چٹ پٹے اسٹیک
اشیاء: پسندے ایک پاؤ، پپیتہ دو ٹیبل اسپون، نمک حسب ذائقہ، سیاہ مرچ آدھا ٹی اسپون، سرکہ دو ٹی اسپون، آلو دو عدد، مٹر آدھا کپ، ٹماٹر دو عدد، مسٹر(رائی) ایک ٹی اسپون، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: پسندوں کو اتنا کوٹ کر پریس کریں کہ چوڑے اور پتلے ہوجائیں۔ پپیتہ پیس کر سر کے میں ملائیں، نمک، سیاہ مرچ اور رائی کا پاؤڈر ملا کر مکس کریں اور اس آمیزے کو پسندوں پر لگا کر ایک گھنٹہ رہنے دیں۔ گوشت کو دھیمی آنچ پر رکھیں، جب گل جائیں تو فرائی کرلیں۔ مٹر اور آلو ابال لیں، پسندوں کو ڈش میں نکال لیں۔ اس کے اوپر ابلے ہوئے مٹر ڈال دیں۔ آلو کے گول قتلے کرکے سائیڈوں پر سجائیں اور ٹماٹر کے قتلے ڈش کی ایک سائڈ پر رکھ کر پودینے کی پتیاں چھڑک دیں۔ لیجیے چٹ پٹے اسٹیک تیار ہیں۔ آپ مٹر اور آلو کو فرائی کرکے بھی رکھ سکتی ہیں۔
گوشت کے رول
اشیاء: پسندے آدھا کلو، گھی ایک پیالی، پسی ہوئی دار چینی آدھا ٹی اسپون، سیاہ مرچ پسی ہوئی آدھا ٹی اسپون، انڈے دو عدد، نمک، سرخ ومرچ حسب ذائقہ، مٹر ایک کپ، آلو دو عدد، ڈبل روٹی کا چورا آدھا کپ، ٹماٹر کا رس دو ٹیبل اسپون۔
ترکیب: پسندوں کو خوب اچھی طرح سے کانٹے سے گودیں اور ان کو پریس کرکے ایک مربع سی شکل بنالیں۔ دو چمچے کھانے کا تیل، دار چینی سیاہ مرچ، نمک، سرخ مرچ ملا کر گوشت کے اوپر مل دیں۔ ٹماٹر کا رس بھی شامل کریں۔ آلو ابال کر پیس لیں۔ مٹر چھیل کر ابال لیں، اس میں مکس کردیں۔ اب صاف اور چوکور کاغذ لیں، جن کی لمبائی پسندوں کے ٹکڑوں کے برابر ہو، اس پر تیل لگائیں اور پسندوں کو ان پر رکھ کر اوپر آلو کے آمیزے کو اس کے اوپر پھیلا کر لپیٹ دیں۔ رول کو خوب دبا کر لپیٹیں۔ جب رول تیار ہوجائیں تو فریزر میں رکھ دیں۔ ایک گھنٹے بعد نکال کر تیز چھری سے آدھ انچ موٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ انڈے پھینٹ کر ان ٹکڑوں کو اس میں ڈبوئیں، بعد ازاں ڈبل روٹی کا چورا لگا کر تل لیں۔
قیمہ کے کٹلٹس
اشیاء: قیمہ ایک کلو (باریک) ، آلو ڈیڑھ کلو ابلے ہوئے، انڈے دو عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، پیاز بڑی ڈلی آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی۔ ڈبل روٹی کا چورا ایک پیکٹ، نمک حسب ذائقہ، تلنے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے آلو کو ابالیں، جب آلو اچھی طرح گل جائیں تو ان کا چھلکا اتار کر کانٹے کے ساتھ بھرتہ بنالیں۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر قیمہ ڈال دیں۔ ساتھ سارا مصالہ بھی ڈال دیں۔ جب قیمہ کا پانی خشک ہوجائے تو تھوڑا سا بھون کر اتارلیں اور ٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر تھوڑے سے آلو ہاتھ میں لے کر اس کو پھیلا لیں۔ اب اس میں تھوڑا تھوڑا قیمہ بھر کر کٹلٹس بنالیں، انڈا لگا کر چورا لگالیں اور ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔
دہی کی پکوڑیاں مسالے دار
اشیاء: دہی ایک سیر، دودھ ایک پاؤ، بیسن ایک پاؤ، لہسن چھ جوئے، پیاز ایک گٹھی، ہری مرچ چار چھ، ادرک دس گرام، نمک سرخ مرچ، سوڈا میٹھا، زیرہ سیاہ، گھی یا تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: بیسن لہسن پیاز، ادرک، ہری مرچ پیس کر ملا دیں اور اس میں سوڈا اور نمک سرخ مرچ حسب پسند ڈال کر گھول دیں۔ تقریباً ایک گھنٹہ بھیگا رہنے کے بعد کڑاہی میں گھی یا تیل کڑکڑائیں اور پکوڑیاں چھوٹی چھوٹی گول بناکر تلیں۔ بادامی رنگ ہونے پر انہیں نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں ڈالتے جائیں۔ دہی میں دودھ ڈال کر خوب پھینٹیں اور اس میں نمک، سرخ مرچ، زیرہ سیاہ ڈال دیں۔ اب پکوڑیاں نچوڑ کر اس میں ڈالتے جائیں، چند منٹ بھیگا رہنے دیں پھر کھانے کے لیے پیش کریں۔ بہت لذیذ پکوڑیاں دہی تیار ہویں۔
ناریل ٹکیا
اشیاء: بریڈ سلائس ۴، بریڈ کا چورا ۲۰۰ گرام، ناریل کا چورا ۵۰ گرام، آلو ۱ کلو، ٹماٹر ۲، باریک کٹا دھنیا تھوڑا سا، گرم مسالہ، نمک اور لال مرچ پاؤڈر حسب پسند ، ادرک کا چھوٹا ٹکڑا پسا ہوا، تھوڑا سا میدا۔
ترکیب: آلوؤں کو ابال لیں، ٹھنڈا ہونے پر چھلکے نکال کر اچھی طرح مسل لیں۔ ایک بڑا چمچہ تیل گرم کرکے اس میں مسلے ہوئے آلو، میدا، اور بریڈ کے چورے کو چھوڑ کر بقیہ تمام اشیاء ملا لیں۔ ٹماٹر کو باریک کاٹ کر اور بریڈ سلائس کو پانی میں ڈوباکر نچوڑ لیں اور باریک چورا کرکے ڈال دیں اور ٹماٹر گلنے تک پکنے دیں۔
اب مسلے ہوئے آلوؤں میں تھوڑا سا نمک ملا لیں۔ میدے میں پانی ڈال کر پتلا گھول تیار کریں۔ ہتھیلی پر تیل لگا کر آلو کو چھوٹی سی چپاتی کی شکل میں پھیلا کر اس میں ناریل کا تیار کیا ہوا آمیزہ بھر کر آلو کی چپاتی کو بند کردیں۔ اب اس ٹکیا کو میدے کے گھول میں ڈال کر نکال لیں اور بریڈ کا چورا چپکا کر زیادہ تیل میں تلتی جائیں۔
بریڈ پکوڑا
اشیاء: بریڈسلائس ایک پیکٹ، ایک کٹوری مسلے ہوئے آلو، باریک کٹی پیاز ۲ عدد، بیسن ایک کٹوری، ہری مرچ کا پیسٹ ایک چھوٹا چمچہ، رائی تھوڑی سی، زیرہ پاؤڈر آدھا چمچہ، ہلدی آدھا چمچہ، اجوائن چند دانے، سوڈا چٹکی بھر، لال مرچ پاؤڈر ایک چمچہ، باریک کٹا دھنیا، نمک حسبِ خواہش، تیل آدھا بڑا چمچہ آلو کا بھرتا بنانے کے لیے۔
ترکیب: تیل میں پیاز کو براؤن کرلیں، اس کے بعد ہری مرچ کے پیسٹ کو بھونیں، زیرہ، رائی، ہلدی اور دھنیا پتی بھی ڈال دیں آلو اور تھوڑا نمک ڈال کر تھوڑی دیر پکنے کے بعد دیگچی کو اتار لیں۔ اب بیسن میں بریڈ سلائس کو چھوڑ کر تمام بقیہ اشیاء اور نمک ملا کر گھول تیار کریں۔ ایک بریڈ سلائس پر تیار کیا گیا آلو کا بھرتا پھیلا کر اس پر دو بریڈ سلائس رکھ کر ہکا سا دبائیں۔ بیچ میں تکون کاٹ کر بیسن کے گھول میں ڈوبا کر تلتی جائیں۔ کھٹائی کے ساتھ کھائیں۔
