بھرواں مچھلی
اجزاء: مچھلی دو عدد (ایک کلو) قیمہ ایک پاؤ، لہسن ایک عدد چھوٹا، لیموں ایک عدد، دھنیا ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ۴ عدد، بیسن ۵۰ گرام، گرم مسالہ دو چائے کے چمچ، سرخ مرچ دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پیاز ایک پاؤ، دہی ایک پیالی، ڈالڈا کوکنگ آئیل ۳ کپ
ترکیب:تقریباًآدھا آدھا کلو کی دو مچھلیاں صاف کرکے ان کے پیٹ چاک کردیں اور نمک، لیموں کارس اندر تک لگادیں۔ ایک گھنٹے کے بعد سفید سرکہ اور بیسن لگا کر خوب اچھی طرح دھولیں۔ کسی پتیلے میں پانی ابلنے کے لیے رکھ دیں اور اوپر ململ کا کپڑا باندھ کر مچھلیاں اس پر رکھ کر بھاپ پر گلائیں اور کچھ دیر بعد چاک کیا ہوا حصہ بھی بھاپ کی طرف کردیں تاکہ اندر سے بھی نرم ہوجائے۔ اب آئل گرم کرکے مچھلیوں کو تل لیں اور چمچ کی مدد سے آئل مچھلی کے اندرونی جانب ضرور ڈالیں۔ اب قیمہ دھوکر پتیلی میں پیاز، پسے ہوئے لہسن، ٹماٹر، دھنیا، زیرہ، گرم مسالہ نمک اور سرخ مرچ کے ساتھ ڈال کر ایک پیالی پانی میں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب قیمہ گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو بھون کر یہ قیمہ مچھلیوں کے اندر بھردیں اور اوپر سے دھاگا لپیٹ دیں۔ اب پتیلی میں دہی ڈال کر ایک ایک مچھلی کو احتیاط کے ساتھ ہلکی آنچ پر پکائیں اوردہی کا پانی خشک ہوجائے تو ایک کپ آئل ڈال کر تل لیں اور گہری بادامی ہونے پر اتارلیں اور آہستگی سے دھاگا اتار کر پلیٹ میں سجادیں۔
فرانسیسی طرز کی تلی ہوئی مچھلی
اجزاء: چھوٹی مچھلیاں تازہ ایک کلو، اجوائن ایک چٹکی، جائفل ایک چٹکی، میدہ چوتھائی پیالی، تیل تھوڑا سا، دودھ چوتھائی پیالی، گول اور سخت ٹماٹر ایک عدد، ہرا دھنیہ اور پودینہ آدھ گڈّی، نمک اور گرم مصالحہ حسبِ پسند۔
ترکیب: مچھلی کا پیٹ صاف کرکے صرف دم علیحدہ کردیں۔ پھر ان سالم مچھلیوں کو دھوکر کر خشک کرلیں۔ اندر اور باہر اچھی طرح دودھ مل دیں۔ دھنیے اور پودینے کی پتیوں کے ساتھ میدے میں جائفل کا سفوف ملاکر یہ بھی مچھلی پر مل دیں۔ کڑاہی میں کوکنگ آئل اتنا گرم کرلیں کہ مچھلی تلنے کے لیے مناسب ہو، اب اس میںمچھلیاں ڈال دیں، تل چکنے پر آپ ایک ایک کرکے مچھلیاں تیل سے نکال کر اخبار یا کسی صاف کاغذ پر رکھ دیں تاکہ چکناہٹ جذب ہوجائے۔ ڈش گولائی کے ساتھ سجا کر درمیان میں ٹماٹر گول گول کاٹ کر رکھ دیں اوپر سے اجوائن کی چٹکی چھڑک دیں مچھلی کی فرانسیسی ڈش تیار ہے۔
مچھلی کا قورمہ
تازہ رہو مچھلی ایک کلو، دہی ایک پاؤ، گھی یا تیل ایک پاؤ، پیاز ایک پاؤ، لہسن ادرک پسا ہوا ایک کھانے کاچمچہ، گرم مسالہ پسا ہوا آدھا چائے کاچمچہ، چھوٹی الائچی تین عدد، پسی مرچ اور نمک حسبِ ضرورت، پسا دھنیہ کھانے کا ایک چمچہ، ہرا دھنیہ باریک کٹا ہواتھوڑا سا۔
ترکیب: مچھلی کے قتلے بناکر اسے اچھی طرح دھولیجیے، یہاں تک کہ بدبو نہ رہے۔ پھر درمیانی آنچ پر انہیں پراٹھے کے توے پر ہلکا سا تل لیں۔ اب دیگچی میں گھی گرم کرکے اس میں پیاز کاٹ کر سنہری کرلیں، گھی سے پیاز نکال کر باریک پیس لیں۔ بچے ہوئی گھی میں لہسن، ادرک،نمک، مرچ، گرم مسالہ، چھوٹی الائچی، دھنیا ، دہی میں اچھی طرح پھینٹ کر ڈال دیجیے اور ہلکی آنچ پر آہستہ آہستہ بھو نئے۔ بھونتے وقت تھوڑا سا پانی بھی شامل کردیجیے۔ جب مسالہ بھی بھن جائے تو اس میں حسبِ پسند پانی ڈال کر قدرے گاڑھا شوربہ بنالیجیے۔ ساتھ ہی تلی ہوئی مچھلی بھی ڈال دیجیے۔ چند منٹ پکانے کے بعد آنچ ہلکی کردیجیے اور پسی ہوئی پیازڈال کر چمچہ اس طرح چلائیں کہ قتلے ٹوٹنے نہ پائیں۔ پیاز اور مسالہ مچھلی کے ساتھ اچھی طرح مکس ہوجائے تو دم دے کر پانچ منٹ کے لیے ڈھکنا بند کردیجیے پھر ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ گھی اوپر آجائے تو چولہا بند کردیجیے، مچھلی کا قورمہ تیار ہے۔
چٹنی والا چکن
اجزاء: مرغ کے سینے کے پیس ۴ عدد، مکھن ۳ اونس، کھیرا ایک عدد (چھلا ہوا)، چیز ایک کپ (کدوکش کی ہوئی)، کارن فلور دو چائے کے چمچ، دودھ ایک کھانے کا چمچ، نمک اور مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ۔
ڈریسنگ کے لیے: ٹماٹر دو عدد، لیموں ایک عدد، سبز مرچ دو عدد۔
ترکیب: دو اونس مکھن کو دیگچی میں ڈال کر گرم کریں اور اس میں مرغ کے چاروں پیس ڈال کر فرائی کریں۔ جب فرائی ہوکر سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔ اسی دیگچی میں بقیہ مکھن ڈال کر پگھلائیں اورکھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے گرم مکھن میں ڈال کر پکائیں۔ چند منٹ بعد کدوکش کی ہوئی چیز ڈال دیں اور پکائیں اس وقت تک جب تک کہ چیز پگھل نہ جائے۔
دودھ میں کارن فلور ملا کر حل کریں اور اسے بھی کھیرے کے آمیزے میں ڈال دیں۔ چمچ سے مسلسل ہلائیں۔ جب کھیرے کی چٹنی یکجا ہوجائے تو نمک، مرچ، جائفل اور لیموں کارس ملا دیں اب اس میںایک کپ پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی مرغی کے فرائی کیے ہوئے چاروں پیس ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگادیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو نکال کر ڈش میں سجادیں۔ ارد گرد ٹماٹر کے قتلے، لیموں کے ٹکڑے اور سبز کٹی ہوئی مرچ سجائیں اور ٹیبل پر لے آئیں۔
کھٹا میٹھا چکن
اجزاء: مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی کے ) آھا کلو، شملہ مرچ چوکور کٹی ہوئی دو یا تین عدد، انناس کے چھلے چھ عدد (انناس کا ڈبہ)، ہری پیاز چار عدد (ایک ایک انچ کے لمبے ٹکڑے)، چینی ایک کپ، سرکہ ۲ کپ، ٹماٹو کیچپ تین کھانے کے چمچ، سویاساس دو چائے کے چمچ، ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے والی چمچ، انڈا ایک عدد، تیل چار کپ اور چار کھانے والے چمچ۔
ترکیب: (۱) گوشت کے ٹکڑوں کو پارچوں کی شکل میں کوٹ لیں Mallatسے گود کر۔ (۲) ایک پیالے میں چینی، سرکہ، کیچپ، آدھا کپ پانی اور ادرک ملاکر رکھ دیں۔ (۳) انڈا پھینٹ کر گوشت میں ملادیں اور تھوڑا سا نمک میں۔ پھر ایک ایک ٹکڑا اٹھا اٹھا کر کارن اسٹارچ کے پیالے میں رول کرکے ایک پلیٹ میں رکھ دیں۔ (۴) تیل کو گرم کرکے گوشت بھون کر نکال لیں۔ ایک وقت میں دس بارہ ٹکڑے ہی فرائی کریں۔ گولڈن براؤن کرکے رکھ لیں۔ (۵) دوسری کڑاہی میں چار چمچ تیل گرم کرکے شملہ مرچ اور پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں اور پھر پیالے میں جوساس گھول کر رکھی ہوئی تھی، وہ شامل کردیں۔ (۶) انناس کے ڈبے میں جو جوس ہوگا اُس میں سے آدھا کپ جوس لے کر اس میں کارن اسٹارچ گھول لیں اور ساس میں ڈال کر پکائیں۔ (۷)جب قدرے گاڑھا ہونے لگے تو انناس کے چھلے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈالیں اور تلا ہوا گوشت بھی ڈال دیں۔(۸) قدرے پکائیں تاکہ گوشت بھی گرم ہوجائے۔
چائنیز رائس کے ساتھ گرم گرم سویٹ اینڈ ساورچکن پیش کریں۔
ہری پیاز کوفتہ
اجزاء: قیمہ ایک پاؤ ، ہری پیاز (باریک کتری ہوئی) چار کھانے کے چمچ ، انڈا ایک عدد، اجینو موتو آدھا چائے کا چمچ، کارن فلور دو کھانے کے چمچ ، ادرک (باریک کتری ہوئی) دوچائے کے چمچ، سویاساس ڈیڑھ کھانے کا چمچ، پسی سیاہ مرچ حسبِ پسند، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی کا چورا، حسبِ ضرورت ڈالڈا کوکنگ آئل فرائی کے لیے۔
ترکیب: دوکھانے کے چمچ پانی میں کارن فلور گھول کر قیمے اور ہری پیاز کے ساتھ ملادیں۔ ساتھ ہی دیگر تمام مسالے اور انڈا بھی پھینٹ کر شامل کرلیں۔ اس تمام آمیزے کو اچھی طرح مکس کرکے نرم کرلیں اور اخروٹ کے سائز کے چھوٹے چھوٹے کوفتے تیار کرلیں۔ کڑاہی میں آئل گرم کرکے ان کوفتوں کو ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹتے ہوئے سنہری فرائی کرلیں اور شام کی چائے کے ساتھ نوش فرمائیں، اگر تل لگانا مقصود ہو تو پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرنے کی بجائے کوفتوں کو تلوں میں رول کریں۔
قیمہ اور ہری پیاز
اجزاء: قیمہ آدھا کلو ،ہری پیاز (باریک کٹی ہوئی) ایک تا ڈیڑھ کپ، ادرک و لہسن کا پیسٹ دو چائے کا چمچ، پیاز درمیانہ سائز کی دو عدد، ٹماٹر دو عدد، پسا ہوا دھنیا دو چائے کے چمچ، پسی لال مرچ دو چائے کے چمچ، پسی ہلدی آدھا چائے کاچمچ، پسا گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ، ہرا دھنیا تھوڑا سا، ہری مرچ تین عدد، ڈالڈا کوکنگ آئل ایک کپ۔
ترکیب: آئل گرم کرکے پیاز سنہری کریں اور قیمہ دھوکر ڈال دیں۔ ساتھ ہی ادرک و لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ اب نمک، ہلدی اور پانی کا چھینٹا مارے ہوئے مسلسل بھونیں اور جب قیمہ آئیل چھوڑ دے تو پسی لال مرچ، پسا دھنیا اور ٹماٹر ڈال کر مزید بھونیں اوردو کپ پانی ڈال کر قیمہ گلنے تک پکائیں، قیمہ گل جائے تو ہری پیاز اور ہری مرچیں شامل کرکے بھونیں اور چند منٹ تک دم لگانے کے لیے رکھ ردیں، جب ہری پیاز نرم پڑجائے تو چولہا بند کردیں اور پسے گرم مسالے کے علاوہ ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔
اچار مصالے والے آلو
اجزاء: آلو آدھا کلو (ابلے ہوئے)، پسا ہوا پیاز ۴ چائے کے چمچ، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، کلونجی ایک چائے کا چمچ، دہی ایک پیالی، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ، سونف ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل ایک کپ، میتھی دانہ ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، ہری مرچیں چار عدد۔
ترکیب: کوکنگ آئل کو ایک دیگچی میں گرم کریں اور اس میں میتھی دانہ ڈال دیں۔ جب میتھی دانہ ہلکا سرخ ہوجائے تو لہسن اور ادرک اس میں ڈال دیں اور پانچ منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں باقی اجزاء مثلاً دہی، پیاز، کلونجی، سونف، گرم مسالہ، نمک اور زیرہ ڈال کر بھونیں۔ جب دہی خشک ہوجائے تو آدھا کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر بیس منٹ تک بھونیں، جب آئل نکل جائے تو ابلے ہوئے آلوؤں کے ٹکڑے کرکے ملادیں۔ سبز مرچیں ڈال کر چند منٹ دم لگائیں اور پھر ڈش میں نکال کر ٹیبل پر لے آئیں۔