لیموں کے کرشمے

سدرہ بٹ

لیموں گرمیوں میں اپنے کھٹے رس کی بدولت بہت زیادہ استعمال ہونے والا پھل ہے۔ مگر یہ پھل کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی روز مرہ زندگی میں انسان کی بہت مدد کرسکتا ہے؟ در حقیقت یہ ترش پھل خاص طور پر خاتون خانہ کو گھر میں پسندیدہ شخصیت بنا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لیموں کے چند حیرت انگیز فوائد پیش خدمت ہیں:

باورچی خانے کی صفائی

اب آپ کو مہنگے اسپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کو باورچی خانے سے بھگا سکے۔ سب سے پہلے تو لیموں کا عرق کچھ مقدا رمیں فرش اور دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں۔ اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ کے ارد گرد یا دروازے کے قریب رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔ لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کے لیے بھی کار آمد ہے، اس سلسلے میں سب سے پہلے چار لیموں کا عرق چھلکوں سمیت دو لیٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھولیں۔ آپ خود لال بیگوں کو وہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گی کیوں کہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے۔

المونیم کے برتن

اپنی المونیم کی بدنما پتیلیوں اور برتنوں کو اندر اور باہر سے چمکانا چاہتی ہیں تو لیموں کو آدھا کاٹ کر اسے برتن پر ہر جگہ رگڑیں اور پھر کسی نرم کپڑے سے پونچھ دیں۔

مائیکرو ویو کی صفائی

مائیکرو ویو کے اندر اکثر چکنائی اور دیگر چیزیں جم جاتی ہیں۔ آپ ان کی صفائی اگر کھرچے یا کسی تیز کلینر سے نہ کرنا چاہیں تو تین چائے کے چمچ لیموں کے عرق کو ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کر کے کسی مائیکرو ویو میں رکھے جانے والے ڈونگے میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مائیکرو ویو کو پانچ سے دس منٹ تک چلائیں جس سے پیدا ہونے والا دھواں اندرونی دیواروں اور چھت میں جذب ہوجائے گا۔ اس کے بعد جم جانے والی چکنائی یا دیگر دھبے نرم ہوجائیں گے انہیں صاف کرلیں۔

چھائیاں ختم

جب آپ کے پاس لیموں کا عرق ہے تو مہنگی کریموں کو کیوں خریدتی ہیں؟ چہرے یا جسم پر چھائیاں پڑ جانے پر لیموں کے عرق کو براہ راست متاثرہ حصے پر لگا کر پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں۔ یہ جلد کو چمکانے والا ایک محفوظ اور موثر پھل ہے۔

چہرے کی صفائی

آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

خشکی سے نجات

اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کر رکھا ہے تو اس سے نجات پانے کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا عرق ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھولیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہوجائے۔

خراشیں صاف

جسم پر چھوٹی خراشیں پڑ جانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا عرق ڈالیں یا روئی کو عرق میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔

مسوں سے نجات

اگر آپ نے مسوں سے نجات کے لیے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے عرق کو براہِ راست اس جگہ پر لگائیں۔ اس عمل کو کئی دن تک دہرائیں، لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل کردیں گے۔

کپڑے بلیچ کرنا

گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد انھیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا رس ڈال کر بھی بہترین نتائج حاصل کر سکتی ہیں۔

سفید کپڑوں کی سفیدی

اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا عرق کپڑے سے دھونے والے پانی میں ملا دیں، آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جب کہ ان میں لیموں کی خوشبو بھی بس جائے گی۔

سنگ مرمر کی صفائی

سنگ مرمر کے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کے لیے کھانے کا سوڈا اوراغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا عرق ڈال دیں۔ پھر اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے مزید سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں۔ اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔

آبی دھبوں کی صفائی

پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں، ان کی صفائی کے لیے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑئیے، اس عمل کے بعد وہ چمکنے لگیں گے اور بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔

فریج کی بدبو

فریج میں بس جانے والی بو ختم کرنے کے لیے لیموں کے عرق سے کسی روئی یا اسفنج کو بھگوئیں اور اسے کچھ گھنٹوں کے لیے فریج کے اندر چھوڑ دیں۔ اس دوران یہ بات یقینی بنائیے کہ کوئی بو پیدا کرنے والی چیز فریج میں نہ ہو۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146