محنت اور انسانی زندگی

نور الحسن نوید قادری

اپنی محنت کا جذبہ انسانی زندگی میں ابتدائی مرحلے سے ہی بہت اہم ہوتا ہے اور ہر دور میں انسانی زندگی میں محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ زمانہ قدیم سے ہی لوگ محنت کی عظمت کے اور اس کے برکتوں کےمعترف رہے ہیں۔ سماجی سطح پر بھی لوگ محنتی شخص کو قدروعزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کے مثالیں دی جاتی ہیں۔

محنت کو ہمیشہ کامیابی کی کنجی سمجھا جاتا رہا ہے اور یہ حقیقت ہے۔ محنت کے بغیر زندگی میں کچھ بھی حاصل کرنا ممکن نہیں۔جو شخص محنت کرتا ہے وہ زندگی میں کامیابی اور خوشی حاصل کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ محنت زندگی میں ہماری قدر کا تعین کرتی ہے۔ یہ انسانی زندگی کا وہ قیمتی ہتھیار ہے جس کے زور پر وہ مشکل ترین حالات پر بھی قابو پا سکتا ہے۔یہ جدیددنیا جسے ہم آج دیکھتے ہیں، بہت سے لوگوں کیانتھک محنت، لگن اور عزم کا نتیجہ ہے۔

محنت کے چند فوائد

محنت کرنے کی صلاحیت ایک تحفہ ہےجو ہر انسان کے پاس فطری طور پر موجود ہوتا ہے۔ نو عمری کی محنت انسان کو کامیابی کی راہ پر ڈالتی ہے اور زندگی کے بعد میں آنے والے مراحل اس کے لیے آسان کرتی ہے۔ جوانی کی محنت عظمت و بلندی اور اپنے مقصد میں کامیابی عطا کرتی ہے اور کامیاب زندگی گزارنے کی راہ پر لگاتی ہے۔ اس کے برخلاف محنت سے جی چرانے والے کاہل، دبو اور دوسروں کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ ان کی شخصیت اتنی کمزور ہوجاتی ہے کہ وہ خود اپنے بنائے ہوئے منصوبوں کی بھی تکمیل نہیں کرپاتے۔ ہر بار سوچتے ہیں کہ اب محنت کریں گے مگر کرتے نہیں۔ پھر یہی سوچتے سوچتے عمر گزرجاتی ہے۔

محنت اللہ تعالیٰ کا متعین کردہ اصول بھی ہے کہ : ’’ہر انسان کے لیے وہی کچھ ہے جس کے لیے اس نے محنت کی۔‘‘ اور ہر انسان اپنی محنت کے مقابلے میں ہی رہن رکھا ہوا ہے۔ یعنی اللہ اسے اس کی محنت کا ہی صلہ دیتا ہے۔ اس لیے معاملہ دنیا میں کامیابی کا ہو یا آخرت میں کامیابی کا ہر جگہ محنت ہی شرطِ اول ہے۔

محنت اور خود اعتمادی

محنت کے بہت سے فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ یہ آپ کے اندر خود اعتمادی پیدا کرتی ہے۔ قطع نظر اس کے کہ کوئی آپ کا حوصلہ بڑھاتا اور ستائش کرتا ہے یا نہیں، اس سے بہتر کوئی حوصلہ افزائی نہیں ہے کہ آپ کو خود یہ احساس ہونے لگے کہ آپ بہتر ہو رہے ہیں اور آپ کی محنت کے مطابق رزلٹ آنے لگا ہے۔اس کے بعد ایسا بھی ہوتا ہے جب دوسروں کو بھی بہتری نظر آنا شروع ہو جائے۔کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ محنت کرتے ہیں مگر جیسا آپ چاہتے ہیں ویسا نتیجہ سامنے نہیں آتا۔ ایسی صورت میں محنت کے کارگر ہونے کا اصول ختم نہیں ہوتا بلکہ یہ سوچنے کا مرحلہ ہوتا ہے کہ آپ جس انداز میں محنت کررہے ہیں یا جو طریقہ کار ہے وہ درست ہے یا نہیں۔ محنت کے نتیجہ میں کامیابی صحیح سمت میں محنت کرنے سے بھی مشروط ہے۔ زمین کھودنے کی محنت سے پانی حاصل کیا جاسکتا ہے دودھ نہیں۔ دودھ کے لیے تو گائے یا بھینس پالنی ہوگی نہ کہ کنواں کھودنا۔

