بعض مؤرخین کا خیال ہے کہ دنیاکا پہلا اخبار چین سے شائع ہوا۔ یہ دسویں صدی ق م میں شائع ہوا تھا۔ جس کا نام کین بان تھا۔ یہ مسلسل ایک ہزار سال تک شائع ہوتا رہا۔ (واللہ اعلم)
یورپ میں پہلا اخبار ۵۸ ق م میں جولیس سیرز نے جاری کیا، اس کا نام اکٹا پولی پولی تھا یعنی عوامی اخبار۔ جرمنی میں پہلا اخبار ۱۶۰۹ء میں شائع ہوا۔ اس کانام اسٹارسبورگ ریلیشین تھا۔ یہ ہفت روزہ تھا۔ اسی طرح فرانس کا پہلا اخبار لاجازیت تھا جو ۱۶۳۱ء میں شائع ہوا، اس کا مالک ایک پادری تھا۔
برطانیہ میں پہلا اخبار بھی اس زمانے میں نکلا، جس کا نام ڈان تھا۔ مگر ۱۶۴۱ء میں چارلس اول نے اسے بند کروادیا کیوں کہ سیٹوواٹ خاندان نے آزادانہ اظہارِ فکر پر پابندی عائد کردی تھی۔
اسپین کا پہلا اخبار گزیٹ دی میڈرڈ تھا جو ۱۶۶۰ء میں منظر عام پر آیا، امریکہ کا پہلا اخبار بوسٹن نیوز لیٹر ۱۷۰۴ء میں شائع ہوا۔
عرب ممالک میں صحافت کا آغاز ۱۸۰۰ء میں ہوا۔ نیپولین نے دو اخبار فرانسیسی زبان میں مصر سے شائع کیے۔ الجزائر میں فرانسیسی حکمران نے عربی میں پہلا اخبار ۱۸۴۸ء میں جاری کیا۔ لبنان میںپہلا عربی اخبار ۱۸۵۸ء میں شائع ہوا جس کا نام حدیقۃ الاخبار تھا۔ اور تیونس سے پہلا اخبار ۱۸۶۰ء میں جاری ہوا۔ جس کا نام الرائد التونسی تھا۔ جبکہ لیبیا میں ۱۸۶۶ء میں ترک گورنر نے ترکی اور عربی زبان میں دو اخبار جاری کیے جن کا نام طرابطس اور الغرب تھا۔
عراق میں پہلا اخبار ۱۸۷۹ء میں شائع ہوا۔ یہ ترکی و عربی دونوں زبانوں میں شائع ہوتا تھا۔ اسی طرح سوڈان سے پہلا اخبار ۱۸۹۹ء میں الغازیۃ جاری ہوا اور اردن میں صحافت کا آغاز ۱۹۲۰ء میں ہوا جس کا نام تھا صوت الحق۔
مکہ مکرمہ سے بھی اسی دور میں پہلا اخبار ام القریٰ شائع ہوا۔ اگرچہ سرکاری اہتمام میں شائع ہوتا تھا تاہم جلد ہی عوامی صحافت کی ضرورت پڑگئی۔
ہندوستان میں کلکتہ سے پہلا اخبار ڈیلی گزٹ شائع ہوا۔ ۱۷۸۱ء میں اسے جیمز آرکسٹس نے جاری تھا۔ ۱۷۸۴ء میں کلکتہ سے ہر کارہ شائع ہوا، اس کا مالک انگریز تھا۔ پہلا دیسی اخبار فارسی میں جام جہاں نما کے نام سے ۱۸۲۲ء میں کلکتہ سے نکلا۔ ۱۸۲۳ء میں اس کے ساتھ اردو ضمیمہ بھی شائع ہونے لگا۔ ۱۸۳۱ء میں آئینہ سکندر اور ۱۸۳۵ء میں سلطان الاخبار شائع ہوئے۔ ۱۸۴۱ء میں قلعہ معلی سے فارسی زبان میں سراج الاخبار شائع ہوا۔ یہ دراصل سراج الدین بہادر شاہ ظفر کے عہد کا کورٹ گزٹ تھا۔ ۱۸۵۶ء میں کراچی سے پہلا اخبار مغرح القلوب شائع ہوا۔ اردو میں دہلی سے پہلا اخبار ۱۸۳۱ء میں مولوی محمد باقر نے شائع کیا۔ ۱۸۳۷ء میں سرسید احمد خاں کے بڑے بھائی سید محمد خان نے دہلی سے سید الاخبار جاری کیا۔——