لذیذ پکوان

ماخوذ

قیمہ بھرے ٹماٹر
ٹماٹر ۶؍عدد، قیمہ ۲۵۰ گرام، گھی ۲۵۰ گرام، پیاز ۶۰ گرام، لہسن ۶ جوئے، گرم مسالا ایک چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ منشاء، ادرک ایک چھوٹا ٹکڑا۔
ترکیب: ٹماٹروں کو دھوکر ان کا اوپر کا حصہ کاٹ لیں، اور اس میں سے بیج اور گودا نکال دیں۔ گودا بہت کم نکالیں۔ پیاز کاٹ لیں، لہسن اور ادرک پیس لیں۔ پیاز، گھی میں ڈال کر بھون کی بادامی رنگ کی کرلیں۔ اب اس میں قیمہ ڈال کر بھونیں۔ جب قیمہ کی بساندھ چلی جائے تو اس میں لہسن اور ادرک ڈال دیں پھر بھونیں اور گرم مسالا، ہرا مسالا ڈال کر ذرا دم دے دیں۔ چند منٹ کے بعد اتارلیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب اس کو چمچ سے ٹماٹروں میں بھردیں اور اوپر سے اس کا منہ میدہ یا آٹے کی پتلی سی تہہ سے بند کردیں اور دھاگہ لپیٹ دیں۔ اب ایک فرائی پین میں باقی گھی ڈالیں اور ٹماٹر کے منہ پر انڈا اور ڈبل روٹی کا چورا لگا کر تل لیں۔ جب یہ حصہ سرخ ہوجائے تو ٹماٹروں کو پلٹ دیں۔ تھوڑا سا تلیں اور اتارلیں۔ زیادہ تلنے سے ان کی شکل خراب ہوجائے گی۔ ڈش میں سلاد کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔ قیمہ بھرے ٹماٹر تیار ہیں۔
چکن بوٹی کا سالن
اجزاء: چکن بوٹی آدھا کلو، پیاز دو عدد (چوکور کاٹ لیں) ٹماٹر دو عدد (چوکور کاٹ لیں) تیل آدھا کپ، پسا گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، پسی کالی مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کاچمچ، پسا ہوا ادرک ایک چائے کا چمچ، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)
ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا سا تل لیں۔ اس میں ٹماٹر شامل کردیں اور گلنے تک پکالیں۔ پھر اس میں ہلدی شامل کردیں۔ اس مسالے میں چکن ڈال کر فرائی کرلیں۔ اس کے بعد ادرک، لہسن، زیرہ اور کالی مرچ بھی شامل کردیں۔ دو کھانے کے چمچ پانی کا چھینٹا دے دیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ جب تیل سطح پر آجائے تو چولہے سے اتارلیں۔ گرم مسالا چھڑک کر شیرمال کے ساتھ پیش کریں۔
چکن ہانڈی
اجزاء: چکن ایک کلو (بغیر ہڈی کا)، لہسن دو چائے کا چمچ (کچلا ہوا) نمک حسب ِ ذائقہ، پیاز تین عدد درمیانی، ٹماٹر تین عدد درمانے، دہی آدھی پیالی، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی) ہلدی ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)، بادام چھ سے آٹھ عدد، ناریل پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، مکھن دو کھانے کے چمچ، یخنی دو پیالی، تیل تین چوتھائی پیالی۔
ترکیب: یخنی بنانے کے لیے دیگچی میں آدھا کلو مرغی کی ہڈیوں کو چھ سے آٹھ پیالی پانی کے ساتھ اتنی دیر ابالیں کہ تقریباً دو پیالی یخنی رہ جائے۔ یخنی کو ہیک سے محفوظ رکھنے کے لیے اس میں ابال آنے کے بعد ایک چھوٹی چھلی ہوئی ثابت پیاز اور دو چار ثابت کالی مرچیں شامل کردیں۔ مٹی کی ہانڈی میں پیاز اور ایک چمچ لہسن کو یخنی کے ساتھ ہلکی آنچ پر اتنی دیر ابالیںکہ دونوں اچھی طرح گل جائیں۔ چولہے سے اتار کر اس میں ایک چوتھائی پیالی ڈالڈا کوکنگ آئیل ملالیں اور پیس کر ایک طرف رکھ دیں۔ اسی ہانڈی میں بقیہ تیل کو تین سے پانچ منٹ تک درمیانی آنچ پر گرم کریں۔ بادام اور ناریک کو دہی کے ساتھ پیش کر پیسٹ بنالیںاور ایک چمچ لہسن کے ساتھ ہانڈی میں ڈال دیں۔ تین سے چار منٹ بھوننے کے بعد اس میں ٹماٹر، نمک، لال مرچ، ہلدی، زیرہ اور گرم مسالا ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے۔ اس مکسچر میں چکن ڈال کر دس منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں۔ فرائنگ پین میں مکھن کو ہلکا سا پگھلا کر پسی ہوئی پیاز کا مکسچر ڈال کر اچھی طرح خشک ہونے تک بھونیں اور چکن والی ہانڈی میں شامل کردیں۔ چکن کو دس پندرہ منٹ تک مزید پکائیں۔
تین رنگ والا پلاؤ
اجزاء: ابلے ہوئے چاول تین کپ، باریک کٹی ہوئی پیاز ایک عدد، فرنچ بین ابلی ہوئی آدھا کپ، گاجر آدھا کپ، مٹر کے دانے آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ ۶ دانے، لال مرچ ۶ عدد، تیل ایک بڑا چمچہ، سبز رنگ ایک چمچہ، زرد رنگ ایک چمچہ، تیزپات ایک پتہ، لونگ ۴ عدد، دارچینی ایک اسٹک۔
ترکیب: تین کپ ابلے ہوئے چاولوں کو تین الگ الگ کٹوریوں میں ڈالیں۔ ایک میں ہرا رنگ، تھوڑا نمک، کالی مرچ اور تھوڑا تیل ڈال کر ملائیں۔ دوسری کٹوری میں زرد رنگ، تھوڑا نمک، کالی مرچ، تھوڑا تیل ڈال کر ملائیں اور تیسری کٹوری میں صرف نمک، کالی مرچ وتیل ہی ڈال لیں۔ اب ایک برتن میں تیل گرم کرکے، اس میں زیرہ، لونگ، تیزپات، دار چینی ڈال کر ہلکا بھون لیں۔ پھر اس میں پیاز ڈال کر سنہری ہونے تک پکائیں۔ اب ابلی ہوئی سبزیاں ڈالیں، تھوڑا اور پکائیں، نمک، کالی مرچ، لال مرچ ملا کر تھوڑا اور پکائیں، اب چولہے سے اتار لیں۔ اس کے بعد ایک کڑاہی میں نیچے ہرے رنگ کے چاول کی پرت لگائیں، اس کے اوپر بنی ہوئے سبزی پھیلائیں، پھر بیچ میں سفید رنگ کے چاول کی پرت لگائیں اور اس پر پھر سبزی ڈالیں۔ سب سے اوپر زرد رنگ کے چاول کی پرت لگائیں۔ ہر پرت کو اچھی طرح سے دبائیں اور دوسرے برتن میں اس احتیاط سے پلٹیں کہ چاول کی پرتیں ٹوٹ نہ جائیں۔ اب اس کے اوپر ہرا دھنیا اور پودینہ کی پتیاں سجائیں، ترنگا پلاؤ تیار ہے۔
رائل بریڈ پڈنگ
اجزاء: ڈبل روٹی کے سلائس چھ سے آٹھ عدد، دودھ آدھا لیٹر، چینی آدھی پیالی، کنڈینسڈ ملک آدھی پیالی، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، الائچی، بادام، پستے حسبِ پسند، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: سلائس کو کٹر کی مدد سے گول کاٹ لیں، فرائنگ پین میں آئل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ گرم کریں اور سلائس کو سنہرا فرائی کرلیں، چینی کا شیرہ بنانے کے لیے، چینی میں چوتھائی پیالی پانی ڈال کر اچھی طرح ملالیں، اور اسے درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ پکا کر چولہے سے اتار لیں، فرائی کیے ہوئے سلائس کو شیرے میں ڈال کر دو سے تین منٹ رکھیں اور نکال کر سرونگ پلیٹ میں رکھتے جائیں، دودھ کو ابلنے رکھیں، اور ابال آنے پر اس میں الائچی اور بادام، پستے ڈال دیں، پانچ سے سات منٹ پکاکر اس میں چمچ چلاتے ہوئے کارن فلور (دوکھانے کے چمچ ٹھنڈے دودھ میں ملا ہوا ) شامل کردیں۔ دو سے تین منٹ میں جب دودھ گاڑھا ہونے پر آجائے تو اس میں کنڈینسڈ ملک ملالیں، اور اچھی طرح ملاتے ہوئے چولہے سے اتار لیں، چمچ کی مدد سے اس کسٹرڈ کو پھیلا کر سلائس پر پھیلا کر لگادیں۔ اور بقیہ کسٹرڈ کو سائڈ پر ڈال دیں، اس کی پریزینٹیشن کو خوبصورت بنانے کے لیے کسٹرڈ بناتے ہوئے اس میں چٹکی بھر فوڈ کلر ملالیں، اور اوپر سے تھوڑے سے پستہ بادام چھڑک دیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں