عام گھریلو زندگی میں بے شمار مسائل آتے ہیں جن کا حل آپ بہ آسانی اور گھریلو چیزوں سے نکال سکتی ہیں۔ اس طرح آپ دوا علاج کے بھاری اخراجات میں بھی کفایت کرسکتی ہیں اور انگریزی دواؤں کے بہت سے مضر اثرات سے محفوظ رہتے ہوئے اپنی بیماری کا علاج کرسکتی ہیں اور مشکل کو حل کرسکتی ہیں۔ ذیل میں چند گھریلو علاج درج کیے جاتے ہیں جو سالہا سال سے معروف ہیں اور استعمال ہوتے آرہے ہیں اور جن کی افادیت کو زمانہ تسلیم کرتا ہے۔
— کانوں میں کڑوا تیل یا روغن بادام ڈالنے سے کانوں کے پردے ملائم ہوجاتے ہیں اور بہرہ پن دور ہوجاتا ہے۔
— روغن زیتون، روغن بادام، مکھن اور ملائی کا مساج کرنے سے ہاتھوں کی جلد کا کھردرا پن اور بدرنگی دور ہوجاتی ہے۔
— زیتون کا تیل یا ٹماٹر کے ٹکڑے، گلیسرین، لیموں کے رس کو سونے سے پہلے ہاتھوں کی ہتھیلیوں پر ملنے سے ہاتھ نرم ہوجائیں گے۔
— روزانہ دودھ میں دو چمچے شہد ملاکر پینے سے سردیوں میں چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔
— چقندر کو کچل کر اس کا پانی نچوڑ لیں اور پھر یہ پانی ناک میں چھڑکیں، آنکھوں میں یرقان کے باعث پیدا ہونے والی زردی بھی ختم ہوجائے گی۔
— بعض اوقات سردی یا ہوا لگنے سے ہونٹ پھٹ کر سخت تکلیف کا موجب بنتے ہیں، اس کے لیے سیب کے بیج بقدر حاجت خوب پیس کر گاڑھا کرکے سوتے وقت ہونٹوں پر لیپ کرکے سوجائیں، صبح تک مرض کا نام ونشان تک نہ رہے گا۔
— چار ماہ تک مولیاں روز کھائیں، اس طرح بال گرنے بند ہوجائیں گے اور نئے بال پیدا ہونے لگیں گے۔ اگر گنجے آدمی کے سرپر مولی کا پانی ملیں تو اس کا بھی وہی اثر ہوگا۔
— موم اور چھوٹے گوشت کی چربی برابر مقدار میں آگ پر پگھلانے کے بعد ٹھنڈی ہونے سے پہلے ایڑیوں پر لگا کر جرابیں پہن کر سوجائیں، صبح یہ لیپ اتاردیں کچھ دنوں کے بعد پھٹی ہوئی ایڑیاں ٹھیک ہوجائیں گی۔
— جوتا پہننے سے پہلے پاؤں کے تلوؤں پر پسی ہوئی پھٹکری لگانے سے پاؤں میں پسینہ نہیں آئے گا، اس کے علاوہ ہر روز بلاٹنگ پیپر کا تلا بھی رکھا جاسکتا ہے۔
— اگر کسی کو خدانخواستہ خارش ہوجائے تو پیاز کا رس نکال کر اسے خارش والی جگہ پر آہستہ آہستہ ملیں، فائدہ ہوگا۔
— چقندر کے پتوں کو ابال کر اس پانی سے سر دھونے سے بالوں کی خشکی دور ہوجاتی ہے۔
— اگر کسی کے سر میں چکر آتے ہوں، آنکھوں تلے اندھیرا چھا جاتا ہو تو کدو کاٹ کر اس کا ٹکڑا پیشانی پر ملیں، روزانہ اس عمل سے مرض سے نجات ملے گی۔
— شہد ایک زندگی سے بھر پور ٹانگ ہے، اس کے اس قدر فوائد ہیں کہ ایک پوری کتاب شہد پر لکھی جاسکتی ہے۔ دماغی کام کرنے کے بعد اگر تھکن محسوس ہو تو ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چمچہ شہد گھول کر پی لیں، تمام تھکن دور ہوجائے گی۔ نیند نہ آنے کی شکایت میں بھی یہ ترکیب استعمال کریں۔
— بالوں کی چمک دمک عموماً خشکی کی وجہ سے یا پھربہت زیادہ دھونے کی وجہ سے ’’ڈل‘‘ سی ہوجاتی ہے۔ بالوںمیں زیادہ جیل یا موس لگانے سے یا ڈرائی کرنے سے بھی چمک متاثر ہوتی ہے۔ ایسے بالوں کے لیے کوئی سا بھی تیل (سوائے ناریل کے) لے کر سر دھونے سے قبل مساج کریں۔ بال دھونے والے پانی میں تھوڑا سا سرکہ یا لیموں کا رس ملانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔
— آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے چہرے کی خوبصورتی کو داغدار کردیتے ہیں۔ اس کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں۔ بے آرامی، دیر رات تک جاگنا یا کسی اندرونی خرابی کی وجہ سے۔ ٹھنڈے پانی میں روئی کے دو پھاہے بھگوکر نچوڑ لیں اور ان پر تھوڑا سا عرق گلاب چھڑک کر ان پھاہوں کو آنکھوں پر رکھ کر سکون سے پندرہ منٹ کے لیے لیٹ جائیں، یہ عمل ہر روز کریں اور پھر کچھ عرصے بعد دیکھیں، حلقے دور ہونے لگیں گے۔
ان حلقوں کے لیے گاجروں کا جوس پیئں، اور ایسی خوراک جس میں وٹامن اے ہو، کھایا کریں۔
— اگر کبھی شہد کی مکھی کاٹ لے تو تھوڑے سے پانی میں بیکنگ سوڈا ملا کر پیسٹ سا بناکر زخم پر لگائیں۔ زخم پر تازہ کٹی ہوئی پیاز کی سلائس رگڑنے سے بھی مکھی کے زہر کا اثر زائل ہوجاتا ہے۔
— لمبی سیر یا چلنے کے بعد آپ کے پاؤں پسینے سے گیلے ہورہے ہوں تو پاؤں کی انگلیوں کے درمیان خارش سی ہونے لگتی ہے۔ اس کے لیے برسوں کا بزرگوں کا بتایا ہوا نسخہ یہ ہے کہ پیاز کی ایک سلائس لے کر پاؤں کے تلوؤں پر ملیں تاکہ اس کا رس اندر جذب ہوسکے، پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
— ہاتھ بہت گندے ہورہے ہوں، تو ایک ٹی اسپون موٹی دانے دار چینی میں چند قطرے تیل ملا کر ہتھیلیوں اور انگلیوں پر ملیں۔ ہاتھ بالکل صاف ہوجائیں گے۔
نیز لیموں کے ٹکڑے ہاتھوں پر رگڑنے سے داغ دھبے صاف ہوجاتے ہیں۔