مرض مالخیولیا:میں بیس عدد کاغذی لیموں کے رس میں گڑھل کے سو عدد پھول لے کر ان کی سرخ پتیاں چینی کے برتن میں ڈال دیں اور دونوں کو ملادیں۔ ان دونوں کو صبح کو ڈیڑھ کیلو گلاب میں ملادیں۔ ایک تمام رات ان تینوں کو ملا کر چھوڑ دیںاور صبح اس میں ایک کیلو مصری، عرق گاؤ زباں آدھ لیٹر، کیوڑہ آدھ کیلو ملائیں۔ دانہ الائچی سفید، تخم کثنیز ایک نو ماشہ کچل کر آب انار ولاتی آب سنگرہ ہر ایک پاؤ شامل کریں اگر آبِ انار نہ ملے تو شربت انار ڈالیں۔ سب کو ایک رات بھگو رکھیں پھر تھوڑا سا مل کر صاف کرکے قوام تیار کریں۔ مالخیولیا کے مرض میں بہت مفید ہے اس کے علاوہ دل و دماغ کو قوت دیتا ہے۔ چہرے کی رنگت کو صاف کرتا ہے۔ مقدار خوراک ایک ایک چائے کا چمچہ صبح و شام کھانا کھانے کے بعد پانی کے ساتھ استعمال کریں۔
ورم تلّی: تلی پر ورم کی شکایت میں زرد رنگ کی کوڑیاں دو تولہ کے کر باریک پیس کر عرق لیموں ڈال کر کھرل کرتے جائیں (دس عدد لیموں کا عرق) جب جذب ہوجائے تو جنگلی بیر کی طرح گولیاں بنالیں اور مریض کو صبح و شام ایک ایک گولی پانی کے ساتھ ایک ماہ تک استعمال کرائیں۔ تلی کا ورم ختم ہوجائے گا۔ ورم تلی کے لیے ایک اور نسخہ یہ ہے کہ پیاز کے پانی کو ۹ ماشہ لے کر ایک تولہ لیموں کا پانی اس میں ملاکر روزانہ مریض کو پلاتے رہیں۔ یہ عمل ایک دو ہفتہ تک کرتے رہیں، ورم تلی کو بہت فائدہ ہوگا۔
قئے اور متلی: قئے اور متلی کے لیے لیموں ایک نہایت مفید چیز ہے۔ بہ وقت ضرورت لیموں کے دو ٹکڑے کرکے ان پر قدرے نمک و کالی مرچ باریک پیش کر ڈالیں اور مریض کو چوسائیں۔ اسی وقت مریض کی طبیعت بحال ہوجائے گی۔
دفع ریاح: ریاح کو خارج کرنے کے لیے ایک لیموں دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور اس پر سیاہ مرچیں چھڑک کر آگ پر گرم کریں۔ مریض کو چٹائیں۔ اگر اس پر نمک لگا کر کھایا جائے تو مقوی معدہ دفع ریاح ہے۔
اس کے علاوہ دفع ریاح کے لیے تازہ انگور کا رس دس تولہ لے کر اس میں ایک عدد لیموں کا پانی نچوڑیں اور مریض کو کھلائیں۔ تو پیٹ کو صاف کرکے بدہضمی کو دور کرتا ہے۔
درد معدہ: معدہ کے درد، فم معدہ میں درد ہو تو لیموں کا پانی نصف چھٹانک لے کر اس میں تھوڑی شکر ملا کر پلائیں۔
اس کے علاوہ دوسرا نسخہ اجوائین دیسی کو صاف کرکے ایک کانچ کے برتن میں ڈالیں۔ اس کے اوپر عرق لیموں اس حد تک ڈالیں کہ ایک انگل اوپر رہے۔ پھر اسے ململ کے کپڑے سے ڈھانپ کر دھوپ میں رکھیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو اسی قدر لیموں کا پانی ڈال کر خشک کریں۔ یہ عمل سات بار کریں اس کے بعد اجوائن کو خشک کرکے رکھ دیں۔ یہ دوا مقوی معدہ ہے۔ کھانا کھانے کے بعد سات ماشہ صبح و شام استعمال کرائیں۔ بخار آنے لرزہ کے ساتھ کے لیے کالی زیری اور مصری لے کر لیموں کے رس میں کھرل کرکے چنے کے برابر گولیاں بناکر ایک گولی صبح و شام استعمال کرائیں۔
ملیریا بخار: ملیریا بخار کو کم کرنے کے لیے چونے کا پانی ایک تولہ، عرق لیموں، (ایک عدد لیموں کا رس) نوشادر حاشیدہ دو رتی، تینوں کو ملا کر ملیریا کے مریض کو استعمال کرائیں۔ ایک دو خوراک میں بخار اتر جائے گا۔
سرکا درد: گرمی سے ہونے والے سر درد میں یا آدھے سر کے درد میں لیموں کا چھلکالے کر کھرل میں ڈال کر نہایت باریک پیسیں اور قماد تیار ہونے پر پیشانی پر لگائیں۔ اس کے علاوہ لیموں کو چاقو سے دو ٹکڑے کرکے ان کو باری باری آگ پر سینکتے ہوئے پیشانی پر ٹکور کرتے جائیں یعنی سینکتے جائیں درد فوراً کم ہوجائے گا۔
نزلہ زکام: لیموں کا پانی سے تر کپڑے میں لپیٹ کر اوپر سے چکنی مٹی کا لیپ کردیں۔ بھوبل میں دبا دیں۔ پھر گرم گرم نکال کر دبائیں۔ اور اس کا پانی نکالیں۔ گرما گرم سب کا سب پلادیں۔ اس کے ساتھ اگر مناسب مقدار میں شہد بھی ملا لیا جائے تو بہتر ہے۔ لیموں کو چیر کر نزلہ زکام کے مریض کو سنگھانا بھی کامیاب علاج ہے۔
آنکھوں میں قوت پیدا کرنے، کثرت حیض، اسقاط حمل اور پیچش و دست میں افیون مصفی ایک تولہ، رسوت مصفی ۵ تولہ، رس لیموں ۷ عدد لے کر کسی کھرل میں ڈال کر کھرل کریں جب گاڑھا ہوجائے تو چنے کے برابر گولیاں بنا کر تیار کرلیں۔ کثرت حیض میں جب خون نہیں رک رہا ہو تو ایک ایک گولی دن میں تین دفعہ چاولوں کے پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ اسقاط حمل میں حمل گرنے کے چند یوم پہلے سے استعمال کریں۔ جب کہ حامل کو کثرت سے خون جارہا ہو تو دن میں تین دفعہ گولیاں کھالینے سے خون جانا بند ہوجاتا ہے اور کثرت خون سے جو اسقاط حمل کا اندیشہ ہے وہ ختم ہوجائے گا۔ دستوں کی صورت میں جس کے ساتھ خون آتا ہو اور پیچش ہو تو بھی یہ گولیاں بہت فائدہ کرتی ہیں۔
لکنت: لکنت کی شکایت میں عرق لیموں دس تولہ میں کرنجوہ کا مغز خوب باریک پیس کر شامل کریں اور اس سے مریض کو کلیاں کراتے رہنے سے زبان صاف ہوجاتی ہے۔
منہ کی بدبو: بدبوئے دہن یا منہ کی بدبو میں عرق لیموں ایک حصہ عرق گلاب دودھ، دونوں ملاکر صبح و شام کلیاں کرائیں۔
دانتوں کی چمک کے لیے لیموں کا رس نکال کر ایک چینی کے برتن میں رکھیں اور اسے مسواک یا برش کے ذریعہ دانتوں پر ملتے رہیں۔ اس طرح روزانہ کرنے سے چند روز بعد دانت موتیوں کی طرح دکھنے لگیں گے۔
پائیوریا: پائیوریا کی شکایت کو دور کرنے کے لیے ہر اکیس تین ماشہ کو آب لیموںایک تولہ میںحل کرلیں اور اسے مسوڑھوں پر لگائیں۔ چند روز استعمال کرنے سے پائیوریا دور ہوجائے گا۔
حلق کا درد: گلے کے درد کے لیے لیموں ایک مفید اور زود اثر دوا ہے۔ لیموں کا رس نیم گرم کرکے اس میں قدرے شہد ملائیں۔ دن میں دو تین بار چٹائیں۔ گلے کی تمام شکایتیں دور ہوجائیں گی۔ اس کے علاوہ لیموں کا رس ایک حصہ پانی گرم چار حصہ لے کر دونوں کا ملالیں اور اس سے غرارے کرائیں گلے کا درد اور آواز صاف ہوگی۔
دمہ: اگر لیموں دونوں وقت غذا سے پہلے اور رات میں سوتے وقت استعمال کرائیں تو دمہ میں کافی حد تک فائدہ ہوتا ہے۔
یرقان: لیموں کا رس ایک تولہ، شکر دو تولہ، میٹھا سوڈا چار رتی شادر دو رتی ان سب کو آپس میں ملا کر دس تولہ پانی میں حل کرکے نہار منہ مریض کو پلائیں۔ چند روز کے استعمال کرنے سے جگر کی خرابی میں بہت مفید ہے۔ یرقان میں بہت فائدہ ہے۔ بہر حال لیموں، لیموں کا رس، لیموں کا ست، لیموں کا اچار، یہ تمام کی تمام انسانی جسم میں مختلف امراض میں کام میں آتی ہیں۔ لیموں استعمال کریں مگر اعتدال کے ساتھ اور وقت ضرورت کسی چیز کا حد سے زیادہ استعمال کرنا نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