ہمارے ایک جانکار زندگی بھر دودھ سے سونا بنانے کی کوشش کرتے رہے اور انتہائی غربت میں زندگی گزار کر دنیا سے رخصت ہوئے۔ کسی نے انہیں بتادیا تھا کہ جنگ آزادی میں پنڈت نہرو کو ہری دوار کے سادھوؤں نے دودھ سے کئی ٹن سونا بناکر دیا تھا۔ یہ بات ان کے ذہن میں ایسی بیٹھی کہ کبھی نہ نکلی۔ محنت کی مگر بے سود!

جب آپ اپنی محنت کے نتائج دیکھیں گے تو آپ کی خود کے لیے حوصلہ افزائی میں اضافہ ہوگا۔ اسے ہی خود اعتمادی کہتے ہیں۔یہ خود اعتمادی آپ کو اور زیادہ محنت کے ساتھ آگے بڑھنے میں مددگار ہوتی ہے، مستقبل کا لائحہ عمل واضح کرتی ہے اور منزل کے نشانوں کو دکھانے لگتی ہے۔

کامیاب محنت کی ایک شکل وہ ہے جو کسی حوصلہ افزائی کی محتاج نہیں ہوتی اور خود بہ خود آگے بڑھتی جاتی ہے اور کامیابی حاصل کرتی ہے۔ بعض اوقات حوصلہ افزائی کی توقع محنت کی راہ کھوٹی کردیتی ہے۔ ہاں بچوں میں محنت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی اور ستائش ضروری ہے مگر بچوں کے ذہن میں بھی یہ تصور پختہ کرنا ابتداء ہی سے ضروری ہے کہ خواہ کوئی ستائش کرے یا نہ کرے، بلکہ اگر کوئی تنقید اور حوصلہ شکنی بھی کرے تب بھی بے فکر ہوکر صحیح سمت میں محنت کو جاری رکھنا ہے۔ شاعر کا قول بتائیے:

اسی کی راہ میں آنکھیں بچھائے گی منزل

وہ عزم جو نہیں محتاج ہمت افزائی!

محنت سے آپ اپنے خوابوں کو حاصل کر سکتے ہیں اس لیے زندگی کوبے کار اور یونہی نہ گزاردیں اور آنے والے مواقع کے انتظار میں بیٹھیں بلکہ مواقع کھینچ کر لائیں اور پیدا کریں۔ محنت کرنے کا مطلب ہے کوشش کرنااور کم از کم کوشش کیے بغیر کہیں نہیں پہنچ سکتے۔عزائم کو حاصل کرنے، اپنے اہداف کو پورا کرنے، اور اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے سرگرمی سے کام کرکے ہر دن کا لمحہ لمحہ شمار کریں۔پھر اپنی خوشی، اعتماد اور ساکھ کو ایک محنتی کے طور پر دیکھیں ۔ دنیا آپ کو اپنے قدموں میں پڑی نظر آئے گی۔ ہر معروف اور کامیاب انسان کی تاریخ دراصل محنت، لگن اور ان تھک جدوجہد کی تاریخ ہے۔ اسے پڑھیے اور آگے بڑھتے جائیے اور دوسروں کو بھی محنت کرنے اور آگے بڑھنے کا راستہ بھی دکھائیے اور حوصلہ بھی دیجیے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146