لذیذ پکوان!

ماخوذ

چٹ پٹا فرائیڈ چکن
اجزاء: چکن ڈیڑھ کلو(آٹھ حصوں میں کٹا ہوا) نمک حسبِ ذائقہ ، لہسن کا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ ایک چمچ (کٹی ہوئی)، کالی مرچ ایک چمچ (کٹی ہوئی)، خشک دھنیا ایک چمچ (کٹا ہوا)، سفید زیرہ ایک چمچ (کٹا ہوا)، میدہ دوپیالی، کارن فلور ایک پیالی، تیل یا گھی تلنے کے لیے۔
ترکیب: چکن کو اچھی طرح دھوکرگہرے کٹ لگالیں۔ میدہ اور کارن فلور ملاکر اس میں نمک، لہسن، لال مرچ، کالی مرچ، دھنیا اور میدہ اچھی طرح ملالیں۔ میدہ اور کارن فلور کے آدھے مکسچر میں حسبِ ضرورت ٹھنڈا پانی ڈالتے ہوئے گاڑھا سا پیسٹ بنالیں۔ بقیہ خشک میدہ الگ رکھ لیں۔ چکن کو پیسٹ میں اچھی طرح ڈبوکر ۴؍سے ۶؍گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ فریج سے نکال کر بچے ہوئے خشک میدے میں اچھی طرح رول کرکے دوبارہ ۱۰؍سے ۱۵؍منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل یا گھی کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور پھر چکن کو گولڈن فرائی کرلیں۔
لبنانی تندوری مچھلی
اجزاء: روہو مچھلی ڈیڑھ کلو کا پورا ٹکڑا، سرخ ثابت مرچ ۸؍عدد، ہلدی پسی ہوئی آدھا چمچ، دھنیا آدھا چمچ، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، ادرک ایک چائے کا چمچ، لیموں کا عرق ۴؍چمچ۔
ترکیب: مچھلی کے ٹکڑے کو صاف کرکے ۶؍گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ پھر نمک لگا کر ایک پیالے یا پلاسٹک کے شاپر میں ڈال کر فریج میں رکھ دیں۔ تقریباً ۶؍گھنٹے بعد سرکے اور پانی سے دھولیں۔
گرائنڈر میں لہسن،ثابت سرخ مرچ، پسا دھنیا، پسی ہلدی، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا عرق ملا کر پیس لیں اور مچھلی پر اچھی طرح مل دیں اور ۴؍گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھرفوائل میں لپیٹ کر ۱۵؍منٹ کے لیے پہلے سے گرم مائیکرویو میں رکھیں یا تندور میں پکائیں۔ بیچ میں کھول کر دیکھیں اگر مچھلی گل گئی ہو تو ٹھیک ہے ورنہ مزید تھوڑی دیر تندور میں رکھیں۔ آلو بخارے کی چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔
آلو کے سیخ کباب
اجزاء: آلو آدھا کلو (ابلے ہوئے) چاول کا آٹا ۲؍کھانے کے چمچ، پودینہ آدھی گٹھی، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)، ڈبل روٹی کے سلائس ۲؍عدد، نمک حسب ذائقہ، ہری مرچ ۲؍عدد، سیخ کباب مسالہ ایک کھانے کا چمچ، انڈے کی سفیدی ایک عدد، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ابلے ہوئے آلو چھیل کر کانٹے کی مدد سے بھرتا بنائیں۔ اب اس میں چاول کا آٹا، کٹا پودینہ، پسی لال مرچ، ڈبل روٹی کے سلائس، نمک، کالی مرچ، ہری مرچ، سیخ کباب مسالہ اور انڈے کی سفیدی اچھی طرح ملائیں۔ پھر اس آمیزے کے سیخ کباب بنائیں اور گرلر پر ذرا سی چکنائی لگا کر سینک لیں۔ ساتھ ہی اوپر برش کی مدد سے ہلکا سا تیل لگادیں۔ مزیدار آلو کے سیخ کباب پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔ آپ کبابوں کو سیخ پر لگا کر بھی سینک سکتی ہیں۔
ویجیٹیبل پکوڑے
اجزاء: بیسن ۲؍پیالی، میدہ آدھی پیالی، ملی جلی سبزیاں ۲؍پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، زیرہ، دھنیا ایک ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس ۲؍چائے کے چمچ، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: سبزیوں کو ایک سائز کے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ سب مسالے ملائیں اور اس میں سے آدھی مقدار لے کر کٹی ہوئی سبزیوں پر مل دیں۔ بیسن اور میدے کو چھان کر بیکنگ پاؤڈر اور بقیہ آدھے خشک مسالے ڈال کر ملالیں۔ پھر اس میں لہسن، نمک، اناردانہ اور لیموں کا رس اور پانی ڈالتے ہوئے پیسٹ بنالیں اور پھر سبزیوں کو اس پیسٹ میں ملالیں۔ کڑاہی میں تیل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کریں۔ اس مکسچر کو چھوٹے پکوڑوں کی شکل میں تیل میں ڈال کر فرائی کرلیں۔
انگلش چکن
اجزاء: مرغی ایک کلو، ادرک ایک ٹکڑا چھوٹا، گھی ایک پاؤ، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ ایک پیالی، ثابت سرخ مرچ حسبِ پسند، سیاہ مرچ ۵؍عدد۔
ترکیب: سب سے پہلے ثابت سرخ مرچ، نمک، سیاہ مرچ اور ادرک کو سل پر اچھی طرح باریک پیس لیں اور پھر پسے ہوئے مسالے کو سرکے میں ملاکر خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب چکن کو صاف کرکے اس کی بوٹیاں کرلیں۔ بعد ازاں مرغی کے گوشت میں چھری یا کانٹے کی مدد سے جگہ جگہ چھوٹے سوراخ کرلیں۔ ان سوراخوں میں مسالہ ملا کر سرکہ ڈال دیں، یہاں تک کہ تمام گوشت مسالوں سے تر ہوجائے۔ اب گوشت کو دو گھنٹے کے لیے ٹھنڈی جگہ پر رکھ دیں۔ فریج ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ دو گھنٹے کے بعد مرغی کے گوشت کو گھی میں تل کر سرخ کرلیں۔ سرخ ہونے پر تھوڑا سا پانی ڈالیں۔ گل جانے پر دوبارہ سرخ کرلیں۔ اس کے بعد سلاد، چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ یہ بے حد لذیذ ڈش ہے جو بہت ذوق و شوق سے کھائی جاتی ہے۔
انڈوں کا اٹالین پلاؤ
اجزاء: چاول ایک کلو، گاجر ۴؍عدد، مٹر کے دانے ۲؍پیالی، ہری پیاز ۳؍عدد، گھی یا تیل ۸ سے ۱۰ چمچ، سویاساس ۲؍کھانے کے چمچ، انڈے ۴ عدد، اجوائن ۲؍چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: گاجر کو کدوکش کرلیں یا اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بنالیں۔ ہری پیاز کو بھی ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ مٹر اور گاجر کو اس قدر ابالیں کہ نصف گل جائیں،پھر گھی یا تیل کو گرم کریں اور اس میں ہری پیاز اور سبزیوں کو ہلکی ہلکی آنچ پر تل لیں۔ اس کے بعد ان میں نمک، اجوائن اور سویا ساس ملادیں۔ ایک دیگچی میں پانی اور نمک ڈالیں اور اس میں چاول ڈال کر ابال لیں۔ ایک کنی رہ جانے پر اتارلیں۔ پھر انھیں سبزیوں کی دیگچی میں الٹ دیں اور چمچ کی مدد سے اچھی طرح مکس کریں۔ انڈوں میں نمک ڈال کر انھیں اچھی طرح پھینٹ لیں اور پھر گھی یا تیل میں ان کا باریک سا آملیٹ بنالیں۔ چھری کی مدد سے اس آملیٹ کے موٹے موٹے لچھے کاٹ لیں اور انھیں چاولوں میں ملاکر دم دیں۔ مزیدار اٹالین اسٹائل پلاؤ تیار ہے۔
چاکلیٹ چپ کوکیز
اجزاء: چاکلیٹ چپس ایک چوتھائی پیالی، براؤن شوگر آدھی پیالی، مونگ پھلی آدھی پیالی (بھنی ہوئی اور کٹی ہوئی) سفید چینی ایک چوتھائی پیالی، ونیلا ایسنس آدھا چائے کا چمچ، انڈا ایک عدد، جو کا دلیہ ایک پیالی، میدہ تین چوتھائی پیالی، بیکنگ سوڈا آدھا چائے کا چمچ، نمک آدھا چمچ، تیل آدھی پیالی۔
ترکیب: ایک پیالے میں تمام اجزاء ڈال کر انھیں چمچ کی مدد سے اچھی طرح ملالیں ، اوون کی ٹرے کو چکنا کریں اور آمیزے کو بسکٹس کی شکل دے کر چمچ سے ٹرے میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر رکھتی جائیں۔ ٹرے کو پہلے سے گرم اوون میں رکھ دیں اور ۱۵؍منٹ تک بیک کریں۔
لسّی
اشیاء: ایک عدد آم، ایک چائے کا چمچ شکر (چینی)، ایک کپ دہی، ۲؍۳؍زعفران کی پتی، ایک چٹکی ہری الائچی پاؤڈر اور برف۔
لسی بنانے کاطریقہ: آم کا گودا نکال کر اسے مکسر میں اچھی طرح پیس لیں۔ اسے ایک باؤل میں رکھ لیں۔ اب اسی مکسر میں دہی، شکر (چینی) اور برف کے ٹکڑے ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔ پھر اس میں پسے ہوئے آم کوڈال کر پھر سے سب سے کم اسپیڈ پر آدھے منٹ کے لیے مکسر چلائیں۔ اب اس میں ایک چٹکی الائچی پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ اسے زعفران سے سجا کر گھروالوں کو پیش کریں۔
سبزیوں کی بریانی
اجزا: آلو تین عدد، درمیانی سائز کے چپس کی طرح کاٹ لیں اور نمک کے پانی میں بھگودیں، مٹر پاؤ بھر، تقریباً ایک پیالی، گاجر دو عدد درمیانی سائز کی گول گول ٹکڑے کرلیں، گوبھی کا پھول ایک عدد اس کے پھول بھی الگ کرلیں، سیم کی پھلی آدھا پاؤ، چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ انڈے دو عدد ابلے ہوئے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، لیموں دو عدد رس والے، پیاز دو ڈلی، درمیانی سائز کی باریک کٹی ہوئی۔، تھوڑا سا گرم مصالحہ ثابت ملا جلا، چاول باسمتی ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، پکانے کے لیے ڈالڈا یاتیل، ڈیڑھ پیالی، دہی آدھی پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے سب سبزیوں کو الگ الگ تل کر ایک برتن میں رکھتی جائیں، پھر ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیازبراؤن کرلیں، جب براؤن ہوجائے تو آدھی نکال کر کسی اخبار پر رکھ دیجیے باقی پیاز میں دہی، ادرک، لہسن، تلی ہوئی سبزیاں اور گرم مصالحہ ڈال دیں۔ اوپر سے لیموں کا رس ڈال دیں۔ اب دوسری دیگچی میں چاول ابالیں، ساتھ میں گرم مصالحہ اور سرکہ بھی ڈال دیں، جب تین کنی چاول ابل جائیں تو چھان لیں پھر چاولوں والی ہی دیگچی میں آدھے چاول کی تہہ بچھائیں اس پر تلی ہوئی سبزیاں ٹال دیں، پھر باقی چاول انڈے باریک کاٹ کر اوپر ڈال دیں، ساتھ میں براؤن پیاز بھی ڈال دیں پھر توے کے اوپر دم پر رکھ دیں تھوڑی دیر آنچ تیز پھر ہلکی کردیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں