مزیدار پکوان

نازیہ قریشی

راجستھانی گِٹے کی سبزی
اجزا: بیسن ڈیڑھ کپ، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، نیم گرم پانی ایک چوتھائی کپ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، نمک آدھا چائے کا چمچہ۔
طریقہ: بیسن کو چھان کر اس میں نمک، لال مرچ، زیرہ، گرم مسالہ پاؤڈر ملاکر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ ایک کھانے کا چمچہ تیل بھی ملالیں۔ ایک پھیلے ہوئے تھال یا ٹرے کو تیل سے چکنا کرلیں۔ پھر یہ گوندھا ہوا آٹا ٹرے پر یکساں ہموار پھیلادیں اور چھری کی مدد سے لمبے یا چوکور ٹکڑے کاٹ لیں۔ اگر چاہیں تو کباب کی شکل میں بنالیں۔ یہ گٹے کہلاتے ہیں۔
اجزابرائے سالن: دہی آدھا کپ، نمک ایک چائے کا چمچہ، ہینگ چٹکی بھر، تیز پات ایک عدد، تیل دو بڑے چمچے، لال مرچ کھانے کا ڈیڑھ چمچہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، رائی آدھا چمچہ، بڑی الائچی ۲ عدد ، کڑی پتہ تین چار عدد۔
طریقہ: تیل گرم کرکے رائی، کڑی پتہ اور ہینگ کا بگھار کرلیں۔ جب ہینگ کی خوشبو آنے لگے تو بڑی الائچی اور تیزپات ڈال دیں۔ باقی تمام مسالا دہی میں ملاکر پھینٹ لیں اور تیل میں ڈال کر بھون لیں۔ جب مسالا اچھی طرح بھن جائے تو تھوڑا سا پانی ڈال کر شوربہ بنالیں۔ احتیاط سے گٹوں کو یعنی بیسن کی جو ٹکیاں بنائی تھیں سالن میں ڈال کر صرف ایک ابال دیں۔ مزیدار راجستھانی گٹوں کی سبزی کو بگھارے چاولوں یا چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔
ملائی کوفتہ
اجزا:آلو ۲؍عدد، پنیر ۱۰۰؍گرام، ہری مرچ تین چار عدد (کٹی ہوئی)، کشمش ۲۵؍گرام، کارن فلور ایک چوتھائی کپ، نمک حسبِ ضرورت، تیل، تلنے کے لیے۔
شوربے کے لیے: پیاز ایک کپ (اُبال کر پیس لیں)، لہسن ایک کھانے کا چمچہ (پیسٹ)، ادرک ایک کھانے کا چمچہ (پیسٹ)، خشک دودھ آدھا کپ، تازہ بالائی آدھا کپ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر پیسٹ آدھا کپ، سرخ مرچ پاؤڈرایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ضرورت، تیل ۲؍کھانے کے چمچے۔
طریقہ: آلو کو اُبال کر مسل لیں، پھر اس میں پنیر، سبز مرچیں، کارن فلور اور نمک ملاکر تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس آمیزے کے گیند نما کوفتے بنالیں، کوفتوں کی تعداد ۱۶؍ہونی چاہیے۔
اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور پیاز کا پیسٹ، لہسن، ادرک پیسٹ، دھنیا پاؤڈر، ہلدی اور نمک ڈال کر چند منٹ بھونیں، پھر ٹماٹر پیسٹ، سرخ مرچ پاؤڈر ڈال کر ۸ سے ۱۰ منٹ بھونیں، پھر گرم مسالا پاؤڈر ڈالیں اور تھوڑا سا چلائیں۔ پھر ڈیڑھ کپ پانی میں خشک پاؤڈر گھول کر تیار شدہ آمیزے میں ملائیں اور ایک ابال آنے دیں۔ ا س کے بعد ڈھک کر ہلکی آنچ پر ۵؍منٹ مزید پکائیں۔ پھر تازہ بالائی شامل کریں۔ اب ایک ڈش میں کوفتے سجائیں اور گرم گرم گریوں کو کوفتوں پر ڈال کر پیش کریں۔
(نوٹ: کوفتوں کو گریوں میں شامل کرکے پکانے یاد م دینے کی کوشش نہ کریں)
مرغ اور جھینگے کا سالن
اشیا: بغیر ہڈی کا مرغ گوشت کٹا ہوا ۱۰۰؍گرام، جھینگے دس بارہ درمیانی سائز کے۔ سوکھی لال مرچ ۷؍عدد، چھوٹی پیاز کی ڈلیاں ۱۲؍ عدد، لہسن ۴؍کلیاں، لیموں کا رس دو چمچ، ہلدی حسبِ ضرورت، نمک ذائقہ کے مطابق ۳؍بڑے چمچ تیل، چکن اسٹاک ایک کپ، ناریل کا پانی ایک کپ، ابلا ہوا نوڈلس ایک کپ، انکھوے دار سیم آدھا کپ، کٹی ہوئی پودینہ پتی ۶؍عدد، کٹی پیاز ایک عدد، لیموں ایک عدد پتلے پتلے ٹکڑوں میں کٹا ہوا۔
ترکیب:پیسٹ بنانے کے لیے لال مرچ کو مکسر مشین میں ڈال کر اس میں چھوٹی پیاز، آٹھ دس عدد لہسن کے جوے، لیموں کا رس، ہلدی، مونگ پھلی، نمک، ایک چمچ زیتون تیل اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پیسٹ تیار کرلیں۔ باقی بچی پیاز کو الگ رکھ دیں اور برتن میں تیل کو گرم کرکے مرغ کا گوشت ڈالیں ۲-۳ منٹ بھونیں اب اس میں پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔اور چکن اسٹاک جھینگے اور ناریل کا پانی ملاکر اچھی طرح سے پکالیں۔
ایک ڈونگے میں نوڈلس ڈال کر اس کے اوپر بھنا پیسٹ ڈالیں اور انکھوے والی سیم، پیاز، پودینہ پتی اور لیمن سلائس (ٹکڑوں) کو ڈش کے اوپر ڈال کر گرم گرم دسترخوان پر پیش کریں۔
ہرا مسالہ براؤن چاول پلاؤ
اشیا: بھورا چاول ڈیڑھ کپ، کٹا دھنیا پتی ڈیڑھ کپ، کٹا پودینہ پتی آدھا کپ، کٹا ہوا لہسن ۸ عدد، کٹی ہری مرچ ۲؍عدد، زیتون تیل ایک بڑا چمچ، زیرا حسبِ ضرورت، ہری الائچی ۳؍عدد، لونگ ۸؍عدد، کٹی ہوئی ادرک ایک انچ کا ٹکڑا۔
پھول گوبھی کے چھ سات چھوٹے چھوٹے ٹکڑے، نمک حسبِ ذائقہ، ویجیٹبل اسٹاک ساڑھے چار کپ، فرنچ بینس چار پانچ (ڈیڑھ انچ کے ٹکڑوں میں)
تیار کرنے کی ترکیب: سب سے پہلے براؤن چاول کو دھوکر ۲؍گھنٹے پانی میں بھیگنے دیں پھر اسے باہرنکال کر الگ رکھ دیں۔
ہری چٹنی کے لیے دھنیا پتی، پودینہ پتی، لہسن اور ہری مرچ کو مکسر مشین میں ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔ اب برتن کو گرم کرکے اس میں تیل ڈال کر زیرہ، الائچی، لونگ اور ادرک کا چھونک لگائیں، پھر اس میں گاجر، پھول گوبھی اور براؤن چاول کو ڈالیں اور اچھی طرح سے ملائیں۔
۳؍چمچ ہری چٹنی اور نمک ڈال کر ملالیں پھر سبزی مکسچر اور فرنچ بین (لوبیا) ڈالیں اور ملانے کے بعد اسے ڈھک کر اچھی طرح پکالیں اس گرم گرم دسترخوان پر پیش کریں۔
فروٹ اور ہینگ کرڈ کیساتھ اخروٹ سلاد
اشیا: مربع شکل میں کٹا سیب ایک عدد، مربع شکل میں کٹی ناشپاتی ایک عدد، بغیر چھلکے کا سنترہ ایک کپ، کیوی چھلے و کٹے ۲؍عدد، تازہ کریم ۲؍چمچ، ہینگ کرڈ آدھا کپ، لیمو کا رس ایک چمچ، پسی چینی ۲؍چمچ، بھنے کا جو ایک چمچ، پانی میں بھیگے و چھلے بادام ایک چمچ، تھوڑی سی کٹی پودینے کی پتی، نمک آدھا چمچ اور سجاوٹ کے لیے تھوڑے انار کے دانے۔
ترکیب: ہینگ کرڈ میں کریم و پسی چینی ملاکر خوب حل کرلیں اور بڑی پلیٹ میں پھل رکھ لیں ان پر نمک و لیموں کا رس ڈال کر ملائیں اوپر سے ملا یا ہوا دہی ڈالیں۔ بھنے کاجو، بادام، پودینے کی پتیاں اور انار کے دانوں سے سجاکر دستر خوان پر پیش کریں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں