۔ ہری مرچ بھی باریک کاٹ کر شامل کرلیں اور گول گول کوفتے بنائیں۔ انڈے میں ڈبو کر تل لیں۔ پیاز باریک کاٹ لیں ایک برتن میں گھی ڈال کر پیاز براؤن کریں۔ پسا ہوا لہسن اور مسالہ ڈال کر دہی سے بھونیں اور ٹماٹر ڈال کر شوربہ تیار کرلیں۔ کوفتے ڈال کر دو منٹ پکائیں، زیادہ پکانے سے کوفتے بکھر جائیں گے۔ ڈش میں نکالنے کے بعد ہرا دھنیا باریک کاٹ کر چھڑک دیں۔
تلے ہوئے آلو
اجزاء: آلو آدھا کلو، نمک، سرخ مرچ، سیاہ مرچ، املی یا ٹاٹری حسبِ ذائقہ، گھی یا تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: بڑے سائز کے آلو لے کر چھیل لیں۔ پھر انھیں لمبائی میں پتلے پتلے انگلیوں کی طرح کاٹ لیں اور دھوکر چھلنی میں پانی نکال دیں۔ کڑھائی میں گھی یا تیل ڈال کر فرائی کریں۔ ہلکے بادامی ہونے پر اخبار پر نکالیں تاکہ فاضل گھی جذب ہوجائے۔ نمک چھڑک کر ٹماٹر ساس کے ساتھ نوش فرمائیں۔ بچوں کی من پسند چیز ہے۔
آلو کا اچار
اجزاء: بڑے سائز کے آلو آدھا کلو، لال مرچ ۶ عدد، سرسوں یا رائی ایک کھانے کا چمچ کوٹی ہوئی، کٹا ہوا لہسن ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ کٹی ہوئی حسبِ پسند، زیرہ، میتھی ، کلونجی ایک کھانے کا چمچ کوٹی ہوئی، سرسوں کا تیل ایک پیالی، نمک حسبِ ضرورت۔
ترکیب: آلو ابال کر ٹکڑے کرلیں، پھر انھیں دھوپ میں رکھ دیں تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ اب سارے مسالے آلو میں ملاکر پلاسٹک یا شیشے کے برتن میں رکھیں اور تیل ڈال دیں۔ چار پانچ دن تک برتن کو ڈھکن لگا کر دھوپ میں رکھیں اچار تیار ہے۔
آلو کی طاہری
اجزاء: آلو آدھا کلو، چاول آدھا کلو، ٹماٹر ۲۵۰ گرام، زیرہ ایک چائے کا چمچ، لہسن ادرک پسا ہوا دو چائے کے چمچ، پیاز ایک عدد، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا کوٹا ہوا ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ ۶ عدد، پودینہ آدھی گٹھی، ہلدی سرخ مرچ ایک ایک چائے کا چمچ، نمک اور تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: آلو کے چار ٹکڑے کرلیں۔ چاول دھولیں۔ ایک برتن میں گھی گرم کرکے پیاز ہلکا براؤن کریں اور زیرہ ڈال کر آلو ڈال دیں۔ نمک مرچ، ہلدی، لہسن، ادرک، دھنیا، گرم مسالہ ڈال کر بھونیں۔ چاول ڈال کر چمچ چلائیں۔ پانی چاول کی سطح سے دو انچ اوپر رہے، ڈھکن بند کردیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو ٹماٹر گول گول کاٹ کر آہستہ آہستہ ملادیں تاکہ چاول ٹوٹنے نہ پائیں۔ پودینہ کے پتے اور ہری مرچ ڈال کر اتارلیں۔
آلو کے قتلے
اجزاء: آلو بڑے سائز آدھا کلو، بیسن ۲۵۰ گرام، زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، سوڈا ایک چٹکی، نمک مرچ حسبِ پسند، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: آلو چھیل کر گول گول باریک قتلے کاٹ کر دھولیں۔ بیسن میں نمک مرچ زیرہ سوڈا ڈال کر گھول لیں۔ کڑھائی میں گھی گرم کرکے ایک ایک قتلہ بیسن میں ڈبو کر تل لیں۔ اخبار پر نکالتی جائیں تاکہ فاضل چکنائی جذب ہوجائے۔ گرم گرم ٹماٹر ساس یا املی کی چٹنی کے ساتھ کھائیں۔ سہ پہر کے ناشتے میں بہت مزہ دیتا ہے۔
آلو کے لچھے
اجزاء: آلو بڑے سائز کے آدھا کلو، نمک حسبِ ضرورت، برف کا پانی نصف برتن، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: آلو چھیل کر کدو کش کے ذریعے باریک باریک لچھے نکالتی جائیں اور برف کے تیز ٹھنڈے پانی میں ڈالتی جائیں۔ یہ لچھے برف کے پانی میں تقریباً ایک گھنٹے پڑے رہیں۔ اس کے بعد پانی سے نکال کر چھنے میں پانچ دس منٹ کے لیے رکھ دیں تاکہ پانی نچڑ جائے، البتہ ٹھنڈک ختم نہ ہونے پائے۔ کڑاہی میں اتنی مقدار میں تیل چڑھا دیں کہ لچھے ڈوب سکیں۔ تیل جب تیز گرم ہوجائے تو اس میں لچھے تل کر اس وقت نکالیں جب وہ خستہ کرکرے ہوجائیں۔ نمک چھڑک کر کھائیں۔ زیادہ چٹپٹے کرنے ہوں تو خشک چاٹ مسالہ چھڑک لیں۔
آلو بھرے کریلے
اجزاء: کریلے آٹھ عدد درمیانے، آلو آدھا کلو، پیاز ایک بڑی، ٹماٹر ایک بڑا، لیموں ایک عدد، مرچیں مرضی کے مطابق، گرم مسالہ (پسا ہوا) ایک چائے کا چمچ، نمک، گھی، یا تیل ، ہرا دھنیا، ہری مرچیں حسبِ پسند۔
ترکیب: کریلے کھرچ کر لمبائی کے رخ سے کاٹ لیں بیچ الگ کردیں۔ کریلوں پر اندر اور باہر نمک لگائیں اور آدھے گھنٹے کے لیے دھوپ میں رکھ دیں۔ اس کے بعد خوب اچھی طرح دھولیں، تاکہ نمک اور کڑواہٹ دور ہوجائے۔
آلو اُبال کر مسل لیں، اور اس میں کٹی ہوئی پیاز، ٹماٹر، گرم مسالا، نمک، لیموں کا رس اور ہرے مسالے ملادیں۔ یہ بھرتا کریلوں میں بھرکر دھاگے سے باندھ دیں۔ تیل یا گھی گرم کرکے سب کریلے تل لیں۔ یہ کریلے خشک بھی کھائے جاسکتے ہیں، یا ان کا سالن تیار کریں۔
ایک پیاز تیل میں سرخ کریں۔ اس میں پسا ہوا ادرک، لہسن، سرخ مرچیں (پسی ہوئی) دو چٹکی ہلدی اور دو بڑے ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔ تھوڑی دیر بھون کر ایک پیالی پانی ڈال دیں۔ جب پانی ابلنے لگے تو تلے ہوئے کریلے ڈال دیں۔ آنچ بالکل ہلکی کردیں اور دس پندرہ منٹ تک دم پر لگادیں۔
نوٹ: کریلوں میں بھرنے کے بعد آلو بچ جائیں تو اسے علیحدہ بھرتے کے طور پر استعمال کرسکتی ہیں۔
چنے کی دال بھرے کریلے
اجزاء: کریلے آدھا کلو، چنے کی دال ایک پاؤ، پیاز ایک بڑی گٹھی، کلونجی ایک چائے کا چمچ، لال مرچیں پسی ہوئی مرضی کے مطابق، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچ، گھی ۵۰ ۱گرام، نمک اندازے سے، ہری مرچ، ہرا دھنیا وغیرہ
ترکیب: دال کو دھوکر تقریباً دو گلاس پانی کے ساتھ پکنے کے لیے رکھیں۔ ساتھ ہی اس میں کٹی پیاز، نمک، مرچ، ہلدی، کلونجی، سیاہ زیرہ ڈال دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور دال گل جائے، تو چولہے پر سے اتارلیں۔ دھیان رکھیں کہ دال کے دانے بہت نہ گل جائیں، بلکہ ثابت رہیں۔ اس میں ہرا دھنیا اور ہری مرچیں کاٹ کر ملالیں۔
دال چڑھانے سے پہلے کریلے چھیل کر اور بیچ میں سے چیر کر بیج نکال دیں۔ پھر ان میں اچھی طرح نمک مل کر ایک آدھ گھنٹے کے لیے دھوپ میں رکھ دیں۔ پھر اچھی طرح دھو کر فالتو نمک نکالیں اور کپڑے سے خشک کرکے رکھ لیں۔
دال تیا رہوجائے، تو تھوڑی تھوڑی دال کریلوں میں بھرکر دھاگے سے باندھ دیں۔ ایک چوڑے پیندے کی دیگچی میں کریلے بچھائیں اور گھی ڈال کر کریلوں کو تل لیں۔ کریلوں کی رنگت بادامی ہوجائے تو فالتو گھی چمچے سے نتھار کر نکال دیں۔ پھربچی ہوئی دال ڈال دیں۔ ذرا ذرا پانی کا چھینٹا دے کر دم پر لگادیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں