چکن پارسل
اجزاء:مرغی کے بڑے بڑے پیس چار عدد، ہری پیاز چار عدد، لہسن تلنے کے لیے دو جوئے، نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ، روزلز پرت حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ہری پیاز کا ہر حصہ دو دو انچ لمبا کاٹ لیں، مرغی کا گوشت بھی دو انچ کے حساب سے کاٹ لیں، مرغی کے گوشت پر لہسن پیسٹ، نمک اور سیاہ مرچ لگادیں ، رولز کے پرت تختے پر پھیلا دیں۔ ہر پرت کے ایک کونے میں گوشت کا ٹکڑا اور ہری پیاز رکھ کر اسے رول کریں اس طرح کہ دونوں اطراف کے کونے بھی اندر کو دبا کر نیچے سے رول کرتے ہوئے اوپر تک لے جائیں۔ میدہ کی لئی بناکر جوڑ دیں، گرم تیل میں ڈیپ فرائی کرکے براؤن کرلیں، آنچ تیز نہ ہو ورنہ اوپر سے فوراً براؤن ہوجائیں گے۔ چکن کے مزے دار پارسل تیار ہیں، ٹماٹو کیچپ کے ساتھ نوش کریں۔
رائس گولز
اجزاء: چاول ایک کپ، پنیر (کش شدہ) ایک کپ، ہرا دھینیا دو بڑے چمچ، لیموں کا رس ایک چمچ، کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچہ، گوشت ایک پاؤ، انڈے دو عدد، نمک حسب ذائقہ، سبز وسرخ مرچیں حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: چاولوں کو ابال کر ٹھنڈا کرلیں، اب اس میں پنیر،سرخ و سبز مرچیں باریک کاٹ کر ہرا دھنیا، نمک، کالی مرچ، لیموں کا رس اور ایک انڈا ملا دیں۔ مرکب کو آٹھ حصوں میں تقسیم کرکے ہاتھوں سے دبا دبا کر بالز بنالیں۔ ایک انڈا پھینٹ کر اس میں دو بڑے چمچ دودھ ملا کر رکھ لیں۔ ایک پلیٹ میں خشک میدہ ڈالیں، بالز کو پہلے خشک میدے میں رول کریں پھر انڈے کا محلول اس پر لگا کر ڈیپ فرائی کرلیں۔
چکن الاکیو
اجزاء: چکن (ابلا ہوا) ایک پاؤ، آلو (ابلے ہوئے) دو عدد، مکھن حسب ضرورت، کسٹرڈ پاؤڈر آدھا چمچ، انڈے دو عدد، بریڈ کا چورا ایک کپ، تیل تلنے کے لیے ، دودھ ایک بڑا چمچ۔
ترکیب: گرم گرم آلوؤں کو چھیل کر مسل لیں، اب اس میں چکن اور کسٹرڈ پاؤڈر شامل کرکے اچھی طرح ملائیں، مرغی کے بازوؤں اور ٹانگ کے اوپر والے حصے کی ہڈیاں لے کر ان کے سرے پر مکھن کا چھوٹا سا گودا لگادیں۔ اب آلوؤں کے مرکب کو ہتھیلی پر پھیلا کر یہ ہڈی اور اس پر لگا مکھن کا گولا اس مرکب کے اندر چھپا دیں اور ہاتھ سے ہموار کرکے لمبی شکل دے دیں، انڈوں کو پھینٹ کر دودھ میں ملائیں پھر ان ’الاکیو‘ کو اس آمیزے میں ڈبوکر بریڈ کے چورے کے ساتھ چپکائیں اور تیل میں ڈیپ فرائی کریں، براؤن ہونے پر نکال لیں۔
پارچے روسٹ
اجزاء: پارچے ایک کلو، نمک مرچ دھنیا حسبِ ذائقہ، کچری تین عدد، ہری مرچ پسی ہوئی تین عدد، پسا ہوا گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچہ، گھی حسبِ ضرورت، پانی آدھا کپ، لہسن پسا ہوا ایک بڑا چمچ۔
ترکیب: پارچے باریک کرلیں۔ چکنائی نہ ہو تو اس پر کچری پیس کر لگادیں۔ نمک مرچ دھنیا،لہسن پسا ہوا، ہری مرچ وغیرہ لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب آدھا کپ پانی میں پکالیں۔ پانی خشک ہوجائے تو پارچے نکال کر تل لیں۔ گرم مسالہ چھڑک دیں۔ اس کے ساتھ پیاز، لیموں، ہری مرچ اور دہی رکھئے۔ پارچے روسٹ تیار ہیں۔
کڑاہی تکہ
اجزاء: گوشت ایک کلو، دہی آدھا کپ، لہسن دو کھانے کے چمچ، سرکہ آدھا کپ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: گوشت میں تمام چیزیں شامل کرکے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں، پھر گوشت کو دیگچی میں ڈال کر گلا لیں، کڑاہی میں تیل ڈال کر تکوں کو تل لیں۔ اب ایک کوئلہ سرخ کرلیں اور ایک روٹی کا ٹکڑا تکوں پر رکھ کر اوپر سے کوئلہ رکھ کر تھوڑا سا تیل ڈال کر ڈھکن بند کردیں۔ نکالتے وقت کوئلہ پھینک دیں۔ سرو کرتے وقت پودینے اور لیموں سے سجائیں۔
زعفرانی چکن قورمہ
اجزاء: چکن ایک عدد، تیل آدھا کپ، ادرک ایک چائے کا چمچ، لہسن (پسا ہوا) ایک چائے کا چمچ، سرخ مرچ پاؤڈر ۲ چائے کے چمچ، دھنیا پاؤڈر ۲ چائے کے چمچ، دہی ایک پاؤ، نمک حسبِ ضرورت، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، پیاز دو عدد (براؤن کرکے گرائنڈر کرلیں) زعفران آدھا چائے کا چمچ، (ایک کھانے کا چمچ کیوڑا میں مکس کرکے)
ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں اور گرائنڈر کرلیں۔ تیل میں لہسن، ادرک ڈال کر مرغی ڈال دیں۔ پھر تمام مسالوں کو دہی میں مکس کرکے مرغی میں ڈال دیں اور بھون لیں۔ جب مکسچر براؤن ہونے لگے تو ڈیڑھ کپ پانی ڈال دیں۔ ڈھکن ڈھانپ کر ۱۵ سے ۲۰ منٹ تک پکائیں۔ حتی کہ مرغی گل جائے اور سالن گاڑھا ہوجائے۔ آخر میں گرم مسالا اور زعفرانی کیوڑا ڈال دیں۔ گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔ اوپر دی گئی ترکیب کے مطابق اسی زعفرانی قورمے کو بکرے کا گوشت ڈال کر بھی بنایا جاسکتا ہے۔
تین رنگ والا پلاؤ
اجزاء: ابلے ہوئے چاول تین کپ، باریک کٹی ہوئی پیاز ایک عدد، فرنچ بین ابلی ہوئی آدھا کپ، پھول گوبھی آدھا کپ، گاجر آدھا کپ، مٹر کے دانے آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ ۶؍دانے، لال مرچ ۶؍عدد، تیل ایک بڑا چمچہ، سبز رنگ ایک چمچہ، زرد رنگ ایک چمچہ، تیزپات ایک پتہ، لونگ ۴؍عدد، دارچینی ایک اسٹک۔
ترکیب: تین کپ ابلے ہوئے چاولوں کو تین الگ الگ کٹوریوں میں ڈالیں۔ ایک میں ہرا رنگ، تھوڑا نمک، کالی مرچ اور تھوڑا تیل ڈال کر ملائیں۔ دوسری کٹوری میں زرد رنگ، تھوڑا نمک، کالی مرچ، تھوڑا تیل ڈال کر ملائیں اور تیسری کٹوری میں صرف نمک، کالی مرچ وتیل ہی ڈال لیں۔ اب ایک برتن میں تیل گرم کرکے، اس میں زیرہ، لونگ، تیزپات، دار چینی ڈال کر ہلکا بھون لیں۔ پھر اس میں پیاز ڈال کر سنہری ہونے تک پکائیں۔ اب ابلی ہوئی سبزیاں ڈالیں، تھوڑا اور پکائیں، نمک، کالی مرچ، لال مرچ ملا کر تھوڑا اور پکائیں، اب چولہے سے اتار لیں۔ اس کے بعد ایک کڑاہی میں نیچے ہرے رنگ کے چاول کی پرت لگائیں، اس کے اوپر بنی ہوئے سبزی پھیلائیں، پھر بیچ میں سفید رنگ کے چاول کی پرت لگائیں اور اس پر پھر سبزی ڈالیں۔ سب سے اوپر زرد رنگ کے چاول کی پرت لگائیں۔ ہر پرت کو اچھی طرح سے دبائیں اور دوسرے برتن میں اس احتیاط سے پلٹیں کہ چاول کی پرتیں ٹوٹ نہ جائیں۔ اب اس کے اوپر ہرا دھنیا اور پودینہ کی پتیاں سجائیں، ترنگا پلاؤ تیار ہے۔
چکن ہریسہ
اجزاء: چکن بغیر ہڈی کی بوٹیاں والا ایک کلو، حلیم کے گیہوں آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک، لہسن دو چمچ (پسا ہوا)، پیاز باریک کٹی ہوئی دو عدد درمیانی، ہری مرچیں ۶؍سے ۸؍ عدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، گھی یا تیل آدھی پیالی۔
سجانے کے لیے: ادرک باریک کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ، ہر مرچیں کٹی ہوئیں حسبِ منشاء۔
ترکیب: گیہوں دھوکر دو سے تین گھنٹوں کے لیے ایک ڈیڑھ لیٹر گرم پانی میں بھگودیں۔ پھر انھیں ابال کر اچھی طرح گلا لیں۔ دیگچی میں درمیانی آنچ پر تیل یا گھی کو تین سے چار منٹ گرم کرکے پیاز کو فرائی کرلیں۔ ادرک، لہسن ڈال کر ایک سے دو منٹ ہلکا فرائی کریں۔ اچھی طرح ملا کر ڈھک کر ہلکی آنچ پر چکن کا اپنا پانی خشک ہونے تک پکائیں۔ چکن میں گیہوں ملا کر نمک شامل کرلیں۔ پندرہ سے بیس منٹ کے لیے ڈھک کر ہلکی آنچ پر دم پر لگائی ںاور چولہے سے اتارلیں۔ ادرک اور ہری مرچیں چھڑک کر گرم گرم پیش کریں۔
——