رس ملائی
سلائس والے بریڈ ایک چھوٹا پیکٹ، دودھ ایک لیٹر کو پکا کر آدھا لیٹر کیا ہوا، کھوا آدھی کٹوری، شکر ڈیڑھ کٹوری، چھ سات دانے الائچی، چند دانے چرونجی۔
ترکیب: بریڈ سلائس پر گلاس اوندھا کرکے سلائس کو کاٹیں۔ اب ان گول سلائس کو گھی میں ہلکا بھورا ہونے تک تلیں۔ کھوئے کو پتلا کرنے کے لیے بالکل تھوڑا سا پانی ڈالیں۔ اب کھوئے میں الائچی پیس کر اور ثابت چرونجی ڈال کر اس آمیزے کو تلے ہوئے سلائس پر لگائیں۔ پھر ان پر گاڑھا کیا ہوا دودھ ڈال کر فریج میں رکھنے کے بعد سرو کریں۔
بریڈ اور سوجی کے پکوڑے
اشیاء: بریڈ ایک پیکٹ چھوٹا، روا آدھی کٹوری، مسلا ہوا آلو آدھی کٹوری، ہری مرچ کا پیسٹ دو چھوٹے چمچے، دو کٹی پیاز، آدھی کٹوری ابلے ہوئے مٹر، باریک کٹا دھنیا، زیرہ پاؤڈر آدھا چمچہ، نمک حسب معمول۔
ترکیب: تمام بریڈ کو پانی میں ڈوبا کر نچوڑلیں۔ نچوڑے ہوئے بریڈ کو مسل لیں۔ ان میں تمام اشیاء اچھی طرح ملا لیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے چھوٹے چھوٹے پکوڑے تلتی جائیں۔ تلے ہوئے ہر پکوڑے پر ایک ایک بوند ساس کا بھی ڈالیں۔
مرسلہ: اسماء تزئین بنت عبدالرحیم، آکولہ
شہد کے ذائقے والی آئس کریم
اشیاء: تازہ کریم پھینٹی ہوئی ایک کپ ، دودھ پاؤ کپ، کشمش ایک کپ، شہد ۲ بڑے چمچے، چینی ۵ بڑے چمچے، انڈے کی سفیدی ( اتنا پھینٹیں کے گاڑھی ہوجائے) ۲ بڑے چمچے، پانی ۶ بڑے چمچے۔
ترکیب: چینی میں ۶ بڑے چمچہ شہد ملائیں اور اس طرح سنہرے رنگ کا شربت بن جائے گا۔ باقی ماندہ ۴ چمچ پانی میں ڈال کر اچھی طرح تحلیل کریں، دودھ اور کریم کو ملائیں اور اس میں پہلے شہد کا شربت ڈال دیں، پھر کشمش شامل کریں، اب انڈہ ڈال کر اچھی طرح ملا دیں اور اس کے بعد فریز کے لیے رکھ چھوڑیں۔ فریز ہوجانے پر ایک دفعہ ضرور باہر نکال کر اچھی طرح پھینٹیں اور سجا کر مہمانوں کو پیش کریں۔
بغیر انڈوں کے آئس کریم
اجزاء: کنڈنسڈ ملک ایک ٹن، پانی ایک پیالی، پسی ہوئی چینی ۴ کھانے کے چمچے، ونیلا ایسنس ۲ چائے کے چمچے، نمک۔
ترکیب: دودھ اور پانی ملائیں۔ ایسنس اور نمک ملا کر ٹھنڈی کریم میں چینی مکس کرکے ٹھنڈے دودھ میں شامل کرلیں۔ آمیزے کو ایک برتن میں ڈال کر فریزر میں ڈیڑھ گھنٹہ کے لیے رکھیں۔ اس کے بعد آئس کریم کومزید ڈیڑھ گھنٹہ کے لیے برتن کو فریزر میں رکھیں۔ دوبارہ پھینٹیں اور اس وقت تک رکھیں جب تک سخت نہ ہوجائیں اور چاندی کا ورق سے سجا کر مہمانوں کو پیش کریں۔
مرسلہ: نزہت شاہین، بلڈانہ
چنے کی دال اور آلو کے شامی کباب
اجزاء: چنے کی دال ایک پاؤ، آلو ابلے ہوئے ایک پاؤ، ایک بڑی پیاز موٹی کٹی ہوئی ، ادرک دو انچ کا ٹکڑا، سرخ ثابت مرچیں آٹھ دس دانے، ثابت کالی مرچیں آٹھ دس دانے، دارچینی ایک چھوٹا ٹکڑا، بڑی الائچی ایک یا دو عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ (توے پر خشک بھون لیں)، ہری مرچیں ہری دھنیا حسب ضرورت، نمک، گھی حسب ضرورت۔
ترکیب: چنے کی دال میں زیرہ خشخاش کے علاوہ سارے ثابت مسالے اور نمک ڈال کر تقریباً ڈیڑھ دو پیالی پانی کے ساتھ ابلنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں۔ جب دال گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو ایک دوبار چمچہ چلا کر اچھی طرح خشک کریں پھر پیس لیں۔ پیستے ہوئے بھنا ہوا زیرہ ملائیں۔ اب اس میں آلو کا بھرتا اور ہرا مسالا ملا کر شامی کبابوں جیسی ٹکیاں بنائیں اور گھی میں تل لیں۔
کبابوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے ان پر پھینٹا ہوا کچا انڈا لگا سکتی ہیں یا ایک انڈا توڑ کر پسے ہوئے آمیزے میں ملائیں۔ تلتے ہوئے تھوڑا تھوڑا گھی ڈالیں۔ ایک طرف سے کباب سرخ ہوجائیں، تو دوسری طرف سے الٹ کر تلیں۔
نوٹ: اسی ترکیب سے آلو اور مونگ کی دال کے کباب بھی بن سکتے ہیں۔
گھیا کدّو کے کوفتے
گھیا کدّو ایک پاؤ، بیسن ایک پیالی، گرم مسالا پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لال مرچیں، نمک مرضی کے مطابق۔
سالن کے لیے: پیاز ایک درمیانہ، ادرک پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، مرچیں مرضی کے مطابق، ہرا دھنیا ہری مرچیں نمک مرضی کے مطابق، ٹماٹر دو بڑے۔
ترکیب: گھئے کو کدو کش کرلیں۔ اس میں نمک، مرچ، بیسن اور گرم مسالہ ملا کر کوفتے بنالیں۔ اگر ضرورت پڑے تو ایک دو چمچے پانی بھی ملا سکتی ہیں۔ کوفتے گھی میں تل لیں۔ ایک دیگچی میں پیاز لال کریں، پھر پسے ہوئے مسالے نمک اور ٹماٹر ڈال کر خوب بھونیں، بھونتے ہوئے پانی کا چھینٹا دیں، تاکہ مسالا جلنے نہ پائے۔
جب مسالا بھن جائے، تو دو تین پیالی پانی ڈال دیں۔ پانی ابلنے لگے تو آہستہ سے کوفتے ڈال دیں۔ کچھ دیر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ ایک دو بار دیگچی آہستہ سے ہلا دیں تاکہ کوفتے الٹ پلٹ ہوجائیں۔ شوربہ گاڑھا ہوجائے، تو آدھا چائے کا چمچہ گرم مسالا اور کٹا ہوا ہرا مسالا ملائیں۔
نجمہ فاروقی
کوفتہ کباب
اشیاء: ایک کلو گرام قیمہ (بیف) ایک کپ بھنی اور کٹی ہوئی مونگ پھلی (نمک نہ لگا ہو) نصف کپ کریم یا بالائی، ایک عدد پیاز کاٹ لیں، ایک کپ ڈبل روٹی کا چورا، نصف کپ دہی، دو عدد لہسن کے جوئے (پیس لیں) دو ٹیبل اسپون لیموں کا رس، دو چائے کے چمچ پسا زیرہ، ایک چائے کا چمچ پسا خشک دھنیا، ایک ٹیبل اسپون کٹا ہوا سبز دھنیا، ایک عدد انڈہ، ایک ٹیبل اسپون تیل۔
ترکیب: قیمہ، مونگ پھلی، پیاز، ڈبل روٹی کا چورا، دہی، لہسن، لیموں کا رس، زیرہ، دھنیا اور انڈا ملا کر یکجا کرلیں۔ سیخوں پر کوفتے بناکر چڑھالیں، ان کوفتوں کو کوئلوں پر بھی سینکا جاسکتا ہے اور اوون میں بھی پکایا جاسکتا ہے جب کوفتے سرخ ہوجائیں تو اتار کر چٹنی یا رائتے کے ساتھ پیش کریں۔